کتب
احادیث ہدایہ: فنی و تحقیقی حیثیت
مکمل · 1/23

احادیث ہدایہ: فنی و تحقیقی حیثیت

مکمل

پیش لفظ

الحمد للہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی سید الانبیاء والمرسلین وعلی آلہ و صحبہ اجمعین، اما بعد برصغیر پاک و ہند میںآج سے تقریباً اڑھائی سو سال قبل مذہبی حلقوں کا اوڑھنا بچھونا فقہ حنفی تھا۔ جس کے بارے میں یہ باور کر لیا گیا تھا کہ یہ قرآن و سنت کا نچوڑ اور دین اسلام کی کامل تعبیر و تفسیر ہے۔ اسی غلط فہمی کا نتیجہ تھا کہ یہاں اس دور میں دین کے اصل ماخذ قرآن پاک اور احادیث نبوی سے چنداں اعتناء نہیں کیا جاتا تھا اور قرآنِ پاک سے تعلق بھی عموماً تلاوت اور حصول برکت کی حد تک تھا۔ اس سے فقہی مسائل کا اثبات و استنباط مقصود نہ تھا۔ جس کا اندازہ آپ اس واقعہ سے لگا سکتے ہیں کہ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے جب قرآن پاک کا ترجمہ یہاں کی دفتری زبان فارسی میں کیا تو دہلی کے علماء نے ان سے اختلاف کیا۔ عوام کے مابین ان کے خلاف بدظنی اور برہمی پیدا کی۔ یہاں تک کہ فتح پوری کی مسجد میں تقریباً دو سوشرپسندوں کو لے کر انھیں گھیر لیا گیا جو باضابطہ تلواروں اور ہتھیاروں سے مسلح تھے، مگر اللہ تعالیٰ کی نصرتِ خاص اور چند رفقاء کی اعانت سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔(حیات طیبہ) اسی طرح حدیثِ پاک سے جس طرح بے اعتنائی برتی جاتی اس کی تفصیل «پاک و ہند میں علمائے اہل حدیث کی خدمات حدیث،، میں دیکھی جا سکتی ہے۔ حضرت شاہ ولی اللہ اور ان کے خانوادے کی مساعی جمیلہ سے جہاں قرآنِ پاک کے تراجم کے ذریعے یہاں کے عوام کو قرآنِ پاک سے براہ راست جوڑنے کاآغاز ہوا ادارہ کی طرف سے یہ رسالہ شائع ہو کر اصحاب علم سے خراج تحسین وصول کر چکا ہے۔ والحمد لِلّٰہ علٰی ذٰلک۔ وہاں علماء اور مدارس عربیہ میں علم حدیث کی تدریس و تعلیم کا اہتمام ہوا۔ جب اسلام کے ان اصلی سرچشموں یعنی قران و حدیث سے لگاؤ بڑھا تو اصحابِ علم و تحقیق پر یہ حقیقت آشکارہ ہوئی کہ یہاں کا فقہی مسلک کتاب و سنت کے بحر بے کنار کا ایک قطرہ ہے۔ یہ کتاب وسنت کی کامل تعبیر قطعاً نہیں، بلکہ بہت سے ایسے مسائل بھی ان کتابوں میں مندرج ہیں جو قرآن و سنت کے صحیح اور صریح فیصلے کے برعکس ہیں جنھیں بدقسمتی سے عین اسلام سمجھ کر عمل کیا جاتا ہے اور ان میں بہت سی من گھڑت روایات ایسی ہیں جن پر مسلک کی عمارت استوار کی گئی ہے۔ ظاہر ہے کہ قرآن و سنت کے مقابلہ میں محض قیاسی مسائل پر عمل جہاں﴿ فویل للذین یکتبون الکتٰب بایدیھم ثم یقولون ھذا من عنداللہ۔ ﴾ کا مصداق ہے وہاں موضوع اور من گھڑت روایات سے استدلال اور اس پر خاموشی « کفی بالمرء کذبًا ان یحدث بکل ما سمع،، کے زمرے میںآتا ہے۔ چنانچہ بعض اصحاب علم و فضل نے انہی فقہی کتب کو پیش نظر رکھ کر محض دینی فریضہ پورا کرتے ہوئے ان کے مسائل اور ان میں پیش کردہ احادیث پر نقد و تبصرہ کیا۔ جن میں مولانا بدیع الزماںؒ کی «فتح المبین،، مولانا ابوالحسن ؒسیالکوٹی کی « الظفر المبین،، اور «الکلام المتین،، مولانا عبدالجلیل سامرودی ؒ کی «فقہ احناف کے اسراری گر،، مولانا وحید الزمان ؒ کی « تنقید الہدایہ،، مولانا محمد ؒجونا گڑھی کی «درایت محمدی،، اور مولانا محمد یوسف ؒجے پوری کی «حقیقۃ الفقہ،، خاص طو رپر قابل ذکر ہیں۔ یادش بخیرمؤخر الذکر کتاب میں ایک عنوان « صاحب ہدایہ کا افترائ،، ہے۔ جسے دیکھ کر ایک حنفی عالم کی رگ حمیت پھڑک اٹھی تو اس کی تردید میں ایک تیز اور تیکھا سا مضمون ماہنامہ «بینات،، کراچی میں لکھ مارا، جس پر ہدایہ کے دفاع کے ساتھ ساتھ امام بخاریؒ اور صحیح بخاری کے بارے میں اپنے روایتی بغض و عناد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس قرض کو چکانے کی ناکام کوشش کی گئی۔ جس کا بروقت جواب ہمارے ادارے کے رفیق مولانا ارشاد الحق اثری نے دیا جو ہفت روزہ «الاعتصام،، کی دس قسطوں میں شائع ہوا۔ جسے باذوق اصحاب علم و فضل نے پسند فرمایا اور متعدد حضرات کی طرف سے بار بار اس کی طباعت کا تقاضا کیا گیا۔ چنانچہ ہم اس مضمون کو حک و اضافہ کے ساتھ شائع کر نے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے شرف قبولیت سے نوازے اور ہمیں کتاب و سنت، حدیث ومحدثین اور ائمہ دین رحمہم اللہ کے دفاع کی توفیق بخشے۔ آمین ثم آمین۔ محمد اسحاق چیمہ رئیس ادارۃ العلوم الاثریہ فیصل آباد الحمد للہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علٰی سید الانبیاء والمرسلین وعلٰی آلہ و صحبہِ و علٰی من تبعھم اجمعین۔ امابعد علمائے احناف کا عموماً طرز عمل ہے کہ ایک طرف حضرات محدثین کرام رحمہم اللہ کو غیر فقیہ اور روایت پرست قرار دیتے ہیں اور دوسری طرف ہم فکر علماءِ کرام کو فقیہ اور محدث باورکرایا جاتا ہے، مگر ان میں سے کچھ انصاف پسند حضرات ایسے بھی ہیں جنھوں نے اپنے ہی حلقہ احباب کے علی الرغم حقیقت پسندی کا ثبوت دیا اور واشگاف الفاظ میں اظہار فرمایا« نہ یہ تقسیم درست ہے اور نہ ہی عموماً فقہائے احناف کو حضرات محدثین میںشمار کیا جا سکتا ہے۔ ان کا مشغلہ مسائل فقہیہ کااستنباط و استخراج تھا۔ حدیث کی صحت و ضعف سے ان کو کوئی خاص لگاؤ نہ تھا۔،، چنانچہ مولانا عبدالحی لکھنویؒ نے« الجامع الکبیر،، کے مقدمہ « النافع الکبیر،، میں کتب فقہاء کا ذکر کرکے صاف صاف لکھا ہے

مکمل

نقل روایت میں اعتماد محدثین پر ہے فقہاء پر نہیں

کل ما ذکرنا من ترتیب المصنفات انما ھو بحسب المسائل الفقہیۃ، و اما بحسب ما فیھا من الاحادیث النبویۃ فلا، فکم من کتاب معتمد اعتمد علیہ اجلۃ الفقہاء مملو من الاحادیث الموضوعۃ و لا سیما الفتاوی فقد وضح لنا بتوسیع النظر ان اصحابھم و إن کانوا من الکاملین لکنھم فی نقل الاخبار من المتساھلین۔ (النافع الکبیر ص۱۲۲،۱۲۳ مجموعۃ الرسائل مطبوعۃ الیوسفی لکھنؤ) «ان تصنیفات کی یہ ترتیب جو ہم نے ذکر کی ہے یہ مسائل فقہیہ کے اعتبار سے ہے۔ ان میں جو احادیث نبویہ ہیں ان کے اعتبار سے نہیں۔ کتنی ہی قابل اعتماد کتابیں ہیں جن پر اجلہ فقہاء نے اعتماد کیا ہے مگر وہ احادیث موضوعہ سے بھری پڑی ہیں۔ بالخصوص جو فتاویٰ کی کتابیں ہیں۔ وسعت نظر سے ہم پر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ ان کے مصنفین گو کاملین میں سے تھے مگر احادیث نقل کرنے میں وہ متساہلین میں شمار ہو تے ہیں۔،، فقہائے کرام کی اس تساہل پسندی کا ذکر کرتے ہوئے شیخ ابوغدہ حنفی ؒ رقم طراز ہیں «ولا تغتر بذکر بعض الفقہاء من اجلۃ الحنفیۃ و الشافعیۃ لھٰذہ الجملۃ« الاذان جزم والإقامۃ جزم والتکبیر جزم،، حدیثا نبویا فی کتب الفقہ فقد علمت انھا من کلام إبراہیم النخعی ولیست بحدیث نبوی والمعول علیہ فی ھذا الباب قول المحدثین لا الفقہاء علی جلالۃ قدرھم۔،، (حاشیۃ المصنوع ص ۵۵) «بعض جلیل القدر حنفی اور شافعی فقہاء کا اپنی فقہ کی کتابوں میں اس جملہ « الاذان جزم والإقامۃ جزم والتکبیر جزم،، کو حدیث نبوی کے طور پر ذکر کرنا تمھیں دھوکا میں مبتلا نہ کر دے۔ تم نے بلاشبہ یہ جان لیا ہے کہ یہ ابراہیم نخعیؒ کا قول ہے، حدیث نبوی نہیں ہے۔ اور اس باب میں رجوع محدثین کی طرف کیا جائے گا۔ فقہاء کی جلالت قدر کے باوصف ان کے قول پر اعتماد نہیں کیا جائے گا۔،، 8ملا علی قاری ؒ رقم طراز ہیں « لا عبرۃ بنقل النھایۃ ولا بقیۃ شراح الھدایۃ فإنھم لیسوا من المحدثین و لا اسندوا الحدیث إلی احد من المخرجین۔،، (موضوعات کبیر ص ۱۲۵، المصنوع ص ۱۵۷، الاجوبۃ الفاضلۃ ص ۳۰) «نہایہ اور دیگر ہدایہ کے شارحین کا کوئی اعتبار نہیں، کیوں کہ وہ محدثین میں النہایہ کے مصنف کا نام «حسن،، بعض کے نزدیک «حسین،، ہے۔ سلسلہ نسب یوں ہے حسن بن علی بن حجاج حسام الدین السغناتی۔ سن وفات میں اختلاف ہے۔ بعض نے ۷۱۱ھ اور بعض نے ۷۱۴ھ ذکر کی ہے۔ صاحب ہدایہ علامہ مرغینانی ؒ کے شاگرد اور ہدایہ کے سب سے پہلے شارح یہی بزرگ ہیں۔ سے نہیں اور نہ ہی وہ حدیث کی سند محدثین تک پہنچاتے ہیں۔،، شیخ ابوغدہ حنفی علامہ ملاعلی قاری کے اس فیصلے کی تحسین کرتے ہوئے حاشیہ میں لکھتے ہیں « احسنت احسنت جزاک اللہ خیرا عن حدیث رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم،، (حاشیۃ المصنوع ص ۱۵۷) « آپ نے بہت اچھا کیا، حدیث کے اس دفاع کی اللہ تعالیٰ آپ کو جزا عطا فرمائے۔،، مولانا عبدالحی لکھنویؒ نے شرح الوقایہ کے مقدمہ میں بھی علامہ علی قاریؒ کی یہ عبارت نقل کی ہے اور پھر مزید اس کی تائید میں لکھا ہے « و ھذا الکلام من القاری افاد فائدۃ حسنۃ و ھی ان الکتب الفقھیۃ و إن کانت معتبرۃ فی انفسھا بحسب المسائل الفرعیۃ وکان مصنفوھا ایضاً من المعتبرین والفقہاء الکاملین، لا یعتمد علی الاحادیث المنقولۃ فیھا اعتماداً کلیاً ولا یُجزم بورودھا و ثبوتھا قطعا بمجرد وقوعھا فیھا فکم من احادیث ذکرت فی الکتب المعتبرۃ و ھی موضوعۃ و مختلفۃ،،۔۔ الخ (مقدمہ عمدۃ الرعایۃ فی حل شرح الوقایۃ ص ۱۲، ۱۳) 3(الفوائد البیھۃص ۶۲) علامہ علی قاری ؒ نے جس حدیث کے ضمن میں یہ بات کہی ہے اسے صاحب نہایہ نے ذکر کیا ہے جو «قضاء عمری،، کے متعلق ہے۔ احناف کی بریلوی شاخ کا اس پر عمل بھی ہے۔ علامہ لکھنویؒ نے اس کی تردید میں ایک مستقل رسالہ «ردع الإخوان عن محدثات آخر جمعۃ رمضان،، لکھا ہے۔ صاحب النہایہ نے ایک حدیث یہ بھی نقل کی ہے کہ «جو امام کے پیچھے پڑھے اس کے منہ میںآگ کا انگارا دیا جائے،، علامہ لکھنویؒ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے علامہ علی قاری ؒ کی مذکورۃ الصدر عبارت کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی تائید کی ہے اور کہا ہے« کہ صاحب نہایہ اور دیگر شارحین ہدایہ کی نقل حدیث کا اعتبار نہیں کیوں کہ ان کا شمار محدثین میں نہیں ہوتا،، (امام الکلام ص ۱۸۳ مطبوعہ احیاء السنۃ گوجرانوالہ)۔ «علامہ علی قاری کے کلام میں بہت اچھا فائدہ ہے اور وہ یہ کہ کتب فقہ اگرچہ مسائل فرعیہ میں معتبر ہیں اور ان کے مصنفین بھی قابل اعتبار اور فقہاء کاملین میں سے ہیں، لیکن ان میں منقولہ احادیث پر کلیۃً اعتماد نہیں کیا جائے گا اور ان کتابوںمیں ہونے کی بنا پر ان کے ثبوت کا قطعاً یقین نہیں کیا جائے گا۔ کتنی احادیث ہیں جو ان معتبر کتابوں میں مذکور ہیں حالانکہ وہ موضوع اور گھڑی ہوئی روایات ہیں۔،، مولانا سید امیر علیؒ مترجم ہدایہ نے بھی علامہ لکھنوی ؒکی یہ عبارت نقل کرکے اس کی تائید کی ہے۔(مقدمہ عین الھدایہ ج۱ ص ۱۰۸) علامہ جمال الدین القاسمیؒ نے بھی علامہ علی قاری کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے « لا عبرۃ بالاحادیث المنقولۃ فی کتب الفقہ والتصوف مالم یظھر سندھا و إن کان مصنفھا جلیلاً،، کہ ان احادیث کا کوئی اعتبار نہیں جو کتب فقہ و کتب تصوف میں منقول ہیں۔ اگرچہ ان کا مصنف بڑا جلیل القدر ہی کیوں نہ ہو۔ (قواعد التحدیث ص ۱۸۲) مولانا لکھنوی ؒ نے لکھا ہے کہ بعض لوگوں کو جب میں نے علامہ علی قاریؒ کی یہ عبارت بتلائی کہ صاحب نہایہ کی نقل کی ہوئی احادیث قابل اعتبار نہیں تو انھوں نے کہاصاحب نہایہ کے مقابلہ میں علامہ علی قاریؒ قابل اعتبار نہیں۔ مولانا لکھنوی ؒفرماتے ہیں « ھذا قول اظن ان من صدر عنہ جاھل لا یعرف مراتب المحققین و لا یعلم الفرق بین الفقہاء و المحدثین، فإن اللہ تعالیٰ خلق لکل فن رجالاً و جعل لکل مقام مقالا و یلزم علینا ان ننزلھم منازلھم و نضعھم بمراتبھم، فاجلۃ الفقہاء اذا کانوا عارین من تنقید الاحادیث لا نسلّم الروایات التی ذکروھا من غیر سند و لا مستند إلا بتحقیق المحدثین،، (ردع الاخوان ص ۶۱۶۰، حاشیہ الاجوبۃ الفاضلۃ ص ۳۴) «یعنی میرا خیال ہے کہ یہ بات جس نے کہی وہ جاہل ہے۔ محققین کے مرتبہ سے بے خبر ہے اور وہ فقہاء اور محدثین کے فرق سے بھی واقف نہیں، اللہ تعالیٰ نے ہر فن کے لیے علیٰحدہ علیٰحدہ آدمی اور ہر جگہ پر کلام کرنے والے پیدا کیے ہیں۔ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم ہر ایک کا مرتبہ ومقام ملحوظ رکھیں، بڑے بڑے فقہاء جب تنقید حدیث کے علم سے واقف نہیںتو ہم ان کی ذکر کردہ روایات کو محدثین کی تحقیق کے بغیر بلا سند و حوالہ تسلیم نہیں کرتے۔،، علامہ لکھنویؒ کے اس بیان سے حقیقت بالکل آشکارہ ہو جاتی ہے کہ نقل روایات میں اعتبار حضرات محدثین پر ہے، فقہاء کرام پر نہیں۔ علامہ ابن جوزیؒ نے بھی اکثر فقہائے کرام کے بارے یہی شکوہ کیا ہے، چنانچہ ان کے الفاظ ہیں «رایت بضاعۃ اکثر الفقہاء فی الحدیث مزجاۃ یعول اکثرھم علی احادیث لا تصح، و یعرض عن الصحاح، و یقلد بعضھم بعضًا فیما ینقل۔،، (التحقیق فی اختلاف الحدیث ج ۱ ص ۳)«میں نے اکثر فقہاء کی حدیث کے بارے میں پونجی کھوٹی دیکھی ہے، ان میں اکثر صحاح سے اعراض کرتے ہیں اور ایسی احادیث کی طرف رجوع کرتے ہیں جو ضعیف ہوتی ہیں اور وہ جو کچھ نقل کرتے ہیں ایک دوسرے کی تقلید میں کرتے ہیں۔،، اسی طرح امام نووی ؒضعیف راویوں کے بارے تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں « فإن الائمۃ لا یروون عن الضعفاء شیئا یحتجون بہ علی انفرادہ فی الاحکام فإن ھذا شیء لا یفعلہ إمام من ائمۃ المحدثین و لا محقق من غیرھم من العلماء واما فعل کثیرین من الفقہاء او اکثرھم ذٰلک واعتمادھم علیہ فلیس بصواب بل قبیح جدا،، الخ۔ (شرح مسلم ج ۱ ص۲۱) «ائمہ کرام ضعیف راویوں کی منفرد حدیث سے احکام میں استدلال نہیں کرتے، یہ ایسی حقیقت ہے کہ ائمہ محدثین میں سے کسی امام نے ایسا نہیں کیا اور نہ ہی دوسرے محققین علماء ایسا کرتے ہیں مگر اکثر فقہاء کا عمل اور ضعیف پر ان کا اعتماد درست نہیں بلکہ بہت ہی برا ہے۔،، امام نوویؒ اور علامہ ابن جوزیؒ کے اس کلام سے بھی عموماً حضرات فقہائے کرام کی علم حدیث میں بے بضاعتی اور صحیح کے مقابلے میں ضعیف پر اعتماد بلکہ موضوع و بے اصل روایات سے استدلال کا علم ہوتا ہے، بلکہ شیخ عبداللطیف ٹھٹھوی حنفی جیسے متعصب بزرگ بھی اس بات کو تسلیم کرتے ہیںکہ علامہ مرغینانی اور اکثر فقہاء ضعیف اور بے اصل روایات اپنی کتابوں میں ذکر کرتے ہیں، چنانچہ شیخ ابن عربی ؒ کے ایک استدلال پر نقد کرتے ہوئے لکھتے ہیں « یجوز ان یکون ھذا الحدیث ضعیفا غیر قابل للاستدلال بہ و مع ھذا استدل بہ کاستدلال صاحب الھدایۃ و کثیر من الفقہاء العرفاء باللہ بالاحادیث الضعیفۃ والغریبۃ التی لم توجد فی کتب الحدیث۔،، (ذب ذبابات الدراسات ج ۱ ص۷۷۵) «یہ بھی ہو سکتا ہے کہ یہ حدیث ضعیف اور استدلال کے قابل نہ ہو لیکن اس کے باوجود انھوں نے اس سے استدلال کیا جیسے صاحب ہدایہ اور بہت سے فقہاء جو عارف باللہ حضرات ضعیف اور ایسی غریب روایات سے استدلال کرتے ہیں جو کتب حدیث میں پائی نہیں جاتیں۔،، بلکہ انھوںنے تو یہ بھی کہہ دیا کہ علامہ مرغینانی ؒ نے دلائل عقلیہ ذکرکرنے کے لیے کتاب لکھی دلائل نقلیہ کے لیے نہیں۔ چنانچہ ان کے الفاظ ہیں « قد علم من عادتہ انہ صنف کتابہ ھذالإیراد الدلائل العقلیۃ دون النقلیۃ،، (ایضاً ص ۷۵، ج ۱) لیجیے جناب یہاں تو معاملہ ہی کچھ اور نکلا، جب دلائل نقلیہ اصل مقصود نہیں توان میں تساہل عقلاً بعید نہیں۔ علمائے احناف کو اپنے اس حنفی بزرگ کی رائے پر بھی غوروفکر کرنا چاہیے۔ ہم فقیروں سے جھگڑا عبث ہے۔ اسی طرح شاہ ولی اللہ محدث دہلوی فرماتے ہیں کہعموماً فقہائے احناف کا حدیث سے تعلق کم رہا ہے، ان کے الفاظ ہیں « و اشتغالھم بعلم الحدیث قلیل قدیما و حدیثا،، (الانصاف ص ۷۷ مع ترجمۃ الکشاف) «کہ ان کا علم حدیث سے تعلق کم رہا ہے، زمانہ ماضی میں بھی اور حال میں بھی۔،، اس حقیقت کے برعکس تقلید و جمود کے داعیوں کا کہنا ہے کہ فقہائے کرام جب حدیث و فقہ کے امام تھے تو ان کی نقل کردہ احادیث ضعیف کیوں کر ہو سکتی ہیں، اس قسم کے خیالات کا اظہارماضی قریب میں مولانا عبدالرشید ؒصاحب نعمانی نے « ماتمس الیہ الحاجۃ،، «ابن ماجہ اور علم حدیث،، اور« دراسات اللبیب فی الاسوۃ الحسنۃ بالحبیب،، کے حواشی میں کیا ہے اور اب ماہنامہ «بینات،، کے شمارہ نمبر۱۲ جلد ۴۹ ذوالحجہ ۱۴۰۷ھ میں انہی کے شاگردِ رشید مولانا سرداراحمد صاحب مدرس مدرسہ مدینۃ العلوم کراچی نے انہی خیالات کا اعادہ فرمایا ہے۔ بلکہ لائق شاگرد کی لیاقت و شرافت دیکھیے کہ مولانا نعمانی صاحب نے «ابن ماجہ اور علم حدیث،، کے (صفحہ ۱۹۷) کی گیارہ سطروں میں جو بات سپرد قلم کی ہے وہی بات ایک دو لفظوں کے حک و اضافہ کے ساتھ من و عن بلا حوالہ «بینات،، صفحہ ۲۴ میں درج کرکے خوب خوب حق شاگردی ادا کیا ہے۔

مکمل

5حقیقۃ الفقہ اور اس کے مؤلف

مولیٰنا محمد یوسف جے پوری مرحوم نے «حقیقۃ الفقہ،، میں فقہ حنفی سے کتاب و سنت کے مخالف وموافق مسائل کو جمع کیا ہے۔ اس ضمن میں انھوں نے ہدایہ کے مصنف علامہ علی ابن ابی بکر بن عبدالجلیل المرغینانی کا حدیث کے بارے میں تساہل کا تذکرہ بھی کیا۔ اس سلسلہ میں ان کے پیش نظر چوں کہ تنقید الہدایہ تھی، جس کے مؤلف نے صاحب ہدایہ پر ایک روایت نقل کرنے کی وجہ سے «افترائ،، کا لفظ استعمال کیا۔ جس سے مولیٰنا جے پوری مرحوم نے اس بحث کا عنوان ہی «صاحب ہدایہ کا افتراء،، قائم کیا۔ جس پر مولانا سردار احمد صاحب کی رگ حمیت پھڑک اٹھی اور «بینات،، میں احادیث ہدایہ کے متعلق «ایک غلط فہمی کا ازالہ،، کے عنوان سے ایک مضمون رقم فرمایا۔ جس میں اس «حقیقۃ الفقہ،، کی تردید کے ساتھ صحیح بخاری کے متعلق انھوں نے وہی روش اختیار کی جو ان کے استاد محترم پہلے کر چکے تھے۔ ہم یہاں اس سلسلہ میں ان کے مندرجات کا جائزہ پیش کر رہے ہیں۔(لیحق الحق و یبطل الباطل) مولانا موصوف لکھتے ہیں «حقیقۃ الفقہ میں مقدمہ میں ایک عنوان «صاحب ہدایہ کا افتراء،، کے نام سے قائم کیا ہے اور پھر اسی کے ذیل میں ناقابل اعتماد حوالوں کی مدد سے ہدایہ کی ان احادیث کا ذکر کیا ہے جو ان کے زعم میں جعلی ہیں اور جن کی تعداد صرف تین ہے۔ صاحب ہدایہ کا شغل حدیث کیا کم ہوتا ہے وہ تو ایک جلیل القدر محدث اور بلند پایہ حافظ الحدیث تھے، پھر وہ تمام احادیث جو وہ بیان کرتے ہیں کیوں کر ضعیف ہوں گی۔،،(بیناتص ۱۷) گویا مولانا سردار احمد صاحب کہنا یہ چاہتے ہیں کہ « حقیقۃ الفقہ،، میں اس دعویٰ کی بنیاد ناقابل اعتماد حوالوں پر ہے۔ ثانیاً اس دعویٰ پر جو حدیثیں انھوں نے ذکر کی ہیں ان کی تعداد صرف تین ہے۔ ثالثاً صاحب ہدایہ حافظ الحدیث تھے لہٰذا ان کی تمام احادیث ضعیف کیوں کر ہو سکتی ہیں، حالانکہ بنیادی طور پر یہ تینوں باتیں صحیح نہیں۔ «حقیقۃ الفقہ،، میں اس دعویٰ کی بنیاد دراصل «تنقید الہدایہ،، پر ہے، مگر مولیٰنا سرداراحمد صاحب کو معلوم نہیں کہ اس کا مصنف کون ہے۔ انہی کے الفاظ ہیں «پہلے تو مؤلف کو تنقید الہدایہ کے مصنف کا نام ظاہر کرنا چاہیے تھا اور پھر ااس کے علمی حدود اربعہ کو سپرد قلم کرتے کہ فن حدیث میں ان کا کیا مقام ہے۔،،(بینات ص ۱۸)

مکمل

تنقید الہدایہ کا مصنف

حالانکہ« تنقید الہدایہ،، مولانا وحید الزمان خاں کی تصنیف ہے۔ مولانا موصوف سے نظری و فکری اختلاف کی تو گنجائش ہے کہ وہ معصوم قطعاً نہیں تھے۔ مگر ان کے علم وفضل کا کون انکار کر سکتا ہے۔ حدیث سے ان کا لگاؤ کا اندازہ آپ اس سے کر لیجیے کہ صحاح ستہ کے علاوہ امام مالک کے موطا کا بھی پہلی بار ترجمہ انہی کا مرہون منت ہے۔ اسی طرح حدیث پر «اشراق الابصار فی تخریج احادیث نور الانوار،، اور احسن الفوائد فی تخریج احادیث شرح العقائد،، کا ذکر بھی ان کی تصانیف میں ملتا ہے۔ اس کے علاوہ کنز العمال جو حدیث شریف کا مشہور اور جامع ترین انسائیکلو پیڈیا ہے کی تصحیح کا شرف بھی انھیں حاصل ہے۔ اور تقریباً ہر جلد کے خاتمہ پر اس کی وضاحت یوں کی گئی ہے۔ « و قد اعتنی بتصحیح ھذا الکتاب زبدۃ العلماء و راس الفضلاء قدوۃ المحققین زبدۃ المحدثین المولوی محمد وحید الزمان الملقب بنواب وقار نواز جنگ بہادر لازالت شموس افادتہ طالعۃ۔،، جس سے علم حدیث کے ساتھ ان کے تعلق کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ عقائد اور فقہ وغیرہ پر ان کی دو درجن سے زائد تصانیف کا ذکر بھی ملتا ہے، ممکن ہے کہ مولیٰنا وحید الزمان کو متاخرکہہ کر جان کی امان پائیں مگر حقیقت یہ ہے کہ ع کیا بنے بات جہاں بات بنائے نہ بنے «ایسا معلوم ہوتا ہے کہ صاحب «تنقید الہدایہ،، نے جن جن مقامات پر صاحب ہدایہ کی طرف وضع حدیث کی نسبت کی ہے ان میں ان کے پیش نظر حافظ ابن حجرؒ کی کتاب « الدرایۃ،، تھی اور مقامات پر حافظ صاحب نے اپنے علم کی بناء پر « لم اجدہ،، فرمایا تھا۔ یعنی یہ حدیث مجھے نہیں مل سکی۔ مگر صاحب تنقید الہدایہ نے یہ سمجھا کہ یہ حدیث چوں کہ کتب حدیث میں نہیں ملی اس لیے صاحب ہدایہ کی طرف وضع کی نسبت کرکے ہدایہ کا علمی و فقہی مقام جیسے بھی بن سکے گراد یا جائے۔،، (بینات ص ۱۸) جس سے حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ مولیٰنا وحید الزماں نے تنقید الہدایہ میں ایسی روایات کے بارے میں جس رائے کا اظہار فرمایا ہے اس پر ان کا اعتماد کسی گاؤں یا محلے کے «حافظ صاحب،، پر نہیں بلکہ حافظ الدنیا ابن حجر رحمہ اللہ پر ہے۔ لہٰذا مولانا موصوف کا یہ کہنا کہ«حقیقۃ الفقہ میں مولیٰنا جے پوری مرحوم کے دعویٰ کی بنیاد ناقابل اعتماد حوالوں پر ہے،، قطعاً غلط ہے۔ پھر مولانا جے پوری نے گو یہاں «صرف تین،، روایات بطور دلیل و ثبوت کے پیش کی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب قطعاً نہیں کہ ہدایہ میں موضوع اور بے اصل روایات کی «تعداد صرف تین،، ہے جیسا کہ مولانا سردار احمد صاحب سمجھ رہے ہیں۔ جس کی مزید وضاحت ان شاء اللہ اپنے مقام پر آئے گی۔ نئی تک بندی مولانا عبدالرشید صاحب نعمانی وغیرہ کی تقلید میں ان کے شاگردِ رشید بھی لکھتے ہیں کہ «ہدایہ کی تخریج کرنے والوں نے اگر اپنے علم کی بنا پر «لم اجدہ،، فرمایا ہے تو اس سے یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ حدیث سرے سے جعلی ہے۔ ممکن ہے وہ روایت حدیث کی دوسری کتابوں میں موجود ہو۔،،(بینات) کسی محدث اور ناقد امام کے قول « لم اجدہ،، کا کیامفہوم و مرتبہ ہے؟ اس تفصیل سے قبل یہ دیکھ لیجیے کہ ان حضرات کے دعویٰ کی اصل بنیاد کیا ہے۔ چنانچہ اس سلسلے میں جو کچھ کہا گیا ہے اس کا خلاصہ حسب ذیل ہے۔ ۱۔ احادیث کی تخریج کرنے والے حضرات نے اپنے علم کی بناپر اس حدیث کے بارے میں«لم اجدہ،، فرمایا ہے ممکن ہے کہ وہ روایت حدیث کی دوسری کتابوں میں موجود ہو۔ جس کا اعتراف خود حافظ ابن حجرؒ نے کیا ہے۔ جسے علامہ ابراہیم بن حسنؒ کورانی الشافعی نے « المسلک الوسط الدانی الی الدرر الملتقط للصنعانی،، میں حافظ سیوطیؒ کے حوالہ سے نقل کیا ہے کہ « مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ حافظ ابن حجرؒ سے ان احادیث کے بارے میں پوچھا گیا جن کو ہمارے ائمہ اور ائمہ احناف کتب فقہ میں بیان کرتے ہیں مگر وہ کتب حدیث میں نہیں ملتیں، تو اس پر انھوں نے فرمایاحدیث کی بہت سی کتابیں مشرقی ممالک میں فتنوں (حملہ تاتار) اور ہنگاموں کی نذر ہو کر نابود ہو چکی ہیں۔ اس لیے عین ممکن ہے کہ وہ کتابیں ہم تک نہ پہنچی ہوں۔،، اور علامہ سیوطی نے بھی حدیث « اختلاف امتی رحمۃ،، کے بارے میں کہا ہے « ولعلہ خرج فی بعض کتب الحفاظ التی لم تصل الینا۔،، ۲۔ صاحب ہدایہ کے بارے میںکہا گیا ہے کہ وہ امام، فقیہ، حافظ، محدث، مفسر، علوم کے جامع اور فنون کے ماہر تھے۔ لہٰذا ایسے جلیل القدر امام کی شان یہ کیسے ہو سکتی ہے کہ وہ اپنی کتاب میںایسی روایتوں کو درج کرنا اپنا وطیرہ بنا لیں جو قابل احتجاج نہ ہوں، صاحب ہدایہ اور علامہ کاسانی ؒ وغیرہ نے جو احادیث و آثار نقل کیے ہیں وہ ہمارے قدماء، ائمہ امام محمد، قاضی ابویوسف ؒ وغیرہ کی تصانیف پر اعتماد کا نتیجہ ہے اور ارباب تخریج نے ان روایات کو متقدمین ائمہ احناف کی تصانیف میں تلاش کرنے کی بجائے محدثین مابعد کی ان کتابوں میں تلاش کیا جو ان کے عہد میں متداول تھیں۔ ۳۔ اگر ہدایہ کی بعض احادیث حافظ ابن حجرؒ کو نہیں ملیں تو کیا ہوا، انھیں امام بخاری کی بعض معلق روایات کا بھی تو علم نہیں ہوا، تو کیا ایسی صورت میں کہا جائے گا کہ امام بخاری بھی ضعیف روایتوں کے لانے کے عادی ہیں۔ مولانا سردار احمد صاحب کی تیزی اور تلخی انہی کے الفاظ میں ملاحظہ فرمالیں «اگر ہدایہ کی بعض روایات بعد میں آنے والے محدثین کو نہ مل سکیں اور اس بناء پر ان پر وضع حدیث کا الزام لگایا جا سکتا ہے تو پھر امام بخاریؒ بھی اس الزام سے پاک قرار نہیں دیے جاسکتے، جب کہ غیر مقلدین حضرات آنکھیں بند کرکے بخاری کی جملہ روایات کو نص قطعی سے کم نہیں مانتے۔،، (بیناتص ۲۶) مولانا نعمانی اور ان کے تلمیذ رشید کے اس طرز استدلال اور انداز تکلم پر بجز اس کے ہم اور کیا کہہ سکتے ہیں« کبرت کلمۃ تخرج من افواھھم و ما تخفی صدورھم اکبر۔،، آئیے اس استدلال اور دفاع کی حقیقت ملاحظہ فرمائیں۔ حافظ ابن حجرؒ کے حوالے سے علامہ کورانی نے حافظ سیوطیؒ کی وساطت سے جو کچھ نقل کیا ہے اولاً اس کا مدار « بلغنی ان الحافظ ابن حجر۔۔۔ الخ،، پر ہے کہ« مجھے یہ خبر پہنچی ہے،، یہ خبر دینے والا کون ہے؟ علامہ سیوطی ؒ نے تو بہرحال یہ بات براہ راست نہیں سنی، الفاظ اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ثانیاً خود حافظ ابن حجر ؒ کا «التلخیص الحبیر،، میں جو انداز ہے اس سے بھی اس بات کی تردید ہوتی ہے جہاں انھوں نے متعدد مقامات پر علامہ رافعی ؒ، امام الحرمین ؒ اور علامہ غزالی ؒ پر نقد کیا ہے۔ مثلاً ۱۔ امام الحرمین نے حدیث « کن عبداللہ المقتول و لا تکن عبداللہ القاتل،، کے بارے میں کہا ہے کہ اسے حضرت حذیفہ ؒ نے بیان کیا ہے اور یہ صحیح ہے، مگر حافظ ابن حجرؒ لکھتے ہیں « لا اصل لہ،، کہ اس کی کوئی اصل نہیں، بلکہ علامہ ابن الصلاح ؒ سے بھی نقل کیا ہے کہ « لم اجدہ فی شیء من الکتب المعتمدۃ و امام الحرمین لا یعتمد فی ھذا الشان،، (التلخیص طبع ہند ص ۳۶۳ ج ۴ طبع پاکستان ص ۸۴ج۴) «میں نے اسے قابل اعتماد کتابوں میں نہیں دیکھا اور امام الحرمینؒ پر اس عظیم الشان باب میں اعتماد نہیں کیا جائے گا۔،، ۲۔ صحیح مسلم وغیرہ میں ہے کہ آنحضرت ﷺ نے مدینہ میں ظہر و عصر اور مغرب و عشاء کی نماز کو جمع کیا« فی غیر خوف و لا مطر،، بلا کسی خوف اور بارش کے، مگر امام الحرمین ؒنے دعویٰ کیا ہے کہ «و لا مطر،، کے الفاظ حدیث میں نہیں ہیں۔ حافظ ابن حجرؒ لکھتے ہیں کہ یہ بات دلیل ہے کہ انھوں نے حدیث کی کتب مشہورہ کی بھی مراجعت نہیں کی چہ جائیکہ وہ دوسری کتابوں کی طرف رجوع کرتے۔ ان کے الفاظ ہیں « ادعی امام الحرمین فی النھایۃ ان ذکر نفی المطر لم یرو فی متن الحدیث و ھو دال علٰی عدم مراجعتہ لکتب الحدیث المشھورہ فضلاً عن غیرھا۔،، (التلخیص طبع ہند ص۱۳۱ج ۱، طبع پاکستان ص۵۰ ج ۲) ۳۔ اسی طرح حافظ ابن حجرؒ «تنبیہ،، کا عنوان قائم کرکے خبردار کرتے ہیں « قال الامام فی النھایۃ و تبعہ الغزالی فی الوسیط و محمد بن یحیی فی المحیط روی البخاری ان النبی صلی اللہعلیہ وسلم عد فاتحۃ الکتٰب سبع آیات و عد بسم اللہ الرحمٰن الرحیم آیۃ منھا و ھو من الوھم الفاحش قال النووی و لم یروہ البخاری فی صحیحہ ولا فی تاریخہ۔،، «امام یعنی امام الحرمین نے نہایہ میں فرمایا ہے اور الوسیط میں امام غزالی ؒاور المحیط میں علامہ محمد بن یحییٰ نے ان کی پیروی میں کہا ہے کہ امام بخاری ؒ نے روایت کیا ہے کہ نبی کریم انے سورہ فاتحہ کی سات آیات قرار دیں اور بسم اللہ الرحمٰن الرحیمکو اس کی ایک آیت قرار دیا، حالانکہ یہ وہمِ فاحش ہے۔ امام نوویؒ نے کہا ہے کہ امام بخاریؒ نے نہ یہ روایت اپنی صحیح میں ذکر کی ہے اور نہ ہی اپنی تاریخ میں۔،، یادش بخیر۔۔ فخر الاسلام علامہ علی بن محمد البزدوی المتوفی ۴۸۲ھ نے بڑے وثوق سے فرمایا «وقد قال النبی صلی اللہعلیہ وسلم تکثر لکم الاحادیث من بعدی فاذا روی لکم عنی حدیث فاعرضوہ علی کتاب اللہ تعالٰی فما وافق کتاب اللہ تعالٰی فاقبلوہ و ما خالف فردوہ،، (اصول بزدوی، باب بیان قسم الانقطاع ص ۱۷۵ ط نور محمد کراچی) اور بے شک نبی انے فرمایا ہےکہ میرے بعد حدیثوں کی بڑی کثرت ہوگی۔ جو حدیث میری طرف منسوب کرکے تمھارے سامنے روایت کی جائے اس کو کتاب اللہ پر پیش کرو، اگراس کے موافق ہو تو قبول کرو اور اگر اس کے خلاف ہو تو رد کردو،، حالانکہ اس مفہوم کی تمام روایات ضعیف ہیں۔ جیسا کہ حافظ ۴۔ اسی طرح حافظ ابن حجرؒ حدیث « من قاء و رعف و امذی،، پر بحث کے دوران بطور تنبیہ لکھتے ہیں 7قاسمؒ ابن قطلوبغا نے تخریج اصول البزدوی میں صراحت کی ہے۔ یہی روایت صدر الشریعۃ علامہ عبیدؒاللہ بن مسعود المتوفی ۷۴۷ ھ صاحب شرح الوقایہ نے التوضیح (ص ۴۸۰طبع پشاور) میں ذکر کی اور علامہ سعدؒ الدین مسعود التفتازانی المتوفی ۷۹۲، ۷۹۱ نے اس کی شرح التوضیح میں اس کو ذکر کرکے صحیح بخاری کی طرف منسوب کیا۔ اور ساتھ یہ بھی نقل کر دیا ہے کہ امام یحییٰ ؒبن معین نے کہا کہ« انہ حدیث وضعتہ الزنادقۃ،، کہ یہ حدیث زندیقوں کی گھڑی ہوئی ہے۔ بلکہ فخر الاسلام علامہ عبدالعزیزؒ البخاری المتوفی ۷۳۰ ھ نے اصول بزدوی کی شرح میںیہاں تک فرما دیا کہ «امام محمد بن اسماعیلؒ بخاری نے اپنی کتاب میں اس حدیث کا ذکر کیا ہے، وہ اس فن کے امام ہیں۔ « فکفی بایرادہ د لیلاً علی صحتہ ولم یلتفت إلی طعن غیرہ بعدہ،، لہٰذا ان کا اس روایت کو لے آنا اس کی صحت کی کافی دلیل ہے اور ان کے مقابلے میں کسی کا طعن قابل التفات نہیں۔(کشف الاسرار ج ۳ ص ۱۰) اور یہی کچھ من و عن فصول الحواشی شرح اصول الشاشی ص ۲۸۸ میں فرمایا گیا ہے۔ مگر حاشیہ التوضیح میں ہے «و تعجب المرجانی بان ھذا من صاحب الکشف عجیب فانہ مع سعۃ اطلاعہ و تبحرہ فی الاصول و الفروع کیف صور عنہ ھٰذا القول السقیم اما اولاً فان ھذا الحدیث لیس بموجود فی صحیح البخاری و لیس یمکن ان یورد فیہ حدیثاً اتفق الحفاظ و اھل الشان علی ضعفہ و نکارتہ بل علی وضعہ،، علامہ المرجانی ؒ نے اس پر تعجب کا اظہار کیا ہے کہ صاحب کشف الاسرار نے وسعت معلومات اور اصول و فرع میں تبحر علمی کے باوجود یہ کمزور بات کیسے کہہ دی، یہ حدیث صحیح بخاری میں نہیں، اور یہ کیسے ممکن ہے کہ امام بخاری ؒ ایسی روایت لائیں جس کے ضعف و نکارت بلکہ اس کے موضوع ہونے پر حفاظ حدیث متفق ہیں۔(حاشیہ التوضیح ص ۴۷۸۔۴۷۹ طبع پشاور) اس تفصیل کا مقصد صرف یہ تھا کہ بڑے بڑے اعیان سے اس قسم کے انتساب میں وہم ہوا ہے۔ یہ حضرات فقہ و اصول کے بلاشبہ امام تھے مگر حدیث کے باب میں ان کا ایسا درجہ و مرتبہ نہیں کہ ان پر اعتبار کیا جائے مگر اس کے برعکس منکرین حدیث کا اسلوب بھی ملاحظہ فرمائیں کہ علامہ تمنا عمادی جو اسی گروہ کے سرغنہ تھے نے بڑی ڈھٹائی سے لکھا ہے« یہ حدیث صحیح بخاری میں پہلے موجود تھی بعد کو یاران طریقت نے دیکھا کہ اس حدیث سے تو سینکڑوں حدیثیں غلط اور قابل رد ٹھہر جائیں گی۔ اس لیے اس حدیث کو بخاری کے نسخے سے نکال پھینکا۔ مگر قدیم کتابوں میں بخاری کے حوالے سے یہ حدیث موجود ہے۔ چنانچہ توضیح و تلویح جو اصول فقہ حنفی کی نہایت مشہور و معروف کتاب ہے اور تقریباً تمام عربی مدارس کے نصاب تعلیم میں داخل ہے اس میں بخاری «وقع لامام الحرمین فی النھایۃ و تبعہ الغزالی فی الوسیط وھم عجیب فانہ قال ھذا الحدیث مروی فی الصحاح کے حوالے سے یہ حدیث مذکور ہے۔ اس پر علامہ تفتازانی نے کچھ خفگی کا بھی اظہار کیا ہے مگر اس روایت کو بخاری کی روایت مانتے ہیں۔ پھر سید السند نے علامہ تفتازانی کا جواب بھی اپنے حاشیہ میں دیا اور کہاکہ یہ بخاری کی حدیث ہے جس کا تمھیں انکار نہیں۔ لہٰذا اس حدیث کی صحت کے لیے یہی کافی ہے کہ اس کوا مام بخاری نے اپنی کتاب میں درج فرمایا۔ غرض ان تینوں بزرگوں کے وقت تک یہ حدیث صحیح بخاری میں موجود تھی۔۔۔ الخ (اعجاز القرآن ص ۲۳۴) اس روایت میں بیان کردہ یہ اصول کہاں تلک درست ہے اس کی تفصیل کا یہ محل نہیں۔ امام بیہقی نے «المدخل،، میں اس پر اور اس باب کی روایات پر نقد کیا ہے۔ جس کی ضروری تفصیل علامہ سیوطی ؒ کے رسالہ «مفتاح الجنۃ فی الاحتجاج بالسنہ،، (ص ۳۹، ۷۴) میں دیکھی جا سکتی ہے۔ امام عبدالرحمٰن بن مہدی نے فرمایا ہے یہ زنادقہ و خوارج کی گھڑی ہوئی روایت ہے۔ اہل علم کے نزدیک یہ روایت آپ ﷺ سے صحیح طو رپر ثابت نہیں۔ (الموافقات للشاطبیج ۴ ص ۱۸) حافظ ابن قیم ؒ کی اس موضوع پر نگارشات قابل مراجعت ہیں۔ الصواعق المرسلہ ص ۴۳۷،۴۴۱ ج ۲) مگراندازہ کیجیے کہ اس قسم کی روایات کے سہارے کیا گل کھلائے جا رہے ہیں اور اپنا الو سیدھا کرنے کے لیے ائمہ و فقہاء کو کس طرح آڑبنایا جا تا ہے۔ فاعتبروا یا اولی الابصار۔ 4اہل بدعت، اپنی بدعات کو سہارا دینے کے لیے عموماً ایک مرفوع روایت « ما راٰہ المؤمنون حسنا فھو عنداللہ حسنا،، ذکر کرتے ہیں۔ جب کہ دیوبندی علمائے کرام فرماتے ہیںکہ یہ روایت مرفوعاً ثابت نہیں۔ ملاحظہ ہو «الجنۃ لاہل السنۃ،، ص ۱۶۲، راہ سنت ص ۱۱۳ وغیرہ۔ حالانکہ امام محمدؒ نے بلاغاً اسے مرفوع ہی ذکر کیا ہے۔ ملاحظہ ہو الموطا امام محمد ص ۱۴۰ باب قیام شھر رمضان، حالانکہ یہ روایت قطعاً مرفوعاً ثابت نہیں، دیکھیے التعلیق الممجد ص ۱۴۰، نصب الرایہ (ج۴ ص ۱۳۳، سلسلۃ الضعیفہ ج ۲ ص ۱۷ حدیث نمبر۵۳۳)۔ علامہ ابن نجیم لکھتے ہیں« قال العلائی لم اجدہ مرفوعاً فی شیء من کتب الحدیث اصلاً ولا بسند ضعیف بعد طول البحث وکثرۃ الکشف والسوال و انما ھو قول عبداللہ بن مسعود موقوفاً (الاشباہ والنظائر ص ۱۲۶،۱۲۷ ج ۱) کہ علامہ العلائی نے کہا ہے کہ میں نے یہ روایت طویل بحث اور ورق گردانی اور علماء سے استفسار کے باوجود حدیث کی کسی کتاب میں ضعیف سند سے بھی نہیں دیکھی۔ یہ حضرت عبداللہ بن مسعود کا قول ہے یہی کچھ علامہ ابن عابد ین نے نشر العرف فی بناء بعض الاحکام علی العرف،، میں علامہ العلائی سے نقل کیا ہے جسے رسائل ابن عابدین (ج۲ ص ۱۱۵) میں دیکھا جا سکتا ہے۔ خلاصہ یہ کہ جب امام محمد ؒ کی ذکر کردہ اس مرفوع معلق روایت کی کوئی اصل نہیں، تو متاخرین کی ایسی معلق روایات قابل اعتبار کیسے ہو سکتی ہیں۔ و انما لم یقل بہ الشافعی لانہ مرسل، ابن ابی ملیکۃ لم یلق عائشۃ، و رواہ اسماعیل بن عیاش عن ابن ابی ملیکۃ عن عروۃ عن عائشۃ، و إسماعیل سیء الحفظ کثیر الغلط فیما یرویہ عن غیر الشامیین، و ابن ابی ملیکۃ لیس من الشامیین۔» « امام الحرمین ؒ کو النہایہ میں اور انہی کی پیروی میں امام غزالی ؒ الوسیط میں عجیب وہم کا شکار ہوئے ہیں کہ انھوںنے فرمایا یہ حدیث صحاح میں مروی ہے اور امام شافعی ؒ نے اس کے مطابق فتویٰ اس لیے نہیں دیا کہ یہ مرسل ہے کیوں کہ ابن ابی ملیکہ کی حضرت عائشہ ؓسے ملاقات ہی نہیں، اوراس کو إسماعیل بن عیاش، ابن ابی ملیکۃ عن عروۃ عن عائشۃکی سند سے بیان کرتے ہیں۔ اسماعیل کا حافظہ کمزور تھا اور وہ شامی اساتذہ کے علاوہ دوسروں سے روایت کرتے تو کثرت سے غلطیاں کر جاتے تھے اور ابن ابی ملیکہ شامی نہیں ہیں۔،، حافظ ابن حجرؒ امام الحرمین کا یہ کلام نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں (۱) امام الحرمین اور امام غزالی کا یہ کلام عجیب اوہام پر مشتمل ہے۔ انھوں نے فرمایا کہ ابن ابی ملیکہ کی حضرت عائشہ ؓ سے ملاقات نہیں حالانکہ ان کی ملاقات میں کوئی اختلاف نہیں۔ قد لقیھا بلا خلاف۔ (۲) انھوں فرمایا کہ اسماعیل اسے ابن ابی ملیکہ سے روایت کرتے ہیں حالانکہ اسماعیل نے یہ روایت ابن جریج سے روایت کی ہے، ابن ابی ملیکہ سے نہیں۔ انما رواہ عن ابن جریج عنہ۔ (۳) انھوں نے عروہ کا واسطہ بیان کر دیا حالانکہ کسی نے بھی اس میں یہ واسطہ ذکر نہیں کیا۔ ولم یدخلہ احد بینھما۔ (۴) انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ حدیث «الصحاح،، میں ہے حالانکہ یہ الصحاح میں نہیں۔ کاش وہ یہ بات کہنے کی بجائے خاموش رہتے۔ ولیس ھو فیھا فلیتہ سکت۔ اندازہ کیجیےیہ دونوں بزرگ ایک حدیث اور اس کے متعلقات ذکر کرنے میں کتنے اوہام کا شکار ہوئے۔ امام ابوشامہ ؒ المتوفی ۶۶۵ھ نے المؤمل للرد الی الامر الاول میں امام غزالی ؒ وغیرہ فقہائے شافعیہ کے اس تساہل کا ذکر کیا ہے۔ جسے مختصر المؤمل ص ۲۸ میں دیکھا جا سکتا ہے، جو مجموعہ رسائل منیریہ جلد دوم میں مطبوع ہے۔ کہاں تک نقل کروں، شائقین حضرات التلخیص الحبیر مطبوعہ ہند کے صفحات۹۸، ۱۱۸، ۳۵۳ ملاحظہ فرما ئیں۔ جہاں انھوں نے امام الحرمینؒ، علامہ رافعی ؒ اور علامہ غزالی ؒپر نقل روایات اور حدیث کے باب میں ان کی آراء پر نقد وتبصرہ کیا ہے تو کیا یہ تمام تعقبات ان ائمہ فقہاء پر اس کورانہ اعتماد کی اجازت دیتے ہیں جس کا ذکر علامہ سیوطی ؒ کی وساطت سے کیا گیا ہے۔

مکمل

تنقید الہدایہ کا مصنف (جاری)

اسی طرح علامہ سیوطیؒ کا اختلاف امتی رحمۃ کے بارے میں یہ کہنا کہ «ولعلہ خرج فی بعض کتب الحفاظ التی لم تصل الینا،، «کہ شاید یہ ان بعض کتابوں میں ہو جو ہم تک نہیں پہنچیں۔،، اس کا منطقی نتیجہ تو یہ ہوا کہ بعض صحیح روایات ایسی بھی ہیں جو ضائع ہو گئی ہیں اور امت مرحومہ انھیں محفوظ نہیں رکھ سکی، جب دین محفوظ ہے اور وہ صحیح احادیث اسی دین کا حصہ ہیں تو پھر وہ احادیث غیر محفوظ کیوں؟ اور دین کی حفاظت کیسی؟ کتنے تعجب کی بات ہے کہ« متقدمین ائمہ احناف،، کی کتابیں تو محفوظ نہ رہ سکیں اور« محدثین مابعد،، کی کتابیں باقی رہیں۔ پھر یہ انداز انہی روایات کے متعلق کیوں ہے؟ عین ممکن ہے کہ جن احادیث کو علامہ زیلعی ؒ، علامہ ابن حجر ؒ، علامہ سخاوی ؒ، حافظ ابن جوزی ؒ، علامہ علی قاریؒ وغیرہ نے « لم اجدہ،، یا« لا اصل لہ،، کہا یا جنھیں انھوں نے موضوع قرار دے کر موضوعات میں درج کیا اور ان میں بعض ایسی بھی ہوں، جو زبان زد عام ہوں، وہ بھی ایسی کتابوں میں صحیح سند سے ثابت ہوں جو ہم تک نہ پہنچی ہوں۔ بتائیےاس قاعدے کی بنا پر کسی موضوع اور واہی روایت کو موضوع قرار دیا جا سکتا ہے؟ یہی وجہ ہے کہ «الجامع الصغیر،، کے شارح علامہ مناوی ؒ، حافظ سیوطی ؒکی اس تحقیق جدید سے متفق نظر نہیں آتے، بلکہ واشگاف الفاظ میں لکھتے ہیں « قال السبکی و لیس بمعروف عند المحدثین و لم اقف لہ علی سند صحیح و لا ضعیف ولا موضوع،، (فیض القدیر ص ۲۱۲ ج ۱) «علامہ سبکی ؒ نے کہا ہے کہ یہ محدثین کے نزدیک معروف نہیں» میں اس کی کسی صحیح» ضعیف اور موضوع سند پر مطلع نہیں ہو سکا۔» اب آئیے یہ بھی دیکھ لیجیے کہ «متقدمین ائمہ احناف» کی وہ کون سی کتابیں ہیں جن کا ذکر یہ حضرات کرتے ہیں، چنانچہ مولیٰنا نعمانی ؒ اور ان کے شاگردِ رشید نے حافظ قاسم بن قطلوبغاؒ کی« منیۃ الا لمعی فی مافات من تخریج احادیث الھدایۃ للزیلعی»کے مقدمہ ( ص ۹) کے حوالہ سے لکھا ہے کہ وہ امام ابویوسفؒ کی کتاب الخراج اور الامالی» امام محمدؒ کی کتاب الاصل اور السیر، امام طحاوی، خصاف ؒ، ابوبکر رازی ؒ اور کرخی ؒ کی تصانیف ہیں۔ مقام غور ہے کہ حافظ قاسم ؒ کو تو کتاب الاصل» الامالی لابی یوسف وغیرہ مل گئیں جن کی بنا پر انھوں نے نصب الرایہ کا تکملہ لکھ کر ہدایہ کے خادمین میں اپنا نام بھی درج کرا لیا۔ مگر ان کے استاد حافظ ابن حجرؒ اور ان سے پہلے علامہ زیلعی ؒ کو وہ نہ مل سکیں، آخر کیوں؟ کتاب الآثار اور الامالی کی حیثیت اس کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ ان کتابوں کا درجہ استناد ہی محدثین کے نزدیک محل نظر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے تخریج روایات میں ان سے اعتناء نہیں کیا۔ شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ مؤطا امام مالک کی افضلیت بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں « ان شئت الحق الصراح فقس کتاب الموطا بکتاب الآثار لمحمد والامالی لابی یوسف تجد بینہ و بینھما بعد المشرقین فھل سمعت احداً من المحدثین والفقہاءتعرض واعتنی بھما۔» (حجۃ اللہ البالغہ ج ۱ ص ۱۳۴) «اگر تم صریح حق چاہتے ہو تو مؤطا کا امام محمد کی کتاب الآثار اور قاضی ابویوسف ؒ کی الامالی سے موازنہ کرلو، موطا میں اور ان میں بعد المشرقین نظر آئے گا۔ کیا تم نے کسی محدث یا فقیہ کو سنا ہے کہ اس نے ان دونوں کتابوں کی طرف توجہ دی ہو۔؟» اس حقیقت کے بعد یہ سمجھنا کہ حافظ ابن حجرؒ یا علامہ زیلعیؒ کو وہ کتابیں نہیں ملیں» محض اندھیرے میں تیر چلانے کے مترادف ہے۔

مکمل

کیا علامہ مرغینانی نقل حدیث میں قابل اعتماد ہیں؟

دوسری بات یہ کہی گئی ہے کہ صاحب ہدایہ کا شمار فقہاء ہی میں نہیں ہوتا بلکہ اصحاب تراجم نے انھیں حافظ اور محدث بھی قرار دیا ہے، لہٰذا وہ ناقابل احتجاج روایتوں کو اپنی کتاب میں درج کیوں کر کر سکتے ہیں؟ مولیٰنا نعمانی اور ان کے شاگرد رشید نے اس دعویٰ کے لیے کہ علامہ مرغینانی ؒ حافظ اور محدث بھی تھے قاضی محمود بن سلیمان الکفوی کی «اعلام الاخیار» کا حوالہ دیا ہے، حالانکہ قاضی صاحب موصوف خودحنفی المسلک تھے۔ مولیٰنا عبدالحی لکھنوی ؒ کی «الفوائد البہیۃ فی تراجم الحنفیہ» بنیادی طو رپر اسی کتاب کا اختصار ہے۔ اور اس کے صفحہ ۱۴۱ میں علامہ لکھنوی ؒ نے صاحب ہدایہ ؒکے بارے میں وہی الفاظ نقل کیے ہیں جو مولانا نعمانی صاحب نے دراسات اللبیب کے حاشیہ میں «اعلام الاخیار» سے نقل کیے ہیں مگر اس سے جو نتیجہ مولانا نعمانی ؒنے اخذ کیا ہے» اس سے وہ متفق نظر نہیں آتے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے « و من ھھنا نصوا علی انہ لا عبرۃ للاحادیث المنقولۃ فی الکتب المبسوطۃ مالم یظھر سندھا» او یعلم اعتماد ارباب الحدیث علیھا» و ان کان مصنفھا فقیھاً جلیلاً یعتمد علیہ فی نقل الاحکام وحکم الحلال والحرام» الا تری الی صاحب الھدایۃ من اجلۃ الحنفیۃ والرافعی شارح الوجیز من اجلۃ الشافعیۃ مع کونھما ممن یشار الیہ بالانامل و یعتمد علیہ الاماجدوالاماثل قد ذکرا فی تصانیفھما مالا یوجد لہ اثر عند خبیر بالحدیث یُستفسَر» کما لا یخفی علی من طالع تخریج احادیث الھدایۃ للزیلعی و تخریج احادیث شرح الرافعی لابن حجر العسقلانی و اذا کان حال ھؤلاء الاجلۃ ھذا فما بالک بغیرھم من الفقہاء الذین یتساھلون فی ایراد الاخبار و لا یتعمقون فی سند الآثار» (الاجوبۃ الفاضلۃ ص ۳۰۲۹) «اسی بنا ء پرعلماء نے صاف کہہ دیا ہے کہ ان احادیث کا کوئی اعتبار نہیں جو فقہ کی بڑی بڑی کتابوں میں نقل کی جاتی ہیں۔ جب تک ان کی سند ظاہر نہ ہو» یا محدثین کا اس پر اعتماد معلوم نہ ہو» گو ان کتابوں کے مصنفین بڑے مرتبہ کے فقیہ ہی کیوں نہ ہوں، جن پر احکام اور حلال و حرام کے مسائل بیان کرنے میں اعتماد کیا جاتا ہو» کیا ہدایہ کے مصنف کو نہیں دیکھتے جو جلیل القدر علماء احناف میں سے ہیں اور رافعی شارح الوجیز جو جلیل القدر علمائے شافعیہ میں سے ہیں، باوجودیکہ وہ دونوں ان اصحاب میں سے ہیں جن کی (عظمت کی بنا پر ان کی) طرف اشارے کیے جاتے ہیں اور ان پر عالی مرتبہ لوگ اعتماد کرتے ہیں۔ پھر بھی ان دونوں کتابوں میں ایسی روایتیں ہیں جن کا کوئی نشان حدیث جاننے والوں کے ہاں نہیں پایا جاتا، جیسا کہ اس شخص پر مخفی نہیں جس نے علامہ زیلعی ؒ کی تخریج ہدایہ اور حافظ ابن حجر کی تخریج شرح رافعی کا مطالعہ کیا ہے۔ جب ان جلیل القدر بزرگوں کا یہ حال ہے تو دوسرے فقہاء جو احادیث نقل کرنے میں متساہل ہیں اور آثار کی سند بیان کرنے میں تعمق اختیار نہیں کرتے» ان کا کیا حال ہوگا۔» اسی طرح علامہ لکھنوی ؒ مختصر السید الشریف الجرجانی کی شرح «ظفر الامانی» میں بھی ہدایہ وغیرہ کتب فقہ کی واردشدہ احادیث کے بارے میں فرماتے ہیں « تلک الاخبار لا یعتبر بھا مالم یعلم سندھا او مخرجھا فان کثیرا من ارباب لفقاھۃ متساھلون فی الروایۃ فیردون فی کتبھم احادیث منکرۃ و ضعیفۃ وموضوعۃ من غیر تنقیح و توضیح» ولذا خرج احادیث الھدایۃ الحافظ الزیلعی والحافظ ابن حجر و الّفاایضاً تخریجاً لاحادیث الکشاف» والف قاسم بن قطلوبغا تخریج احادیث الاختیار شرح المختار فجزاھم اللہ عنا خیر الجزاء حیث میزوا بین الصحیح و بین الضعیف و بین الحسن و بین السخیف و بین الموضوع و بین غیر الموضوع و قد الف الحافظ العراقی تخریجاً لاحادیث احیاء العلوم فنبہ ما فیہ من الموضوعات والواھیات» (ظفر الامانی ص ۳۴۲) کہ جب تک ان کی سند یا ان کا حوالہ معلوم نہ ہو تب تک وہ روایات معتبر نہیں کیوں کہ بہت سے فقہاء حدیث کے معاملے میں متساہل ہیں۔ اپنی کتابوں میں بغیر تنقیح و تحقیق، منکر، ضعیف اور موضوع احادیث لے آتے ہیں، اسی لیے حافظ زیلعی ؒاور حافظ ابن حجر ؒنے احادیث ہدایہ کی تخریج کی، ان دونوں نے الکشاف کی بھی تخریج کی ہے، اور حافظ قاسمؒ بن قطلوبغا نے «الاختیار شرح المختار» کی تخریج کی۔ اللہ تعالیٰ انھیں جزائے خیر عطا فرمائے کہ انھوں نے صحیح اور ضعیف حسن اور کمزور» موضوع اور غیر موضوع کے درمیان فرق کر دیا ہے۔ حافظ عراقی ؒنے احیاء العلوم کی تخریج کی اور اس میں انھوں نے موضوع اور واہی روایات سے خبردار کیا۔» 4مولانا لکھنوی ؒ نے اس کے بعد لکھا ہے کہ میری یہ بات میرے بعض ساتھیوں کو ناگوارمعلوم ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ فقہ کی ان کتابوں میں بلاسند مذکور یہ روایات مرسل ہیں اور مرسل احناف کے نزدیک حجت ہے، میں نے کہا مرسل تو وہ ہے جسے تابعی بیان کرے اور صحابی کا واسطہ چھوڑ دے، اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اس تخصیص کی کوئی وجہ نہیں۔ ہمارے علمائے احناف نے صراحت کی ہے کہ تابعین کے بعد کی مراسیل بھی مقبول ہیں، بشرطیکہ ارسال کرنے والا ثقہ ہو، میں نے کہا مرسل وہ ہے جسے راوی حدیث بیان کرے۔ اپنے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان واسطہ چھوڑ دے، ورنہ لازم آئے گا کہ کوئی عامی اور بازاری آدمی بھی قال رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم کہے تو اسے مرسل کہا جائے۔ ارسال و انقطاع وغیرہ اسناد کی صفات ہیں۔ جہاں کوئی سند ہی نہیں وہاں نہ ارسال ہے نہ انقطاع اور نہ ہی اتصال» بلکہ یہ صرف دوسرے پر اعتماد کرتے ہوئے نقل محض ہے اور یہ بات معلوم ومعروف ہے کہ صاحب ؒہدایہ وغیرہ اکابرین فقہاء میں سے ہیں اور احیاء العلوم کے مؤلف امام غزالی وغیرہ بڑے عارفوں میںشمار ہوتے ہیں، مگر نہ وہ محدثین میں سے ہیں» نہ ہی مخرجین میں سے، سے اگرچہ وہ فقہ و تصوف کے بڑے کاملین میںشمار ہوتے ہیں۔ غور فرمائیے ہدایہ وغیرہ کتب فقہ میں وارد شدہ احادیث کو مرسل قرار دینے کو خوش عقیدگی میں مقبول کہا گیا، مگر مولانا لکھنوی ؒنے ان کی یہ غلط فہمی دور کر دی ہے۔ شیخ ابوغدہ جو متصلب حنفی ہی نہیں بلکہ کوثری المشرب بھی ہیں نے«الاجوبۃ الفاضلۃ» کے حاشیہ میں علامہ لکھنویؒ کی پرزور تائید کی ہے اور عمدۃ الرعایہ کے حوالہ کے ساتھ ساتھ علامہ لکھنوی ؒ کے رسالہ «ردع الاخوان عن محدثات آخر جمعۃ رمضان» سے طویل اقتباسات نقل کیے ہیں جس میں اس خوش فہمی کا ازالہ بھی ہے جس میں ہمارے مہربان مولانا نعمانی ؒ وغیرہ مبتلا ہیں کہ « یہ روایات جلیل القدر علماء نے نقل کی ہیں اس لیے یہی ان کے قابل استناد ہونے کے لیے کافی ہے۔» علامہ لکھنویؒ اس کی تردید کرتے ہوئے لکھتے ہیں « الا تری الی نقل صاحب احیاء علوم الدین مع جلالۃ قدرہ او رد فی کتابہ احادیث لا اصل لھا فلم یعتبر بھا کما یظھر من مطالعۃ تخریج احادیثہ للحافظ العراقی وھذا صاحب الھدایۃ مع کونہ من اجلۃ الحنفیۃ اورد فیھا اخبارا «غریبۃ» وضعیفۃ فلم یعتمد علیھا کما یظھر من مطالعۃ تخریج احادیثھا للزیلعی و ابن حجر۔» (ردع الاخوان ص ۵۸ فی مجموعۃ الرسائل الخمس) «کیا تم احیا ء علوم الدین کے مصنف (امام غزالی ؒ) کو نہیں دیکھتے؟ یہ جلیل القدر ہونے کے باوجود اپنی کتاب میں ایسی روایات لائے ہیں جن کی کوئی اصل نہیں، پس ان پر اعتماد نہیں کیا جائے گا، جیسا کہ حافظ عراقی ؒ کی تخریج احادیث کے مطالعہ سے ظاہر ہوتا ہے اور یہ صاحب ہدایہ ؒ ہیں، باوجودیکہ احناف کے جلیل القدر علما ء میں ان کا شمار ہے، وہ بھی ہدایہ میں غریب اور ضعیف احادیث لاتے ہیں۔ پس ان پر اعتماد نہیںکیا جائے گا، جیسا کہ علامہ زیلعی ؒ اور حافظ ابن حجرؒ کی تخریج احادیث ہدایہ کے مطالعہ سے ظاہر ہوتا ہے۔» شیخ ابوغدہؒ نے یہ ساری تفصیل نقل کرنے کے بعد لکھا ہے کہ « یہ بحث اس قابل ہے کہ طالب علم اس بحث کے حصول کے لیے ایک ماہ کا سفر کرے، اللہ تعالیٰ امام لکھنویؒ پر رحمت فرمائے کہ انھوںنے اس بحث کا حق ادا کر دیا ہے۔» (حاشیہ الاجوبہ الفاضلہ ص ۳۴) اسی طرح شیخ ابوغدہؒ نے المصنوع کے حواشی میں بھی فقہاء کے اس غیر محتاط رویہ کی پرزور تردید کی ہے۔ چنانچہ ایک بے اصل روایت جو فقہائے حنفیہ و شافعیہ نے ذکر کی ہے اس کی حقیقت حافظ ابن حجر ؒ» علامہ سخاویؒ اور علامہ سیوطیؒ کے الفاظ سے بیان کرنے کے بعد لکھتے ہیں « و لا تغتر بذکر بعض الفقہاء من اجلۃ الحنفیۃ والشافعیۃ لھذہ الجملۃ الاذان جزم والاقامۃ جزم والتکبیر جزم» حدیثاً علامہ تاج الدین السبکی نے «احیاء العلوم» کی ان احادیث کو ایک جگہ جمع کر دیا ہے جو بے اصل ہیں اور ان کی تعداد تقریبا ۹۴۳ ہے۔ ملاحظہ ہو طبقات الشافعیہ (ج۴ ص ۱۴۵»۱۸۱)۔ علامہ الطرطوشی فرماتے ہیں کہ سطح زمین پر جس قدر کتابیں ہیں ان میں سب سے زیادہ موضوع روایات «احیاء العلوم»میں پائی جاتی ہیں۔ (سیر اعلام النبلاء ج ۱۹» ص ۴۹۵ نیز دیکھیے السیر ج ۱۹ ص ۳۳۴»۳۳۹»۳۴۲) نبویاً فی کتب الفقہ» فقد علمت انھا من کلام ابراہیم النخعی ولیست بحدیث نبوی» والمعول علیہ فی ھٰذا الباب قول المحدثین لا الفقہاء علی جلالۃ قدرھم» (حاشیہ المصنوع ص ۵۵) اور بعض جلیل القدر حنفی اور شافعی فقہاء کا کتب فقہ میں« الاذان جزم والاقامۃ جزم والتکبیر جزم»کے جملہ کو حدیث نبوی کے طور پر ذکر کرنا تمھیں دھوکا میں مبتلا نہ کر دے، آپ کو یہ معلوم ہو چکا ہے کہ یہ ابراہیم نخعی کا قول ہے، حدیث نبوی نہیں۔ اس باب میں فقہاء کی جلالت قدر کے باوجود اعتماد ان کے قول پر نہیں بلکہ محدثین کے قول پر ہے۔» اس کے بعد انھوں نے بالآخر مولانا لکھنویؒ کا حوالہ دیا اور کہا ہے کہ انھوں نے اپنی کئی کتابوں میں اس موضوع پر تحقیق کا حق ادا کر دیا ہے، جس کا خلاصہ میں نے «الاجوبۃ الفاضلہ» کے حاشیہ میں نقل کیا ہے، یہ ایسا علم ہے جس کے حصول کے لیے سفر کیا جاتا ہے۔ شائقین حضرات مزید اس سلسلے میں المصنوع کے حواشی صفحہ ۱۵۲» ۱۵۶ ملاحظہ فرمائیں۔ لہٰذا مولاناوحید الزمان نے« تنقید الہدایہ» لکھ دی ہے یا مولانا محمد یوسف جے پوری نے «حقیقۃ الفقہ» میں فقہاء کی اس کمزوری کی نشاندہی کر دی تو وہ گردن زدنی کیوں ہیں؟ علامہ عبدالقادر قرشی ؒ حنفی (۷۷۵ھ) نے بھی «اوھام الہدایۃ» کے نام سے ایک مستقل رسالہ لکھا ہے اور ہدایہ کی شرح «العنایۃ» میں بھی جا بجا ان اوہام کی نشاندہی کی گئی ہے۔ چنانچہ علامہ علی قاری ؒ کے حوالہ سے مولیٰنا لکھنویؒ لکھتے ہیں «وقد وقع فی کتاب الھدایۃ اوھام کثیرۃ قد نقلھا العلامۃ الفھامۃ الشیخ عبدالقادر القرشی الحنفی فی کتابہ المسمّیالعنایۃ فی تخریج احادیث الھدایۃ» «ہدایہ میں بہت سے اوہام پائے جاتے ہیں جنھیں علامہ شیخ عبدالقادر قرشی حنفی نے اپنی کتاب « العنایۃ فی تخریج احادیث الھدایۃ» میں بیان کیا ہے۔» اورخود عبدالقادر القرشی نے «ہدایہ» اور «الخلاصہ» کے چند اوہام ذکرکرنے کے بعد کہا ہے کہ «وقد وقع فی کتاب الھدایۃ والخلاصۃ اوھام کثیرۃ غیر ما ذکرتہ قد بینت ذٰلک فی کتابی«العنایۃ بمعرفۃ احادیث الھدایۃ» و کتابی «الطرق والوسائل الی معرفۃ احادیث خلاصۃ الدلائل» و فی کتابی تہذیب الاسماء» (الکتاب الجامع مع الجواھر المضیۃ ص ۴۴۰ ج ۲) «ہدایہ» اور «الخلاصہ» میں ان کے علاوہ بھی بہت سے اوہام پائے جاتے ہیں» جن کو میں نے اپنی کتاب «العنایۃ بمعرفۃ احادیث الھدایۃ»اور «الطرق والوسائل الی معرفۃ احادیث خلاصۃ الدلائل» اور «تہذیب الاسماء» میں بیان کیا ہے۔» مولاناعبدالحی لکھنویؒ نے بھی مذیلۃ الدرایۃ لمقدمۃ الھدایۃ کے آخر میں «ھدایۃ فی المسامحات الواقعۃ فی النصف الاول من الھدایۃ»کے عنوان سے «ہدایہ» کے نصف اول کے اوہام جمع کیے ہیں۔ ملاحظہ ہو» (مذیلۃ الدرایہ ص ۱۳) مولیٰنا احمد تھانیسری ؒ ہندوستان میں نویں صدی ہجری کے نامور علماء و فضلاء میںشمار ہوتے تھے۔ تیمور لنگ نے جب دہلی پر حملہ کیا اور قتل و غارت گری کے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا تو مولیٰنا احمدؒ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ رہائی پانے کے بعد جب ایک بار تیمور لنگ کے دربار میں تشریف لے گئے تو وہاں صاحب ہدایہ کے پوتے بھی موجود تھے جو حکومت تیمور میںشیخ الاسلام کے منصب پر فائز تھے، تیمور نے اپنے شیخ الاسلام کو صف میں اولیت دینا چاہی تو مولانا احمدؒ کو یہ بات ناگوار گزری، گفتگو شروع ہوئی تو شیخ الاسلام نے دوران گفتگو کسی فقہی مسئلہ میںٹھوکر کھائی، مولیٰنا احمد ؒ نے اس پر فوراً ٹوک دیا، امیر تیمور ان کی اس جرات مندانہ معرفت اور اسلوب کلام پر نہایت متعجب ہوا اور بولا« یہ صاحب ہدایہ کے پوتے ہیں» اس کا مطلب یہ تھا کہ ان سے مسائل فقہیہ میںغلطی نہیں ہو سکتی، مولانا احمدؒ نے ایک قدم آگے بڑھ کر فرمایاصاحبِ ہدایہ نے جو ان کے دادا تھے ہدایہ کے کئی مقامات پر غلطی کی ہے، اگر ایک جگہ پر انھوں نے بھی ارتکاب خطا کر لیا تو کیا مضائقہ ہے۔» شیخ الاسلام نے سوال کیاوہ کون سے مقامات ہیں جہاں صاحب ہدایہ نے غلطی کی ہے۔ آپ کو اس کا ثبوت دینا چاہیے، مولیٰنا احمدؒ نے اپنے بیٹوں اور شاگردوں کو اشارہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں تقریر کریں اور ان مقامات کی وضاحت کریں جہاںصاحب ہدایہ نے ارتکاب خطا کیا ہے» لیکن امیر تیمور نے صاحب ہدایہ کے احترام اور شیخ الاسلام کی ناموس کا لحاظ کرتے ہوئے اس گفتگو کو کسی دوسرے موقع پر ملتوی کر دیا۔» (فقہاء ہند ج ۲ ص۵۰، اخبار الاخیارص ۱۴۵) اسی طرح گیارہویں صدی کے نامور عالم شیخ عبدالحق دہلویؒ ۱۰۵۲ھ بھی لکھتے ہیں کہ «مصنف ہدایہ نے اکثر و بیشتر اپنے دعویٰ کی دلیل عقلی دلائل پر رکھی ہے۔ « واگر حدیثے آوردہ نزد محدثین خالی از ضعفی نہ» غالباً اشتغال آں استاد درعلم حدیث کمتر بودہ است۔۔ الخ۔» اور اگر وہ حدیث لاتے ہیں تو وہ محدثین کے نزدیک ضعف سے خالی نہیں ہوتی، غالباً ان کا علم حدیث سے شغل بہت کم رہا ہے۔»(شرح سفر السعادت ص ۲۳)

مکمل

ماہنامہ بینات اور احادیث ہدایہ

1اور پھر لطف کی بات یہ ہے کہ« بینات» میں ان دنوں ہدایہ کی احادیث میں جو موقف اختیار کیا گیا ہے خود ادارہ «بینات» اس سے کس حد تک متفق ہے، اس کا اندازہ آپ «بینات» کے مدیر مکرم مولانا محمد یوسف صاحب لدھیانویؒ اس بیان سے کر سکتے ہیں جو انھوں نے «مکانوں کے کرایہ» کے بارے میں رفیع اللہ شہاب صاحب کے جواب میں رقم فرمایا، شہاب صاحب نے ہدایہ کی ایک حدیث سے استدلال کیا تھا جس کے جواب میں مولانا موصوف لکھتے ہیں «موصوف نے ہدایہ کے حوالہ سے جو حدیث نقل کی ہے اس کا وجود حدیث کی کسی کتاب میں نہیں اور ہدایہ کوئی حدیث کی کتاب نہیں کہ کسی حدیث کے لیے صرف اس کا حوالہ کافی سمجھا جائے، اہل علم جانتے ہیں کہ ہدایہ میں بہت سی روایات بالمعنی ہیں اور بعض ایسی بھی ہیں جن کا حدیث کی کتابوں میں کوئی وجود نہیں۔» (بینات ص ۲۸۔۲۹ ج ۴۰ شمارہ نمبر۲ صفر ۱۴۰۲ ھ» دسمبر۱۹۸۱ء) ع ہوا ہے مدعی کا فیصلہ اچھا میرے حق میں یہی بات تو مولیٰنا جے پوری نے کہی ہے کہ ہدایہ کی احادیث ایسی بھی ہیں جن کا وجود نہیں اور محدثین نے انھیں بے اصل اور موضوع قرار دیا ہے۔ لہٰذا آج بینات کے مضمون نگار اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکار کیوں کرتے ہیں؟ اس ضروری تفصیل سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ ہر دور میںہدایہ اور اس کے مصنف علامہ مرغینانی ؒکے بارے میں خود حنفی اکابرین کی کیا رائے رہی ہے، کیا ان تصریحات کے ہوتے ہوئے صرف اس بنیاد پر کہ اصحاب التراجم نے انھیں محدث اور حافظ لکھا ہے، ان کی بیان کردہ احادیث کو قابل استناد سمجھا جا سکتا ہے؟

مکمل

صاحب ہدایہ اور چند بے اصل روایات

ان اکابرین کی آراء کو بھی جانے دیجیے۔ ہدایہ کو آج بھی اٹھا کر دیکھ لیجیے» آپ اس کی حرف بحرف تصدیق پائیں گے، بلکہ موضوع اور بے اصل روایات پر ان کا عمل بھی معروف زمانہ ہے۔ چنانچہ صاحب ہدایہ کے تلمیذ رشید برہان الاسلام الزرنوجیؒ لکھتے ہیں « وکان استاذنا شیخ الاسلام برھان الدین یوقف السبق و بدایتہ علی الاربعاء و کان یروی فی ذٰلک حدیثاً یقول قال رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم ما من شیئء بدٔ یوم الاربعاء إلا تم و ھکذا کان یفعل ابوحنیفۃ۔» (الفوائد البہیہ ص ۱۴۲» تعلیم المتعلم للزرنوجی ص ۴۳) « ہمارے استاذ شیخ الاسلام برہان الدین سبق موقوف رکھتے اور اس کاآغاز بدھ کے روز کرتے اور اس کے بارے میں ایک حدیث بھی بیان کرتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم نے فرمایا ہے جس کام کا بھی آغاز بدھ کو کیا جائے وہ مکمل ہوگا اور اسی طرح امام ابوحنیفہ ؒ بھی کرتے تھے۔» 8علامہ لکھنویؒ بھی لکھتے ہیں « و کان صاحب الھدایۃ یوقف السبق علی یوم الاربعاء لھذا الحدیث» (الفوائد البہیہ ص ۲۴) « کہ اس حدیث کی بناء پر صاحب ہدایہ بدھ تک سبق موقوف رکھتے تھے۔» 2شیخ الزرنوجی ؒ لکھتے ہیں امام ابوحنیفہ ؒ کے علاوہ شیخ ابویوسف الہمدانی کا بھی یہی عمل تھا۔» اب اٹھائیےکتب احادیث اور اس حدیث کو تلاش کیجیے۔« جس پر» صاحب ہدایہ عمل کرتے رہے ہیں۔ مولیٰنا لکھنوی ؒ نے «الفوائد البہیہ» اور اس کے حواشی میں یوم الاربعاً کا اصل تو تلاش کر لیا مگر بدھ کے روز کسی کام کے آغاز کی ترغیب کے بارے میں صاحب ہدایہ کی جس روایت پر عمل تھا اس کے بارے میں علامہ سخاوی ؒ کے اس فیصلہ کے معترف ہیں « لم اقف لہ علی اصل» کہ میں اس کے اصل سے واقف نہیں۔» (الفوائد ص ۱۴۲) دوسری جگہ لکھتے ہیں « قد تکلم فیہ المحدثون حتی قال بعضھم انہ موضوع» (الفوائد البیھہ ص ۲۴) «محدثین نے اس میں کلام کیا ہے» یہاں تک کہ بعض نے اس کو موضوع کہا ہے۔» گویا اس کے ضعف پر تو اتفاق ہے اور بعض نے اسے موضوع قرار دیا ہے۔ علامہ سخاوی کا کلام «المقاصد الحسنۃ» (ص ۳۶۲) میں دیکھا جا سکتا ہے۔ علامہ علی قاریؒ حنفی نے بھی ان کی ہی تائید کی ہے۔ ملاحظہ ہو» المصنوع ص ۱۲۵» موضوعات کبیر ص ۱۰۳» نیز دیکھیے کشف الخفاء ص ۲۳۷ ج ۲، تنزیہ الشریعہ ص ۵۶ ج ۲۔ یہ سب حضرات اس کے موضوع اور بے اصل ہونے پرمتفق ہیں۔ دوسری مثال صاحب ہدایہاپنے مسلک کی ترجمانی کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ «نماز میں امام وہ ہونا چاہیے جو سب سے زیادہ عالم ہو» اگر علم میں سب برابر ہوں تو امام وہ ہو جسے قرآن مجید زیادہ یاد ہو۔ اگر اس میں بھی سب برابر ہوں تو جو ان سے زیادہ متقی و پرہیز گار ہو وہ نماز پڑھائے۔» 6اس کی دلیل بیان فرماتے ہیں « لقولہ علیہ السلام من صلی خلف عالم تقی فکانما صلی خلف نبی» (ھدایۃ باب الامامۃ ص ۱۲۲) «رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم کے فرمان کی بنا ء پر کہ جس نے متقی عالم کے پیچھے نماز پڑھی اس نے گویا نبی کے پیچھے نماز پڑھی۔» صاحب ہدایہ سے قبل علامہ سرخسیؒ نے بھی المبسوط(ص ۴۲ج ۱) میں اس مسئلہ پر یہی حدیث درج کی ہے۔ اب اٹھیے اور ذخیرہ احادیث سے اسے ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کیجیے، اس حدیث کے بارے میں دیوبند کے ترجمان «دارالعلوم» میں مولانا محمد برہان الدین سنبھلی لکھتے ہیں «اس حدیث کو اگرچہ صاحب ہدایہ نے نقل کیا ہے مگر یہ بے اصل اور غیر ثابت ہے۔ چنانچہ شراح ہدایہ نے اس کو واضح کر دیا ہے اور مولانا عبدالحیؒ نے بھی مقدمہ عمدۃ الرعایہ اور حاشیہ ہدایہ میں اس کی تصریح فرما دی ہے۔ ملا علی قاریؒ بھی فرماتے ہیں لا اصل لہ (دارالعلوم ص ۳۶ /اکتوبر۱۹۶۰ء)۔ علامہ زیلعیؒ نے اپنی مخصوص اصطلاح کے مطابق نصب الرایہ (ص ۲۶ ج ۲) میں اسے غریب کہا ہے۔ حافظ ابن حجرؒ لکھتے ہیں 8«لم اجدہ» (الدرایۃ ص ۱۶۸) حافظ سخاویؒ لکھتے ہیں « لم اقف علیہ بھذا اللفظ» (المقاصد ص ۳۰۴) « میںاس لفظ کے ساتھ اس پر مطلع نہیں ہوا۔» علامہ علی قاری ؒ کے الفاظ میں «لا اصل لہ»(الموضوعات الکبیر ص۱۲۱» المصنوع ص ۱۵۲) نیز دیکھیے کشف الخفاء ص۱۲۲ ج ۲۔ 2علامہ البانی ؒلکھتے ہیں «لا اصل لہ» (سلسلۃ الضعیفۃ والموضوعۃ ص۴۴» ج ۲) اس حدیث کے تحت علامہ ابن ہمامؒ لکھتے ہیں « اللہ سبحانہ و تعالیٰ اعلم بھٰذا الحدیث» (فتح القدیر ص ۲۴۶ ج ۱) «کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہی اس حدیث کو جانتا ہے» ہدایہ کے ایک دوسرے شارح علامہ عینی ؒ بھی لکھتے ہیں « ھذا الحدیث غریب لیس فی کتب الحدیث» علامہ زیلعیؒ کی مخصوص اصطلاح ہے کہ جو روایت انھیں نظر نہیں آئی» اسے غریب کہتے ہیں۔ علامہ ابن الملقن نے بھی بعد میں یہی طریقہ اختیار کیا ہے۔ (منیۃ الالمعی ص ۹) «یہ حدیث غریب ہے، کتب حدیث میں نہیں۔»(البنایہ ص ۳۳۱ ج ۲) گویا یہ یا تو «مسند السرخسیؒ میں ہے یا «مسندمرغینانی» میں یا پھر اللہ تعالیٰ ہی کو معلوم ہے کہ یہ کہاں ہے؟ علامہ محمد طاہر پتنی فرماتے ہیں« لم اقف علیہ بھذا اللفظ» ان الفاظ سے اس روایت کا مجھے علم نہیں۔(مجمع البحار ج ۳ ص ۵۱۱) مولانا عبدالحی لکھنویؒ حاشیہ ہدایہ میںلکھتے ہیں « اما لفظ الحدیث المذکور فی الکتٰب فلم یوجد بل قال بعض المحدثین انہ موضوع» «کتاب میں حدیث مذکور کے الفاظ کہیں نہیں پائے جاتے» بلکہ بعض محدثین نے اسے موضوع کہا ہے۔» بعض نہیں جناببلکہ تمام متاخرین محدثین اور حدیث سے شغل رکھنے والے حضرات نے اسے موضوع اور بے اصل قرار دیا ہے۔ البتہ مولانا لکھنویؒ نے یہ کہہ کر صاحب ہدایہ کا بوجھ ہلکا کرنے کی کوشش کی ہے کہ « و عندی انہ ماخوذ من حدیث، علماء امتی کانبیاء بنی اسرائیل۔۔۔ الخ» «میرے نزدیک یہ روایت حدیث علماء امتی کانبیاء بنی اسرائیل سے ماخوذ ہے۔» لیکن یہ حدیث بھی کیسی ہے؟ خود علامہ لکھنوی ؒنے صراحت کر دی ہے کہ «علامہ سخاویؒ نے کہا ہے« انہ حدیث لم یوجد» کہ یہ حدیث کہیں نہیں پائی جاتی۔» 5علامہ علی قاری ؒلکھتے ہیں « قال الدمیری والعسقلانی لا اصل لہ و کذا قال الزرکشی و سکت عنہ السیوطی۔»(الموضوعات الکبیر ص ۸۲) «علامہ دمیری اور حافظ ابن حجر عسقلانی ؒنے کہا ہے کہ اس کی کوئی اصل نہیں۔ اسی طرح علامہ زرکشی ؒ نے کہا ہے اور علامہ سیوطی ؒ نے اس پر سکوت کیا ہے۔» المصنوع (ص ۹۲) میں بھی علامہ علی قاریؒ نے اس کو ذکر کیا ہے» مگر علامہ سیوطیؒ کے سکوت کا ذکر نہیں کیا اور اس کے ذکر کا فائدہ بھی کیا جب کہ وہ حاطب اللیل ہیں اور حافظ عسقلانی ؒ وغیرہ کی تصریحات نے اس کی حقیقت کو طشت از بام کر دیا ہے۔ علامہ سخاوی نے المقاصد الحسنہ (ص ۲۸۶)، علامہ شوکانی ؒنے الفوائد المجموعہ (ص ۲۸۶) میں اسے ذکر کیا ہے۔ اور حافط ابن حجر ؒ وغیرہ کا کلام نقل کیا ہے۔ بلکہ خود علامہ سیوطی ؒ نے الدرر المنتثرہ» میں اسے لا اصل لہ کہا ہے۔ 3علامہ البانی ؒلکھتے ہیں «لا اصل لہ باتفاق العلماء» (سلسلۃ الضعیفہ رقم۴۶۶) بعض اکابرعلماء مثلاًمام رازی ؒ علامہ ابن قدامہ ؒ وغیرہ نے اس حدیث کا ذکر کیا ہے» لیکن اساطین حدیث کا انکاار اس بات کی دلیل ہے کہ اس کی کوئی قابل اعتبار سند نہیں، ان شاء اللہ کسی اور فرصت میں اس پر ہم تفصیلاً لکھیں گے۔ وبیدہ التوفیق۔۔ الغرض صاحب ہدایہ نے یہاں جس روایت سے استدلال کیا ہے» صحیح یا حسن تو کجا ائمہ فن نے اسے موضوع اور بے اصل قرار دیا ہے۔ ۳۔ ہدایہ کی ایک اور موضوع حدیث اسی طرح صاحب ہدایہ نے ایک حدیث یوں نقل کی ہے « من ترک الاربع قبل الظھر لم تنلہ شفاعتی» (ہدایہ ص ۱۵۳» باب ادراک الفریضہ) «جو ظہر سے پہلے چار رکعتیں چھوڑ دیتا ہے» اسے میری شفاعت حاصل نہیں ہوگی» مگر یہ حدیث کی کسی کتاب میں نہیں، علامہ زیلعی ؒ فرماتے ہیں کہ یہ بہت ہی غریب ہے۔ اسی کے بارے میں حافظ ابن حجر نے کہا ہے 6میں نے اسے کہیں نہیں پایا۔ 1 علامہ عینی ؒ لکھتے ہیں « لیس لہ اصل» اس کی کوئی اصل نہیں (البنایۃ ج ۲ ص ۵۷۷) علامہ سیوطی ؒ نے بھی حافظ ابن حجرؒ کے حوالہ سے لکھا ہے کہ انھوں نے اس حدیث کے بارے میں سوال کے جواب میں فرمایا« «لا اصل لہ»(ذیل اللآلٔ ص ۲۰۴) علامہ سیوطیؒ کا اسے اللآلٔ کی ذیل میں ذکرکرنا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ بھی اسے بے اصل اور موضوع قرار دیتے ہیں۔ مزید برآں یہ بے اصل اور موضوع حدیث تو صحیح حدیث کے بھی خلاف ہے۔ چنانچہ صحیح بخاری وغیرہ میں ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم سے دس رکعتیں محفوظ کی ہیں۔ « رکعتین قبل الظھر۔۔۔ الخ» « دو رکعتیں ظہر سے پہلے۔۔۔ الخ» بلاشبہ آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم سے ظہر سے پہلے چار رکعتیں پڑھنا بھی صحیح بخاری شریف ہی سے ثابت ہے مگر ائمہ حدیث نے کہا ہے کہ دونوں حدیثیں مختلف احوال پر محمول ہیں، عموماً آپ چاررکعتیں پڑھتے» اور کبھی مسجد میں دورکعتوں پر ہی اکتفاء فرماتے، لہٰذا دونوں میں کوئی تعارض نہیں۔ امام شافعیؒ تواسی روایت کی بنا پر ظہر سے پہلے دو رکعت کی سنیت کے قائل ہیں (مرعاۃ ص ۱۴۲ ج ۲) لیکن ہدایہ کی حدیث نے تو اس طرح حد بندی کر دی کہ ظہر سے پہلے چار رکعتیں نہ پڑھنے والا قیامت کے روز شفاعت سے محروم رہے گا اور دو رکعتوں پر اکتفا کرنے والا اس وعید کا مصداق ہے۔ (معاذاللہ) حالانکہ امام بخاری ؒ نے حضرت ابن عباس ؓ کی اسی حدیث پر« الرکعتان قبل الظہرباب قائم کرکے اس کے جواز کی طرف اشارہ کیا ہے۔ امام ابن جریرؒ فرماتے ہیں « آنحضورا عموماً چاررکعتیں پڑھتے اور کبھی دو پر بھی اکتفاء کرتے» علامہ کاشمیری نے ان کی اس رائے سے اتفاق کیا ہے اور فرمایا«قول ابن جریر ھو الصواب فانہ لا یمکن انکاراحدھما» کہ ابن جریر کا قول ہی درست ہے۔ دونوں کا انکار ممکن نہیں۔ (العرف الشذی ص ۱۸۸) نیزدیکھیے فیض الباری (ص۴۲۷» ج ۲) علامہ بنوری مرحوم ؒ بھی لکھتے ہیں « والحق ما قال ابن جریر الطبری من ثبوت کلتا الصورتین و ان الاربع اکثر» (معارف السنن ص۱۰۴ ج ۴) «حق وہی ہے جو ابن جریر طبری ؒنے کہا کہ دونوں صورتیں ثابت ہیں اور اکثر عمل چار پر تھا۔» اب کیا ہدایہ کی «اس حدیث» کی بناء پر دو رکعتیں پڑھنے والے کو اس وعید کا مصداق ٹھہرایا جا سکتا ہے؟ اور کیا یہ اس حدیث کی معارض نہیں؟ یقینا معارض ہے۔ پھر یہ ہے کیسی؟ جس کی نہ کوئی سند» نہ ثبوت۔ ۴۔ ایک اور موضوع حدیث ہدایہ کے باب الامامۃ میں مصنف نے ایک حدیث یوں بیان کی ہے « اخروھن من حیث اخرھن اللہ» (ہدایہ ص۱۲۳ج۱) اور دو صفحہ بعد اسی حدیث کے بارے میں انھوں نے کہا «کہ یہ مشہوراحادیث میں سے ہے۔» اب اس کی ذمہ داری تو علماء احناف پر ہے کہ اصطلاح حدیث کے مطابق اس کی شہرت ثابت کریں اور اگر یہ شہرت زبان زد عام کے معنی میںہے تو کیا ہر ایسی حدیث قابل اعتماد ہوتی ہے؟ بلا ریب یہ حدیث علامہ السرخسی نے المبسوط (ج ۱ ص ۱۸۰) میں اور دوسرے فقہاء نے بھی ذکرکی ہے۔ حالانکہ یہ قطعاً حدیث نہیں بلکہ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کا قول ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملا علی ؒقاری حنفی نے اسے موضوعات میں ذکر کیا ہے۔ چنانچہ حدیث کو نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں « ففی الھدایۃ حدیث مشھور قال ابن الھمام لا یثبت رفعہ فضل اللہ عن شھرتہ والصحیح انہ موقوف علی ابن مسعود» (الموضوعات الکبیر ص ۲۷) 0«ہدایہ میں ہے کہ یہ مشہور حدیث ہے۔ ابن ہمامؒ نے کہا ہے کہ اس کا مرفوع ہونا ثابت نہیں چہ جائیکہ یہ مشہور ہو۔ صحیح یہ ہے کہ یہ ابن مسعودؓ کا قول ہے۔» علامہ ابن ہمام کا قول فتح القدیر صفحہ۲۵۵ جلد۱ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ علامہ عینی بھی لکھتے ہیں کہ یہ مرفوع نہیں، موقوف ہے (البنایۃ ج ۲ ص ۳۴۲)۔ علامہ انور شاہ کاشمیری ؒ بھی فرماتے ہیں« انہ لیس بمشہور لیس بمرفوع ایضاً بل اثر» (العرف الشذی ص ۳۲۵)کہ صاحب ہدایہ نے اسے مشہور حدیث کہہ دیا» یہ مشہور نہیں بلکہ یہ مرفوع بھی نہیں» یہ تو اثر ہے۔ اگر صاحب ہدایہ نے اسے مشہور کہہ دیا ہے تو کیا ہوا» اس سے بڑھ کر تعجب کی بات یہ ہے کہ بعض نے تو اس کا انتساب بخاری اور مسلم کی طرف بھی کیا ہے۔ علامہ زیلعی فرماتے ہیں «ایک جاہل نے اس کا انتساب امام بیہقی کی دلائل النبوۃ کی طرف بھی کیا ہے» مگر اس میں نہ یہ مرفوعاً مروی ہے نہ موقوفاً» ملاحظہ ہو نصب الرایہ ص ۳۶ جلد ۲» المقاصد الحسنہ ص ۲۸» کشف الخفاء ص ۶۹ جلد ۱» فتح القدیر ص ۲۵۵ جلد ۱، غنیۃ المستلی ص ۵۲۳۔ علامہ البانی ؒ بھی لکھتے ہیں خلاصہ کلا م یہ ہے کہ صاحب ہدایہ نے جو اس کو مرفوع بلکہ مشہور قرار دیا ہے یہ ان کا قطعاً وہم ہے، یہ حدیث نہیں، مرفوعاً اس کی کوئی سند نہیں» بلکہ علامہ علی قاریؒ نے اسے موضوعات میںشمار کیا ہے، علامہ زیلعی ؒ اس کے بارے میں فرماتے ہیں 0حافظ ابن حجرؒ لکھتے ہیں «کہ میں نے اسے مرفوعاً کہیں نہیں پایا۔» اسی روایت پر حافظ قاسم ؒبن قطلوبغا نے استدراک کرتے ہوئے لکھا ہے « ذکرہ رزین العبدری من حدیث حذیفۃ و عبسۃ نقلہ ابن الاثیر فی جامع الاصول فی المواعظ والرقائق» (منیۃ الالمعی ص ۲۶، غنیۃ لاالمستلی ص ۵۲۳) کہ اسے رزین عبدری ؒ نے حضرت حذیفہ ؒ اور عبسہ سے ذکر کیا ہے۔ جیسا کہ ابن اثیر نے جامع الاصول کے باب المواعظ والرقائق میں ذکر کیا ہے۔ بلکہ علامہ ابن اثیر ؒ کے بعد صاحب مشکوۃ نے (ص ۴۴۴) اور علامہ المناوی ؒ نے کنوز الحقائق (ص ۱۱ ج ۱) میں بھی رزین کے حوالہ سے نقل کیا ہے۔ بلاشبہ جامع الاصول (ص ۱۶ ج ۱۱) میں حذیفہ بن الیمان رضی اللہعنہ سے یہ روایت منقول ہے، عبسہ سے نہیں، یہ بات تو بجائے خود غور طلب ہے کہ «عبسہ» صحابی کون ہے؟ غالباً صحیح عنبسہؓ ہے مگر جامع الاصول میں بہرحال ان کے واسطہ سے اس روایت کا ذکر نہیں، لیکن علامہ سخاویؒ نے رزین کی طرف اس کے انتساب کو بھی وہم قرار دیا ہے، چنانچہ ان کے الفاظ ہیں « قال الزرکشی عزوہ للصحیحین غلط و کذا من عزاہ لدلائل النبوۃ للبیھقی مرفوعاً و لمسند رزین و لکنہ فی مصنف عبدالرزاق۔۔ الخ (المقاصدص ۲۸) «زرکشی نے کہا ہے کہ اس کا صحیحین کی طرف انتساب غلط ہے۔ اسی طرح جس نے اسے دلائل النبوۃ بیہقی اور مسند رزین کی طرف منسوب کیا ہے (وہ غلطی پر ہے) بلکہ یہ مصنف عبدالرزاق میں موقوفاً ہے۔» یہی بات علامہ عجلونی ؒ نے کشف الخفاء (ج۱ ص ۶۹) میں نقل کی ہے، اگر اس کا انتساب «رزین» کی طرف درست تسلیم کر لیا جائے تو بھی اس سے زیر بحث روایت کی صحت ثابت نہیں ہوسکتی، چہ جائیکہ کہ اسے مشہور قرار دیا جائے، ممکن ہے کہ فقہاء کے ہاں یہ مشہورہو جیسے صوفیاء کرام کے نزدیک بہت سی بے اصل روایات مشہور ہیں، مگر اصول حدیث کے اعتبار سے یہ قطعاً مشہور نہیں۔ اہل علم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ امام ابن اثیر ؒ کا« جامع الاصول» میں ماخذ امام رزین ؒ بن معاویہ السرقسطی الاندلسی المتوفی ۵۳۵ھ کی «التجرید للصحاح الستۃ» ہے جس میں انھوں نے «صحاح» کے علاوہ مزید روایات بھی ذکر کی ہیں اور یہ بھی انھی زوائد میں سے ہے جسے علامہ ابن اثیر ؒنے ذکر کر دیا ہے، انہی زوائد کے بارے میں علامہ ذہبیؒ فرماتے ہیں « ادخل فی کتابہ زیادات واھیۃ لو تنزہ عنھا لاجاد» «کہ انھوں نے اپنی کتاب میں واہی زیادات داخل کردی ہیں، اگر وہ اسے ان سے پاک رکھتے تو اچھا ہوتا۔» (سیر اعلام النبلاء ص ۲۰۵ ج ۲۰)۔ لہٰذا محض رزین ؒکی طرف اس کے انتساب سے نہ اس روایت کی کوئی اصل ثابت ہو سکتی ہے اور نہ ہی «شہرت» جس کا دعویٰ صاحبِ ہدایہ نے کیا ہے۔ مزید برآں یہ بات بھی غور طلب ہے کہ «مسند رزین» میں اس کے وجود کا «انکشاف» حافظ قاسم بن قطلوبغاؒ نے کیا، اس کا ذکر تو علامہ زیلعی ؒ نے بھی علامہ السروجیؒ کے حوالہ سے نصب الرایہ (ص ۳۶ ج ۲)میں کیا، مگر اس کے باوجود کیا انھوں نے اس پر اعتماد کیا؟ قطعاً نہیں، وہ تواس کے باوصف «غریب مرفوعاً» فرماتے ہیں۔ اس لیے مسند رزین سے اس کا وجود یا اس کا قابل اعتبار ہونا ثابت نہیں ہوسکتا۔ امام رزین ؒ جیسا کہ عرض کیاچھٹی صدی کے اندلسی محدث ہیں۔ ان کی «مسند» کا درجہ استناد کیسا ہے یہ بات بجائے خود بحث طلب ہے۔ «الوضوء علی الوضوء نور علی نور» کے الفاظ سے بھی ایک روایت فقہاء و صوفیا کرام کے ہاں معروف ہے، یہ روایت بھی امام رزین نے مسند میںذکر کی، حافظ ابن حجرؒ نے اسے ضعیف قرار دیا جیسا کہ المقاصد الحسنہ ص ۴۵۱ میں علامہ سخاوی ؒنے ذکر کیا ہے بلکہ علامہ العراقی ؒ نے احیاء العلوم کی تخریج المغنی (ص۱۴۰ ج ۱) باب فضیلۃ الوضوء میں فرمایا لم اجد لہ اصلاً علامہ محمدؒ طاہر فتنی نے بھی مجمع البحار (ص ۵۱۱ ج ۳) میں فرمایا کہ « لم یوجد» یہ حدیث کہیں نہیں پائی جاتی۔ علامہ عبدالحیؒ لکھنوی فرماتے ہیں «اشتھر عند الفقہاء وذکروہ فی کتبھم ولا اعتبار لہ عند المحدثین۔» (طفر الامانی ص ۲۵۲) «کہ یہ فقہاء کے ہاں مشہور ہے انھوں نے اسے اپنی کتابوں میں ذکر کیا ہے۔ مگر محدثین کے نزدیک اسی کا کوئی اعتبار نہیں۔» 6اس روایت کے بارے میں مزید ملاحظہ ہو۔ الاسرار المرفوعۃ فی الاحادیث الموضوعۃ ص ۳۶۱» کشف الخفا ص ۴۴۷ ج ۲، اللؤلؤالمرصوع ص ۲۱۶» فتح الباری ص ۲۳۴ ج ۱ وغیرہ۔ غور فرمائیے کیا «مسند رزین» میں ہونے سے یہ قابل اعتبار ہو گئی؟ قطعاً نہیں، تو پھر زیر بحث روایت کا وجود مسند رزین کے حوالے سے معتبر کیسے بن گیا، جب کہ علامہ علیؒ قاری جیسے حنفی بزرگ نے تواسے موضوعات میںذکر کیا ہے؟

مکمل

5موضوع حدیث کی پانچویں مثال

رکوع کو جاتے ہوئے اور رکوع سے اٹھتے ہوئے رفع الیدین کے بارے میں محدثین سے مقلدین احناف اور بعض مالکیہ کا اختلاف مشہور ہے۔ اس سلسلے میں صاحب ہدایہ نے فریقین کے دلائل پر جو محاکمہ کیا ہے اس کے الفاظ ہیں « والذی یروی من الرفع محمول علی الابتداء کذا نقل عن ابن الزبیر رضی اللہعنہ۔» (ہدایہ ص ۱۱۰»۱۱۱) «کہ رفع الیدین کے بارے میں جو مروی ہے وہ ابتدا پر محمول ہے» جیسا کہ ابن الزبیر سے منقول ہے» حضرت ابن زبیر سے کیا مروی ہے؟ ہدایہ کے شارح علامہ محمدؒ بن محمود المتوفی ۷۸۶ھ لکھتے ہیں « انہ رای رجلا یصلی فی المسجد الحرام یرفع یدیہ فی الصلاۃ عند الرکوع وعند رفع الراس منہ فلما فرغ من صلاتہ قال لہ لا تفعل فان ھذا شیء فعلہ رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم ثم ترکہ۔» (العنایۃ حاشیہ برفتح القدیر ص ۲۱۸ ج ۱) انھوں نے ایک آدمی کو دیکھا کہ مسجد حرام میں نماز پڑھ رہا ہے اور رکوع کو جاتے ہوئے اور رکوع سے اٹھتے ہوئے رفع الیدین کرتا ہے۔ جب وہ نماز سے فارغ ہوا تو اسے فرمایایہ عمل رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم نے کیا پھر اسے چھوڑ دیا۔» علامہ عینی المتوفی ۸۵۰ ھ نے شرح بخاری میں بھی کہا ہے « والذی یحتج بہ الخصم من الرفع محمول علی انہ کان فی ابتداء الاسلام ثم نسخ والدلیل علیہ ان عبداللہ بن الزبیر رای رجلا۔۔۔ الخ» (عمدۃ القاری ص ۲۷۳ ج ۵) «اور جس سے فریق مخالف رفع الیدین پر استدلال کرتا ہے وہ اسلام کے ابتدائی زمانہ میں تھا۔ پھر وہ منسوخ ہو گیا اور اس پر دلیل یہ ہے کہ عبداللہ بن زبیر ؓ نے ایک آدمی کو دیکھا۔۔۔۔ الخ۔» یہی کچھ علامہ عبدالحی لکھنوی ؒ نے حاشیہ ہدایہ میں لکھا کہ « فان عبداللہ بن الزبیر راٰی رجلاً۔۔۔۔۔ الخ۔» «نصب الرایہ»» کے حاشیہ میں مولانا عبدالعزیز مرحوم لکھتے ہیں جب مطلقاً ابن الزبیر کہا جائے تو مراد عبداللہ بن زبیر ہوتے ہیں اور ان کی حدیث کہیں نہیںملتی۔ شاید صاحب ہدایہ کا مقصد عباد بن الزبیر ہیں، حالانکہ علامہ عینی ؒ وغیرہ کی تصریح اس کے برعکس ہے، پھر عباد بن زبیر کی روایت مرفوع مرسل ہے، مگر زیر نظر روایت سے جو نسخ کا دعویٰ کیا گیا ہے اس کا سیاق ہی اس سے مختلف ہے۔ عبادؒ کی روایت کے لیے دیکھیے (نصب الرایہ ص ۴۰۴ ج ۱)۔ چلیے بالفرض مراد عباد بن زبیر ہیں تو بھی اسے «ابن الزبیر»کہنا بہرحال غلط ہے۔ کیوں کہ جب مطلقاً ابن زبیرؓ کہا جائے تو مراد عبداللہ بن زبیر ؓہوتے ہیں۔ لیکن یہی ایک مقام نہیں جہاں بقول مولانا عبدالعزیز مرحوم، عباد بن زبیر کو عبداللہ بن زبیر سمجھ لیا گیا ہے بلکہ کتاب الحج، باب الاحرام کے تحت، «مشعر الحرام» میں دعا کا ذکر کرتے ہوئے صاحب ہدایہ نے لکھا ہے « روی فی حدیث ابن عباس،، (الھدایہ ص ۲۴۸ ج ۱) کہ اس بارے میں ابن عباسؓ سے حدیث مروی ہے۔،، علامہ عبدالقادر قرشی لکھتے ہیں کہ «فقہاء اور محدثین کی اصطلاح یہ ہے کہ جب مطلقاً ابن عباسؓ کہا جائے تو اس سے مراد حضرت عبداللہ بن عباس ہوتے ہیں مگر یہاں وہ مراد نہیں، بلکہ کنانہ بن عباس بن مرداس السلمی مراد ہیں۔ فھذا الاطلاق لیس بجید لہٰذا یہاں مطلقاً ابن عباسؓ کہنا درست نہیں۔ پھر اس میں عبداللہ بن کنانہ اور اس کا باپ کنانہ دونوں کو امام بخاری ؓ اور ابن حبان ؓ نے ضعیف کہا ہے۔ اس لیے یہ حدیث ان کی بنا پرضعیف ہے۔» (کتاب الجامع ص ۴۳۸ ج ۲) غور فرمائیے یہاں بھی بقول عبدالقادر قرشی ؒ ابن عباسؓ سے کنانہ بن عباس مراد لینا صاحب ہدایہ کا وہم اور فقہاء و محدثین کی اصطلاح کے خلاف ہے۔ مگربات یہیں ختم نہیں ہو جاتی جب کہ بعضنے کہا ہے کہ یہ وہم نہیں بلکہ صاحب ہدایہ کی مراد ہی کنانہ بن عباسؒ ہیں۔ علامہ زیلعیؒ ان کی تردید میں لکھتے ہیں۔ « واعتذر ھذا الجاھل بان المصنف انما اراد بابن عباس کنانۃ بن عباسبن مرداس ھذاخطا من وجھین احدھما ان ابن عباس اذا اطلق فلا یراد بہ الا عبداللہ بن عباس فلو اراد کنانۃ لقیدہ، الثانی ان المصنف لیس من عادتہ ان یذکر التابعی دون الصحابی عند ذکر الحدیث و لا یلیق بہ ذٰلک۔ (نصب الرایۃ ص ۷۲ ج ۳) شیخ عبدالحق دہلوی نے « العنایہ» ہی کے حوالہ سے حدیث(مدراج النبوۃ ص ۴۱۹ ج ا، در شرح سفر السعادۃ ص ۶۶) میں بھی نقل کی ہے۔ شیخ عبداللطیف سندھی نے ذب ذبابات الدراسات ص ۶۱۴ ج ۱ میں اسے نقل کیا ہے۔ اور یہی روایت ماضی قریب میں چھپنے والی ایک کتاب «شرعی فیصلے» میں بھی درج کی گئی، یہ کتاب مختلف فتاویٰ کا مجموعہ ہے، ان فتاویٰ میں سے ایک فتویٰ کا نام «نظام اسلام» ہے، اس کے مختلف سوالات میں سے ایک سوال رفع الیدین کے بارے میںہے، اس کے جواب میں صفحہ۲۸۹،۲۹۰، ۴۰۱ میں یہ روایت درج ہے، اور خیر سے اس فتویٰ «نظام اسلام» کی تصدیق و تائید میں ۸۵ علمائے احناف کے دستخط بھی ہیں۔ شیخ الہند مولانا محمود الحسن نے ایضاح الادلہ (ص۱۷) میں بھی اس کی طرف اشارہ کیا ہے اور اسے نسخ رفع الیدین کی دلیل قرار دیا ہے۔ اس جاہل نے یہ عذر پیش کیا ہے کہ مصنف کی ابن عباسؓ سے مراد کنانہ بن عباس ہے، یہ دو اعتبار سے غلط ہے۔ اولاً اس لیے کہ جب مطلقاً ابن عباس ؓ کہا ا جائے تواس سے مراد صرف عبداللہ بن عباس ہوتے ہیں، اگر کنانہ مراد لیتے تو اسے واضح طور پر بیان کرتے۔ ثانیاًصاحب ہدایہ کی یہ عادت ہی نہیں کہ حدیث بیان کرتے ہوئے صحابی کے بغیر تابعی کا ذکر کرتے ہوں، لہٰذا یہ ان کے اسلوب کے بھی خلاف ہے۔» یہی بات علامہ عینیؒ نے کہی ہے کہ «جنھوں نے یہاں یہ عذر پیش کیا ہے کہ ابن عباسؓ سے مراد کنانہ ؒ بن عباس ہیں تو یہ بالکل غلط ہے۔» علامہ لکھنویؒ انہی کے حوالہ سے حاشیہ ہدایہ میں لکھتے ہیں «واعتذر بعضھم بان مرادہ کنانۃ ابن عباس وھو خطا۔۔ الخ» 0اور یہی کچھ علامہ لکھنوی ؒ نے « مزیلۃ الدرایۃ» (ص ۱۳)اور حافظ ابن حجرؒ نے «الدرایہ» (ص ۲۰ ج ۲) میں کہا ہے۔ لہٰذا جس طرح «ابن عباسؓ» مراد لینا غلط ہے اور صاحب ہدایہ کے اسلوب اور فقہاء و محدثین کے طریقہ کے مخالف ہے اسی طرح «ابن الزبیر» سے مراد «عباد بن زبیر» تابعی مراد لینا بھی مولیٰنا عبدالعزیز مرحوم وغیرہ کا وہم اور غلط سہارا ہے جو صاحب ہدایہ کے اسلوب کے منافی اور فقہاء و محدثین کے اصول کے مخالف ہے۔ حالانکہ علامہ زیلعیؒ نے اپنی اصطلاح کے مطابق اسے «غریب» کہا ہے۔ 4(نصب الرایہ ص۳۹۲ ج ۱) اورحافظ ابن حجرؒ لکھتے ہیں « لم اجدہ»(الدرایہ ص ۱۴۹ ج ۱) اسی قسم کا ایک اثر ابن عباس ؓ سے بھی نقل کیا جاتا ہے۔ ان دونوں کے بارے میں حافظ ابن جوزی «التحقیق» میں لکھتے ہیں « حدیث ابن عباس و ابن الزبیر لا یعرفان اصلاً و المحفوظ عنہما الرفع» (التحقیق ص ۳۳۴ ج ۱) «کہ حدیث ابن عباس اور ابن زبیر قطعاً معروف نہیں بلکہ ان دونوں سے اس کے خلاف رفع یدین کرنا ثابت ہے۔» علامہ زیلعیؒ نے بھی ابن جوزی کے حوالہ سے یہی کچھ نقل کیا ہے۔ ان کے الفاظ ہیں لا یعرفان اصلاً و انما المحفوظ عن ابن عباس و ابن الزبیر خلاف ذٰلک۔» (نصب الرایۃ ص ۳۹۲ ج ۱، الدرایہ) بلا شبہ عبداللہ بن عباس ؓاور عبداللہ بن زبیرؓ سے صحیح سند کے ساتھ رفع یدین کرنا ثابت ہے۔ تفصیل کے ملاحظہ فرمائیں جزء رفع الیدین مع جلاء العینین (ص ۷۹۔۱۲۹) مسائل امام احمد (ص ۲۴۴ ج ۱) بروایت ابنہ عبداللہ، امام ترمذی ؒ نے بھی ان کا مذہب رفع الیدین کرنا ہی بیان کیا ہے۔ ملاحظہ ہو، جامع ترمذی مع التحفہ (ص ۲۱۹ ج ۱) نیز شرح السنہ للبغویؒ (ص ۲۳ ج ۳)۔ اس حقیقت کے برعکس ایک بے اصل روایت ان کی طرف منسوب کرنا اور اس پر دعویٰ کی بنیاد کھڑی کرنا عجیب تر نہیں تو اور کیا ہے؟ صاحب ہدایہ اور ہدایہ کے شارح پر اس قدر افسوس نہیں کہ ان کا تساہل معروف ہے۔ لیکن علامہ عینی ؒ پر تعجب ہے کہ یوں تو بخاری شریف کی شرح لکھتے ہیں، پھر اس کی حدیث کی تردید میں ایک بے اصل اور موضوع روایت سے استدلال کرتے ہیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ یہی نہیں بلکہ علامہ ابن جوزی ؒ کی تردید میں یہاں تک کہہ گئے ہیں کہ «اگر انھیں روایت نہیں ملی تو اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ ہمارے اصحاب کو بھی روایت نہیں ملی۔ ہمارے اصحاب ثقہ ہیں اور وہ ایسی روایت سے استدلال نہیں کرتے جو ان کے نزدیک ثابت نہ ہو» یہی کچھ انھوں نے النبایہ (ص ۲۵۸ ج ۲) میں کہا ہے۔ مگر«ہمارے اصحاب» کے استدلال کی پوزیشن آپ دیکھ رہے ہیں بجز حسن ظن کے اس کی اور کوئی حیثیت نہیں۔ علامہ لکھنویؒ نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ جب کتب احادیث میں اس کاوجود ہی نہیں تو صرف حسن ظن کی بنا ء پر اس کااعتبار کیوں کر کیا جا سکتا ہے۔ ان کے الفاظ ہیں «فانہ ما لم یوجد سند اثر ابن عباس و ابن الزبیر فی کتاب من کتب الحدیث المعتبرۃ کیف یعتبر بہ بمجرد حسن الظن بالناقلین مع ثبوت خلافہ عنہما بالاسانید العدیدۃ۔» «یعنی جب حضرت ابن عباسؓ اور ابن زبیرؓ کے اثر کی سند معتبر کتب احادیث میں سے کسی کتاب میں نہیں پائی جاتی تو ناقلین پر صرف حسن ظن کی وجہ سے اس کا اعتبار کیوں کر کیا جا سکتا ہے خصوصاً جب کہ ان سے متعدد اسانید سے اس کے برعکس (رفع الیدین کرنا) منقول ہے۔» (التعلیق الممجد ص ۸۹)۔ علامہ عینیؒ کا اپنے «اصحاب» پر یہ اعتماد اسی مقام پر ہے یا دوسری بے اصل روایات پر بھی؟ قارئیں ابھی پڑھ آئے ہیں کہ ان روایات کے بارے میں تو علامہ عینی کو اپنے اصحاب پر قطعاً اعتماد نہیں، آخرکیوں؟ حضرت شاہ اسماعیل شہیدؒ بھی حضرت ابن الزبیر ؓ کے اسی اثر کے بارے میںلکھتے ہیں « لم یوجد لہ اصل عند المحدثین»(تنویر العینین ص ۱۸) «کہ محدثین کے ہاں اس کی کوئی اصل نہیں» موضوع حدیث کی چھٹی مثال علامہ مرغینانی ؒ نے نماز میں رکوع کو جاتے ہوئے اور رکوع سے اٹھتے ہوئے رفع الیدین نہ کرنے کے بارے میں ایک حدیث ان الفاظ سے نقل کی ہے « لا ترفع الایدی إلا فی سبع مواطن تکبیرۃ الافتتاح و تکبیرۃ القنوت و تکبیرات العیدین۔۔ الخ»(ہدایہ ج ۱ ص ۲۱۸ مع الفتح) اس حدیث کے اصل الفاظ اور اس کی تخریج نصب الرایہ (ج ۱ ص ۳۸۹، ۳۹۰،)، البنایہ للعینی (ج ۲ ص ۲۵۳)، فتح القدیر اور الدرایہ (ص ۱۴۸ ج ۱) وغیرہ میں دیکھی جا سکتی ہے، صحت کے اعتبار سے یہ روایت کیسی ہے اس کی تفصیل کی یہاں گنجائش نہیں، نہ ہی یہ ہمارا موضوع ہے، شائقین اس کے لیے «جلاء العینین بتخریج روایات البخاری فی جزء رفع الیدین» ملاحظہ فرمائیں۔ ہمیں یہاں صرف یہ عرض کرنا ہے کہ قنوت وتر اور تکبیرات عیدین کے وقت رفع الیدین کا ذکر کسی مرفوع حدیث میںمروی نہیں، اس لیے علامہ زیلعی ؒ نے اس کے بارے میں فرمایا غریب بھذا اللفظ کہ اس لفظ سے یہ حدیث غریب ہے۔ (نصب الرایہ ص ۳۹۰ ج ۱) قنوت وتر میں رفع الیدین کرنے کے لیے علامہ مرغینانی ؒ نے آئندہ اسی روایت سے استدلال کیا اور فرمایا « رفع یدیہ وقنت لقولہ علیہ السلام لا ترفع الایدی الا فی سبع مواطن وذکر منھا القنوت»(ہدایۃ مع فتح القدیر ص ۳۰۹ ج ۱) علامہ زیلعی ؒ نے اس مقام پر بھی فرمایا کہ صفۃ الصلاۃ میں یہ روایت گزر چکی ہے۔ اس میں قنوت وتر کا ذکر نہیں۔ (نصب الرایہ ص ۱۲۶ ج ۲) علامہ عینی ؒ نے بھی اس روایت کی تخریج کے بعد فرمایا « فانظر إلی باقی روایاتھم ھل تجد فیھا ذکر رفع الیدین عند القنوت و إنما یوجد ھذا عند اصحابنا فی کتبھم منھم المصنف» (البنایہ ص ۲۵۴ ج ۲) ان روایات کو دیکھو کیا تم ان میں قنوت کے وقت رفع الیدین کا ذکر پاتے ہو؟ اس کا ذکر ہمارے اصحاب احناف کی کتابوں میں ہے، ان میں مصنف ہدایہ ہیں۔» علامہ عبدالحی لکھنویؒ نے بھی علامہ عینیؒ کی تائید کی اور اپنے مجموعہ فتاویٰ (ص ۱۱۲ ج ۱) اور اقامۃ الحجۃ علی ان الاکثار فی التعبد لیس ببدعۃ (ص ۱۱) میں علامہ عینیؒ کے یہ الفاظ نقل کیے بلکہ صاف صاف فرمایا کہ قنوت وتر میں تکبیر کہنا اور رفع الیدین کرنا آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم سے ثابت نہیں، جس کی تفصیل ہمارے رسالہ «مسلک احناف اور مولانا عبدالحی لکھنوی (ص۱۱۱، ۱۱۲) میں دیکھی جا سکتی ہے۔ علامہ مرغینانی ؒ اور ان سے قبل علامہ السرخسی نے المبسوط (ص ۳۹ ج ۲) میں بھی تکبیرات عیدین کے وقت رفع الیدین کے لیے اسی حدیث سے استدلال کیا، مگر علامہ ابن ہمامؒ نے وہاں بھی صراحت کر دی کہ « تقدم الحدیث فی باب صفۃ الصلاۃ و لیس فیہ تکبیرات الاعیاد واللہ تعالٰی اعلم» (فتح القدیر ص ۴۲۷ ج ۱)۔ «کہ باب صفۃ الصلاۃ میں پہلے یہ حدیث گزر چکی اور کہ اس میں عیدین کی تکبیرات کا ذکر نہیں۔ اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتے ہیں۔» اس سے قبل یہی بات علامہ زیلعی ؒ نے نصب الرایہ (ص ۲۲۰ ج ۲) میں کہی ہے۔ خلاصہ کلام یہ کہ علامہ مرغینانی ؒنے جن الفاظ سے یہ مرفوع حدیث نقل کی، حدیث کی کسی کتاب میں ان کا ذکر نہیں، اس کے ابتدائی الفاظ تو ضعیف روایت میں ہیں مگر ان کے ساتھ قنوت اور تکبیرات عیدین میں رفع الیدین کا اضافہ بہر حال بے بنیاد، بے اصل اور من گھڑت ہے۔ انتہائی تعجب کی بات ہے کہ «فتویٰ نظام الاسلام» کے حنفی مرتب نے اس کاانتساب طحاوی اور طبرانی کی طرف کیا، جس کی تائید و تصدیق میں ۸۵ علمائے احناف کے دستخط ہیں اور بعد میں «شرعی فیصلے» میں طبع ہوا۔ اس شرعی فیصلے کے صفحہ ۲۸۹ میں یہ روایت دیکھی جا سکتی ہے۔ علامہ مرغینانی وغیرہ نے تو اس کا انتساب کسی کی طرف نہ کیا مگر اب تو اس کا انتساب بھی ظاہر کر دیا ہے۔ لہٰذا علمائے احناف کی ذمہ داری ہے کہ وہ مکمل ان الفاظ کو ان کتابوں سے ثابت کریں۔ دیدہ باید۔ 4موضوع حدیث کی ساتویں مثال ہدایہ کی «کتاب الشرکۃ» میں شراکت کی انواع و اقسام میں ایک قسم «معاوضہ» ہے جس میں مال اور اس کے تصرف میں برابری کی بنیاد پر شراکت پائی جاتی ہے۔ اس کی تائید وحمایت میں علامہ مرغینانی ؒنے ایک حدیث پیش کی جس کے الفاظ ہیں « قولہ صلی اللہعلیہ وسلم فاوضوا فانہ اعظم للبرکۃ» «برابری کی بنیاد پر شراکت کرو اس میں بڑی برکت ہے۔» حالانکہ یہ حدیث کسی حدیث کی کتاب میں مذکور نہیں، علامہ زیلعی ؒ نے اسے «غریب» قرار دیا (نصب الرایہ ص ۴۷۵ ج ۳)اور علامہ ابن الہمامؒ نے فرمایا « ھذا الحدیث لا یعرف فی کتب الحدیث اصلاً واللہ اعلم ولا یثبت بہ حجۃ علی الخصم۔» (فتح القدیر ص ۷ ج ۵) «یہ حدیث کتب حدیث میں بالکل معروف نہیں، اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتے ہیں اور اس سے فریق مخالف پر حجت قائم نہیں ہوسکتی»۔ اور یہی کچھ ہدایہ کے حاشیہ میں بھی مذکور ہے۔ حافظ ابن حجرؒ بھی فرماتے ہیں « لم اجدہ»کہ میں نے اسے کہیں نہیں پایا۔(الدرایہ ص ۱۴۴ ج ۲)۔ 3موضوع حدیث کی آٹھویں مثال ہدایہ، کتاب الکراہیۃ کی « فصل فی اللبس» میں ہے کہ امام ابوحنیفہ ؒ ریشم کے تکیہ کا استعمال اور اس پر سر رکھ کے سونے میں کوئی حرج نہیں سمجھتے جب کہ ان کے دونوں شاگردان رشید اس کو مکروہ سمجھتے ہیں۔ علامہ مرغینانی ؒ نے امام ابوحنیفہ ؒ کی تائید میں یہ حدیث ذکر کی ہے « انہ علیہ السلام جلس علی مرفقۃ حریر» 3(ہدایہ آخرین ص ۴۴۰ ج ۲) «کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ریشم کے تکیہ پر بیٹھے» علامہ زیلعی ؒ نے فرمایا ہے کہ « غریب جدا»کہ بہت ہی غریب روایت ہے۔ نصب الرایہ (ص ۲۲۷ ج ۴) علامہ عینی ؒ لکھتے ہیں « ھذا لم یثبت عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم اصلاً ولا ذکرہ احد من ارباب النقل لا بسند صحیح ولا بسند ضعیف» «کہ یہ نبی صلی اللہعلیہ وسلم سے بالکل ثابت نہیں اور احادیث نقل کرنے والوں میں سے کسی نے بھی اسے نہ صحیح سند سے نقل کیا ہے نہ ضعیف سند سے۔» (البنایۃص ۱۰۰ ج ۱۲) 8 بلکہ یہ تو پھرصحیح بخاری میں حضرت حذیفہ ؓ کی حدیث کے بھی مخالف ہے کہ نھی عن لبس الحریر والدیباج و ان نجلس علیہ» آپ ﷺ نے ریشم کے پہننے اور ہمیں اس پر بیٹھنے سے منع فرمایا اور اسی حدیث کی بنا پر مجبوراً علامہ زیلعی ؒ کو کہنا پڑا کہ « یشکل علی المذہب حدیث حذیفۃ» ہمارے مذہب پر حضرت حذیفہ کی حدیث مشکل اور بھاری ہے۔ علامہ عینی ؒ بھی رقم طراز ہیں« ھذا صریح فی تحریم الجلوس علیہ فاذا کان الجلوس علیہ حرام فالتوسد مثلہ» کہ یہ حدیث ریشم پر بیٹھنے کی حرمت میں صریح ہے۔ جب اس پر بیٹھنا حرام ہے تو ریشم کا تکیہ بھی اس کی طرح حرام ہے۔ موضوع حدیث کی نویں مثال علامہ مرغینانی ؒ نے کتاب الصلاۃ کی «فصل فی القراءۃ» میں ایک حدیث ان الفاظ سے ذکر کی ہے « قال النبی صلی اللہ علیہ وسلم صلاۃ النھار عجماء» کہ نبی ﷺ نے فرمایا دن کی نماز میں اونچی آواز سے قراءت نہیں ہوتی، حالانکہ یہ روایت بھی باطل اور بے اصل ہے۔ علامہ زیلعی ؒ نے فرمایاکہ یہ غریب ہے اور علامہ النووی نے الخلاصہ میں کہا ہے کہ یہ باطل ہے۔ اور اس کی کوئی اصل نہیں۔ ان کے الفاظ ہیں « قال النووی فی الخلاصۃ حدیث صلاۃ النھار عجماء باطل لا اصل لہ» (نصب الرایۃ ص ۲ ج ۲) یہ الفاظ دراصل امام مجاہد اور ابوعبیدہ بن مسعود کے ہیں، کسی صحابی کا بھی یہ قول نہیں۔ حافظ ابن حجرؒ نے بھی کہا ہے مرفوعاً یہ الفاظ «لم اجدہ» میں نے نہیں پائے(الدرایہ ص ۱۶۰ ج ۱) علامہ علی قاری ؒ بھی لکھتے ہیں « قال الدارقطنی والنووی باطل لا اصلہ لہ»(المصنوع ص ۸۹) کہ امام دارقطنی ؒاور نووی ؒ نے فرمایا ہے کہ یہ باطل ہیں، ان کی کوئی اصل نہیں۔ اسی طرح انھوں نے اسے الموضوعات الکبیر ص ۷۸ میں بھی ذکر کیا ہے۔ نیز ملاحظہ ہو المقاصد الحسنہ ص ۲۶۵، البنایۃ ص ۲۹۴ ج ۲، فتح القدیر ص ۲۲۹ ج ۱، الفوائد المجموعہ للشوکانی ص۲۸، التذکرہ للزرکشی ص۶۶ تذکرۃ الموضوعات للفتنی ص ۳۸ اللؤلؤ المرصوع فیما لا اصل لہ او باصلہ موضوع ص۱۱۰، کشف الخفاء (ص ۳۶ ج ۲)، تمییز الطیب رقم۷۸۶ وغیرہ۔

مکمل

5موضوع حدیث کی پانچویں مثال (جاری)

بلاشبہ علامہ مناوی نے تبیین الحقائق میں ابن مخلد کے حوالہ سے اسے ذکر کیا مگر اس سے اس کے باطل اور موضوع ہونے کی نفی نہیں ہوتی۔ علامہ علی قاری نے الاسرار میں فرمایا ہے کہ « و ان کان باطلا لکنہ صحیح المعنی» یہ روایت گو باطل ہے مگر یہ معنی و مفہوم کے اعتبار سے صحیح ہے، بجا فرمایا کہ معنوی اعتبار سے دن کی نماز میں سوائے جمعہ و عیدین کے اونچی آواز سے قراءت نہیں، مگر کیا جو بات معناً صحیح ہو اسے خوب صورت الفاظ کا جامہ پہنا کر نبی ﷺ کی طرف منسوب کرنا درست ہے؟ علامہ المزیؒ فرماتے ہیں « و ان کان الکلام الذی فیھا حسناً ومواعظھا مواعظ بلیغۃ، فلیس لاحد ان ینسب حرفاً یستحسنہ من الکلام الی الرسول صلی اللہعلیہ وسلم، و ان کان ذلک الکلام فی نفسہ حقاً، فان ما قالہ الرسول صلی اللہ علیہ وسلم حق، ولیس کل ما ھو حق قالہ الرسول صلی اللہعلیہ وسلم، فلیتامل ھذا الموضع، فإنہ مزلۃ اقدام و مضلۃ افہام»(ذیل الموضوعات للسیوطی ص ۲۰۲) اگر اچھا کلام ہو اور وعظ بڑا بلیغ ہو، تاہم کسی کے لیے روا نہیں کہ وہ جس کلام کو اچھا سمجھے اس کا ایک حرف بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرے، اگرچہ وہ کلام فی نفسہ حق ہے، کیوں کہ رسول اللہ ﷺ نے جو کچھ فرمایا ہے وہ حق ہے، لیکن ہر حق بات رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم کا فرمان نہیں، یہ بات خوب سمجھ لیجیے، جس کے نہ سمجھنے سے قدم لڑکھڑا جاتے ہیں، عقل و فہم معطل ہو جاتی ہے۔» ہر اچھی اور حق بات کو آپ کی طرف منسوب کرنا وضاعین کا شیوہ تھا، مشہور کذاب اور زندیق محمد بن سعید المصلوب الاردنی کہا کرتا تھا« اذا کان الکلام حسناً لم ابال اجعل لہ اسنادا» جب کلام اچھا ہوتا ہے تو میں اس کے لیے سند بنانے میں کوئی پرواہ نہیں کرتا (التہذیب ص ۱۸۵،۱۸۶ ج ۹)۔ اس لیے علامہ علی قاری کا یہ سہارا بے کار ہے، موضوعات میں اس نوعیت کا کلام انھوں نے کئی مقام پر کیا لیکن اس سے حقیقت نہیں بدلتی۔ اس فکر کے بانی غالباً صوفی شیخ ابوطالب المکی ہیں جنھوں نے قوت القلوب (ص ۱۷۶، ۱۷۷ ج ۱)۔ جو امام غزالی کا احیاء العلوم میں بڑا ماخذ ہے۔ کے باب« تفصیل الاخبار و بیان طریق الارشاد» میں کہا ہے کہ دواوین حدیث پر بلا بحث و نظر اعتماد درست ہے۔ بشرطیکہ وہ قرآن پاک، حدیث صحیح اور اجماع امت کے منافی نہ ہو اور اسی فکر کے لیے بطور دلیل انھوں نے دو احادیث بھی بیان کر دیں۔ (۱) « من بلغہ عن اللہ فضیلۃ او عن رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم وعمل بہ اعطاہ اللہ ثواب ذلک و ان لم یکن ما قیل۔» یعنی جسے اللہ سبحانہ و تعالیٰ یا اس کے رسول صلی اللہعلیہ وسلم کی طرف سے کوئی فضیلت کا عمل پہنچے اور وہ اس پر عمل کرے تو اللہ تعالیٰ اس کو ثواب عطا فرمائے گا۔ اگرچہ حقیقت میں وہ یوں نہ ہو (۲) « من روی عنی حقاً فانا اقولہ و ان لم اکن قلتہ، و من روی باطلاً فانی لا اقول بالباطل۔» جس نے میری طرف سے حق بات بیان کی تو وہ میری ہی بات ہے اگرچہ میں نے نہ کہی ہو، اور جس نے باطل بات بیان کی تو میں کوئی باطل بات نہیں کہتا۔ حالانکہ یہ دونوں روایات موضوع ہیں۔ اول الذکر کو علامہ ابن الجوزی نے الموضوعات ص ۲۵۸ جلد ۱ میں، علامہ سیوطی ؒ نے اللالی المصنوعۃ ص ۲۱۴ جلد ۱ میں، علامہ سخاوی نے المقاصد الحسنہ ص ۳۴۱ میں اورثانی کے بارے میں امام یحییٰ بن معین نے فرمایا یہ زنادقہ کی من گھڑت ہے۔ تنزیہ الشریعہ ص ۲۶۴ ج ۱) غالباً انہی روایات اور شیخ ابوطالب کی اسی ترغیب کا نتیجہ ہے کہ حضرات صوفیاء کرام کی کتابوں میں ایسی روایات کی بھرمار ہے جو قرآن و حدیث کے مخالف نہیں معناً بھی صحیح ہیں، مگر محدثین کرام نے انھیں موضوع اور بے اصل قرار دیا اور وہی روایات تصوف کی جان ہیں جس کی تفصیل کا یہ محل نہیں۔ دسویں مثال احناف کے نزدیک «یمین» یعنی قسم اٹھانے والا اگر مذا ق میں زبردستی کسی کے سخت دباؤ کے نتیجہ میں یا بھول کر بھی قسم اٹھائے تواس قسم کا کفارہ ہے۔ علامہ مرغینانی ؒنے اس کے متعلق حسب ذیل حدیث سے استدلال کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ امام شافعی اس میں ہمارے مخالف ہیں۔ «ثلاث جدھن جد ھزلھن جد النکاح والطلاق والیمین» (ہدایہ کتاب الایمان ص ۴۷۹ ج ۱) «رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم نے فرمایا تین باتوں کی سنجیدگی بھی سنجیدگی اور ٹھٹھا و مذاق بھی سنجیدگی ہے۔ نکاح، طلاق اور یمین یعنی قسم۔» حالانکہ یہ روایت دواوین احادیث میں موجود ہے مگر اس میں «الیمین» کا لفظ قطعاً نہیں، جس کی تفصیل نصب الرایہ (ص ۲۹۳، ج ۳)، التلخیص (ص ۲۰۹ ج ۳) ارواء الغلیل (ص ۲۲۴ ج ۶) البنایۃ (ص ۱۱۷ ج ۶) میں دیکھی جا سکتی ہے۔ حتی کہ جامع المسانید للخوارزمی (ص ۸۲، ج ۲) میں بھی «الیمین» کے بغیر مذکور ہے۔ علامہ شامیؒ نے رد المختار (ص ۷۰۹ ج ۴) میں فرمایا ہے کہ «الیمین» کا لفظ غیر معروف ہے اور معنوی اعتبار سے بھی یہ درست نہیں بلکہ بھول کر قسم اٹھانے والے کے بارے میں اس سے استدلال نہ نصاً درست ہے نہ ہی قیاساً۔ گویا روایۃً تویہ لفظ ساقط الاعتبار تھا ہی قیاساً بھی اس سے استدلال درست نہیں۔ بتلائیےاس اضافہ کا فائدہ کیا ہوا؟ تلک عشرۃ کاملۃ۔ ہم محض مشتے نمونہ از خروارے انہی روایات پر اکتفا کرتے ہیں۔ بتلانا صرف یہ مطلوب ہے کہ «صرف تین» حدیثیں نہیں جیسا کہ مولانا سردار احمد صاحب سمجھ رہے ہیں بلکہ ایسی بہت سی روایات ہیں جنھیں صاحب ہدایہ ؒ نے ذکر کیا ہے مگر ان کی کوئی اصل نہیں۔

مکمل

علامہ کاسانی ؒاور ان کی نقل کردہ روایات

مولانا عبدالرشید صاحب نعمانی ؒنے صاحب ہدایہ کے ساتھ ساتھ علاء الدین ابی بکر بن مسعود ؒ کاسانی اؒلمتوفی ۵۸۷ھ کے بارے میں بھی انہی خیالات کا اعادہ اور ان کی کتاب «بدائع الصنائع» میں مندرجہ روایات کے متعلق بھی اسی حسن ظن کا اظہار کیا ہے۔ حالانکہ علامہ کاسانی ؒ کی بدائع الصنائع میں بھی ایسی بہت سی بے اصل روایات ہیں جن کا کہیں کوئی وجود نہیں۔ مثلاً رفع الیدین کے نسخ پر علامہ کاسانی ؒنے یہ روایت بڑے زوردار الفاظ میں یوں درج کی ہے « و ما رواہ منسوخ فانہ روی انہ صلی اللہعلیہ وسلم کان یرفع ثم ترک صلی اللہعلیہ وسلم بدلیل ماروی ابن مسعود رضی اللہعنہ انہ قال رفع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرفعنا و ترک فترکنا۔»(بدائع الصنائع ص ۵۴۸ ج ۱) «اور جو اس نے روایت کی ہے وہ منسوخ ہے کیوں کہ مروی ہے کہ آنحضرت ﷺ پہلے کرتے تھے، پھر آپ ﷺ نے چھوڑ دی۔ ابن مسعودؓ کی حدیث ہے کہ انھوں نے فرمایا رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم نے رفع یدین کی، ہم بھی کرتے تھے۔ پھر آپ نے چھوڑ دی، ہم نے بھی چھوڑ دی۔» علامہ کاسانی کے علاوہ یہی روایت شاہ عبدالحق ؒ نے مدارج النبوۃ (ص ۴۱۹ ج ۱) شرح سفر السعادۃ (ص۶۶) میں، مولانا شیخ الہند محمود الحسن نے ایضاح الادلہ (ص ۱۷) میں، نیز فقہ کی دیگر معتبر کتب مثلاً الکفایہ، الکافی، النہایہ میں بھی ہے۔ جیسا کہ شرعی فیصلے (ص ۲۸۹، ۴۰۱) میں بھی انہی کتابوں سے یہ روایت ذکر کی گئی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اور روایت بھی ان الفاظ سے پڑھ لیجیے 0« وروی انہ صلی اللہعلیہ وسلم رای بعض اصحابہ یرفعون ایدیھم عند الرکوع و عند رفع الراس من الرکوع فقال مالی اراکم رافعی ایدیکم۔۔۔ الخ» (بدائع ص ۵۴۸ ج ۱) «مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم نے اپنے بعض صحابہؓ کو دیکھا کہ وہ رکوع کے وقت اور رکوع سے اٹھتے وقت رفع یدین کرتے ہیں تو آپ نے فرمایا مجھے کیا ہے کہ میں تمھیں رفع یدین کرتا ہوا دیکھتا ہوں۔۔ الخ۔» تنہا علامہ کاسانی ؒ پر کیا موقوف، یہ روایت تو علامہ السرخسیؒ نے «المبسوط» (ص ۱۴ ج ۱) میں بھی ذکر کی ہے بلکہ «النھایہ» میں اور کچھ اختلاف سے البحرالرائق، تبیین الحقائق اور شرح مختصر الوقایہ میں بھی مذکور ہے جیسا کہ شرعی فیصلے ص ۴۰۰ میں اس کا ذکر ہے۔ 0 حضرت جابر بن سمرہؓ کی روایت صحیح مسلم کے علاوہ عبدالرزاق، حمیدی، احمد، نسائی، ابوعوانہ، جزء رفع الیدین، ابن حبان، وغیرہ موجود ہے۔ مگر اس کا یہ سیاق قطعاً نہیں۔ علامہ زیلعیؒ اور مولانا عبدالعزیز مرحوم نے بڑی کھینچا تانی سے اس سے استدلال کی کوشش کی، جس کا حرف بحرف جواب حضرت الشیخ السید بدیع الدین راشدی ؒ صاحب نے جلاء العینین میںدیا ہے۔ سیدھی سی بات ہے کہ ان حضرات نے طول بیانی میں اپنا وقت تو صرف کیا مگر بدائع الصنائع کے حوالہ سے یہ روایت ذکر کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ آخرکیوں؟ اس کی کوئی اصل ہوتی تواس طول بیانی کی ضرورت ہی نہ تھی۔ اسی پر بس نہیں بلکہ علامہ کاسانی ؒ نے عشرہ مبشرہ کی طرف عدم رفع یدین کی نسبت کرنے میں جس جرات کا مظاہرہ فرمایا ہے اس کا نمونہ بھی دیکھ لیجیے۔ « وروی عن ابن عباس رضی اللہعنہما انہ قال ان العشرۃ الذین شھد لھم رسول اللہصلی اللہعلیہ وسلم بالجنۃ ما کانوا یرفعون ایدیھم الا لافتتاح الصلوۃ» (بدائع ص ۵۴۷،۵۴۸ ج ۱) «حضرت ابن عباس رضی اللہعنہما نے بیان کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم نے جن دس صحابہؓ کو جنت کی بشارت دی ہے، وہ صرف نماز کے ابتداء ہی میں رفع الیدین کرتے تھے۔» عشرہ مبشرہ سے اس ترک کا ذکر شاہ عبدالحق نے مدارج النبوۃ (ص ۴۱۹ ج ۱) اور شرح سفر السعادۃ(ص ۶۶) میں اور الکفایہ، الکافی، النھایہ، العنایہ وغیرہ کتب میں بھی مذکور ہے جیسا کہ اس کا ذکر ذب ذبابات الدراسات (ص ۶۳۳ ج ۱) اور شرعی فیصلے (ص ۲۸۸،۳۸۹،۳۹۹) میں ہے قارئین کرامآپ کو یہ سب روایات کتب احادیث و آثار میں تلاش بسیار کے باوجود بھی نہیں ملیں گی۔ علمائے احناف ضعیف اور مردود اسانید کی بنیاد پر خلفائے راشدین سے تو ترک رفع الیدین کے مدعی ہیں مگر عشرہ مبشرہ سے ترک رفع الیدین کا یہ دعویٰ جو علامہ کاسانی ؒ وغیرہ نے کیا ہے بالکل بے بنیاد اور من گھڑت ہے، بلکہ اس کے برعکس امام حاکم ؒ اور امام بیہقی نے عشرہ مبشرہ سے رفع الیدین کی روایت کا دعویٰ کیا ہے۔ اور اس میں تو کسی کو کلام کی گنجائش نہیں کہ حضرت ابن عباسؓ خود رفع الیدین کرتے تھے جیسا کہ امام بخاری ؒ نے جزء رفع الیدین اور امام احمد نے «مسائل» میں بالاسناد ذکر کیا ہے اور امام ترمذی نے بھی ان کا یہی مسلک بیان کیا ہے۔ (ترمذی مع التحفہ ص ۲۱۹ ج ۱)نیز ملاحظہ فرمائیں نصب الرایہ (ص ۳۹۱ ج ۱)۔ الغرض کہاں تک لکھا جائے۔ «ہدایہ» اور «بدائع الصنائع» کی ایسی متعدد مثالیں زیر نظر ہیں۔ مگر یہ عجالہ نافعہ اس تفصیل کی اجازت نہیں دیتا۔ اس ضروری وضاحت سے مولانا نعمانی ؒوغیرہ کے اس موقف کی کمزوری واضح ہو جاتی ہے کہ صاحب ہدایہ اور علامہ کاسانی ؒ کے استدلال کی بنیاد ناقابل احتجاج روایات پر نہیں۔ خود علمائے احناف کی رائے بھی اس کے خلاف ہے۔ وہ ہدایہ میں اغلاط و اوہام کو تسلیم کرتے ہیں اور اس میں ذکر کردہ روایات پر بدون ثبوت اعتمادصحیح قرار نہیںدیتے۔ اور یہ صرف ہدایہ یا بدائع الصنائع کی بات نہیں بلکہ عموماً فقہاء کی کتابوں کا یہی حال ہے جیسا کہ علامہ لکھنویؒ کے حوالے سے ہم نقل کر آئے ہیں۔

مکمل

صاحب ہدایہ کا نقل روایت میں اسلوب

۱۔ صاحب ہدایہ موضوع اور بے اصل روایات سے بھی استدلال کرتے ہیں۔ ۲۔ علاوہ ازیں کبھی معروف حدیث کے مفہوم کو کمی اور زیادتی کے ساتھ بطور حدیث ذکر کرتے ہیں۔ ۳۔ کبھی مجموعہ احادیث کے مفہوم کو مستقل روایت کے طو رپر بیان کرتے ہیں۔ ۴۔ کبھی معروف حدیث کے متن میں ایسے الفاظ کا اضافہ کرتے ہیں جن کی کوئی اصل نہیں ہوتی اور وہی اضافہ شدہ الفاظ ان کا مطلوب و مقصود ہوتے ہیں۔ ۵۔ کبھی موقوفات صحابہ و تابعین کو مرفوع حدیث بنا کر پیش کر دیتے ہیں۔ ۶۔ کبھی آثار اور موقوف روایات کے الفاظ کو مرفوع روایت میں ملا دیتے ہیں۔ ۷۔ کبھی نقل روایت میں بعض الفاظ کو تبدیل کرتے ہیں اور پھر انہی تبدیل شدہ الفاظ سے استدلال کرتے ہیں۔ ۸۔ کبھی موضوع اور ضعیف روایات کو ذکر کرتے ہیں اور پھر اس کی بنیاد پر صحیح بخاری کی حدیث کو نظر انداز کر جاتے ہیں۔ یہ ایک ایسی حقیقت ہے کہ جس کا کوئی صاحب ذوق انکار نہیں کر سکتا۔ ہمارے فاضل دوست مولانا حافظ ثناء اللہ الزاہدی حفظہ اللہ نے« تحقیق الغایہ بترتیب الرواۃ المترجم لہ فی نصب الرایہ» کے مقدمہ (ص ۲۷، ۳۱) میں صاحب ہدایہ کے اس اسلوب کی باحوالہ وضاحت کی ہے۔ شائقین حضرات سے درخواست ہے کہ وہ اسے ملاحظہ فرمالیں۔ مزید برآں احادیث ذکرکرنے میں صاحب ہدایہ کا یہ اسلوب بھی اس بات کی واضح حقیقت ہے کہ صاحب ہدایہ نقل روایات میں قابل اعتماد نہیں اور انھیں محدثین میںشمار کرنا قطعاً درست نہیں۔ بات اس پر ختم نہیں ہو جاتی، بلکہ احادیث وآثار میں ان کی بے خبری کا یہ عالم ہے کہ« کتاب الاکراہ» میں فرماتے ہیں کہ اگر مسلمان کافر کے ہتھے چڑھ جائے اور وہ اسے ارتداد پر مجبور کرے مگر مسلمان صبر کا مظاہرہ کرے اور راہ حق میں شہید ہو جائے تو یہ اس کے لیے اجر کا باعث ہوگا، کیوں کہ « لان خبیبا صبر علی ذٰلک حتی صلب و سماہ رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم سید الشھداء وقال فی مثلہ ھو رفیقی فی الجنۃ۔» (ہدایہ کتاب الاکراہ ص۳۳۳ ج۲) « حضرت خبیب ؓ نے صبر کیا یہاں تک کہ انھیں سولی دے دی گئی، رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم نے انھیں «سید الشھداء» کہا اور ان کے بارے میں کہا کہ وہ میرا جنت میں رفیق ہے۔» اب اٹھائیےکتب احادیث و تواریخ کیا کسی بھی روایت میں آنحضرت ﷺ نے حضرت خبیبؓ کو« سید الشہداء»اور « ھو رفیقی فی الجنۃ» فرمایا ہے؟ بلکہ علامہ زیلعی تو لکھتے ہیں کہ حضرت خبیبؓ کو ارتداد پر مجبور ہی نہیں کیا گیا۔ ان کے الفاظ ہیں « غریب و قتل خبیب فی صحیح البخاری فی مواضع و لیس فیہ انہ صلب ولا انہ اکراہ و لا ان النبی صلی اللہعلیہ وسلم سماہ سید الشھداء ولا قال فیہ ھو رفیقی فی الجنۃ»(نصب الرایۃ ص ۱۵۹ ج ۴) «یہ غریب ہے، حضرت خبیبؓ کے قتل کا واقعہ صحیح بخاری میں کئی مقامات پر ہے لیکن اس میں سولی دینے اور مجبور کرنے کا کوئی ذکر نہیں اور نہ ہی یہ ذکر ہے کہ آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم نے ان کا نام«سید الشہداء» رکھا اور نہ ان کے بارے میں رفیقی فی الجنۃ فرمایا۔» یہ معلوم کہ واقدی کی «المغازی» میںلکڑی پر باندھنے اور مجبور کرنے کا ذکر موجود ہے مگر اس میں بھی « فطعنوہ برماحھم حتی قتلوہ» کے الفاظ ہیں کہ انھوں نے نیزے مار کر انھیں قتل کر دیا، سولی پر موت کے نہیں، مگر انھیں«سید الشہداء» اور « رفیقی فی الجنۃ» کہنے کا ذکر کہاں ہے؟ جب کہ حدیث کا ایک معمولی طالب علم بھی جانتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم نے «سید الشہداء» حضرت حمزہ ؓ کو فرمایا ہے اور «رفیقی فی الجنۃ،، حضرت عثمان ؓ کو۔ اسی طرح علامہ مرغینانی ؒ نے فرمایا ہے « ولیس فی الکسوف خطبۃ لانہ لم ینقل» (ہدایہ ص ۱۷۶ ج ۱) کہ صلاۃ کسوف میں خطبہ نہیں کیوں کہ یہ منقول نہیں، حالانکہ ان کا یہ فرمان قطعاً صحیح نہیں، صحیح بخاری و مسلم اور سنن و مسانید میں مروی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کسوف پڑھائی اور خطبہ بھی ارشاد فرمایا۔ علامہ زیلعی ؒ فرماتے ہیں « ھذا غلط ففی الصحیحین من حدیث اسمائ۔۔ الخ» (نصب الرایہ ص ۲۳۶ ج ۲) «صاحب ہدایہ کی یہ بات غلط ہے۔ صحیحین میں حضرت اسماء ؓ کی حدیث میں خطبہ کا ذکر موجود ہے» اس کے بعد انھوں نے اس بارے میں حضرت اسمائ، عائشہ، ابن عباسؓ، جابرؓ، سمرہ بن جندب کی احادیث نقل کی ہیں، اندازہ کیجیے، جو بات متعدد صحابہؓ کرام سے صحیحین اور سنن و مسانید میںمروی ہے، علامہ مرغینانی ؒ اس سے بے خبر اور فرماتے ہیں کہ وہ منقول نہیں، حیرت ہے کہ اتنے «بڑے محدث» سے یہ روایات کیسے مخفی رہ گئیں۔ اہل الرائے تاویل کے بادشاہ ہیں۔ خطبہ کی جو تاویل کی گئی وہ سب معلوم۔ مسلک و موقف کے خلاف روایت کی تاویل کا حق ہم ان سے قطعاً نہیں چھینتے مگر وہ یہ تو نہ فرمائیں کہ خطبہ منقول نہیں۔ خطبہ کی انہی روایات کے بارے میں کہا گیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم نے خطبہ کا قصد نہیں کیا تھا مگر علامہ زیلعی نے اس کی بھی تردید فرمائی کہ « واستضعفہ الشیخ تقی الدین فقال ان الخطبۃ لا ینحصر مقاصدھا فی شیء معین سیماً و قد ورد انہ صعد المنبر وبدا بما ھو المقصود من الخطبۃ فحمداللہ واثنی علیہ و وعظ وذکر و قد یتفق دخول بعض ھذہ الامور فی مقاصدھا مثل ذکر الجنۃ والنار وکونھما من آیات اللہ بل ھو کذلک جزما» (نصب الرایہ ص ۲۳۷،۲۳۸ ج ۲) شیخ تقی الدین نے اس تاویل کو کمزور کہا ہے اور فرمایا ہے کہ خطبہ کے مقاصد کسی معین شیء میں منحصر نہیں جب کہ یہ ثابت ہے کہ آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم منبر پر تشریف لے گئے اور اس سے کلام کا آغاز فرمایا جو خطبہ میں مقصود ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کی، وعظ و نصیحت فرمائی اور یہ بعض امور مقاصد خطبہ میں بالاتفاق شامل ہیں۔ جیسے جنت و دوزخ کا ذکر اور چاند سورج کا جزماً اللہ تعالیٰ کی نشانیاں قرار دینا۔ علامہ زیلعی کی اس وضاحت سے معلوم ہوا کہ خطبہ جن امور پر مشتمل ہوتا ہے ان میں بعض یہاں بھی پائے جاتے ہیں۔ اس لیے خطبہ کا انکار بہر نوع غلط ہے۔ علامہ عینی ؒ نے بھی البنایۃ (ص ۱۴۷، ۱۴۹ ج ۳) میں صاحب ہدایہ کی تردید کی، اور ان کے دفاع میں تاویل کی راہ اختیار کرنے والوں کا ہر اعتبار سے جواب دیا، جو قابل مراجعت ہے۔ پوری تفصیل تطویل کا باعث ہوگی۔ اسی طرح میت کو لحد میں اتارتے وقت لحد میں رکھنے والے کو چاہیے کہ بسم اللہ وعلی ملۃ رسول اللہ کہے۔ علامہ مرغینانی ؒاس کے ثبوت میں فرماتے ہیں « کذا قال رسول اللہ صلی اللہعلیہ وسلم حین وضع ابادجانۃ الانصاری فی القبر» (ہدایہ ص ۱۸۲ ج ۱) « کہ نبی اکرم صلی اللہعلیہ وسلم نے اسی طرح حضرت ابودجانہ ؓ انصاری کو قبر میں رکھتے ہوئے فرمایا تھا» حالانکہ تاریخ ورجال کا معمولی طالب علم بھی جانتا ہے کہ ابودجانہ، نبی اکرم صلی اللہعلیہ وسلم کے بعد عہد صدیقی میں جنگ یمامہ میںشہید ہوئے تھے، جو مسیلمہ کذاب کے خلاف لڑی گئی تھی۔ اس لیے علامہ مرغینانی ؒکا یہ محض وہم ہے کہ آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم کے عہد مبارک میں حضرت ابودجانہؓکا انتقال ہوا اور انھیں لحد میں اتارتے وقت آپ نے یہ دعا پڑھی۔ بلکہ علامہ مرغینانی ؒ سے پہلے علامہ السرخسی بھی اسی وہم میںمبتلاہیں، جیسا کہ علامہ زیلعی ؒ نے نقل کیا ہے « ھکذا وقع فی الھدایۃ والمبسوط وھو وھم فان ابا دجانۃ الانصاری توفی بعد النبی صلی اللہعلیہ وسلم فی وقعۃ الیمامۃ» (نصب الرایہ ص ۳۰۰ ج ۲)۔ 0ہدایہ اور اور المبسوط میں اسی طرح ہے اور وہ وہم ہے حضرت ابودجانہ ؓ انصاری تو آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم کے بعد جنگ یمامہ میںشہید ہوئے تھے، اسی طر ح علامہ السرخسی ؒ نے بڑے وثوق سے فرمایا «صح ان النبی صلی اللہ علیہ وسلم اخذ ابا دجانۃ الانصاری من قبل القبلۃ» کہ نبی صلی اللہعلیہ وسلم سے صحیح طور سے ثابت ہے کہ آپ نے حضرت ابودجانہ ؓ کو قبلہ کی جانب سے اٹھایا اور لحد میں رکھا، مگر علامہ عبدالقادر قرشی نے الکتاب الجامع (ص۴۴۰ ج ۲) میں فرمایا کہ یہ غلط ہے، وہ تو خلافت صدیقی میں جنگ یمامہ میں شہید ہوئے تھے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں حضرت ابودجانہ کے انتقال کا تذکرہ بہر نوع علط ہے، علامہ السرخسی ؒ اور ان کے بعد علامہ مرغینانی وغیرہ کا بھی یہ وہم ہے۔ تعجب ہے کہ علامہ عینی ؒنے شرح ہدایہ (ج ۳ ص ۲۵۰) میں اس کو وہم فاحش قرار دیا مگر خود ہی منحۃ السلوک شرح تحفۃ الملوک میں ماتن کے الفاظ «ویدخل المیت فیہ من جھۃ القبلۃ» کی شرح میںعلامہ مرغینانی ؒ کی گویا اتباع میں لکھ دیا« لانہ علیہ الصلاۃ والسلام اخذ ابا دجانۃ من قبل القبلۃ»علامہ لکھنویؒ نے اسے خطا فاحش قرار دیا اور فرمایا کہ تعجب ہے، صاحب ہدایہ کی جو غلطی نکالی تھی خود اس میں مبتلا ہو گئے۔ (رفع الستر عن کیفیۃ ادخال المیت و توجیھہ الی القبر ص ۱۶۲ درمجموعۃ الرسائل الست، مقدمہ ہدایہ صفحہ۱۳) اسی طرح علامہ مرغینانی ؒفرماتے ہیں « و یکرہ ان یتنفل بعد طلوع الفجر باکثر من رکعتی الفجر لانہ علیہ السلام لم یزد علیھما مع حرصہ علی الصلاۃ» کہ طلوع فجر کے بعد دو سنتوں کے علاوہ کوئی زائد نفلی نماز پڑھنا مکروہ ہے کیوں کہ نبی اکرم صلی اللہعلیہ وسلم نے باوجود نماز پر حریص ہونے کے اس سے زیادہ نماز نہیں پڑھی۔ علامہ مرغینانی ؒکی اسی عبارت کے متعلق عصر حاضر کے نامور دیوبندی وکیل مولانا سرفراز صفدر «بالآخر» لکھتے ہیں «اس موقع پر نفلی نماز کے ترک پر صاحب ہدایہ کی رائے میں کوئی صریح نص موجود نہیں۔» (راہ سنت ص ۹۶، ایڈیشن نمبر ۲۰/اکتوبر ۱۹۹۴ء) بات بالکل واضح ہے کہ علامہ مرغینانی ؒ کے ہاں طلوع فجر کے بعد سنتوں سے زائد نوافل نہ پڑھنے کی کوئی نص نہیں۔ حالانکہ جامع ترمذی، ابوداؤد، مسند امام احمد، دارقطنی، المبسوط کے مطبوعہ نسخہ میں ہمیں علامہ سرخسی کے محولہ الفاظ نہیں ملے۔ واللہ اعلم۔ ابویعلٰی وغیرہ میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ « لا صلاۃ بعد الصبح الا رکعتین» کہ طلوع صبح کے بعد سوائے دو رکعتوں کے اور کوئی نماز نہیں، یہی روایت حضرت عبداللہ بن عمرو اور حضرت ابوہریرہ ؓ سے بھی مروی ہے، محدث ڈیانوی نے اعلام اھل العصر باحکام رکعتی الفجر (ص ۸۳ تا ص ۱۰۱) میں اس پر تفصیلاً بحث کی ہے، علامہ البانی نے اسے صحیح کہا ہے(ارواء الغلیل ص ۲۳۲ ج ۲)۔ مولانا بنوری مرحوم نے بھی اس کی صحت کو تسلیم کیا ہے۔ (معارف السنن ص ۶۵۔۶۷ ج ۴)۔ علامہ شوکانی ؒ بھی اسے قابل احتجاج قرار دیتے ہیں۔ (نیل ص ۹۰ ج ۳) نیز دیکھیے نصب الرایہ (ص ۲۵۵، ۲۵۶ ج ۱)، العرف الشذی (ص۱۸۹)۔ اندازہ کیجیےطلوع فجر کے بعد دوسنتوں سے زائد نوافل پڑھنے کی صریح ممانعت متداول کتب احادیث میں موجود مگر اس کے باوجود علامہ مرغینانی ؒفرماتے ہیں کہ ممانعت پر کوئی نص نہیں، نہ پڑھنے کی دلیل آپ کا عمل ہے کہ آپ نے دوسنتوں سے زائد کچھ نہیں پڑھا۔ سبحان اللہ اسی طرح کافر قتل کر دیا جائے تواس کی دیت کے متعلق لکھتے ہیں «امام شافعی ؒ فرماتے ہیں کہ کافر ذمی کی دیت چار ہزار درہم ہے اور ان کی دلیل یہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم نے نصرانی اور یہودی کی دیت چار ہزار درہم مقرر فرمائی۔ مگر « و مارواہ الشافعی لم یعرف راویہ و لم یذکر فی کتب الحدیث» جسے شافعی ؒ نے بیان کیا ہے اس کا راوی غیر معروف ہے۔ اور کتب حدیث میں بھی اس کا کوئی ذکر نہیں۔ (ہدایہ کتاب الدیات ص ۵۷۰ ج ۲) 8 حالانکہ امام عبدالرزاق نے «المصنف» (ص ۹۲ ج ۱۰) میں یہ روایت اخبرنا ابن جریج اخبرنی عمرو بن شعیب»کی سند سے بیان کی ہے۔ اور امام دارقطنی نے «السنن» (ص ۳۴۹ طبع ہند، ج ۳ ص ۱۴۵) اور امام بیہقی نے السنن(ص ۱۰۱ ج ۸) میں بھی اس کا ذکر کیا ہے۔ بلاشبہ یہ مرسل ہے مگر مراسیل تو احناف کے ہاں حجت ہیں۔ پھر کیا عمرو بن شعیب اور ابن جریج مجہول راوی ہیں اور مصنف عبدالرزاق، سنن دارقطنی اور سنن بیہقی حدیث کی کتابیں نہیں کہ کہہ دیا گیا کہ اس کے راوی غیر معروف اور کتب حدیث میںاس کا ذکر نہیں۔ یہی نہیں بلکہ علامہ مرغینانی ؒایک مقام پر لکھتے ہیں « و اما اھل خیبر فالنبی صلی اللہعلیہ وسلم اقرھم علی املاکھم۔۔۔ الخ»(ہدایۃ کتاب الدیات، باب القسامۃ ص ۶۲۳ ج ۲) «کہ نبی صلی اللہعلیہ وسلم نے اہل خیبر کو ان کی ملکیت پر برقرار رکھا۔» حالانکہ خود ہی علامہ موصوف نے کتاب السیر میں لکھا ہے « و اذا فتح الامام بلدۃ عنوۃ ای قھرا فھو بالخیار ان شاء قسمھا بین المسلمین کما فعل رسول اللہ علیہ السلام بخیبر» «کہ جب امام کسی شہر کو لڑائی سے فتح کرے تو اسے اختیار ہے، اگر چاہے تو اسے مسلمانوں کے درمیان تقسیم کردے جیسا کہ رسول اللہصلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر میں کیا تھا۔» علامہ زیلعی ؒ نے صاحب ہدایہ کے اس تعارض کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ صحیح یہی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر کو مسلمان مجاہدین میںتقسیم کر دیا تھا۔ دیکھیے (نصب الرایہ ص ۲۹۷ ج ۳، ص ۳۹۷ ج ۴) معلوم یوں ہوتا ہے کہ ایک جگہ یہ مسئلہ ثابت کرنا مقصود تھا کہ اگر کسی شہر کومسلمان امام لڑائی سے فتح کرے تو اسے مسلمانوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ اس لیے دلیل لکھ دی کہ خیبر کو آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم نے تقسیم کیا تھا۔ مگرآگے چل کر جب یہ مسئلہ ثابت کرنے کی ضرورت پیش آئی کہ اگر کوئی شخص کسی جگہ قتل ہو جائے، قاتل کا علم نہ ہو تواس جگہ سے ایسے پچاس آدمی اس قتل کے بارے میں قسم کھائیں جو صاحب جائداد اور مالک ملکیت ہوں تو لکھ دیا کہ اہل خیبر مالک املاک تھے۔ آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم نے انھیں ان کی ملکیت پر برقرار رکھا تھا۔ مگر یہ بھول گئے کہ پہلے خود ہی اس کے برعکس لکھ آیا ہوں۔(فسبحان اللہ من لا ینسی) اسی نوعیت کی ایک دلچسپ بات اور ملاحظہ فرمائیےعلامہ مرغینانی ؒ مسافر کی نماز کے بارے میں فرماتے ہیں « والمسافر یؤذن و یقیم لقولہ علیہ السلام لابنی ابی ملیکۃ رضی اللہ عنہما اذا سافرتما فاذنا واقیما۔» «کہ مسافر اذان کہے اور اقامت بھی، کیوں کہ نبی انے ابوملیکہ کے دونوں بیٹوں سے فرمایا تھا کہ جب سفر کرو تو تم اذان اور اقامت کہو۔» حالانکہ امر واقع یہ ہے آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم نے یہ حکم حضرت مالک بن حویرث اور اس کے چچا زاد بھائی کو دیا تھا۔ جیسا کہ صحیح بخاری (ص ۹۰ ج ۱) اور صحیح مسلم (ص ۲۳۶ ج ۱) اور دیگر کتب سنن و مسانید میں مروی ہے۔ مگر متداول کتب حدیث کی یہ معروف روایت ذکر کرنے میں بھی یہاں علامہ مرغینانی ؒسے سہو ہوا۔ علامہ زیلعی رقم طراز ہیں « وقول المصنف فیہ لا بنی ابی ملیکۃ غلط و صوابہ مالک بن الحویرث وصاحب لہ او ابن عم لہ او ابن عمر علی الروایات الثلاث و ذکرہ فی کتاب الصرف علی الصواب فقال فی مسالۃ السیف المحلیلان الاثنین یراد بھما الواحد قال اللہ تعالٰی( یخرج منھما اللؤلؤ والمرجان) والمراد احدھما و قال علیہ السلام لمالک بن الحویرث و ابن عمر إذا سافرتما فاذنا و اقیما والمراد احدھما انتھی لفظہ (نصب الرایۃ ص ۲۹۰ ج ۱) کہ مصنف ہدایہ کا ابنی ابی ملیکہ کہنا غلط ہے۔ صحیح مالک بن حویرث ہے اور اس کے ساتھی، یا ان کا عم زاد یا ابن عمر مراد ہیں۔ روایات کے اختلاف کی بنا پر، اور مصنف نے کتاب الصرف میں اسے صحیح طور پر ذکر کیا ہے جس میں انھوں نے فرمایا ہے کہ کبھی دو بول کر مراد ایک لیا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کافرمان ہے ان دونوں سے لؤلؤ اور مرجان نکالے جاتے ہیں اور مراد ایک میٹھے پانی کا دریا ہے، اور آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم نے مالک بن حویرث اور ابن عمر سے فرمایا تھا تم دونوں اذان اور تکبیر کہو حالانکہ مراد ایک کاا ذان اور تکبیر کہنا ہے۔ نیز ملاحظہ ہو نصب الرایہ (ص ۵۷ ج ۴)۔ یہی کچھ علامہ ابن الہمام نے فتح القدیر (ص ۳۷۴ ج ۵) میں فرمایا مگر ہدایہ کی کتاب الصرف میںحدیث کے حوالہ سے الفاظ کا ذکر نہیں۔ غالباً پہلے احدھماسے دوسرے احدھما تک کے مابین عبارت ناسخ کی غلطی سے گر گئی ہے۔ علامہ ابن الہمام نے بھی شرح میں یہ عبارت ذکر کی ہے، بلکہ علامہ عبدالقادر قرشی ؒ نے بھی ہدایہ میں اس غلطی کے ساتھ ساتھ تعارض کا بھی ذکر کیا ہے، البتہ ان دونوں حضرات نے «ابن عمر» کی بجائے «ابن عم» نقل کیا ہے۔ ملاحظہ ہو کتاب الجامع (ص ۴۴۰ ج ۲) جس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کتاب الصلاۃ میں صاحب ہدایہ کا «ابن ابی ملیکہ» کہنا بہر نوع غلط ہے۔ ہماری ان معروضات سے یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ صاحب ہدایہ گو بلند پایہ فقیہ تھے مگر ان کا شمار محدثین میں درست نہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی ذکر کردہ روایات پر بھی اعتماد نہیں کیا گیا۔

مکمل

تعلیقات بخاری اور احادیث ہدایہ

تیسری بات جو مولیٰنا نعمانی ؒاور ان کے شاگرد رشید نے کہی ہے وہ یہ کہ «اگر ہدایہ کی بعض احادیث حافظ ابن حجرؒ کو نہیں ملیں تو کیا ہوا انھیں تو امام بخاری ؒ کی بعض معلق روایات کا بھی علم نہیں ہوا۔ توکیا اس کا یہی مطلب ہوگا کہ امام بخاریؒ بھی ضعیف روایتوں کو لانے کے عادی تھے۔» ہمارے نزدیک ہدایہ کے دفاع میں یہ تیسری دلیل بیت عنکبوت سے بھی زیادہ کمزور ہے۔ صحیح بخاری کی معلق روایات اور احادیث ہدایہ میں تقابل ہی ان کی قوت استدلال پر نوحہ کناں ہے۔ امام بخاری ؒ نے جو روایات نقل کی ہیں ان کی اسانید گو انھوں نے حذف کر دی ہیں مگر ان کے انداز بیان سے ان کی صحت و ضعف کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ جس کی تفصیل ہدی الساری مقدمہ فتح الباری اور النکت لابن الصلاح ؒ میں حافظ ابن حجرؒ نے بیان کر دی ہے۔ امام بخاریؒ کا دور، تدوین حدیث کا دور ہے لہٰذا اگر امام بخاری ؒ کی معلق روایت حافظ ابن حجرؒ کو نہیں ملی یا امام ترمذی نے « وفی الباب» میں جن صحابہ کی روایات کا ذکر کیا ہے اور ان میں سے بعض بعد میں کسی اہل علم کو نہیں ملیں تواس دور میں اس کا امکان ہے کہ کسی محدث کو وہ روایات بالاسناد نہ ملی ہوں۔ کیوں کہ دور تدوین میں ایک محدث کے پاس جو روایات ہیں ضروری نہیں کہ وہ تمام تر دوسرے محدثین کے ہاں بھی معروف و متداول ہوں۔ اس کی مزید وضاحت ان شاء اللہ عنقریب آرہی ہے۔ پھر امام بخاری ؒ نے اپنے کسی مسئلہ کی بنیاد معلق روایات پر نہیں رکھی اور نہ ہی معلق روایات امام صاحب کا مطلوب و مقصود ہیں۔ جس کی ضروری تقصیل آئندہ آرہی ہے۔ بالکل یہی معاملہ امام ترمذی کی « و فی الباب» روایات کا ہے کہ امام ترمذی ؒکے دعویٰ کی دلیل مسند روایت ہے اور « و فی الباب»میں تائید کے طور پر ان روایات کا اشارہ کر دیتے ہیں۔ اس کے برعکس صاحب ؒہدایہ یا علامہ کاسانی ؒوغیرہ فقہاء کے۔ کہ ان کا دور وہ ہے کہ جب تدوین حدیث کا کام مکمل ہو چکا تھا اور ذخیرہ احادیث کتابی شکل میں محفوظ ہو گیا تھا۔ لہٰذا ان کا استدلال کے طور پر بلااسناد اور بغیر کسی ماخذ کے روایت بیان کرنا اسے صحیح بخاری کی معلق روایات پر کیوں کر قیاس کیا جا سکتا ہے؟

مکمل

وضع احادیث اور بعض اہل الرائے

حدیث کے باب میں عموماً اہل الرائے کی یتیمی اور لاتعلقی ائمہ محدثین کے ہاں ہی معروف نہیں خود انصاف پسند احناف نے بھی اس کا اعتراف کیا ہے، جیسا کہ پہلے باحوالہ اس کا ذکر کرآئے ہیں۔ بلکہ امام ابوالعباس القرطبی ؒ نے «المفہم» میں ذکر کیا ہے کہ «بعض اہل الرائے کے نزدیک جو بات قیاس جلی کے موافق ہو اس کا آنحضرت صلی اللہعلیہ وسلم کی طرف انتساب جائز ہے۔» چنانچہ علامہ عراقی ؒ لکھتے ہیں « وحکی القرطبی فی المفھم عن بعض اھل الرای ان ما وافق القیاس الجلی جاز ان یعزی الی النبی صلی اللہعلیہ وسلم»(شرح الفیہ للعراقی ص ۱۲۷)۔ علامہ عراقی ؒکے علاوہ یہی بات فتح المغیث للسخاوی ؒ ص ۱۱۱، النکت لابن حجر ص ۸۵۲ ج ۲، تدریب الراوی ص ۱۵۸، توجیہ النظر ص ۷۵، توضیح الافکار صفحہ ۸۷جلد۲ میں دیکھی جا سکتی ہے۔ حافظ ابن حجرؒ مزید فرماتے ہیں «لھذا تری کتبھم مشحونۃ باحادیث تشھد متونھا بانھا موضوعۃ لانھا تشبہ فتاوی الفقہاء ولانھم لا یقیمون لھا سنداً، «اس لیے آپ ان کی کتابوں کو ایسی حدیثوں سے بھری ہوئی دیکھیں گے جن کے متون ان کے بناوٹی ہونے کی گواہی دے رہے ہوں گے، کیوں کہ وہ فقہاء کے فتاویٰ کے مشابہ ہیں اور وہ ان کی کوئی سند بیان نہیں کرتے۔» جب صورت واقعہ یہ ہے تو پھر ان حضرات کا مذہبی حمیت میں ایسی بے سند روایات کو صحیح بخاری کی معلق روایات پر قیاس کرنا سراسر ناانصافی نہیں تو اور کیا ہے؟ صحیح بخاری کی تین معلق روایات کی تحقیق آگے بڑھنے سے پہلے یہ بھی دیکھ لیجیے کہ مولانا نعمانی ؒاور ان کی« تقلید،، میں ان کے شاگردِ رشید نے صحیح بخاری کی جن معلق روایات کے بارے میں کہا ہے کہ وہ حافظ ابن حجرؒ کو نہیں ملیں ان کے اس دعویٰ کی حقیقت کیا ہے؟ چنانچہ اس سلسلے میں تین روایات کی نشاندہی کی گئی ہے پہلی معلق روایت یہ روایت صحیح بخاری کے « باب لا یستنجی بروثسے نقل کی گئی ہے جس میںامام صاحبؒ نے پہلے « زھیر عن ابی إسحاق عن عبدالرحمٰن بن الاسود عن ابیہ۔» کی سند سے متصل روایت ذکر کی ہے اور پھر فرمایا ہے « و قال إبراہیم بن یوسف عن ابیہ عن ابی إسحاق حدثنی عبدالرحمٰن۔» اس معلق روایت کے بارے میں حافظ ابن حجر نے کہا ہے لم اجدھا (مقدمہ فتح الباری ص ۲۲)۔ مگر سوال یہ ہے کہ اگر« یہ سند» حافظ ابن حجرؒ کو نہیں ملی تو کیا اس کا یہ مفہوم ہے کہ اس روایت کا بھی وہی حال ہو جو ہدایہ کی ایسی روایات کا ہے، جو حافظ ابن حجرؒ کو نہیں ملیں، تف ہے ایسی تحقیق اور ایسے علم پر کیا امام بخاری ؒ کا مطلوب یہی معلق روایت ہے؟ اور ان کے استدلال کی بنیاد اسی پر ہے؟ قطعاً نہیں بلکہ ان کا مطلوب تو وہی روایت ہے جو ابتدا میں ذکر کی ہے۔ اس کی مزید تائید میںاگر انھوں نے معلق سند ذکر کی ہے اور وہ حافظ ابن حجرؒ کو نہیں ملی تو اس سے اصل روایت پر کیا اثر ہوا؟ پھر ابراہیم ہی یہ سند ذکر کرنے میں منفرد نہیں، شریک قاضی، زکریا بن ابی زائدہ وغیرہما نے بھی اس کی متابعت کی ہے۔ جس کی تفصیل فتح الباری (ص ۲۵۸ ج ۱) میں دیکھی جا سکتی ہے۔

مکمل

دوسری معلق روایت

بالکل یہی نوعیت دوسری «معلق متابعات،، کی ہے جن کا ذکر نعمانی ؒ نے کیا ہے، چنانچہ دوسری روایت « کتاب الکسوف» کے « باب قول النبی صلی اللہعلیہ وسلم یخوف اللہ عبادہ بالکسوف» کی ہے۔ امام بخاری ؒ نے پہلے « قتیبۃ بن سعید قال حدثنا حماد بن زید عن یونس عن الحسن عن ابی بکرۃ» کی سند سے متصل روایت بیان کی ہے اور فرمایا ہے کہ عبدالوارث، شعبہ، خالد بن عبداللہ اور حماد بن سلمہ نے یونس سے یہ روایت بیان کی ہے، مگر اس میں« یخوف بھما عبادہ»کے الفاظ ذکر نہیں کیے۔ پھر فرماتے ہیں « تابعہ اشعث عن الحسن و تابعہ موسٰی عن مبارک عن الحسن قال اخبرنی ابوبکرۃ» «یعنی یونس کے علاوہ اشعث نے حسن سے اسی طرح متابعت کی ہے کہ یہ لفظ ذکر نہیں کیے اور اس( یعنی قتیبہ) کی متابعت موسیٰ نے مبارک عن الحسن سے کی ہے اور یہ الفاظ نقل کیے ہیں۔» حافظ ابن حجرؒ اسی موسیٰ بن مبارک کی سند کے متعلق کہتے ہیں « لم تفع لی ھذہ الروایۃ الی الاٰن من طریق واحد منھما» «کہ مجھے اب تک یہ روایت ان دونوں میں سے کسی طریق سے نہیں ملی۔(فتح الباری ص ۵۳۶ ج ۲) مولانا نعمانی ؒ اور ان کے شاگرد رشید کی ہوشیاری دیکھیے کہ انھوں نے «الی الاٰن» تک ہی الفاظ نقل کیے ہیں جس سے وہ دراصل اپنا الو سیدھا کرنا چاہتے ہیں کہ «یہ روایت» حافظ ابن حجرؒ کو نہیں ملی۔ حالانکہ کہنا یہ چاہیے کہ ان دونوں میں سے کسی ایک کی روایت کسی سند سے نہیں ملی۔ غور فرمائیے دونوں باتوں میں بعد المشرقین ہے۔ کہاں روایت نہ ملنا،« لم اجدہ» اور کہاں مخصوص سند سے روایت نہ ملنا۔ مگر نعمانی صاحب نے ہاتھ کی صفائی سے اپنا مطلب نکالنے کی گنجائش پیدا کر لی موسیٰ سے مراد ابن اسماعیل ؒ التبوذکی ہیں جیسا کہ علامہ مزیؒ نے کہا ہے یا موسیٰ بن داؤد الضبی ہیں جیسا کہ علامہ الدمیاطیؒ وغیرہ کا خیال ہے اور «منھما» سے یہی دونوں مراد ہیں کہ دونوں میں سے جو بھی ہے مجھے اس کی روایت نہیں ملی۔ بھرم کھل جائے ظالم تیری قامت کی درازی کا اگر اس طرہ پرُ پیچ و خم کا پیچ و خم نکلے