کتب
آفاتِ نظر اور ان کا علاج
جلد اول · 1/46

آفاتِ نظر اور ان کا علاج

جلد اول

پیش لفظ

الحمد للہ والصلوۃ والسلام علی رسول اللہ، اما بعد: اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے انسان کو اپنی جن بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ ان میں ایک بڑی نعمت آنکھ ہے۔ آنکھ قدرت کا کرشمہ ہے اور صانع مطلق کی کا ریگری کی ایک زندہ وپائندہ مثال ہے۔ یہ گو اپنے مدار میں مختصر سا حاسہ اور جسم کا ایک نازک ترین حصہ ہے مگر اللہ تعالیٰ نے اس میں ایسی طاقت، لطافت، تیزی اور پھرتی بھر دی ہے کہ انسان اس کی بدولت لمحہ بھر میں فرش وفلک اور ان کے مابین ان گنت اشیاء کا نظارہ کر تا ہے۔ اور مخلوق خدا کی بوقلمونی کو دیکھ کر بول اٹھتا ہے۔ ﴿ اَفِی اللہِ شَکٌ فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ﴾ (ابراھیم:۱۰) اور یہ بھی کہ ﴿اِنَ فِی خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَاخْتِلَافِ الْلَّیْلِ وَالنَّھَارِ لَآیَاتء لِّاُ ولِی الْاَلْبَابِ﴾(ال عمران:۱۹۰) زبان بھی بلاشبہ ایک بڑا انعام ہے۔ زبان دل کی ترجمان ہے اور موجودو معدوم یا وہم وخیال کے اظہار کا واحد ذریعہ ہے۔ اسی کی بدولت مسلمان دولت ایمان کا اقرار کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی تسبیح وتحمید، تکبیر وتہلیل بیان کرتا ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے جسم انسان پراپنے انعامات کا جہاں ذکر کیا ہے وہاں سر فہرست آنکھ کا تذکرہ یوں فرمایا ہے: ء﴿اَلَمْ نَجْعَلْ لَّۂ عَیْنَیْنِ وَلِسَانًا وَّشَفَتَیْنِ وَھَدَیْنَاہُ النَّجْدَیْنِ﴾ (البلد:۸۔۱۰) کیا ہم نے اس کے لئے دو آنکھیں نہیں بنائیں، اورزبان اور دو ہونٹ نہیں بنائے اور اس کو دو راستے سمجھا دئیے۔ جسم انسان میں دل کی حیثیت بادشاہ و حاکم کی ہے، دل کی چند غیر معتدل حرکتیں انسان کے جسمانی نظام کوبڑی بری طرح متاثر کرتی ہیں۔ عملی اور روحانی اعتبار سے بھی اس کی یہی حیثیت ہے۔ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے کہ «ِ إنَ فِی الْجَسَدِ مُضْغَۃًِ إنْ صَلُحَتْ صَلُحَ الْجَسَدُ کُلُّۂ وَِإنْ فَسَدَ تْ فَسَدَ الْجَسَدُ کُلُّۂ»(بخاری ومسلم) جسم میں ایک ٹکڑا ایسا ہے کہ اگر یہ صحیح ہو تو سارا جسم صحیح ہے اور اگر یہ خراب ہو جائے تو سارا جسم خراب ہو جاتا ہے۔ دل رذائل سے صاف اورپاک ہو تو نیکی کے پھول کھلتے ہیں اور اگر اس پر معصیت وادبار کی گھٹائیں چھا جائیں تو انسان حیوان سے زیادہ درندہ اور بے حیا ہو جاتا ہے۔ مگر دل۔ جو گوشت اور ہڈیوںکے غلاف میں محفوظ ہے۔ کو متاثر کرنے والی اور باہر کے اثرات مرتب کرنے والی عموما دو چیزیںہیں۔ ایک آنکھ اور دوسری کان۔ آنکھ کانظارہ ہی عموما دل کے بہکنے کا سبب بنتا ہے۔ آج کے اس پر فتن دور میں بہت کم خوش نصیب ایسے ہیں جو آنکھ کی ہو لناکیوں سے محفوظ ہیں، ورنہ عموما انسان بچہ ہو، بوڑھا ہو یا جوان اس مصیبت میں گرفتار اور آنکھ کی بیماریوں کا اسیر ہے۔ گلی محلے کے چورا ہوں میں، بازار اور دکان میں نظر بازی کے اسی مرض نے قوم کو بے حیابنا دیا ہے۔ اخلاق تباہ و برباد ہو کر رہ گئے ہیں۔ بلکہ یہ مرض سر طان کی طرح ہر سو پھیلتا چلا جا رہا ہے۔ آنحضرت ﷺ نے آنکھ سے ہونے والی بے اعتدالی اور ہو لنا کی سے خبر دار فرمایا اور کہا کہ آنکھ کا بھی زنا ہے۔ اسی طرح راگ اور گانا، عشق ومحبت کی داستانیں فحش وبے حیائی پر مبنی کہانیاں جب کان تک پہنچتی ہیں تو اس سے بھی دل متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا۔ حضرت فضیل بن عیاض ؓ نے اسی بنا پر فرمایا تھا کہ« اَلْغِنَائُ رُقْیَۃُ الزِّنَا» کہ گانا بجانا زنا کا منتر ہے۔ آنحضرت ﷺ نے اسی وجہ سے کان اور آنکھ کی حفاظت کی تاکید فرمائی۔ گانا وغیرہ سننے سے منع فرمایا اور آنکھ کی آوارگی سے روکا۔ زیر نظر رسالہ میں ہم نے کتاب وسنت اور آثار سلف کی روشنی میں آنکھ سے پیدا ہونے والے فتنوں اور ان کے انجام سے خبردار کیا ہے اور ان سے محفوظ رہنے اور بچنے کا طریقہ ذکر کیا ہے۔ اور اسی ضمن میں آنکھ کے متعلق بعض دیگر مفید مباحث کا تذکرہ بھی آگیا ہے جو یقینا قارئین کے لئے دلچسپی کا باعث ہو گا۔ ِإنْ شَآئَ اللہ۔ میری دعاہے کہ اللہ تعالیٰ اس کوشش کو قبول فرمائے اور اسے سب مسلمانوں کی اصلاح وبھلائی کا ذریعہ بنائے (آمین) حضرات! یہ ادارہ علوم اثریہ فیصل آبادکی پچیسویں (۲۵)پیشکش ہے علاوہ ازیں ادارہ نے «مسند الا مام ابی یعلی، العلل المتنا ھیۃ» وغیرہ جیسی ضخیم اور نایاب کتابیں بھی شائع کی ہیں جو عالم اسلام میں پہلی بار منصہ شہود پر آئیں۔ یہ سب فیضان ادارہ کے بانی حضرات کے خلوص اور للّٰھیت کا نتیجہ ہے۔ میری ان سے مراد ہے: • شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد عبد اللہ رحمہ اللہ • شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد اسحاق چیمہ غفرلہ • مناظراسلام حضرت مولانا محمد رفیق صاحب مدن پوری رحمہ اللہ افسوس ادارہ بہت جلد اپنے ان محسنین سے محروم ہو گیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سلسلے کو ان کےلئے صدقہ جاریہ بنائے (آمین) اسی طرح ٹھوس علمی بنیادوں پر خدمت دین سر انجام دینے میں جو حضرات دامے درمے سخنے قدمے ادارہ سے وابستہ ہیں اللہ تعالیٰ ان کی حسنات کو بھی قبول فرمائے اور اسے ان سب کے لئے ذریعہ نجات بنائے۔ این دعا از من و از جملہ جہاں آمین باد انتہائی ناسپاسی ہو گی اگر میں یہاں محترم حکیم محمد شریف احسن صاحب کا شکریہ ادا نہ کروں۔ جنہوں نے پورے مسودہ پر عمیق نگاہ ڈالی اور اپنے مفید مشوروں سے نوازا۔ اسی طرح برادر عزیز رفیق ادارۃ العلوم الا ثریہ مولانا عبد الحی انصاری صاحب کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے کتاب کی تصحیح و تزیین اور اس کے پر وف پڑھنے میں بھر پور تعاون کیا۔ جزاھما اللہ احسن الجزاء۔ 5ارشادالحق اثری عفی عنہ الحمد للہ رب العالمین، والصلوۃ والسلام علی سید الانبیاء والمرسلین، وعلی الہ وصحبہ اجمعین، اما بعد: انسان کو نقاش ازل نے کچھ اس سلیقے سے بنایا کہ یہ اس کی صناعی اور کاریگری کی ایک زندہ جاوید مثال بن گیا ہے۔ اس کو اس نے خود اپنے ہاتھ سے بنایا«خَلَقْتُۂ بِیَدَیَّ» اور اسے «احسن تقویم» کا شرف بخشا۔ اس کے جسم کا ہر ایک عضو صانع مطلق اور خالق کل کے کمال کا مظہر ہے۔ علامہ قرطبیؒ نے عجیب بات کہی۔ فرماتے ہیں کہ قدرت الٰہی کی بوقلمونی دیکھئے کہ عالم دنیا۔ جسے حکماء «عاکم کبیر»کہتے ہیں۔ کی ہر چیز کی نظیر عالم صغیر یعنی حضرت انسان میں بڑے ڈھب سے سجا دی گئی ہے۔ انسانی حواس کواکب مضیئہ سے اشرف ہیں۔ اشیاء کے ادراک میں آنکھ اور کان بمنزلہ شمس وقمر ہیں۔ اس کا خمیر مٹی سے ہے تو یہ بالآخر مٹی ہی میں جائے گا۔ اس میں رطوبات جسمانیہ پانی کی جنس سے ہیں۔ روح اور نفس جنس ہوا سے ہیں آگ کا عنصر پِتا اور صفراء ہے۔ اس کی رگیں بمنزلہ نہروں کے ہیں۔ جگر بمنزلہ چشمہ کے ہے تو مثانہ کی صورت سمندر کی سی ہے کہ جسم کا پانی اس کی طرف عود کرتا ہے۔ ہڈیاں بمنزلہ پہاڑوں کے ہیں جو زمین کیلئے میخیں ہیں۔ اس طرح انسانی ڈھانچے کا قیام ہڈیوں کی بدولت ہے۔ اس کے اعضا بمنزلہ درختوں کے ہیں۔ پھر جیسے درختوں کے پتے اور پھول جدا جدا ہوتے ہیں اسی طرح ہر عضو کا عمل واثر علیحدہ علیحدہ ہے۔ جسم کے بالوں کی مثال زمین پر نباتات اور گھاس وغیرہ کی ہے۔ پھر جیسے بعض پودوں کی حفاظت اور بعض کو کاٹ دیا جاتا ہے ویسے ہی بالوں میں بھی یہی عمل جاری وساری رکھا گیا ہے۔ انسان زبان سے ہر حیوان کی بولی بول سکتا ہے اور اپنے اعضا سے اس کی نقل وحرکت کی عکاسی کر سکتا ہے۔ تو یوں یہ چھوٹا سا انسان اس عالم کبیر کا عالم صغیر ہے۔ (تفسیر احکام القرآن للقرطبی ص۲۰۲،۲۰۳ج۲) مزید عرض ہے کہ جسم انسان میں معدہ کی کیفیت تالاب اور جوہڑ کی سی ہے جسے عندالضرورت صاف رہنا چاہیے۔ ورنہ یہ تعفن پیدا کرکے سارا مزا کر کرا کر دے گا۔ سمندروں کی گہرائی اور گیر ائی کا تصور دل کی گہرائیوں میں پنہاں ہے۔ پھر جس طرح سمندروں سے آبی بخارات اٹھ کر ہمالیہ سے ٹکرا کر بر سات کا سبب بنتے ہیں اور یہی بارش اس مردہ زمین کو تازگی بخشتی ہے اسی طرح دل کے سمندر سے بخارات اٹھ کر دماغ کے ہمالیہ سے ٹکر اتے ہیں تو آنکھوں سے «بارش»برستی ہے جس سے ایمان کی کھیتی لہلہاتی ہے اور مردہ دلوں کو جلا ملتی ہے۔ خالق مطلق کی اسی صنعت گری کے بارے میں فرمایا گیا ہے۔ ﴿وَفِی اَنْفُسِکُمْ اَ فَلَا تُبْصِرُوْنَ﴾(الذاریات: ۲۱)«کہ خود تمہارے اپنے وجود میں اس خالق ومالک کے کمال کی نشانیاں موجود ہیں»جسم انسان میں یوں تو ہر ہر عضو اور ایک ایک جوڑ عجائبات الٰہی کا مظہر ہے اور اللہ تعالیٰ کے انعام واکرام کا نتیجہ ہے۔ مگر اس کا ایک اہم عنصر اور عظیم ترین احسان آنکھ ہے۔

جلد اول

آنکھ عظیم نعمت ہے

اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے انسان کو اتنے انعامات سے نوازا ہے کہ انہیں کوئی حیطۂ شمار میں بھی نہیں لا سکتا۔ اللہ تعالیٰ فرماتاہے۔ ﴿ اِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَۃَ اللہِ لَا تُحْصُوْھَا﴾ «کہ اگر تم اللہ کی نعمتوں کو شمار کرنا چاہو تو تم انہیں شمار نہیں کر سکتے» چہ جائے کہ یہ کمزور انسان ان نعمتوں کا شکر ادا کر سکے۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اگر کوئی شخص یوم پیدائش سے لے کر مرنے کے وقت تک تمام لمحات اللہ تعالیٰ کی فرما نبرداری اور اس کی رضا جوئی میں گزار دے تو وہ اسے بھی قیامت کے دن حقیر سمجھے گا۔(احمد، طبرانی وغیرہ)کہ مجھ سے اللہ کی عبادت اور اس کی حمد و ثنا کا حق ادا نہ ہو سکا۔ انہی بے شمار نعمتوں میں ایک عظیم نعمت آنکھ ہے۔ جس کے بارے میں فرمایا:۔ ﴿اَلَمْ نَجْعَلْ لَّۂ عَیْنَیْنِ وَلِسَانًا وَ شَفَتَیْنِ﴾(البلد ۸،۹) آنکھ کی اس نعمت کا اندازہ آپ اس حدیث سے بھی کر سکتے ہیں جسے امام حاکم نے حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کیاہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ ایک روز حضرت جبرائیل علیہ السلام رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا ایک بندہ ایسا تھا جو پہاڑ پر پانچ سو سال تک عبادت کرتا رہا۔ اس کے ارد گرد دریا تھا۔ پہاڑ پر پانی پینے کے لئے اللہ تعالیٰ نے اس کے لئے چشمہ جاری کر دیا اور ایک انار کا درخت اگادیا، وہ انار کھاتا اور میٹھا پانی پیتا اور ہمہ وقت اللہ کی عبادت میں مصروف رہتا۔ فوت ہوتے وقت اس نے التجا کی، الٰہی حالت سجدہ میں میری روح قبض کی جائے۔ میرے جسم کو صحیح سالم رکھا جائے تاکہ قیامت کے دن میں سجدہ کی حالت میں اٹھایا جاؤں۔ چنانچہ اس سے اللہ تعالیٰ نے یہی معاملہ کیا۔ مگر ہمیں اس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ قیامت کے روز جب اسے اللہ تعالیٰ کے سامنے کھڑا کیا جائے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے بارے میں فرمائیں گے کہ میرے بندے کو میری رحمت سے جنت میں داخل کر دیا جائے مگر وہ کہے گا نہیں بلکہ میرے عمل کے بدلے مجھے جنت میں داخل کیا جائے اللہ تعالیٰ فرمائیں کہ میرے بندے کے اعمال اور میری نعمتیں جو میں نے اسے دی تھیں، کے مابین موازنہ کرو چنانچہ ایک آنکھ کی نعمت کا جب اس کے پانچ صد سالہ اعمال کے مقابلے میں وزن کیا جائے گا تو آنکھ کی نعمت کا پلڑابھاری ہو جائے گا اور باقی نعمتیں اس پر مستزاد ہوں گی۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے اسے اب جہنم میں پھینک دو پھر وہ عرض کرے گا الٰہی مجھے اپنی رحمت سے جنت میں داخل کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے اسے واپس لے آؤ۔ اللہ تعالیٰ پوچھیں گے میرے بندے بتلاؤتمہیں عدم سے وجود کس نے بخشا؟ عرض کرے گا اے اللہ!آپ نے۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے تمہیں پانچ سو سال تک عبادت کرنے کے قوت کس نے بخشی؟ اسی طرح تیرے کھانے کےلئے انار کا درخت کس نے اگایا اور پینے کےلئے پانی کا چشمہ کس نے جاری کیا؟ عرض کرے گا اے اللہ! آپ نے۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے یہ سب میری رحمت سے ہوا۔ میری رحمت سے ہی تو جنت میں جائے گا۔ اور حکم فرمائے گا کہ میرے بندے کو میری رحمت سے جنت میں داخل کر دو۔ (المستدرک للحاکم، والتر غیب ص۳۹۹۔۴۰۱ج۴)اس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ آنکھ اللہ تعالیٰ کی کتنی بڑی نعمت ہے۔ امام حاکم ؒ نے اس حدیث کے بارے میں فرمایا ہے کہ اس کی سند صحیح ہے۔ علامہ منذری ؒ نے الترغیب اور علامہ ابن قیم ؒ نے شفاء العلیل (ص۱۱۴)میں ان کی موافقت کی ہے۔ لیکن یہ صحیح نہیں بلکہ ضعیف ہے۔ جیسا کہ علامہ ذہبی نے تلخیص المستدرک اور میزان (ج۲ص۲۲۸) میں کہا ہے۔ علامہ البانی نے بھی اسے ضعیف قرار دیا ہے تفصیل کے لئے دیکھئے (الضعیفہ نمبر ۱۱۸۳) تاہم معنوی طورپر اس کی تائید حضرت ابو ھریرہ ؓ وغیرہ کی حدیث سے ہوتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:کوئی شخص اپنے اعمال کے بدلے میں جنت میں نہیں جا سکتا۔ صحابہ کرامؓ نے عرض کیا جناب آپ ﷺ بھی نہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا:میں بھی نہیں الا یہ کہ اللہ تعالیٰ مجھے اپنے فضل اوراپنی رحمت میں ڈھانپ لے۔ (بخاری، مسلم وغیرہ، راجع الصحیحۃ نمبر ۲۶۰۲) زبان اور ہونٹ سے انسان اپنے مافی الضمیر کا اظہار کرتا ہے۔ کھانے پینے میں بھی یہ دونوں ممدو معاون ثابت ہوتے ہیں۔ جبکہ آنکھ سے انسان تمام خارجی محسوسات کا ادراک کرتاہے۔ اور اللہ تعالیٰ کی صناعی اور کاریگری کا مشاہدہ کرتا ہے۔ آنکھوں کی اس اہمیت کی بنا پر کہا جاتا ہے«آنکھ ہے تو جہان ہے، آنکھ نہیں تو جہان نہیں»» اور یہ بھی کہ«آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل»یا«آنکھ اوٹ پہاڑ اوٹ»اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ «آنکھ مندی اندھیرا پاک»یعنی آنکھ بند ہونے کے بعد اند ھیرا ہی اندھیرا ہے۔

جلد اول

آنکھ کی حفاظت

آنکھ کی اسی عظیم نعمت کا تقاضا ہے کہ اس کی حفاظت کی جائے اور اسے ضائع ہونے سے بچا یا جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے آنکھوں میں سرمہ لگانے کی تاکید فرمائی ہے اور خود بھی روزانہ رات کو سوتے وقت ہر آنکھ میںتین تین سلائیاں سرمے کی ڈالتے تھے۔(ترمذی وغیرہ) امام ترمذی ؒ نے اسے حسن قرار دیا ہے۔ مگر یہ روایت حسن نہیں بلکہ سخت ضعیف ہے اس کے برعکس حضرت انس ؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہﷺ دائیں آنکھ میںتین بار اور بائیں آنکھ میں دو بار سرمہ ڈالتے تھے یعنی تین سلائیاں دائیں میں اور دو بائیں آنکھ میں۔ علامہ البانی نے (السلسلۃ الصحیحۃ رقم ۶۳۶)میں اسے ذکر کیا ہے اور ترمذی وغیرہ میں حضرت ابن عباس ؓ کی سابقہ روایت پر تفصیلا نقد کیا ہے۔ سیاہ سرمہ ہر دور میں نظر کی تقویت اور آنکھ سے ردی مواد کے اخراج کا سبب سمجھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آنحضرت ﷺ نے «اثمد»کی بڑی تعریف کی ہے اور فرمایا ہے کہ یہ آنکھوں کو جلا بخشتا ہے اور پلکوں کو اگاتاہے۔(ابو داؤد، ترمذی، فی الشمائل وغیرہ) حافظ ابن قیم نے لکھا ہے کہ «اثمد»وہ سیاہ پتھر ہے جو اصفھان سے آتاہے اور مغرب سے بھی یہ درآمد کیا جاتاہے۔ اس کا مزاج سرد خشک ہے اور بینائی کو طاقت دیتا ہے بالخصوص جبکہ اس کے ساتھ کچھ کستوری بھی ملالی جائے۔ آنحضرتﷺ نے بھی فرمایا ہے کہ سوتے وقت کستوری ملا ہوا اثمد سرمہ لگاؤ(زاد المعاد) اسی طرح رسول ﷺ للہ ﷺ نے نے «کماۃ»یعنی کھنبی کے پانی کو آنکھ کے لئے شفا فرمایا ہے امام نوویؒ نے لکھا ہے اس کا مجرد پانی فی الواقعہ شفا ہے۔ میں نے خود اس کا تجربہ کیاہے ہمارے زمانے میں بعض نابینا حضرات نے بھی اس کا تجربہ کیا جس سے اللہ تعالیٰ نے ان کی بینائی درست فرما دی اور وہ شیخ کمال دمشقی ہیں جو حدیث کے استاد ہیں انہوں نے سچے اعتقاد سے کھنبی کا پانی آنکھوں میں ڈالا تو اللہ تعالیٰ نے ان کی بینائی بحال کر دی۔ اور بعض نے کہاہے کہ اسے بعض دیگر ادویہ کے ہمراہ استعمال کرنا چاہیۓ۔ آنکھ کی حفاظت کا ایک تقاضا یہ بھی ہے کہ اسے آرام بہم پہنچایا جائے۔ ٹیلی ویژن، وی سی آر وغیرہ کو دیکھنے کے لئے مسلسل بیدار رہنا تو کجا ہمیشہ شب بھر عبادت میں وقت صرف کرنے کا عزم کرنے والے صحابی سے بھی آنحضرت ﷺنے فرمایا تھا۔«وَلِعَیْنِکَ عَلَیْکَ حَقٌّ»کہ تیرے اوپر تیری آنکھ کا حق ہے اس لئے اللہ تعالیٰ کی اس نعمت کی قدر کرنا چاہیۓ اور اس کی حفاظت کے لئے کوئی دقیقہ اٹھا نہیں رکھنا چاہیے ٔ۔ انسان کی جان، مال اور عزت کی حفاظت کے لئے جو قانون اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے دیا ہے اس میں اتنی گیرائی اور گہرائی ہے کہ کسی اور قانون کی طرف التفات کی ضرورت ہی نہیں رہتی۔ انسانی جان ہی نہیں انسان کے ایک ایک عضو کی حفاظت کےلئے بھی قانون متعین فرمایا۔ آنکھ ہی کو لیجئے اگر کوئی کسی کی ایک آنکھ ضائع کر دیتا ہے تو اللہ تعالیٰ نے اس سے بھی قصاص لینے کا حکم فرمایا ہے۔ اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اس سے بصورت دیت، نصف دیت یعنی پچاس اونٹ وصول کئے جائیں گے اور اگر دونوں آنکھیں ضائع کر دیتا ہے تو پوری دیت وصول کی جائے گی۔(نصب الرایہ، بیہقی وغیرہ)جس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں انسانی آنکھ کی قدرومنزلت کیا ہے اور اس کے ضائع کرنے والے کی سزا کیا ہے؟

جلد اول

اس کے قدر دان کم ہیں

مگر افسوس کہ اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کے قدر دان بہت کم ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔ ﴿ وَجََعَلَ لَکُمُ السَّمْعَ وَالْأَ بْصَارَ وَالْأَ فْئِدَ ۃَ قَلِیْلاً مَّا تَشْکُرُوْنَ﴾(السجدۃ:۹، الملک: ۲۳) «اور تم کو کان دیئے آنکھیں دیں اوردل دیا تم لوگ کم ہی شکر گزار ہوتے ہو۔» چاہیے تو یہ تھا کہ اللہ تعالیٰ کے دیئے ہوئے کان اس کا کلام گوش ہوش سے سنتے۔ اس کے عطا کردہ دل سے حقائق کو سمجھنے کی کوشش کرتے۔ اس کی دی ہوئی بصارت سے بصیرت کا کام لیتے۔ تکوینی امور کو بنظر امعان دیکھتے اور ان سے سبق حاصل نہ کرنے والوں کا انجام دیکھ کر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار بندے بن جاتے۔ اسباب کو دیکھ کو مسبب الاسباب کی معرفت حاصل کرتے۔ مگر افسوس تم نے ان سے کوئی کام نہ لیا۔ انہی بدنصیبوں کے بارے میں فرمایا گیا ہے۔ ﴿لَھُمْ قُلُوْبٌ لَّا یَفْقَھُوْنَ بِھَا وَلَھُمْ اَعْیُنٌ لَّا یُبْصِرُوْنَ بِھَا وَلَھُمْ آذَانٌ لَّا یَسْمَعُوْنَ بِھَا اُولٰٓئِکَ کَالْاَنْعَامِ بَلْ ھُمْ اَضَلُّ﴾ «کہ ان کے دل ہیں مگر یہ ان سے سوچتے سمجھتے نہیںاوران کی آنکھیں ہیں مگر ان سے دیکھتے نہیں اوران کے کان ہیں مگر ان سے سنتے نہیں۔ یہ لوگ چوپایوں کی مانند ہیں بلکہ یہ ان سے بھی بڑھ کر گمراہ ہیں» یعنی ان سے وہی کام لیتے ہیں جس سے ان کی دنیوی خواہشات کی تکمیل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ کسی چیز پر غور و فکر کرنے اس پر کان دھرنے اور بنظر عمیق اسے دیکھنے پر کھنے کا ان میںداعیہ ہی نہیں۔ جس طرح چوپایوں کے تمام ادر اکات محض اپنے تن من کے لئے محدود ہیں اسی طرح ان کی ساری تگ ودو بھی اپنی ضروریات کےلئے ہے فطری صلاحیتیں ہوتے ہوئے بھی ان سے فائدہ نہیں اٹھاتے بلکہ بعض تو انتہائی بے عقلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالک حقیقی کے مقابلے میں درختوں پتھروں جانوروں کی پرستش شروع کر دیتے ہیں۔ حیوانات ایسی حماقت کبھی نہیں کرتے۔ جس کا کھاتے ہیں اسی کے در کا ہو رہتے ہیں مالک بلا تا ہے تو سر جھکا کر چلے آتے ہیں۔ اس لئے یہ حیوانات سے بھی بدتر ہیں۔

جلد اول

اللہ تعالیٰ کے ہاں اس نعمت کا سوال ہوگا

انسان نے ایک نہ ایک دن اس دار العمل سے نکل کر دار الجزاء میں پہنچنا ہے جہاں اسے زندگی بھر کے نامہ اعمال کا حساب چکانا ہے۔ اور اس دنیا میں جن ان گنت نعمتوں سے مستفید ہو رہا ہے ان کے بارے میں بھی سوال کا جواب دینا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:۔ ﴿ثُمَ لَتُسْئَلُنَ یَوْ مَئِذء عَنِ النَّعِیْمِ﴾ (التکاثر:۸) «پھر تم سے اس دن نعمتوں کے بارے میں سوال کیا جائے گا» حضرت ابو ھریرہ ؓ سے مروی ہے کہ ایک روز رسول اللہ ﷺ گھر سے باہر تشریف لائے تو راستے میں حضرت ابو بکر ؓ اورحضرت عمر ؓ سے ملاقات ہوگئی آپ نے فرمایا کیا معاملہ ہے؟ اس وقت گھر سے باہر کیسے آئے؟ تو انہوں نے عرض کیا بھوک کی وجہ سے باہر کھانے کی تلاش میں نکلے ہیں۔ آپ نے فرمایا میرا گھر سے باہر آنے کا سبب بھی یہی ہے۔ چنانچہ آپ ﷺ ایک انصاری حضرت مالک بن التیھان ؓ کے گھر تشریف لائے۔ مگر وہ گھر پر نہ ملے۔ اہلیہ نے آپﷺ اور آپﷺ کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہا آپ ﷺ نے حضرت مالکؓ کے بارے میں پو چھا تو بتلایا گیا کہ وہ میٹھا پانی لینے کے لئے گئے ہیں۔ ابھی آجاتے ہیں۔ اچانک اسی وقت وہ بھی واپس آگئے تو آپ ﷺسے کو دیکھ کر بڑے خوش ہوئے اور کہا کہ مجھ سے زیادہ کوئی خوش نصیب نہیں کہ میرے پاس سب سے محترم مہمان تشریف لائے ہیں۔ انہوں نے فوراً ایک برتن میں خشک اور تازہ کھجوریں لا کر خدمت میں پیش کیں اور عرض کیا آپ یہ تناول فرمائیں وہ اٹھے چھری لی اور ایک بکری ذبح کی اور گوشت پکا کے خدمت میں پیش کیا آپﷺ اور آپﷺ کے دونوں ساتھیوں نے جی بھر کر کھجوریں اور گوشت وغیرہ کھایا۔ کھانا کھا چکے تو آپ ﷺنے فرمایا مجھے اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے جو نعمتیں ابھی تم نے کھائی ہیں ان کے بارے میں تم سے پوچھا جائے گا (صحیح مسلم)اسی طرح حدیث میں آیا ہے کہ ہر انسان سے صحت اور فرصت کے لمحات کے بارے میں بھی سوال کیا جائے گا کہ کیا میں نے تمہیں صحت نہیں دی تھی؟ فرصت وفراغت کے لمحات نہیں دئیے تھے؟ ان کو تم نے کس طرح صرف کیا؟ اسی طرح آنکھ کان اوردل کے بارے میں بھی سوال ہو گا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ ﴿اِنَ السَّمْعَ وَالْبَصَرَ وَالْفُؤَادَ کُلُ اُولٰٓئِکَ کَانَ عَنْۂ مَسْئُوْلًا﴾(الاسراء: ۳۶) «بے شک کان، آنکھ اور دل کے بارے میں ہر شخص سے پوچھا جائے گا۔» کہ یہ تمام قوی تم نے کہاں کہاں استعمال کئے تھے؟ کانوں سے کیا سنتا رہا ہے؟ قرآن پاک اور رسول اللہ ﷺ کے فرامین سنے یا خرافات، راگ، گانا بجانا سنتا رہا ہے؟ انہیں سچائی کے سننے کا خوگر بنایا کہ وضعی قصے کہانیوں کا رسیا بنایا؟ تمہیں آنکھیں دی تھیں زندگی بھر ان کا مصرف کیا رہا؟ یہ تو تمہیں دی تھیں کہ صانع حقیقی کی کرشمہ سازیوں کو دیکھ کر تم پکار اٹھو!﴿اَفِی اللہِ شَکٌ فَاطِرِ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضِ﴾«کیا اس اللہ کے بارے میں شک کی گنجائش ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو بنایا»(ابراہیم:۱۰) اسی طرح فلک وفرش، شمس وقمر کے اس آفاقی نظام کا مشاہدہ کرکے تسلیم کرنے پر مجبور ہو جاؤکہ: ﴿رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ ھَذَا بَاطِلًا﴾ (آل عمران: ۱۹۱) «اے ہمارے رب تو نے یہ سارا نظام بے مقصد اور عبث نہیں بنایا» 8جھٹلانے والوں کے انجام کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر سبق حاصل کرتے۔ نامہ اعمال کو چشم بینا سے دیکھ کر آنسو بہاتے۔ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے آرام وسکون کی نیند کی بجائے بیدار اور چوکنا رہ کر اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے۔ آنکھوں کے صحیح مصرف کی بجائے اگر انہیں نظر بازی میں مصروف رکھا۔ سینما بینی، وی سی آر وغیرہ جیسے فحش اور بے ہودہ پروگرام پر لگا یا۔ قرآن پاک دیکھنے کی بجائے بے مقصد اور لچر ناولوں کو دیکھنے پڑھنے پر لگائے رکھا، تو یہی آنکھیں اور جسم کے دوسرے اعضا قیامت کے روز بول بول کر انسان کے خلاف گواہی دیں گے یہی زبان کہے گی کہ اس نے میرے ذریعے فلاں فلاں کفر تو لا۔ گالی گلوچ، غیبت اور بہتان باندھا۔ اسی طرح جسم کے باقی اعضا بھی انسان کے خلاف گواہی دیں گے کہ وہ دنیا میں کیا کرتا رہا ہے اس وقت انسان پریشانی کے عالم میں اعضا سے مخاطب ہو کر کہے گا کہ تم میرے خلاف گواہی کیوں دے رہے ہو؟ تو وہ کہیں گے جس نے سب کو قوت گو یائی بخشی اس نے ہمیں بھی بولنے کا حکم دیا۔ یوں وہ حسرت ویاس کی تصویر بنا رہ جائے گا مگر: اب پچھتا ئے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت

جلد اول

اللہ تعالیٰ چاہے تو بصارت چھین لے

یہ آنکھیں اللہ تعالیٰ کا عظیم عطیہ ہےں۔ اس کی کوئی قیمت انسان ادا نہیں کرتا اور نہ ہی اس کا کوئی مطالبہ ہے۔ مطالبہ ہے تو بس اس بات کا کہ اس کو اللہ کی مرضی کےمطابق استعمال کیا جائے جہاں آنکھ کے تصرفات سے روکا ہے اس سے پرہیز کیا جائے ورنہ یہ نعمت چھینی جا سکتی ہے۔ ﴿ وَلَوْ نَشَآئُ لَطَمَسْنَا عَلٰٓی اَعْیُنِھِمْ فَاسْتَبَقُوْ ا الصِّرَاطَ فَاَنّٰی یُبْصِرُوْنَ﴾ (یسٓ:۶۶) «اوراگرہم چاہتے تو ان کی آنکھوں کو ملیامیٹ کر دیتے پھر یہ راستے کی طرف دوڑتے پھر تے سو وہ ان کو کہاں نظر آتا؟» ایک دوسرے مقام پر ارشاد ہوتا ہے ﴿قُلْ اَرَأَیْتُمْ اِنْ اَصْبَحَ مَآؤُکُمْ غَوْرًا فَمَنْ یَّأْتِیْکُمْ بِمَآئء مَّعِیْنء﴾ (الملک:۳۰) «آپ کہہ دیجئے کہ بھلا یہ بتلاؤاگر تمہارا پانی غائب ہو جائے تو کون ہے جو تمہارا (چشمے کا) پانی لے آئے۔» حضرت شاہ عبدالعزیز ؒ نے ذکر کیا ہے کہ ایک نادان حکیم نے یہ آیت سنی تو کہنے لگا اگر ایسا اتفاق ہو جائے تو ہم پھاؤڑے اور کدال کی مدد سے پانی زمین سے نکال لیں گے۔ یہ بات کہنی تھی کہ سیاہ موتیہ اس کے آنکھ میں اتر آیا اور بینائی جاتی رہی اور پردہ غیب سے اس نے یہ آواز سنی کہ پہلے یہ سیاہ پانی اپنی آنکھ سے دور کر و اور بینائی کا سفید پانی اس کی جگہ لے آؤپھر زمین سے کنواں یا چشمہ کھود کر پانی نکالنا(عزیزی) نماز کے 5۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ شاعر نے اسی معنی میں کہا ہے لاکھ چاہا کہ کروں ضبط، نہ روؤں لیکن چشمۂ چشم سے آہی گئے آنسو باہر دوران آنکھوں کو آسمان کی طرف اٹھانے سے رسول اللہ ﷺ نے منع فرمایا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر تم اس سے باز نہیں آؤگے تو خطرہ ہے کہ کہیں تمہاری بینائی ضائع نہ کر دی جائے (بخاری ومسلم) اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے اس سے ڈرتے رہنا چاہیے اور آنکھوں کو اسی جگہ استعمال کرنا چاہئے جہاں اس کی اجازت ہے۔

جلد اول

آنکھ کا شکر

آنکھ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ امام بکر بن عبد اللہ مزنی فرمایا کرتے تھے کہ اے آدم کے بیٹے! اگر تو یہ معلوم کرنا چاہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تم کو کتنی نعمتوں سے نوازا ہے تو تم اپنی آنکھیں بند کر لو خود بخود اللہ کے انعامات کا علم ہو جائے گا۔ ہر نعمت پر شکر لازم ہے اور یہ شکر صرف زبان ہی سے نہیں بلکہ ہر عضو اپنے دائرے میں شکر کا مقتضی ہے۔ امام ابو حازم سلمہ بن دینار ؒ فرماتے ہیں آنکھوں کا شکریہ ہے: «اِنْ رَاَیْتَ بِھِمَا خَیْراً اَعْلَنْتَۂ وَاِنْ رَأَیْتَ بِھِمَا شَرّاً سَتَرْ تَۂ» (تھذیب ابن عساکر ص۲۸۸ ج۶، کتاب الشکر لا بن ابی الدنیا ص۶۰) اگرتو ان سے کوئی اچھی چیز دیکھے تواس کا اظہار کرے اور اگر بری چیز دیکھے تواس کی پردہ پوشی کرے۔

جلد اول

0بصارت چلے جانے کا بدلہ

بینائی جتنی عظیم نعمت ہے اس کے ختم ہونے پرا گر صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے تو اس کا اجر بھی اتنا ہی بڑا ہے۔ چنانچہ صحیح بخاری شریف میں حضرت انس ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ میں اپنے جس مومن بندے کو آنکھوں سے محروم کرکے اسے آزمائش میں مبتلا کر دوں اور وہ اس پر صبر کرے تو ان دونوں آنکھوں کے بدلے میںاسے جنت دوں گا۔ اور ایک حدیث کے الفاظ میں ہے کہ «لَمْ یَکُنْ لَّۂ جَزَآئٌ عِنْدِیِْ إلَّا الْجَنَّۃَ» کہ« میرے پاس اس کے لئے اس کی جزاء جنت کے علاوہ اور کوئی نہیں۔»مسند امام احمدؒ میں حضرت عائشہ بنت قدامہ ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کو یہ بات بڑی ناگوار گزرتی ہے کہ اپنے مومن بندے کی بصارت ضائع کر دے پھر اسے جہنم میں دھکیل دے۔ یہ اجرو ثواب اسی صورت میں ہے جب اس پریشانی پر صبر کرے۔ صحیح ابن حبان میں یہ الفاظ بھی ہیںکہ«اِذْ ھُوَ حَمِدَنِیْ عَلَیْھَا»کہ جب وہ اس پر بھی میری تعریف یعنی حمد وثنا اور تسبیح وتہلیل کرتارہے۔ لیکن اگر وہ بے صبری کا مظاہرہ کرے اللہ تعالیٰ کے بارے میں ناراضی اور شکوے کا اظہار کرے، اطاعت و فرمانبرداری کی بجائے معصیت ونافرمانی کا مرتکب ہو جائے تو پھر دنیا و آخرت میں سوائے خسارہ اور نقصان کے اور کچھ بھی نہیں پائے گا۔(أعاذ نا اللہ منہ)

جلد اول

5بصیرت سے محرومین کا انجام

وہ بدنصیب جو زندگی بھر اللہ تعالیٰ کی اس نعمت کا شکر ادا نہیں کرتے اور آنکھ سے متعلقہ ذمہ داریوں سے عہدہ بر آنہیں ہوتے۔ مظاہر قدرت کو دیکھ کر بھی ایمان کی دولت سے محروم رہتے ہیں، قیامت کے روز جہنم ان کی آنکھوں کے سامنے کر دی جائے گی۔ ﴿وَعَرَضْنَا جَھَنَّمَ یَوْ مَئِذء لِّلْکٰفِرِیْنَ عَرْضًا الَّذِیْنَ کَانَتْ اَعْیُنُھُمْ فِیْ غِطَآئء عَنْ ذِکْرِیْ وَکَانُوْا لَا یَسْتَطِیْعُوْنَ سَمْعًا﴾ «کہ جس دن ہم جہنم کو کافروں کے سامنے لائیں گے ان کافروں کے سامنے جو میرے ذکر سے اندھے بنے ہوئے تھے اور کچھ سننے کے لئے تیار ہی نہ تھے» اس وقت یاس اور شرمندگی ان کے چہروں سے ٹپک رہی ہو گی، دنیا میں تکبرو غرور سے سر بلند کرنے والے اس وقت مجرموں کے طرح سر جھکائے اپنے رب کے حضور کھڑے ہوں گے اور کہیں گے: ﴿رَبَّنَا اَبْصَرْنَا وَسَمِعْنَا فَارْجِعْنَا نَعْمَلْ صَالِحًا اِناَ مُوْقِنُوْنَ﴾ (السجدۃ: ۱۲) «اے ہمارے رب ہم نے خوب دیکھ لیا اور سن لیا آپ ہمیں واپس بھیج دیجئے تا کہ ہم نیک عمل کریں ہمیں اب یقین آگیاہے» 2اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔ ﴿اَسْمِعْ بِھِمْ وَاَبْصِرْ یَوْمَ یَأْتُوْنَنَا لٰکِنِ الظَّالِمُوْنَ الْیَوْمَ فِیْ ضَلٰلء مُّبِیْنء﴾(مریم: ۳۸) «اس دن جس دن وہ ہمارے پاس آئیں گے ان کے کان خوب سن رہے ہوں گے اور ان کے آنکھیں خوب دیکھتی ہوں گی مگر یہ ظالم آج کھلی گمراہی میں مبتلا ہیں» آج جب اس دنیا میں آنکھ اور کان سے وہ کام نہیں لیتے جو انہیں لینے چاہئیں تو اس جرم کی پاداش میں جب جہنم میں پھینک دیئے جائیں گے تو حسرت اور افسوس سے کہیں گے: ﴿ لَوْکُنَّا نَسْمَعُ اُوْنَعْقِلُ مَاکُنَّا فِیْ اَصْحَابِ السَّعِیْرِ ﴾(الملک:۱۰) 8کاش!ہم سنتے یا سمجھتے (یعنی قدرت الہٰی کی نشانیاں دیکھ کر بصیرت حاصل کر لیتے) تو آج اس بھڑ کتی ہوئی آگ کے سزا واروں میں شامل نہ ہوتے ( اعاذنا اللہ منھا)

جلد اول

آنکھ افضل یا کان؟

اس بارے میں اہل علم کا اختلاف ہے کہ کان افضل ہے یا آنکھ۔ امام محمد بن قاسم بن بشار ابن الانباری المتوفی ۳۲۸ ھ اورا حناف کا خیال ہے کہ آنکھ افضل ہے مگر شوافع اور عبد اللہ بن مسلم بن قتیبۃ دینوری المتوفی ۲۷۶ھ کہتے ہیں کان افضل ہیں ان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ﴿وَمِنْھُمْ مَنْ یَّسْتَمِعُوْنَ اِلَیْکَ اَفَاَنْتَ تُسْمِعُ الصُّمَ وَلَوْ کَانُوْا لَا یَعْقِلُوْنَ وَمِنْھُمْ مَنْ یَّنْظُرُ اِلَیْکَ اَفَاَنْتَ تَھْدِی الْعُمْیَ وَلَوْ کَانُوْا لَایُبْصِرُوْنََ﴾(یونس: ۴۲،۴۳) «یعنی ان میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جو تیری باتیں سنتے ہیں مگر کیا تو بہروں کو سنائے گا خواہ وہ کچھ نہ سمجھتے ہوں؟ اور ان میں سے بہت سے لوگ وہ ہیں جو تجھے دیکھتے ہیں مگر کیا تو اندھوں کو راہ بتائے گا خواہ انہیں کچھ نہ سوجھتا ہو» ان آیات میں قوت سماع کے ضائع ہونے سے عقل کے چلے جانے کا ذکر ہے مگر نظر کے جانے سے صرف بینائی کے جانے کا ذکر ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ کان افضل ہیں۔ لیکن امام ابن الانباری فرماتے ہیں کہ یہ استدلال درست نہیں۔ کان آنکھ سے افضل کیونکر ہو سکتے ہیں۔ جبکہ آنکھ کی بدولت انسان بآسانی چلتا پھر تا ہے۔ منزل کو بآسانی پالیتا ہے اور ہلاکت وبربادی کی جگہ سے بآسانی بچ نکلتا ہے۔ چہرے کی خوبصورتی اور رونق اسی سے ہے۔ اور حدیث میں آنکھ ہی کے بارے میں فرمایا گیا ہے کہ جس کی میں(اللہ عزوجل) دونوں آنکھوں کی بینائی ختم کر دوں وہ اس پر صبر کرے تو اس کی جزا جنت ہے۔ یہ بشارت قوت سماعت چلے جانے پر قطعا نہیں جوا سکی دلیل ہے کہ آنکھ افضل ہے۔ نیز فرماتے ہیں کہ ابن قتیبہ نے جس آیت سے استدلال کیا ہے وہ استدلال بھی درست نہیں کیونکہ نظر کے جانے سے صرف بینائی کے چلے جانے کا ہی ذکر نہیں بلکہ ﴿ لَا یُبْصِرُوْنَ﴾سے مراد بصارت قلبی سے محرومی ہے۔ جیسے سماعت کے فقد ان سے ﴿لَا یَعْقِلُوْنَ﴾بے وقوفی کا ذکر ہے۔(ویسے بھی سر کی آنکھیں کھلی ہونے سے چند ا ں فائدہ نہیں ہوتا جانور بھی تو آنکھ سے دیکھتا ہے اصل دل کی آنکھوں کا کھلا ہونا یعنی بصیرت مراد ہے اسی لئے نفی یَنْظُرُوْنَکی نہیں﴿لاَ یُبْصِرُوْنَ﴾ کی ہے پھر اس آیت میں اگر کانوں کا ذکر پہلے ہے تو اس سے بھی ان کا افضل ہونا ثابت نہیں ہو تا کیونکہ ایک دوسرے مقام میں آنکھوں کا ذکر پہلے ہے چنانچہ ارشاد ہوتا ہے: ﴿ مَثَلُ الْفَرِیْقَیْنِ کَالْاَعْمٰی وَاْلاَصَمِ وَالْبَصِیْرِ وَالسَّمِیْعِ﴾ (ھود:۲۴) «ان دونوں فریقوں کی مثال ایسی ہے جیسے ایک آدمی اندھا بہر اہو اور دوسرا دیکھنے اور سننے والا ہو۔ کیا یہ دونوں برابر ہو سکتے ہیں۔؟» کانوں کو افضل قرار دینے والے حضرات کا کہنا ہے کہ دنیاوآخرت کی سعادت ایمان واطاعت پر موقوف ہے اور یہ کانوں ہی کے ذریعہ سے حاصل ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کا کلام کانوں ہی سے سنا جا سکتا ہے۔ اور کان سے جو علوم حاصل ہوتے ہیں ان کا دائرہ وسیع تر ہے آنکھ سے صرف موجودات کا علم ہوتا ہے جبکہ کان سے موجود ومعدوم، حاضر وغائب اور قریب وبعید کا ادراک ہوتاہے۔ قرآن مجید میں کفار کا قرآن نہ سننے کی مذمت زیادہ بیان ہوئی ہے جبکہ عدم بصرکی مذمت عقل وسمع کے بالتبع ہے۔ سماعت نہ ہو تو انسان گو نگا ہوتا ہے مگر نابینا ہو تو بصیرت میں بسا اوقات اضافہ ہوجاتاہے اور نابینا حضرات علم وفضل میں بلند مرتبہ پر فائز ہوتے ہیں مگر عموما بہروں کو یہ مقام حاصل نہیں ہوتا نابینا علماءتو بکثرت ہوئے ہیں لیکن بہرے نہ ہونے کے برابر، بلکہ صحابہ میں سے تو کوئی بھی بہرا نہ تھا۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ کان افضل ہیں۔ اس کے برعکس آنکھ کو افضل قرار دینے والے حضرات فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے انعامات میں سے سب سے بڑی نعمت اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا دیدار ہے جو جنت میں اہل جنت کو حاصل ہو گااور ظاہر ہے کہ یہ شرف آنکھ کو ہی حاصل ہو سکتا ہے۔ ضرب المثل ہے کہ «شنیدہ کے بودماند دیدہ» کیونکہ سننے میں غلطی کا امکان زیادہ ہے جبکہ دیکھنے اور مشاہدہ کرنے میں غلطی کا امکان انتہائی کم ہوتاہے۔ بلکہ علم کے مراتب ثلاثہ:علم الیقین، عین الیقین اورحق الیقین میں پہلا درجہ کان سے متعلق ہے اوردوسرا آنکھ۔ تبھی اسے عین الیقین کہتے ہیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا مُردوں کو دوبارہ زندہ کرنے کے بارے میں ایمان ویقین تھا۔ مگر اس کے باوجود اللہ سبحانہ وتعالیٰ سے سوال کرتے ہیں کہ ﴿رَبِ أرِنِیْ کَیْفَ تُحْی الْمَوْتٰی﴾کہ «اے میرے رب مجھے دکھا کہ آپ مُردوں کو کیونکر زندہ کریں گے؟»علم کے اس اعلیٰ مرتبہ کا تعلق آنکھ سے ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ آنکھ افضل ہے آنکھ دل کا آئینہ ہے۔ آنکھ سے دل کے تاثرات یعنی کسی سے محبت اور بغض، دوستی اور عداوت، خوشی اور غمی کے آثار نمودار ہوتے ہیں جس سے انسان دوسرے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کتب تاریخ ورجال میں نابینا علماء کی ایک طویل فہرست ہے، مولانا حبیب الرحمن شروانی مرحوم کا اس سلسلے میں ایک مستقل رسالہ «علماء سلف اور نابینا علماء»قابل دیدہے۔ انسان کے قلبی تاثرات کو بھانپ سکتا ہے۔ مگر کان کا اس اعتبار سے دل سے کوئی علاقہ نہیں۔ وہ صرف دل تک بات پہنچانے کی ذمہ داری ہی ادا کرتے ہیں۔ آنکھ سے کسی چیز کا ادراک مکمل اور اکمل ہوتا ہے۔ نیز اس کا مقام اور محل بھی کان کی نسبت زیادہ خوبصورت اور عجائبات کا حامل ہے۔ حافظ ابن قیم ؒ یہ ساری تفصیل بیان کرنے کے بعد لکھتے ہیں کہ شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ فرماتے ہیں کہ اس بارے میں تحقیق یہ ہے کہ دونوں کو ایک اعتبار سے ایک دوسرے پر فوقیت حاصل ہے کانوں کو عمومیت کے اعتبار سے مزیت حاصل ہے جبکہ آنکھ کو کامل اوراکمل ادراک ہونے کے ناطے سے افضلیت حاصل ہے۔ (بدائع الفوائد: ج ۳ ص۷۰،۷۱ ج۱ ص۱۶۴،۱۶۵)حافظ ابن قیم ؒنے تقریباً یہی کچھ( مفتاح دار السعادہ: ج۱ص ۱۱۰۔ ۱۱۲) میں فرمایا ہے۔ البتہ وہاں کان کو افضل قرار دینے والوں میں امام ابو المعالی وغیرہ کا اور آنکھ افضل قرار دینے والوں میں امام ابن قتیبہ کا نام لیا ہے۔ واللہ اعلم۔ بلاشبہ کان اور آنکھ کو بعض وجوہ کی بنا پر ایک دوسرے پر فوقیت حاصل ہے مگر بحیثیت مجموعی دیکھا جائے تو آنکھ افضل ہے اس کا دائرہ کا روسیع اور ادراک کامل ومکمل ہوتا ہے۔ یہ حصول کا ذریعہ ہی نہیں حفاظت کا بھی ذریعہ ہے۔ آنکھ کو عربی زبان میں «عین»» کہا گیا ہے علامہ راغب فرماتے ہیں کہ «عین»بمعنی سونا بھی آیا ہے کیونکہ یہ جواہرات میں افضل سمجھا جاتا ہے۔ جیساکہ اعضا میں آنکھ سب سے افضل ہے اور اسی سے افاضل قوم کو«اعیان»کہا جاتا ہے۔ اور ماں باپ دونوں کی طرف سے حقیقی بھائیوں کو«اعیان الا خوۃ»عینی بھائی کہا جاتا ہے (مفردات القرآن) ظاہر ہے کہ اولاد میں سب سے افضل عینی بھائی بہن ہی ہوتے ہیں۔ آنکھوں کی ٹھنڈ کہی دل وجان کی راحت کا سبب بنتی ہے۔ اور جو چیزآنکھوں کی ٹھنڈک کا باعث بنے انسان اس کے حصول کی اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہے۔ حافظ ابن قیم ؒ کا بھی یہی رجحان معلوم ہوتا ہے فرماتے ہیں کہ بنی اکرم ﷺ نے حضرت ابو بکر ؓ اور حضرت عمر ؓ کے بارے میں فرمایا ہے «ھذان السمع والبصر»کہ یہ دونوں کان اور آنکھ ہیں آپ کے اس فرمان میں چار احتمال ہیں: اول: دونوں حضرات میرے سمع وبصر کی حیثیت سے ہیں۔ دوم: دین اسلام میں ان کی وہی حیثیت ہے جو جسم میں کان اور آنکھ کی ہوتی ہے۔ یوں رسول اللہ ﷺ بمنزلہ دل اور روح کے ہیں اور ابو بکر و عمر ؓ بمنزلہ سمع وبصر کے۔ سوم: یہ تشبیہ دونوں کو حاصل ہے یعنی دونوں بمنزلہ سمع وبصر ہیں۔ چہارم: یا یہ مراد ہے کہ ایک بمنزلہ کان ہے اور دوسرا بمنزلہ آنکھ ہے۔ اہل علم میں اختلاف ہے کہ دونوں میں کون بمنزلہ کان اور کون بمنزلہ آنکھ ہے۔ اور حضرت صدیق ؓ جس صفت سے متصف ہوں گے وہی افضل ہوگی۔ فرماتے ہیں کہ «والتحقیق ان صفۃ البصر للصدیق»تحقیقی بات یہ ہے کہ صفت بصر حضرت صدیق ؓ کے لئے ہے۔»اور صفت سمع حضرت عمر ؓ کے حق میں ہے کیونکہ حضرت عمر محدث و ملھم ہیں یعنی ان کے دل میں کسی چیز کے صحیح اور درست ہونے کا الہام ہوتا ہے۔ اور اس کا تعلق باطنی سماعت سے ہے مگر صدیق کو مقام صد یقیت کمال بصیرت کی بنا پر حاصل ہوتا ہے اور رسول اللہ ﷺ جس کی خبر دیتے ہیں وہ گویا اسے پردے کے پیچھے سے اپنی بصیرت سے دیکھ لیتے ہیں۔ اور یہ بہت بڑی کرامت ہے اور نبوت کے بعد اس کا مرتبہ ومقام ہے (بدائع الفوائد: ج۱ ص۷۲،۷۳)جس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ آنکھ، کان سے افضل ہے بلکہ باقی ظاہری اعضا وجوارح سے بھی افضل ہے۔

جلد اول

نماز نیکی کا منبع ہے

اسلام میں سب سے پہلا اہم ترین حکم نماز ہے جو عبادت واطاعت کا کامل ومکمل مظہر ہے۔ ظاہری وباطنی طہارت وپاکیزگی اور تمام سعادتوں کے حصول کا ذریعہ ہے جس میں نظم وضبط اورپابندی وقت کا سبق ہے۔ آپس میں الفت کا باعث ہے کائنات کی فطرت کا اظھار ہے یہ طالب کا پہلا سبق ہے توسالک کی آخری منزل ہے۔ آنحضرت ﷺنے نماز کو «نور»فرمایا، اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک اور دل کے اطمینان وسکون کا ذریعہ قرار دیا۔ نمازہی تمام پریشانیوں سے نجات دینے والی اور تمام مشکلوں کو دور کرنے والی چیز ہے۔ بعض نادان کہتے ہیں کہ نماز سے کیا حاصل ہوتا ہے؟ تو عرض ہے کہ یہ بتلائیے کہ اس سے کیا حاصل نہیں ہوتا۔ ہماری نمازوں کا حال تو بقول شاعر مشرق یہ ہے کہ جو میں سر بسجدہ ہوا کبھی تو زمیں سے آنے لگی صدا تیرا دل تو ہے صنم آشنا، تجھے کیا ملے گا نماز میں پوری تفصیل کا یہ مقام نہیں۔ یہی دیکھئے کہ نماز کے بارے میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے فرمایا ہے: ﴿اِنَ الصَّلٰوۃَ تَنْھٰی عَنِ الْفَحْشَآئِ وَالْمُنْکَرِ﴾(العنکبوت:۴۵) «کہ بے شک نماز برائیوں اور منکرات سے بچاتی ہے» گویا نماز نفس امارہ کو شہوات وخواہشات کی چراگاہ سے بچانے کے لئے ایک لگام کی حیثیت رکھتی ہے۔ جب یہ لگام ہی نہیں تو نفس کو روکنے والی کونسی چیز باقی رہ جاتی ہے؟ اللہ تعالیٰ نے سورہ مریم مےں نماز کو تمام انبیاء کرام کا عمل ذکر کرنے کے بعد فرمایاہے: ﴿فَخَلَفَ مِنْ بَعْدِ ھِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوْا الصَّلٰوۃَ وَاتَّبَعُوْا الشَّہَوَاتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیَّا﴾(مریم ۵۹) «پھر ان کے بعد ایسے لوگ آئے جنہوں نے نماز یں ترک کر دیں اور شہوتوں کے پیچھے لگ گئے۔ پس عنقریب وہ جہنم کی وادی کو دیکھ لیں گے» غور فرمائیے یہاں نمازیں ضائع کردینے کا لازمی نتیجہ شہوات کی پیروی قرار دیا ہے اسی طرح حضرت شعیب علیہ السلام کی دعوت کے جواب میں ان کی بد نصیب قوم نے کہاتھا: ﴿یٰشُعَیْبُ اَصَلٰوتُکَ تَاْمُرُکَ اَنْ نَّتْرُکَ مَا یَعْبُدُ آبَاؤُنَا اَوْاَنْ نَّفْعَلَ فِیْ اَمْوَالِنَا مَا نَشَآئُ ﴾(ھود ۸۷) «اے شعیب! تیری نماز تمہیں یہ حکم دیتی ہے کہ ہم چھوڑ دیں جن کی عبادت ہمارے باپ دادا کرتے رہے یا چھوڑ دیں جو کچھ ہم اپنے مالوں میں کرتے ہیں» نتیجہ یہاں بھی وہی ہے کہ نماز شرک کی اجازت نہیں دیتی۔ ایک سچا اور صحیح نمازی شرک کی پگڈنڈیوں میں مارا مارا نہیں پھر تا اور نہ ہی اپنے معاملات میں آزاد اور خواہش پر ست ہوتا ہے کہ جو چاہے کرے۔ ظاہر ہے کہ اس سے ہماری بے روح نماز مراد نہیں بلکہ وہ نماز ہے جو الفت ومحبت کے جذبہ سے ادا کی جائے اور اسکے تمام لوازمات و واجبات کو نماز ہی کی حدتک محدود نہ سمجھا جائے بلکہ دوسرے اوقات ولمحات میں بھی اس کا اہتمام کیا جائے تو بلا شبہ نماز سے بڑھ کر انسان کو برائیوں سے روکنے والا اورکوئی عمل نہیں۔ پوری تفصیل سے قطع نظر یہی دیکھئے کہ

جلد اول

آنکھ اور نماز

نمازی کو حکم ہے کہ نماز میں اپنی نگاہ نیچی رکھے حضرت انس ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ: «مَا بَالُ أَقْوَامء یَرْ فَعُوْنَ أَبْصَارَھُمِْ إلَی السَّمَآئِ فِی صَلَا تِھِمْ فَاشْتَدَ قَوْلُۂ فِی ذٰلِکَ حَتٰی قَالَ لَیَنْتَھِیَنَ عَنْ ذٰلِکَ أَوْ لَتُخَطَّفَنَ أَبْصَارُھُمْ» (بخاری ومسلم) «لوگوں کا کیا حال ہے کہ وہ اپنی آنکھیں نماز میں آسمان کی طرف اٹھاتے ہیں۔ آپ نے اس بارے میں بڑی سخت بات فرمائی یہاں تک فرمایا کہ وہ اس سے باز آجائیں ورنہ ان کی آنکھیں اندھی کر دی جائیں گی» 6خود آپ کا معمول یہ تھاکہ «کَانَِ إذَا صَلّٰی طَأْطَأَ رَأْسَۂ وَرَمٰی بِبَصَرِہِ نَحْوَ الْأَرْضِ» «آپﷺ جب نماز پڑھتے تو سر نیچا کر لیتے اور اپنی نگاہ زمین کی طرف مر تکز کر دیتے» ( حاکم، بیہقی) آپ ﷺجب بیت اللہ میں داخل ہوئے تو آپ کی کیفیت ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓبیان فرماتی ہیں: مَا خَلَفَ بَصَرُہَ مَوْضِعَ سُجُوْدِہِ حَتّٰی خَرَجَ مِنْۂ (حاکم، بیہقی) «آپ کی نگاہ سجدہ کی جگہ سے نہیں پھری تا آنکہ آپ باہر نکل آئے» فرض نماز میں تو آپ نے گو شۂ چشم سے ادھر ادھر التفات یعنی جھانکنے کو بھی پسند نہیں فرمایا۔ چنانچہ حضرت ابو ذر ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: 6«لَا یَزَ الُ اللّٰہُ مُقْبِلًاعَلٰی الْعَبْدِ فِی صَلَاتِہِ مَا لَمْ یَلْتَفِتْ فَاِذَاصَرَفَ وَجْھَۂ انْصَرَفَ عَنْۂ»(ابو داود، ابن خزیمۃ، ابن حبان) «جب تک نمازی ادھر ادھر نہیں جھا نکتا اللہ تعالیٰ اس کی طرف متوجہ رہتے ہیں۔ جب وہ التفات کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اپنی تو جہ اس سے پھیر لیتے ہیں» «ِإذَا صَلَّیْتُمْ فَلَا تَلْتَفِتُوْا فَِإنَ اللَّہَ یَنْصِبُ وَجْھَۂ لِوَجْہِ عَبْدِہِ فِی صَلٰو تِہِ مَالَمْ یَلْتَفِتْ»(الترمذی، حاکم) «جب تم نماز پڑھو تو ادھر ادھر مت جھانکو۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ اپنی تو جہ اپنے بندے کی طرف اس وقت تک کئے رکھتے ہیں جب تک وہ ادھر ادھر نہیں جھانکتا» «التفات»یعنی گوشہ چشم سے ادھر ادھر جھانکنے کو آپ نے «اختلاس شیطان» اور« التفات ثعلب»(کہ یہ شیطان کا جھپٹنا اور لومڑی کا جھانکناہے)سے تشبیہ دیکر نفرت کا اظہار فرمایا (احمد، ابو یعلی) تشہد کی حالت میں بھی آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ یہ تھا کہ آپ ﷺ دائیں ہاتھ کی انگشت شہادت سے اشارہ تو حید کرتے اور آپ ﷺ کی نگاہ اشارہ سے تجاوز نہ کرتی۔ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن زبیر ؓ فرماتے ہیں کہ «لَا یُجَاوِزُ بَصَرُۂِ إشَاَرتَۂ» (ابو داود، نسائی، احمد، بیہقی) «کہ آپ کی نگاہ اشارہ سے تجاوز نہیں کرتی تھی» البتہ تعلیم نماز کے لئے مقتدی کا امام کو دیکھنا جائز ہے کیونکہ یہ بجائے خود نماز سے متعلق ہے کہ امام کب اور کیسے رکوع وسجدہ کر رہا ہے۔

جلد اول

نماز اور معراج

سبھی جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے پانچ نمازوں کی فرضیت کا حکم نبی کریم ﷺ کو معراج کے موقع پر دیا۔ اسی دوران میں جب آپ کو اللہ ذوالجلال والا کرام کا قرب نصیب ہوا تو آپﷺ کے ادب واحترام کا یہ عالم تھا کہ خود اللہ تعالیٰ نے فرمایا ﴿مَا زَاغَ الْبَصَرُ وَمَا طَغٰی﴾(النجم: ۱۷)«کہ نہ آپ کی نگاہ چند ھیائی اور نہ حد سے متجاوز ہوئی» یعنی آپ ﷺ کی یکسوئی اور انہماک کا یہ عالم تھا کہ جس مقصد کے لئے بلا یا گیا اسی پر آپ ﷺ کا ذہن اور آپ ﷺ کی نگاہ مر کوز رہی اور وہاں جو حیرت انگیز تجلیات اور قدرت الہیٰ کے مناظر تھے ان کو دیکھنے کے لئے آپ نے ایک تماشائی کی طرح ہر طرف نگاہیں دو ڑانی شروع نہیں کر دیں۔ آداب شاہی سے نا آشنا تو دربار کی سج دھج کی طرف بار بار دیکھے گا اور اپنی تو جہ کا اسے مرکز بنائے گا۔ مگر ایک فرض شناس اور آداب آشنا دربار کا تماشا دیکھنے میں مشغول نہیں ہو گا بلکہ اپنی ساری توجہ اسی مقصد پر مر تکزر کھے گا جس کے لئے وہ دربار میں بلا یا گیا ہے۔ یہ تھی کیفیت معراج کے دوران رسول اللہ ﷺ کی۔ نماز بھی مومن کے لئے معراج اور رب ذوالجلال کے قرب کا ذریعہ ہے اس لیئے اس ادب کو نماز میں بھی ملحوظ رکھا گیا ہے۔ اوپر آسمان کی طرف یا دائیں بائیں دیکھنے بلکہ گوشہ ٔ چشم سے التفات کرنے سے بھی منع فرمایا تاکہ نمازی کی تمام تر توجہ نماز میں اللہ ذوالجلال والاکرام کی طرف رہے۔ اور اللہ تعالیٰ سے مناجات کی لذت پا سکے اور«أَنْ تَعْبُدَ اللّٰہَ کَأَنَّکَ تَرَاہُ» «کہ یوں اللہ کی عبادت کرو جیسے تم اسے دیکھ رہے ہو» (بخاری ومسلم) یہی وجہ ہے کہ ہر وہ چیز جو نماز سے توجہ زائل کر دینے کا سبب ہو سکتی ہے آپ نے اسے ختم کرنے کا حکم فرمایا۔ بول وبراز کی حاجت ہے تو فرمایا نماز سے پہلے اس سے فراغ ہو لو۔ بھوک ستا رہی ہے تو حکم دیا پہلے کھانا کھا لو۔ نمازی کے سامنے کوئی چیز توجہ بد لنے کا باعث ہے تو اسے ہٹا دینے کا حکم فرمایا۔ نیند یا اونگھ کا غلبہ ہے تو فرمایا پہلے تھوڑا سا آرام کر لو۔ صرف اس لئے کہ نماز اطمینان وسکون اور پوری توجہ سے ادا کی جاسکے اور نمازی اپنے رب کا قرب حاصل کر سکے۔ غور کیجئے کہ نماز جو بے حیائی اور منکرات سے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔ اس میں نگاہ کو محفوظ رکھنے اور ادھر ادھر جھانکنے سے کس طرح روکا گیا ہے۔ جو نمازی اس کا اہتمام نماز میں کرے گا نماز سے باہر بھی بلا ضرورت آنکھوں کے نظارہ سے ان شاء اللہ محفوظ رہے گا مگر جو کوئی چند لمحات اپنی آنکھ پر کنڑول نہیں کر سکا۔ وہ بے چارہ باقی اوقات میں اسے محفوظ کیونکر رکھ سکے گا؟ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندے کی اصلاح اور تربیت کے لئے نماز میں بہت کچھ رکھا ہے۔ ہم ہی اس کا پاس واحساس نہ کریں تو قصور ہمار اہے نماز کا نہیں۔

جلد اول

نظر کی حفاظت

بے حیائی اور منکرات کے ارتکاب اور اس کے محرکات کاایک بڑا سبب چونکہ یہی آنکھ ہے اس لئے آنکھ کی حفاظت اورا سے نیچا رکھنے کا جو حکم نماز میں عبادت تھا نماز کے علاوہ دیگر اوقات میں بھی اس کی حفاظت کا حکم فرمایا چنانچہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ فرماتے ہیں: ﴿قُلْ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِھِمْ وَ یَحْفَظُوْا فُرُوْجَھُمْ﴾(النور:۳۰) «مومنوں سے کہ دیجئے کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہ کی حفاظت کریں» شر مگاہ کی حفاظت کے حکم سے پہلے آنکھوں کو بچا کر رکھنے کا حکم اس بات کی طرف واضح اشارہ ہے کہ بد کاری اور بے حیائی کا بنیادی سبب یہی آنکھ بنتی ہے۔ یہ اگر محفوظ رہے گی تو حتی الا مکان انسان شر مگاہ کے گناہ سے بھی بچار ہے گا۔ یہی حکم اللہ تعالیٰ نے مومنہ عورتوں کو بھی دیا چنانچہ فرمایا: ﴿وَقُلْ لِّلْمُوْمِنَاتِ یَغْضُضْنَ مِنْ اَبْصٰرِھِنَ وَیَحْفَظْنَ فُرُوْجَھُنَّ﴾ «ایماندار عورتوں سے کہہ دیجئے کہ وہ اپنی نگاہوں کو نیچا رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں» «غض بصر»یعنی آنکھوں کو نیچا رکھنے کے یہ معنی قطعا نہیں کہ راہ چلتے انسان اپنی آنکھوں کو یوں نیچا رکھے کہ دائیں بائیں اور آگے پیچھے کے احوال سے بالکل لا تعلق ہو جائے یوں تو ایکسیڈنٹ اور باہم ٹکر اؤ کا باعث ہو سکتا ہے۔ بلکہ مقصد یہ ہے کہ جن کو دیکھنے کی اجازت نہیں ان کو مت دیکھے اور ان سے اپنی آنکھیں نیچی کر لے قرآن مجید میں﴿مِنْ اَبْصارِھِمْ ﴾میں «من»تبعیضیہ ہے یعنی ہر نظر مراد نہیں بلکہ بعض وہ نظریں ہیں جو حرام اور بے فائدہ ہیں۔ اور جن کی طرف دیکھنے سے منع کیا گیاہے، وہ ہے اجنبی اور غیر محرم کو دیکھنا جو کہ فساد کی اصل جڑ ہے۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا یہ حکیمانہ انداز ہے کہ برائی کے خاتمہ کے لئے اس کے اسباب وعوامل کو بھی ختم کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔ شراب سے منع فرمایا تواوائل میں ان برتنوں کے استعمال سے بھی روک دیا گیا جن میں یہ تیار کی جاتی تھی۔ قتل نا حق ہی سے نہیں روکا بلکہ قتل پر اعانت، اشارہ قتل، سر عام ننگی تلواروں اور اسلحہ کی نمائش کی بھی سختی سے ممانعت فرمائی۔ اختلاف وانتشار، لڑائی جھگڑا اور قطع تعلق ہی سے منع نہیں فرمایابلکہ گالی گلوچ دینے، طعن و ملامت کرنے، تنابز بالا لقاب، بغض وحسد وعناد اور غیظ وغضب سے بھی روک دیا جو عموما لڑائی جھگڑے اور اختلاف کا سبب بنتے ہیں۔ اسی طرح زنا اور بدکاری سے ہی منع نہیں فرمایا بلکہ غیر محرم کو دیکھنے، تنہائی میں اس کے ساتھ بیٹھنے سفر کرنے، نرم لہجے میں بات چیت کرنے، بناؤسنگار اور زیب وزینت اختیار کر کے باہر نکلنے مٹک مٹک کر چلنے سے بھی منع فرمایا تاکہ نہ رہے بانس نہ بجے بانسری۔ اسی طرح بد کاری سے بچنے کا ایک طریقہ یہی آنکھوں کو نیچا رکھنے کا ہے جس کا اس آیت میں حکم ہے۔ آنکھ دل کا آئینہ ہے جب آئینہ الٹا کر دیا جائے گا تو دل غیر محرم کے عکس اور تصور سے محفوظ رہے گا۔ غیر محرم کو دیکھنے کی ممانعت حضرت فضل بن عباس ؓ فرماتے ہیں کہ میں حجۃ الوداع کے دوران میں منیٰ آتے ہوئے آنحضرت ﷺ کے پیچھے سواری پر تھا کہ راستے میں ایک دیہاتی کو دیکھا جو اپنے ساتھ اپنی خوبصورت بیٹی کو لیکر آپﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تاکہ آپ ﷺاس سے نکاح کرلیں۔ میں نے اس لڑکی کی طرف دیکھا تو آپ ﷺنے میرا چہرہ ٹھوڑی سے پکڑ کر دوسری طرف پھیر دیا۔(ابو یعلی وغیرہ)نتیجہ بالکل واضح ہے اگر غیر محرم کی طرف دیکھنا جائز ہوتا تو آپﷺ فضل بن عباس ؓ کو اس لڑکی کی طرف دیکھنے سے عملا منع نہ فرماتے۔ اسی طرح حضرت ابو ھریر ۃؓ سے مروی ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: « کُتِبَ عَلَی ابْنِ آدَمَ نَصِیْبُۂ مِنَ الزِ نَا فَھُوَ مُذْرِکٌ ذٰلِکَ لَا مَحَالَۃَ اَلْعَیْنَانِ زِنَاھُمَا النَّظْرُ وَالْاُذُنَانِ زِنَاھُمَاالاسْتِمَاعُ وَاللِّسَانُ زِنَاہُ الْکَلَامُ وَالْیَدُ زِنَاھَا الْبَطْشُ وَالرِّجْلُ زِنَاھَا الْخُطَی وَالْقَلْبُ یَھْوِیْ وَیَتَمَنّٰی وَیُصَدِّقُ ذٰلِکَ الْفَرْجُ أَوْیُکَذِّبُۂ» (بخاری، ابو داؤد، نسائی) «آدم کے بیٹے پر اس کے زنا کا حصہ لکھا گیا ہے جسے وہ لا محالہ پہنچے گا۔ آنکھوں کا زنا دیکھنا ہے۔ کانوں کا زنا سننا ہے۔ زبان کا زنا کلام کرنا ہے۔ ہاتھ کا زنا پکڑنا اور پاؤں کا زناچلنا ہے اور دل آرزو اور تمنا کرتا ہے اور شرمگاہ اس کی تصدیق یا تکذیب کرتی ہے۔» بدکاری کے ارتکاب میں یہ سارے اعضا حصہ دار بنتے ہیں اس لئے زنا کی نسبت ان کی طرف بھی کی گئی ہے۔ اور انہی میں سر فہرست آنکھ ہے۔ جس سے غیر محرم کو دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے۔ حضرت علی ؓ کا بیان ہے کہ مجھ سے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: «یَا عَلِیُ لَا تُتَْبِعِ النَّظْرَۃَ النَّظْرَۃَ فَِإنَّھَا لَکَ الْأُوْلٰی وَلَیْسَتْ لَکَ اْلآخِرَۃَ» (ترمذی، احمد) «اے علی! ایک بار نظر پڑ جانے کے بعد دوسری بار مت دیکھو کیو نکہ تمہارے لئے پہلے نظر معاف ہے دوسری نہیں» 2جس سے معلوم ہوا کہ راہ چلتے اچانک کسی نامحرم پر نظر پڑجائے تو دوسری بار اس کی طرف دیکھنا روا نہیں چہ جائے کہ ٹکٹکی لگا کر دیکھتا رہے۔(اعاذنا اللہ منہ) پہلی بار اچانک نظر پڑجائے تو بھی فورا نگاہ پھیر لینی چاہیے یوں نہیں کہ انسان خواہش نفس کا شکار ہو کر رہ جائے، چنانچہ حضرت جریر ؓ فرماتے ہیں کہ: «سَأَلْتُ رَسُوْلَ اللہِ ﷺ عَنْ نَظْرِ الْفُجَآئَ ۃِ فَقَالَ: اِصْرِفْ بَصَرَکَ» (مسلم، ابوداؤد، ترمذی) «میں نے رسول اللہ ﷺ سے اچانک نظر پڑجانے کے بارے میں سوال کیا تو آپ ﷺنے فرمایا اپنی نگاہ پھیر لو۔» اس لئے چاہیے کہ جب کبھی نظر اچانک کسی غیر محرم پر پڑجائے تو اس کی طرف سے فی الفور نگاہ پھیر لے۔ پہلی نظر تو معاف ہے اس کے بعد لذت نظر کے لئے یہ حرکت گناہ اور قابل گرفت ہے۔ غیر محرم بالغہ عورت کو دیکھنا تو کجا امام زہری ؒ فرماتے ہیں کہ جو ابھی کم سن ہیں اور انہیں حیض نہیں آیا اگر ان کی طرف دیکھنے کو دل چاہے توا نہیں بھی دیکھنے سے اجتناب کیا جائے۔ اسی طرح امام عطاء بن ابی ربا حؒ فرماتے ہیں کہ وہ لونڈیاں جو مکہ مکرمہ میں فروخت ہونے کے لئے لائی جاتی ہیں ان کو خرید نے کا ارادہ نہ ہو تو انہیں دیکھنا بھی حرام ہے (بخاری مع الفتح: ص۷ ج۱۱)جس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں ہمارے اسلاف رحمھم اللہ اس مسئلے میں کس قدر محتاط تھے۔ مگر آج ہم کتنے بے حجاب ثابت ہوئے ہیں۔ امام العلاء بن زید بصری ؒ کا شمار تابعین میں ہوتا ہے نہایت عابد اور زاہد تھے حافظ ذہبیؒ نے انہیں«کَانَ رَبَّانِیًّا تَقِیًّا قَانِتًا لِلّٰہِ بَکَّائً مِنْ خَشْیَۃِ اللہِ»کے القاب سے یاد کیا ہے۔ (السیر: ص۲۰۲ ج۴) امام عبداللہ بن احمد نے انہی کا قول ذکر کیاہے۔ «لَا تُتْبِعْ بَصَرَکَ رِدَآئ۔ الْمَرْأَْۃِ فَِإنَ النَّظْرَ یَجْعَلُ شَہْوَۃً فِی الْقَلْبِ»(کتاب الزھد: ص۲۵۵، الحلیۃ: ص۲۴۴ج۲وغیرہ) «اپنی نگاہ عورت کی چادر پر مت ڈالو کیونکہ یہ نظر دل میں شہوت پیدا کرتی ہے۔» زمانہ خیر القرون میں نہ بے حجابی کا دور دورہ تھا نہ ہی زیب وزینت کی نمائش کا رجحان تھا مگر اس کے باوجود امام العلاء کا فرمان باعث عبرت ہے مگر آج کے پرفتن دور میں جبکہ عریانی وفحاشی پورے عروج پر ہے ان حالات میں عورتوں کا زرق برق لباس پہن کر گھر سے باہر آنا مردوں کا ان کی طرف دیکھنا جس قدر برے انجام کا سبب بنا ہوا ہے وہ سب پر عیاں ہے۔ جس سے شیخ علاء کے قول کی صداقت ثابت ہوتی ہے۔ بعض حضرات بڑی بے تکلفی سے کہتے ہیں کہ اصل معاملہ دل کا ہے آنکھ کا نہیں، دل صاف ہونا چاہئے یوں وہ بڑی ہو شیاری سے اپنی پار سائی کا اظہار کرتے ہیں مگر یہ محض شیطانی جھانسہ ہے۔ شیخ الطائفہ حضرت عبدالقادر جیلانی ؒ نے ایسے ہی کٹ حجت کے بارے میں فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ایمانداروں کونگاہ نیچی رکھنے کا حکم فرمایا ہے اور اسی کو ان کے لئے زیادہ پاکیز گی اور صفائی کا باعث قرار دیا ہے مگر اس کے برعکس جو یہ کہتا ہے کہ نظر پاک صاف ہے تو وہ قرآن پاک کی تکذیب کرتاہے (غنیۃ الطالبین: ص۳۶ ج۱)اس لئے یہ محض شیطانی وسوسہ ہے جو انسان کو لذت نظر میں مبتلا کرنا چاہتاہے۔

جلد اول

غض بصر اور عیسائی مذہب

یہاں اس بات کا تذکرہ یقینا فائدہ سے خالی نہ ہو گا کہ غض بصر کا یہ حکم اسلام ہی میں نہیں عیسائیت میں بھی اس کا ذکر ہے بلکہ اپنے مخصوص راہبانہ انداز میں بڑی سختی سے اس آنکھ کونکال کر پھینک دینے کا حکم ہے جو غیر محرم کی طرف دیکھتی ہے چنانچہ انجیل میں ہے۔ «تم سن چکے ہو کہ کہا گیا تھا کہ زنا نہ کرنا لیکن میں تم سے یہ کہتا ہوں کہ جس کسی نے بری خواہش سے کسی عورت پر نگاہ کی وہ اپنے دل میں اس کے ساتھ زنا کر چکا۔ پس اگر تیری دا ہنی آنکھ تجھے ٹھو کر کھلائے تو اسے نکال کر اپنے پاس سے پھینک دے کیونکہ تیرے لئے یہی بہتر ہے کہ تیرے اعضا میں سے ایک جاتا رہے اور تیرا سارا بدن جہنم میں نہ ڈالا جائے»(متی:ب۵، آیت ۲۷۔۲۹) قارئیں کرام! غور فرمائیں انجیل میںکیا کہا جارہا ہے؟ مگر صد افسوس کہ آ ج مستشر قین اور مغربی ملحدین اس بارے میں اسلام کی تعلیمات پر اعتراض کرتے ہیں آنکھوں کی حفاظت کرنا، غیر محرم سے پردہ کرنا۔ جو زنا سے بچنے کا ذریعہ ہے۔ انہیں ایک نظر نہیں بھاتا۔ مگر نہیں دیکھتے کہ عیسائیت میں تو زنا سے بچنے کے لئے کہا گیا ہے کہ بری نگاہ سے عورت کو دیکھا تو آنکھ ہی نکال دینی چاہئے۔ اور آئندہ ان شاء اللہ آپ اپنے مقام پر دیکھیں گے کہ عیسائی مذہب میں اس پر عمل بھی رہا ہے۔ انجیل کا یہ حکم زاہدانہ و راہبانہ روش کے مطابق تو ہو سکتاہے مگر انسانی معاشرے میں یہ ناممکن العمل ہے اس لیے دائمی شریعت میں جو حکم دیاگیا ہے وہ عین انسانی فطرت کے مطابق اور قابل عمل ہے۔ کہ عورت اپنے چہرے کو بالغ مردوں سے چھپائے اور مردو عورت اپنی نگاہیں نیچی رکھیں تاکہ عورت جو فطرتاً پر کشش اور جاذب نظر ہے اسے دیکھنے سے برے خیالات پیدا نہ ہوں اور اس سے پیدا ہونے والے فتنہ وفساد کا سد باب ہوسکے۔ سر راہ بیٹھنا منع ہے یہ دنیا دار العمل ہے۔ یہاں کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے جو بڑی سر عت سے ختم ہوتا چلا جا رہا ہے بچپن گزر گیا۔ جوانی گئی تو بہار گئی بڑھاپا آیا پیام اجل آگیا۔ اور جب یہ اجل مسمٰی آئے گی تو اس سے کسی کومفر نہیں ہو گا۔ تب آنکھیں کھلیں گی مگر اب وقت گزر چکا۔ اسلام مسلمان کو زندگی کے انہی لمحات کو پہچاننے کی تلقین کرتا ہے۔ بے مقصد عمل اور فضول گپ شپ کی مجلسوں کی اجازت نہیں دیتا۔ اسی طرح سرِراہ اورچوراہوں پر بیٹھنے سے بھی منع کرتا ہے البتہ نا گزیر حالت میں چند شرائط کے ساتھ اس کی اجازت ہے چنانچہ حضرت ابو سعید خدری ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: «ِإیَّاکُمْ وَالْجُلُوْسَ فِی الطُّرُقَاتِ قَالُوْا یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ ﷺ مَالَنَا مِنْ مَجَالِسِنَا بُدٌ نَتَحَدَّثُ فِیْھَا فَقَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ﷺ فَِإنْ أَبَیْتُمْ فَأَعْطُوْا الطَّرِیْقَ حَقَّۂ قَالُوْا مَا حَقُ الطَّرِیْقِ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِﷺ؟ قَالَ غَضُ الْبَصَرِ وَکَفُ الْأَذَی وَرَدُ السَّلاَمِ وَ الْأَمْرُبِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّھْیُ عَنِ الْمُنْکَرِ» (بخاری، مسلم) «کہ چوراہوں پر بیٹھنے سے اجتناب کرو، صحابہ کرام نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ!بعض ہماری مجلسیں لا بدی ہوتی ہیں جس میں ہمیں باتیں کرنا ہوتی ہیں، تو آپ نے فرمایا اگر یہ مجلس نا گزیر ہو تو راستے میں بیٹھنے کا حق ادا کیا کرو، انہوں نے عرض کی راستے کا حق کیاہے؟ آپ نے فرمایا نگاہ نیچی رکھو کسی کو تکلیف مت دو، کوئی سلام کہے تو اس کا جواب دو، نیکی کا حکم دو اور برائی سے منع کرو» اسی طرح حضرت زید بن سہل فرماتے ہیں کہ ہم گھر سے باہر بیٹھے تھے کہ رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور فرمایا تم یہاں راستے میں کیوں بیٹھے ہو؟ ہم نے عرض کی ہم کسی برے ارادے سے نہیں بیٹھے۔ بس چند باتیں کرنے کے لئے ہم یہاں بیٹھ گئے تھے، آپ نے فرمایا: «أَمَّا لَا بُدَ فَأَدُّوْا حَقَّھَا غَضُ الْبَصَرِوَرَدُ السَّلَامِ وَ حُسْنُ الْکَلَامِ» (مسلم) «اگر اس کے بغیر چارہ نہیں تو اس کا حق ادا کرو اور وہ یہ کہ نگاہ نیچی رکھو، سلام کا جواب دو اور اچھی بات کرو» یعنی سرِ راہ بیٹھنا ہے تو سلامتی کا پیغام بن کر بیٹھو۔ سلام کا جواب دو، تمہارے سامنے بیہودگی کا ارتکاب ہو رہا ہو تو اس سے روکو۔ اچھی باتوںکاحکم دو کسی کی ایذا رسانی کا باعث نہ بنو۔ باتیں کرنا ہیں تو اچھی کرو۔ بری باتوں سے اجتناب کرو۔ اور آنکھیں نیچی رکھو۔ گویا اسلام سرِراہ بیٹھ کر راہ چلنے والی عورتوں کو دیکھنے کی اجازت نہیں دیتا انہیں دیکھ کر آوازیں کسنے نقلیں اتارنے اور بد تہذیبی کا مظاہرہ کرنا تو بڑی دور کی بات ہے، مگر وائے افسوس کہ آج بازار میں جو حشر راہ چلنے والی عورتوں بلکہ حصول تعلیم کے لئے سکول جاتی معصوم بچیوں کا ہوتا ہے پناہ بخدا!شریف والدین اسی مصیبت سے بچنے کے لئے اپنی بچیوں کو گھر بٹھا لیتے ہیں۔ اور یوں وہ بچاری زیور تعلیم سے محروم رہ جاتی ہیں۔