کتب
مقالات (جلد اول)
جلد اول · 1/64

مقالات (جلد اول)

جلد اول

عرض ناشر

الحمد للہ والصلاۃ والسلام علی رسول اللہ، اما بعد: قارئین محترم! مقالات کی یہ جلد اول راقم اثیم کے ان مضامین پر مشتمل ہے جو ماضی قریب میں مختلف موضوعات پر لکھے گئے اور ہفت روزہ الا عتصام، ماہنامہ ترجمان الحدیث لاہور میں وقتاََفوقتاََشائع ہوتے رہے۔ عموماً رسائل میں مضامین وقتی ضرورت یا کسی استفسار کے جواب میں لکھے جاتے ہیں لیکن بعض مضامین کے علمی مباحث اور اس کی علمی حیثیت اور ضرورت اس بات کی متقاضی ہوتی ہے کہ انہیں کتابی شکل میں محفوظ کیا جائے۔ تاکہ ان سے استفادہ ہمیشہ کے لئے آسان ہو جائے۔ کئی بار متعدد اہل علم نے ان مضامین کی اہمیت کی بنا پر انہیں شائع کرنے کا مشورہ دیا چنانچہ ادارۃ العلوم الاثریہ ان مضامین کی یہ جلد اول نہایت ضروری حک واضافہ کے ساتھ قارئین کرام کی خدمت میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔ جو اکیس مقالات پر مشتمل ہے۔ مستقبل قریب میں ان شاء اللہ اس کی جلد ثانی بھی شائع کر دی جائے گی۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ سے التجا ہے کہ ادارہ کی اس حقیر سی کوشش کو قبول فرمائے اور ان مقالات کو عامۃالمسلین کے لئے مفید بنائے۔ خادم العلم والعلماء ارشاد الحق اثری 1۱۹ شعبان المعظم ۱۴۲۶ ھ 24ستمبر2005ء مسئلہ اجتہادو تقلید اور اہلحدیث پر بعض اعتراضات کا جواب دارالعلوم دیوبند کے ترجمان «دارالعلوم»کا شمارہ ماہ جون ۱۹۹۵ء پیش نظر ہے۔ جس کے (ص۱۲) پر جناب «حضرت علامہ ڈاکٹرخالد محمودصاحب ایم اے، پی ایچ ڈی»کا ایک مضمون «دنیائے مذاہب میں سب سے بڑے کتب خانے اسلام کے کیوں»؟ کے عنوان سے شائع ہوا۔ کتابیات کا ادنیٰ طالب علم ہونے کے ناطے یہ عنوان احقر کے لئے دلچسپی کاباعث تھا۔ مگر میں نے جب اُسے پڑھا تو میرے تعجب کی انتہانہ رہی کہ محترم ڈاکٹر خالدمحمود صاحب جو ماشاء اللہ ایم اے، پی ایچ ڈی ہیں نے بڑے دھیمے انداز میں حقیقت کی نقاب کشائی کے بجائے تاریخ سازی سے کام لیا۔ کاش وہ اپنے موضوع کے دائرہ میں رہتے اور اس میں اپنے تقلیدی ذہن کی عکاسی سے اجتناب کرتے، مگر ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ان کی مجبوری ہے بلکہ شاید ان کی ایسی ہی مجبوریوں نے انہیں مانچسڑ میں بھی نہ رہنے دیا اور اب وہ یہ «خدمات»پاکستان میں سرانجام دے رہے ہیں۔ ہم نہایت اختصار سے اس مضمون کے بعض مندر جات کا جائزہ قارئین« الاعتصام» کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔

جلد اول

اہل حدیث اور اجتہاد

اہل حدیث نے اجتہاد کو ہمیشہ وقت کی ایک اہم ضرورت تسلیم کیا۔ نت نئے رونما ہونے والے حوادث اور سائنسی ایجادات کے دور میں پیدا ہونے والے مسائل میں اجتہاد اور تفقہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اسی ہفت روزہ الاعتصام ۱۳جنوری ۹۵ء کی اشاعت میں«امام شوکانی ؒکے شروط اجتہاد»کے زیر عنوان جناب سید حامد عبد الرحمن صاحب کا ایک مضمون شائع ہوا جس میں انہوں نے اجتہاد اور مجتہدین کے وجود کو اسلام کی حفاظت کا ذریعہ قرار دیا اور فرمایا کہ اجتہاد کا یہ دروازہ خود اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے کھولا ہے اور یہ سارے انسانی مسائل کے بند قفلوں کی کلید ہے۔ محترم ڈاکٹر صاحب نے اسی مضمون کے حوالے سے دواقتباس نقل کئے ہیں اور انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ۔ «اہلحدیث حضرات کا ہفت روزہ «الاعتصام»۱۳ جنوری کی اشاعت میں مجتہدین اور اجتہاد کو تسلیم کرنے کو اسلام کے جامع ضابطہ حیات ہونے کے لئے ایمانیات میں سے سمجھتا ہے۔» (دارالعلوم ص۱۴) اور «الاعتصام»ہی کے حوالے سے موصوف نے یہ بھی نقل کیا ہے کہ« اجتہاد کا دروازہ مجتہدین نے نہیں بلکہ خود اللہ تعالیٰ نے کھولا ہے۔» (الاعتصام ۱۳ جنوری ص۱۴دارالعلو م ص۱۵) اس سے اجتہادِ مجتہدین کے بارے میں اہلحدیث کا نقطۂ نظر سمجھا جا سکتا ہے مگر مقلدین حضرات کو عموماً یہ صدائے حق گوارا نہیں، وہ اجتہاد کا دروازہ چوتھی صدی کے بعد سے بند سمجھتے ہیں۔ اور اس کے بعد کسی کو بھی مجتہد تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جناب ڈاکٹر صاحب نے «الاعتصام»کے اس موقف کی تائد وتحسین تو کی مگر وہ اس سے متقدمین ائمہ مجتہدین مراد لیتے ہیں۔ ان کے بعد کسی کو اس منصب کا اہل نہیں سمجھتے یہی وجہ ہے کہ جب« الاعتصام»کے اسی شمارہ میں جناب سید حامد صاحب نے یہ لکھا کہ «پاکستانی قانون دانوں کو چاہئے کہ یمنی زرخیز افکار اور تجربات سے پورا پورا فائدہ اٹھائیں۔» تو جناب ڈاکٹر صاحب کی رگ تقلید پھڑک اٹھی اور فرمایا:۔ «ہمیں اپنے غیر مقلد دوستوں سے اسی باب میں اختلاف ہے کہ وہ پہلے دور کے مجتہدین کرام کے اجتہاد اور فقہ سے تو بھاگتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمیں قرآن وحدیث کافی ہے کسی تیسری چیز کی ضرورت نہیں لیکن تیرھویں صدی ہجری کے قاضی شوکانی ؒیمنی کے فقہ سے بہت عقیدت رکھتے ہیں»الخ(دارالعلوم ص۲۰،۲۱) حالانکہ اہلحدیث نے ہمیشہ فقہ الحدیث کی تائید کی ہے اور جن حضرات مجتہدین نے اسی اسلوب پر اپنے اجتہادی جو ہر دکھائے ہیں انہیں ہمیشہ تحسین کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ البتہ فقہ اہل الرائے سے ہمیشہ اختلاف رہا۔ امام مالکؒ، امام شافعی ؒ، امام احمد ؒاور دیگر محدثین نے اس پر نکیر کی بالخصوص فرضی شکلوں اور وضعی صورتوں میں «فقہ سازی»کی ہمیشہ مذمت کی۔ حضرات صحابہ کرام ؓ اور تابعین عظام کا یہی موقف ہے۔ جس کی ضروری تفصیل سنن دارمی میں دیکھی جا سکتی ہے بلکہ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ نے تو اس کو اسباب فتن میں شمار کیا ہے۔ چنانچہ«ازالۃ الخفاء»میں مقصد اول کی فصل پنجم میں خلافت خاصہ کے بعد رونما ہونے والے فتنوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں۔ «ھفتم:تعمق مردم درمسائل فقہیہ وتکلم بر صور مفروضہ کہ ہنوزواقع نشدہ است وسابق این معنی راجائز نمی داشتند»الخ(ازالۃج۱ص۴۹۹ مترجم) «یعنی ساتواں (فتنہ ہے) لوگوں کا مسائل فقہیہ میں غور وخوض کرنا اور فرضی صورتیں بنانا ان مسئلوں کی جو ابھی واقع نہیں ہوئے(اور اپنے ذہن سے تراش کر لوگوں کے سامنے بیان کرنا) اگلے لوگ اسے جائز نہ رکھتے تھے۔»غور فرمائیے کہ جس بات کو حضرت شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ نے فتنوں میں سے ایک فتنہ قرار دیا ہے۔ ہمارے یہ حنفی مقلدین اسے فقہ کی «معراج»قرار دینے پر تلے بیٹھے ہیں۔ مولانا خلیل احمد سہارنپوری مرحوم نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ:۔ «کتب فقہ میں بعض ایسے سوال مندرج ہیں کہ محال عادی ہیں۔» 2(البراہین القاطعہ ص۱۳) بتلائیے جن مسائل کا وقوع عادۃ محال ہے ان میں دماغ سوزی آخر دین کی کونسی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہی بات علامہ شامیؒ نے بھی کہی ہے (ردالمحتار، ج۲ص۱۶۷) خدمت ہے؟ شرعی احکام حتی کہ زکوٰۃ وحج سے بچنے کے لئے«باب الحیل»کا مستقل اضافہ بھی اسلام کی کوئی خدمت ہے؟ اور کیا یہ سب مجتہدین کرام کے استنباط وفرمودات ہیں اور واجب العمل ہیں؟ اسی طرح نصوص کے مقابلے میں محض رائے اور قیاس کی بنیاد پر فقہ سازی اور اس پر عمل، اجتہاد کی آخر کونسی قسم ہے؟ اس قسم کے «اجتہاد»کی اہلحدیث نے ہمیشہ مخالفت کی اور اس سے ہمیشہ دور رہنے کی تاکید کی۔ مگر قرآن وسنت سے اجتہاد واستبناط کی ہمیشہ تائید کی۔ قاضی شوکانی ؒ المتوفی ۱۲۵۰ھ بھی اسی فقہ الحدیث کے علمبردار تھے۔ تقلید وجمود کے خلاف تھے اور اجتہاد کو وقت کی ضرورت سمجھتے تھے اور اہل علم کو لکیر کا فقیر بننے کے بجائے تفقہ اور استنباط پر آمادہ کرتے تھے۔ بس یہی وجہ ہے کہ ہمارے ان مقلدین حضرات کو وہ ایک نظر نہیں بھا تے۔ علامہ شوکانی ؒتقریبًا چالیس سال یمن میں عہدۂ قضا پر فائز رہے۔ اس لئے «الاعتصام»میں مولانا سید حامد صاحب نے اگر یہ لکھا ہے کہ «پاکستانی قانون دان یمنی افکار وتجربات سے پورا پورا فائدہ اٹھائیں۔»تو اس سے انکار محض تقلیدی ذہن کی بنا پر ہے۔ سید صاحب نے صرف«یمنی افکار وتجربات سے فائدہ اٹھانے»کی بات کی ہے «عالمگیری»کی طرح اسے ملک میں نافذ کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔ ڈاکٹر صاحب ہی ازراہ انصاف غور فرمائیں کہ اگر قضا یعنی عدالتی امور سے متعلقہ احکام میں قاضی ابو یوسفؒ کا فتوی اور فیصلہ امام ابو حنیفہ ؒ کے فتوی سے اس لئے قابل ترجیح ہے کہ انہیں براہ راست اس سے سابقہ پڑا ہے (رسم المفتی ص۳۵ ردالمحتار ج۱ص۱۷ وغیرہ) تو قاضی شوکانی ؒ کے افکار سے «فائدہ»اٹھانا باعث نزاع کیوں ہے؟

جلد اول

کیا متقدمین فقہاء کا اجتہاد قیامت تک کے لئے کافی ہے؟

جناب ڈاکٹر صاحب اپنے مخصوص مقلدانہ انداز میں لکھتے ہیں۔ «صحابہ کرام کے فتاوی اور فیصلے ان تمام ضروریات کو محیط نہ ہو سکتے تھے جو اُمت مسلمہ کو قیامت تک پیش آنے والی تھیں اسی طرح تابعین کرام نے لاکھوں نئے مسائل دریافت کئے لیکن اسلام کو اس کے پورے اصول و فروع کے ساتھ منضبط کرنے کا کام اور اسے بطور ایک ابدی قانون زندگی کے مرتب کرنا ابھی باقی تھا۔»(دارالعلوم ص۱۳،۱۴) قابل غور بات یہ ہے کہ صحابہ کرام اور تابعین عظام کے فتوے تو«ابدی قانون زندگی»نہ بن سکے مگر ان کے بعد فقہائے کرام کے مرتب کردہ فتاوی «ابدی قانونِ زندگی» بن گئے۔ آخر کیسے؟ لطف کی بات یہ ہے کہ یہی بات معمولی اختلاف کے ساتھ اس سے پہلے امام الحرمین عبد الملک ؒالجوینی نے «مغیث الخلق فی تر جیح القول الحق»میں کہی ہے۔ ان کے الفاظ ہیں۔ «أصول الصحابۃ لم تکن کا فیۃ لعامۃ الو قائع ولذا کان المستفتی فی عھد الصحابۃ مخیر اً فی الاخذ بقول الصدیق فی مسألۃ وبقول الفاروق فی أخری بخلاف عھد الأئمۃ فإن أصولھم کافیۃ۔»(مغیث الخلق ص۱۵) «یعنی صحابہ کرام ؓ کے اصول عام احوال کے لئے کافی نہ تھے اسی لئے سائل کو عہد صحابہ میں اختیار تھا کہ وہ ایک مسئلہ میں حضرت ابو بکر صدیق ؓ کے قول کو لے اور دوسرے میں حضرت عمر فاروق ؓ کے قول کو لے۔ بر عکس ائمہ کے دور کے کہ ان کے اصول کا فی تھے۔» بتلائیے!دونوں باتوں میں ہے کوئی جوہری فرق؟ آپ حیران ہوں گے کہ امام جو ینی ؒکی اسی بات کی تردید علامہ کوثریؒ نے « احقاق الحق»میں کی اور اسے صحابہ کرام ؓ کی تو ہین قراردیتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ:۔ «فتصور کفایۃ أصول الأئمہ بخلاف أصول الصحابۃ اخسار فی المیزان وإیفا ء فی الھذیان۔» «ائمہ کے اصول کے کافی ہونے اور اس کے بر عکس صحابہ کے اصول کے نا کافی ہونے کا تصور (صحابہ ؓ وائمہ ؒ کی شان میں) سرا سرنا انصافی اور مکمل طور پربیہودہ گوئی کا ارتکاب ہے۔» اس لئے اگر ہم یہ کہتے کہ جناب ڈاکٹرصاحب کے اس انداز فکر سے صحابہؓ وتابعین ؒ کی توہین ہوتی ہے تو شاید اسے ہماری جسارت اور بے ادبی پر محمول کیا جا تا۔ لہذا انہیں علامہ کوثریؒ کے الفاظ سے عبرت حاصل کرنی چاہئے اور اس قسم کی حرکت سے اللہ تعالیٰ سے معافی طلب کر نی چاہئے۔ علامہ کوثریؒ نے امام جو ینی ؒکے اسی موقف پر جو تبصرہ کیا ہے ذرا اس کا خلاصہ بھی پڑھ لیجئے فرماتے ہیں۔ «ہم جانتے ہیں کہ امام ابو حنیفہ ؒ نے بہت سے مسائل میں توقف کیا ہے۔ امام مالک ؒ نے بہت سے مسائل کے بارے میں کہا ہے کہ یہ میں نہیں جانتا۔ امام شافعی ؒ سے کئی مسائل میں دو قول منقول ہیں اور کئی مسائل میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر اس بارے میں حدیث صحیح ہے تو میرا قول اس کے مطابق ہے۔ یہ سب باتیں اُمت کے نزدیک ان کی امامت کے منافی نہیں۔ کیونکہ کسی بھی امام کے پاس دین کا پورا پورا علم نہیں ہے۔ انسان کے لئے یہ بات کافی ہے کہ جس کے بارے میں اسے علم نہ ہو، اس کے بارے میں خاموش رہے۔»(احقاق الحق ص۲۲) 6 لہذا جب مقلدین حضرات کو اس بات کا اعتراف ہے کہ بہت سے مسائل میں ان ائمہ مجتہدین نے توقف اختیار کیا ہے اور صاف صاف «لاادری» کہہ کر ان کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے تو صد یوں بعد آج اس کے بر عکس یہ باور کرانا کہ ان کے فتاوے «ابدی قانون زندگی»تھے کہاں تک حقیقت پر مبنی ہے؟ پھر یہاں یہ سوال بھی اپنی جگہ قائم ہے کہ اصول و فروع میں ائمہ اربعہ کی آخر کتنی کتابیں ہیں؟ امام مالکؒ کی موطأ حدیث کی کتاب ہے یا فقہ کی؟ امام محمدؒ بن حسن شیبانی کی «الجامع الکبیر»«الجامع الصغیر»«کتاب الاصل»وغیرہ۔ قاضی ابو یوسف ؒکی کتاب « الاموال»«اختلاف أبی حنیفۃ وابن ابی لیلی» کتب فقہ میں شمار ہوتی ہے۔ امام ابو حنیفہ ؒ کی اس سلسلے میںکتنی کتابیں ہیں؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ امام مالک ؒ نے تو اتنے مسائل کے بارے میں«لاادری»«میں نہیں جانتا»فرمایا ہے۔ کہ بقول علامہ شاطبیؒ اور ابن عبد البر ؒ کے اگر انہیں جمع کیا جائے تو ایک رسالہ تیار ہو سکتاہے۔ (الموافقات ج۴ص ۸۸ ۲) امام احمدؒ نے کونسا فقہی مجموعہ مرتب کیا ہے اور اس کا نام کیا ہے؟ «المسائل»کے نام پر ان کے تلامذہ کی مرتبہ کتب فقہی سوالات پر مشتمل ہیں۔ کیا ان مجموعہ ہائے کتب میںزندگی کے سارے مسائل آگئے ہیں اور خود ان مجتہدین کرام نے اسے «ابدی قانون»سے تعبیر کیا ہے؟ حاشاوکلا! علامہ انورشاہ کشمیری ؒمرحوم نے تو صاف طور پر فرمایا ہے کہ۔ «فمن زعم أن الدین کلہ فی الفقہ بحیث لا یبقی ورائہ شیء فقد حادعن الصواب»(فیض الباری ج۲ص۱۰) «جو یہ خیال کرتا ہے کہ سارا دین فقہ میں ہے اس سے باہر کچھ بھی نہیں وہ راہ صواب سے ہٹا ہوا ہے۔» مگر افسوس ڈاکٹر صاحب اور ان کے ہمنوا آج اسی فقہی مجموعہ کو«مکمل ابدی قانون»باور کرانے پر تلے بیٹھے ہیں۔ یہاں یہ بات مزید قابل غور ہے کہ بقول ڈاکٹر صاحب ایک«ابدی قانون زندگی»کا مجموعہ امام ابو حنیفہ ؒ اور ان کے تلامذہ نے مرتب کیا۔ اسی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ایک ایک مجموعہ امام مالکؒ، امام شافعی ؒ، امام احمد، ؒامام لیث ؒاور امام اوزاعی ؒ نے مرتب کیا۔«سب سے پہلے»اگر اس ضرورت کو امام ابو حنیفہ ؒ نے پورا کر دیا تھا تو پھر دوسرے مجتہدین حضرات کو اس میں وقت صرف کرنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟ یہی اس بات کی واضح دلیل ہے کہ خود ان ائمہ کرام نے کسی کے ایسے مجموعہ کو «ابدی قانون زندگی»تسلیم نہیں کیا۔ ہر ایک نے اپنی اپنی معلومات کی روشنی میں مسائل کا استنباط کیا مگر اسے «ابدی قانون»کا درجہ کسی نے نہیں دیا۔ ڈاکٹر صاحب ذرا غور کر یں کہ بقول علامہ شامیؒ کیا احناف نے۱۷ مسائل میں امام ابو حنیفہؒ اور صاحبین ؒ کے اقوال کو چھوڑکر امام زفر ؒ کے قول پر فتوی نہیں دیا؟(شامی ج۱ص ۷۱)اور کیا ممتدۃ الطہر کے مسئلہ میں نو ماہ عدت گزارنے کا فتوی اور مفقود الخبر کے مسئلہ میں احناف نے امام مالکؒ کے مسلک کوا ختیار نہیں کیا؟ اور کیا تحلیف بالشہود کے مسئلہ میں امام ابن ابی لیلیٰ کے قول کو اختیار نہیں کیا گیا؟ کیا موصوف «الحیلۃ الناجزۃ»کے سبب تصنیف سے بھی بے خبر ہیں؟ اگر امام ابو حنیفہ ؒ نے ایک «ابدی قانون»مرتب کر دیا تھا تو اس کے خلاف یہ پینترے کیوں بدلے جارہے ہیں؟ اور کیا موجودہ سر مایہ کاری اور بنک کاری نظام کے بارے میں اس «ابدی قانون»میں کامل رہنمائی موجود ہے؟ ڈاکٹر صاحب کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔ مولانا محمد یوسف بنوری مرحوم فرماچکے ہیںکہ:۔ «بلا شبہ موجودہ معیشت کے پیدا کر دہ مسائل کا حل ہماری قدیم فقہ میں نہیں ملتا۔»الخ(بینات جلد۳ شمارہ۳۵) اس اعتراف حقیقت کے بعد آج ڈاکٹر صاحب کا «قدیم فقہ»کو «ابدی قانون» باور کرانا انصاف کا خون کرنا نہیں تو اور کیا ہے؟

جلد اول

5فرقہ بندی اور باہم لڑائیاں

محترم ڈاکٹر صاحب فقہائے کرام کی خدمات کے ضمن میں لکھتے ہیں۔ «وہ مختلف مسالک پر عمل پیرا ہونے کے باوجود فرقہ فرقہ نہ ہوئے۔» (دارالعلوم ص۱۵) 8بلاشبہ ائمہ فقہاء کے مابین تفسیق و تضلیل اور باہم لڑائی جھگڑا نہ تھا۔ وہ دلائل سے ایک دوسرے سے اختلاف کرتے مگر آپس میں کوئی مخالفت اور لڑائی نہ تھی لیکن افسوس کہ بعد کے دور میں ان کے مقلدین میں یہ وسعت ختم ہو گئی۔ باہم جنگ وجدال، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے اور ذلیل کرنے کی کوششیں شروع ہو گئیں حتی کہ بعض حضرات نے ایک دوسرے کی تکفیر سے بھی اجتناب نہیں کیا مگر ڈاکٹر صاحب محض خوش فہمی میں یا بے خبری میں لکھتے ہیں۔ «یہ چاروں ایک رہے چار فرقے نہ بنے۔ ان کا اختلاف انہیں آپس میں نہ لڑا سکا۔» شاید تاریخ کے صفحات میں ان «چاروں»کے مابین جنگ وجدال کی شرمناک داستانوں سے ڈاکٹر صاحب نا واقف ہیں یا دانستہ طور پر اس سے اغماز کرکے مصلحت بینی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ علامہ یا قوت الحموی ؒ «الری»کے حالات و واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ پہلے حنفیوں اور شافعیوں نے مل کر یہاں کے شیعوں کو تہس نہس کر ڈالا۔ اس کے بعد: «حنفیوں اور شافعیوں کے درمیاں لڑائیاں ہوئیں۔ شافعی تعداد میں کم ہونے کے باوجودہر بار غالب آئے«الرستاق»کے حنفی بھی اپنے ہمنواؤں کی امداد کے لئے آتے مگر کوئی پیش نہ جاتی۔ یہاں تک کہ شافعیوں اور حنفیوں میں وہی بچ سکا جس نے اپنے مسلک کو چھپائے رکھا یا اپنے چھپنے کے لئے گھروں کو تہ خانوں میں منتقل کر لیا۔ اگر وہ ایسا نہ کرتے تو ان میں سے کوئی بھی نہ بچ سکتا۔» (معجم البلدان ج۳ص۱۱۷) اسی طرح موصوف «اصبہان»کے حالات میں لکھتے ہیں۔ «اس زمانے میں اور اس سے پہلے اصبہان اور اس کے گردونواح میں شافعیوں اور حنفیوں کے مابین تعصب کے نتیجہ میں تباہی پھیل گئی۔ دونوں میں مسلسل آٹھ دن تک لڑائی رہی۔ جب کوئی ایک دوسرے پر غلبہ حاصل کر لیتا تو وہ ان کے مکانات اکھاڑکر انہیں جلا دیتا اور انہیں یہ کام کرتے ہوئے کوئی عار محسوس نہ ہوتی۔ خلق کثیر اس ہنگامہ کی نذر ہوئی۔»(معجم البلدان ج۱ص۳۰۹وغیرہ) علامہ ابن ایثر ؒ۴۴۷ھ کے حوادث میں لکھتے ہیں۔ «مدینۃ الاسلام بغداد میں شوافع اور حنابلہ کے مابین معرکہ ہوا۔ حنابلہ بڑی شدت سے نماز میں بسم اللہ اونچی آواز سے پڑھنے، صبح کی نماز میں قنوت پڑھنے اور ترجیع فی الاذان (دوہری اذان) سے روکنے لگے۔ ایک مسجد میں پہنچے اورامام کو بسم اللہ جہراًپڑھنے سے منع کیا وہ اُٹھا اور قرآن پاک لے آیا۔ کہا بسم اللہ کو قرآن پاک سے مٹادو تاکہ میں یہ جہراً نماز میں نہ پڑھوں۔»(الکامل ج۹ص۶۱۴) محمد بن موسیٰ الحنفی المتوفی ۵۰۶ ھ جو دمشق کے منصب قضا پر فائز تھے کہا کرتے کہ:۔ «لو کان لی أمر لأخذت الجزیۃ من الشافعیۃ»(الجواہر المضیٔۃ۔ ج۲ص۱۳۶، میزان الاعتدال ج۴ص۵۲) 2«اگر میری حکومت ہوتی تو میں شافعیوں سے جزیہ وصول کرتا» اور بعض نے تو شافعیوں سے رشتہ منا کحت کو نا جائز قرار دیا۔ چنانچہ« فتاوی البزایہ»میں ہے کہ:۔ «وقال الامام السفکردری لا ینبغی للحنفی أن یز وج بنتہ من شافعی المذھب ولکن یتزوج منھم» (بزازیہ علی ہامش الہند یہ، ج۴ص۱۱۲، نیز البحر الرائق، ج ۲ص۵۱) «امام السفکردریؒ نے کہا ہے کہ حنفی کےلئے مناسب نہیں کہ اپنی بیٹی کا رشتہ کسی شافعی سے کرے لیکن حنفی مرد شافعی لڑکی سے نکاح کر سکتا ہے»جیسے اہل کتاب ہیں کہ ان کی عورتوں سے تو نکاح حلال ہے مگر مسلمان عورت کا نکاح اہل کتاب سے حرام اور ممنوع ہے۔ حنفی امام نے البتہ یہ «احسان»فرمایا کہ ایسے نکاح کو انہوں نے غیر مناسب فرمایا حرام نہیں کہا۔ مگر اس سے آگے دیکھئے کہ عیسی بن ابی بکر بن ایوب المتوفی۶۲۴ھ جو بڑے فقیہ وادیب شمار ہوتے ہیں اور ۸سال دمشق کے حاکم رہے ہیں۔ علامہ علیؒ قاری نے انہیں«الفقیہ الفاضل البارع شرف الدین»کے القاب سے یاد کیا ہے۔ یہ وہی بزرگ ہیں جنہوں نے خطیب بغدادی کے رد میں «السھم المصیب فی الردعلی الخطیب»کتاب لکھی اور سبط ابن الجوزی ؒ کو حنفی بنایا۔ ان کے تعصب کا یہ عالم تھا کہ ان کے باپ نے ایک دن انہیںکہا۔ «کیف اخترت مذھب أبی حنیفۃ وأھلک کلھم شافعیۃ فقال أترغبون عن أن یکون فیکم رجل واحد مسلم۔»(الفوائد البھیئۃ ص۱۵۲)«تم نے امام ابو حنیفہ ؒ کا مذہب کیسے اختیار کیا جب کہ تمہار سارا قبیلہ شافعی مسلک پر ہے تو اس نے کہا تم یہ پسند نہیں کرتے کہ تم میں ایک آدمی مسلمان ہو۔» نعوذباللہ!گو یا شافعی مسلمان ہی نہیں۔ سارے شافعی خاندان میں اکیلے وہی مسلمان ہیں۔(سبحان اللہ) آٹھویں صدی کے محب الدین محمد بن محمد المتوفی ۷۸۹ھ ہند و ستان کے رہنے والے حنفی عالم ہیں۔ حج پر گئے تو روزانہ ایک عمرہ کرتے اور ہر روز قرآن مجید ختم کرتے۔ انہی کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ امام شافعی ؒ کی تنقیص وتوہین کرتے «ویری ذلک عبادۃ» اور اسے وہ عبادت سمجھتے۔ (شذرات الذہب ج۶ ص۳۱۰) 1فإنا للہ وإنإلیہ راجعون۔ اسی قسم کے اور واقعات بھی تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہیں۔«اسباب اختلاف الفقہاء»میں ہم نے اس قسم کے اور بہت سے واقعات کو نقل کیا ہے جو اسلام کی تاریخ میں بد نما داغ ہیں۔ بتلائیے کیا یہ سب فقہی بنیادوں پر جنگ وجدال اورایک دوسرے کی تضلیل نہیں؟ اصول میں احناف عمومًا«ماتریدی»ہیں بلکہ بعض معتزلی، جہمی اور شیعہ بھی ہیں اور شافعی«اشعری»ہیں کتنی حیرت کی بات ہے کہ فروع میں جس امام کی تقلید کا دعوی کیا جاتا ہے۔ اصول میںاسے امام تسلیم کرنے سے ان مقلدین حضرات کی طبیعت انکار کرتی ہے۔ پھر اصول میں اسی اختلاف کی بنیاد پر آپس کی لڑائیاں اور ایک دوسرے کی تذلیل اس پر مستزاد ہے۔ جس کی ضروری تفصیل راقم کی تصنیف «اسباب اختلاف الفقہاء»میں دیکھی جا سکتی ہے۔ مگر افسوس کہ اس سے آنکھیں بند کر کے کہا جا تا ہے کہ وہ «فرقہ فرقہ»نہ تھے۔ ان «چاروں»کو جانے دیجئے»برصغیر میں حنفی کہلانے والوں کے مابین کیا عقائد واعمال میں یگا نگت پائی جاتی ہے؟ دونوں حنفی گروہ مقلد، مگر دونوں کی مسجدیں جدا، ایک دوسرے کی تضلیل وتفسیق حتی کہ نامزد طور پر اکابرین دیوبند کو کافر قرار دیا گیا۔ کیا ڈاکٹر صاحب ان «حقائق»سے بے خبر ہیں۔ قطعًا نہیں بلکہ وہ تو دیوبندی مزاج کے مطابق تاریخ سازی کر رہے ہیں۔

جلد اول

اہلحدیث کی علیحدہ مسجدیں اور مقلدین کا کردار

مقلدین کے اس باہمی نزاع کے باوجود جناب ڈاکٹر صاحب کو تما م مقلدین تو آپس میں شیروشکر نظر آتے ہیں مگر اہلحدیث کے بارے میں لکھتے ہیں۔ «اس دور میں اہلحدیث نام سے اپنا فرقہ وارانہ امتیاز کرنا اور اپنی علیحدہ مسجد یں بنانایہ صرف بیسویں صدی عیسوی کی ایجاد ہے۔ اس سے قبل کہیں اس فرقے کی نہ علیحدہ کوئی جماعت تھی نہ کوئی مسجد اور نہ کہیں عوام اس سے موسوم ہوتے تھے۔»(دارالعلوم ص۱۶) حالانکہ اہلحدیث مقلدین کی طرح کا کوئی فرقہ نہیں جو کسی اُمتی کی شخصیت اور اس کے فقہی اجتہادات کے گرد گھومتا ہو بلکہ یہ ایک تحر یک اور ایک طرز فکر کا نام ہے۔ جو قرن اول سے تا عصر حاضر ہے۔ اور ان شاء اللہ آئندہ بھی رہے گا۔ کسی شاطر کی ہو شیاری اور چالبازی، کسی معاند کی مخالفت اس کا وجود ختم نہیں کرسکتی۔ اگر جناب ڈاکٹر صاحب کو مقلدین کا اصول وفروع میں باہمی اختلاف ان کا «فرقہ وارانہ امتیاز»نظر نہیں آتا تو اہلحدیث کا ان سے اختلاف ان کو ان کا«فرقہ وارانہ امتیاز»کیوں نظر آتا ہے؟ اہلحدیث مشرک کے علاوہ ہر مسلمان کے پیچھے نماز پڑھنے کے قائل ہیں۔ سر خیل اہلحدیث حضرت میاں نذیر حسین محدث دہلوی رحمہ اللہ جامع مسجد دہلی میں نماز جمعہ حنفی امام کے پیچھے ادا کرتے رہے ہیں(الحیات بعد الممات)بلاشبہ پہلے اہلحدیث کی مسجد یں علیحدہ نہیں تھیں۔ انہیں علیحدہ مسجدیں بنانے پر اگرمجبور کیا ہے تو ڈاکٹر صاحب آپ کے حنفی بھائیوں نے۔ محترم بتلائیے «انتظام المساجد بإ خراج أھل الفتن والمفاسد» کے زہریلے نام سے رسالہ کس نے لکھا؟ اور اس میں کیا فتوی صادر فرمایا گیا۔؟ محترم وہ آپ کے دیو بندی مکتب فکر کے مشہور بزرگ مولانا حبیب الرحمن صاحب لدھیانوی کے جدا مجد مولوی محمد لدھیانوی تھے۔ جنہوں نے فرمایا کہ یہ اہلحدیث مرتد ہیں۔ حکام سے ان کے قتل کا مطالبہ کیا اور ساتھ یہ بھی فتوی صادر فرمایا کہ اگر یہ لوگ توبہ کریں تو ان کی توبہ قبول نہ کی جائے۔»اسی پربس نہیں، جناب من اس کے بعد «جامع الشواھد فی إخراج الوھابیین من المساجد»کے نام سے ایک اور رسالہ یہی «خدمت»سرا نجام دینے کے لئے ۱۸۸۳ء میں مولانا وصی احمد سورتی نے لکھا جس پر لدھیانہ، دیوبند، گنگوہ، پانی پت، رامپوراور دوسرے شہروں کے علمائے احناف کے دستخط لئے گئے۔ جس میں اہلحدیث کو کافر تک قرار دیا گیا۔ اور عوام سے اپیل کی گئی کہ ان کے خلاف ہاتھ اور زبان سے مقابلہ کیا جائے۔ یہ اہل سنت سے خارج اور مثل دیگر فرق ضالہ رافضی، خارجی وغیرھما کے ہیں بلکہ پاکستان بننے کے بعد ۱۹۵۸ ء میں بھی یہ رسالہ مکتبہ نبویہ لاہور سے شائع ہوا۔ اور اب بھی بعض نو آموز دیوبندی مقلدین اپنے اکابر کے اس «کارنامے»پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ محترم ڈاکٹر صاحب بتلائیے ان رسائل کے نتیجہ میں جو طوفان بد تمیزی اُٹھا اس کا سد باب اگر اہلحدیث نے علیحدہ مسجدیں بنا کر کر لیا تو آپ کو یہ بھی ناگوار کیوں ہے؟ اہل حدیث علماءتو ہمیشہ اس کوشش میں رہے کہ مسجدوں کی تفریق نہ ہو۔ جس کا زندہ ثبوت آج بھی«فتاوی علمائے اہلحدیث»میں دیکھا جا سکتا ہے۔ چنانچہ آج سے تقریبًا ساٹھ سال قبل ایک صاحب نے سوال کیا کہ ایک گاؤں میں ایک مسجد ہے اور اس میں دو مذہب اہلحدیث و حنفی اور دو امام، اب ان میں ہمیشہ مذہبی تنازع رہتا ہے۔ یہاں تک کہ خونریزی کی نوبت پہنچتی ہے۔ اب اہلحدیث جماعت چاہتی ہے کہ علیحدہ مسجد بنالیں۔ کیا ان کے لئے شرع محمدی سے جائز ہے کہ وہ علیحدہ مسجد بنا لیں۔ اس کے جواب میں مولانا احمد اللہ مرحوم نے لکھا کہ «اگر فتنہ وفساد کی صورت ہے، نماز پڑھنے سے روکتے ہیں یا امور سنت کے ادا کرنے سے منع کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں دوسری مسجد کے بنانے میں کوئی حرج نہیں!اور ماہنامہ«محدث»نے اس کے جواب میں لکھا۔«دونوں حق پر ہیں جہاں تک ہو اہلحدیث اس مسجد میں نماز پڑھیں پڑھائیں قانونًا بھی ان کا حق ہے۔ اسلامًا بھی ان کا حق ہے تا ہم اگر اپنی مسجد علیحدہ بنا ئیں تو بنا سکتے ہیں۔»اور مولانا محمد یونس مدرس مدرسہ حضرت میاں صاحب دہلی نے جواب میں فرمایا۔«جب نو بت خونریزی کو پہنچ رہی ہے تو اہلحدیث کو ضروری ہے کہ مسجد الگ بنا کر نماز ادا کریں اور فتنہ سے الگ ہو جائیں۔»اور یہ بھی فرمایا گیا کہ «جہاں تک ممکن ہو اصلاح کی کوشش کی جائے اور ایک ہی مسجد میں نماز ادا کی جائے۔ اپنا قبضہ مسجد میں ضرور رکھا جائے ہاں اگر بفرض محال کوئی صورت نظر نہ آتی ہو تو پھر مجبوری ہے۔»(فتاوی علمائے اہلحدیث ج۲ص۲۲۰،۲۲۱) اس لئے اہلحدیث حضرات نے اگر علیحدہ مسجدیں بنا ئیں تو ان فتنوں کے نتیجہ میں، فتنہ وفساد سے بچنے اور مسلمانوں کو خونریزی سے بچانے کے لئے، کتنے افسوس کی بات ہے کہ فتنہ وفساد بھی آپ کھڑا کر یں اور اُلٹا علیحدہ مسجدیں بنانے کا الزام بھی عائد کریں۔ اگر علیحدہ مسجد بن جانے سے تفریق بین المسلمین کا اتنا ہی غم جناب ڈاکٹر صاحب کو کھائے جارہا ہے تو وہ ذرا بتلائیں کہ برصغیر میں خود حنفی مقلدین کی مسجد یں جداجدا کیوں ہیں؟ 8آج سے چند سال قبل دیو بندی حضرات میں مسئلہ حیاۃ النبی ﷺ کے سلسلے میں حیاتی، مماتی تفریق اور اسی بنیاد پر علیحدہ مسجدوں کا غم آخر ڈاکٹر صاحب کو کیوں نہیں؟ آپ جناب ڈاکٹر صاحب کی کج بحثی اور کج روی ملاحظہ فرمائیں کہ ایک طرف تمام مقلدین کے بارے میں یہ تأثردیتے ہیں کہ« ان کا اختلاف انہیں آپس میں نہ لڑا سکا» اور یہ بھی لکھتے ہیں کہ:۔ «وہ اختلافی مسائل میں ایک دوسرے کے خلاف استدلال تو کرتے ہیں مگر ایک دوسرے کے خلاف نفرت پیدا نہیں کرتے۔ نہ ہی ایک دوسرے کی تفسیق وتضلیل کرتے ہیں» (دارالعلوم ص۱۵) مگر دوسری طرف ان کی علیحدہ علیحدہ مسجدوں کو ان کی قدامت اورحقانیت کی دلیل کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ ذرا غور فرمائیے کہ اہلحدیث اپنے بچاؤکے لئے علیحدہ مسجد بنا لیں تو وہ مجرم ٹھہریں۔ اور اگر مقلدین علیحدہ علیحدہ مسجدیں بنالیں تو یہ ان کی قدامت کی دلیل بن جائے۔ حالانکہ قرون وسطی میں مقلدین کی علیحدہ مسجدیں ان کی تفریق اور باہم جنگ وجدال کے نتیجہ میں تھیں۔ حنفی شافعی ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھنے سے گر یز کرتے تھے۔ بلکہ فقیہ ابو اللیث السمرقندی نے صاف طور پر لکھا ہے کہ۔ «شافعی کی اقتداء حنفی کو اسی صورت جائز ہے جب وہ متعصب نہ ہو، ایمان کے بارے میں«إن شاء للہ أنا مؤمن»نہ کہتا ہو، قبلہ سے انحراف شدید نہ کرے، سبیلین کے علاوہ اس کے بدن سے کوئی چیز نکلے (خون وغیرہ)تو اس سے وضو کرے، ماء قلتین میں اگر نجاست گری ہو تو اس سے وضو نہ کیا ہو، رکوع کو جاتے اور اُٹھتے وقت رفع الیدین نہ کرے» (فتاوی النوازل ص۴۸ج۴۹) مشہور شارح ہدایہ امیر کا تب الاتقانی المتوفی ۷۵۸ھ نے رفع الیدین کے بارے میںایک رسالہ لکھا۔ جس میں انہوں نے لکھا کہ میں ۷۴۷ ھ میں دمشق گیا۔ لوگ مغرب کی نماز کے لئے جمع تھے۔ ہم نے نماز پڑھی۔ امام صاحب نے رکوع جاتے اور رکوع سے اُٹھتے وقت رفع الیدین کی تو میں نے اپنی نماز دوبارہ پڑھی اور میں نے امام صاحب سے کہا آپ مالکی ہیں یا شافعی؟ تو اس نے کہا میں شافعی ہوں۔ میں نے کہا کیا حرج تھا اگر آپ نماز میں رفع الیدین نہ کرتے تا کہ جو آپ کے مسلک کے مخالف مقتدی ہیں ان کی نماز فاسد نہ ہوتی۔ تم نے جب رفع الیدین کی ہماری نماز فاسد ہو گئی۔»(التعلیقات السنیۃص۵۰) علامہ لکھنوی ؒاور بعض دیگر علمائے احناف نے گو امیرالا تقانی کی تردید کی ہے کہ رفع الیدین سے نمازکے فاسد ہونے کا خیال غلط ہے مگر یہ تنہا امیر الاتقانی کا موقف ہی نہیں۔ خلاصہ کیدانی (ص۱۵،۱۶)میں رفع الیدین کے ساتھ ساتھ جہراً بسم اللہ پڑھنے، بلند آواز سے آمین کہنے اور تشہد میں اشارہ کرنے کو بھی نماز کے محرمات میں شمار کیا گیا ہے اور یہ وہ رسالہ ہے جس کے لوح اول پر لکھا ہوا ہے کہ تو طریق صلاۃ کے دانی گر نہ دانی خلاصہ کیدانی اگر تمہیں خلاصہ کیدانی نہیں آتا تو تمہیں نماز کا طریقہ کیسے آسکتا ہے! اسی طرح ردالمحتار (ج۱ص۶۵۴) اور التاتارخانیہ (ج۱ص۵۶۲)میں ہے کہ «رفع الیدین»نماز میں مکروہ ہے۔ بدائع الصنائع( ج۱ص۵۴۸)اور شرح المنیہ(ص۳۴۷) میں بھی «رفع الیدین»کو نماز کے لئے مکروہ تحریمی قرار دیا گیا ہے (فیض الباری ج۲ص۲۵۷) شیخ ابو حفص کبیر ؒکے زمانے میں ایک شخص حنفی طریقہ چھوڑ کر امام کے پیچھے سورئہ فاتحہ پڑھنے اور رفع الیدین کرنے لگا۔ شیخ ابو حفصؒ کو اس کی خبر ہوئی تو وہ سخت ناراض ہوئے۔ حاکم وقت کے پاس جا کر اس کی شکایت کی۔ بادشاہ نے جلاد کو حکم دیا کہ بر سر بازار اسے درے لگا ئے جائیں۔ بالآخر کچھ لوگ (رحم کھا کر)شیخ موصوف کے پاس آئے اور اس کے بارے میں سفارش کی اور اس کو لا کر ان کی خدمت میں حاضر کیا۔ اس نے توبہ کی تو اس سے عہد وپیمان لے کر چھوڑا تب اس کی جان بچی (التاتا رخانیہ ج۵ص۱۴۵) امام بخاری ؒ سے احناف کی عداوت کا ایک سبب یہی رفع الیدین کرنا تھا۔ چنانچہ حافظ ذہبی ؒ نے ذکر کیا ہے کہ امام بخاری ؒ چوہدری کے ہاں رہتے تھے۔ وہاں ان کے پاس وہ لوگ آتے جو شعار اہلحدیث کے مطابق اکہری تکبیر کہتے اور نماز میں رفع الیدین وغیرہ کرتے۔ یہ دیکھ کر حنفی فقیہ حر یث بن ابی الورقاء نے سمجھا کہ یہ ہمارے شہر میں«فساد»کھڑا کر دے گا۔ جس کی بنا پر وہ امام صاحب کی مخالفت پر اُتر آیا۔ اسی قسم کا اظہار شوافع کی طرف سے ہوا۔ وہ بھی فقہی فروعات میں اختلاف کی بنا پر حنفیوں کے پیچھے نماز پڑھنے کوناجائز قرار دیتے ہیں۔ جس کی تفصیل شرح المہذب (ج۴ص۲۸۹، ج ۱ ص ۲۰۳) میں دیکھی جا سکتی ہے۔ اسی تنگ نظری اور فتوی بازی کا نتیجہ تھاکہ عین البلد الأمین میں بھی علیحدہ علیحدہ حنفی، شافعی، مالکی، حنبلی چار مصلوں کو رواج دیا گیا۔ اور مقلدین حضرات اپنے اپنے امام کے پیچھے نماز ادا کرتے تھے۔ ابن جبیر اندلسی المتوفی ۶۱۴ھ نے اپنے سفر نامہ میں اس کی جو تفصیل ذکر کی وہ باعث عبرت ہے۔ موصوف جمادی الاولیٰ ۵۷۹ھ میں مکہ مکرمہ پہنچے۔ یہاں کے حالات میں لکھتے ہیں۔ «اہل سنت کے ائمہ میں سب سے پہلے امام شافعی ؒکے مصلّے پر نماز ہوتی ہے۔ یہ عباسی اماموں کے پیشوا ہیں۔ ان کا مصلّی«مقام کریم»کے عقب میں ہے۔ ان کے بعد مالکی نماز پڑھتے ہیں۔ مگر مغرب کی نماز وقت کی تنگی کی وجہ سے سب امام ایک ساتھ ہی ادا کرتے ہیں۔ اس وقت کی نماز میں تمام مقتدی اپنے اپنے مؤذن اور اماموں کی آوازوں پر بغور متوجہ رہتے ہیں۔ اس لئے کہ چاروں طرف سے کان میں تکبیر وں کی آواز آتی ہے اور نمازیوں کو دھوکا ہوتا ہے کہ کبھی مالکی، شافعی اور حنبلی مؤذنوں کی تکبیر پر رکوع وسجود کرتے ہیں اور کبھی اپنے امام کے خلاف دوسرے امام کے ساتھ سلام پھیر دیتے ہیں۔» (سفرنامہ ابن جبیر۔ مترجم ص۸۵) 3بتلائیے تفریق وتشتت کی اس سے بڑھ کر اور کیا مثال ہو گی کہ «البلدالحرام»میں بھی اس سے اجتناب نہیں کیا گیا۔ اور اپنے تقلیدی جمود کو وہاں بھی ہوا دی گئی۔ جامع ازہر کے استاذ شیخ محمود عبد الوہاب کا بیان ہے کہ میں نے «اریاف»کی جامع مسجد میں مغرب کی نماز پڑھی۔ امام نے بسم اللہ جہراً نہ پڑھی تو ایک صاحب نے بلند آواز سے کہا«إن صلا تکم باطلۃ»کہ تمہاری نماز باطل ہے۔ نماز دوبارہ پڑھو۔ چنانچہ دوبارہ تکبیر ہوئی۔ پہلے امام نے اس آواز دینے والے کے پیچھے نماز دوبارہ پڑھی۔ نماز سے فارغ ہونے کے بعد اس نے پوچھا۔ جناب مجھ سے کیا غلطی سر زد ہوئی تھی؟ تو اس نے کہا«تم نے بسم اللہ فاتحہ کے ساتھ نہیں پڑھی»اسی طرح شیخ عبد الجلیل عیسیٰ نے ذکر کیا کہ میں نے شافعیوں کو حنفی یا مالکی امام کے پیچھے جمعہ کے روز صبح کی نماز پڑھتے دیکھا۔ حنفی امام نے سورۃ «السجدہ»صبح کی نماز میں نہ پڑھی تو شافعیوں نے نماز دہرائی۔ (الفرقان ص۵۵ عدد ۴۸، اپریل ۱۹۹۴ء) علامہ رشید رضا مصری ؒنے ذکر کیا ہے کہ «افغانستان کے ایک حنفی نے سنا کہ اس کے پاس کھڑا نمازی امام کے پیچھے فاتحہ پڑھ رہا ہے تو اس نے اس کے سینہ پر اس زور سے مُکا رسید کیا کہ وہ پیٹھ کے بل گر پڑا تھا۔ بلکہ قریب تھا کہ وہ اس سے مر جاتا۔ اور مجھے یہ بات بھی پہنچی ہے کہ بعض نے تشہد میں انگلی سے اشارہ کرنے والے کی انگلی کو توڑ دیا۔ قرن ماضی میں طرابلس میں تعصب کی انتہاء ہو گئی کہ بعض شافعیوں نے مفتی اعظم کے پاس جا کر کہا کہ ہمارے اور حنفیوں کے درمیان مساجد کو تقسیم کر دیا جائے، کیونکہ ان کے فلان فلان فقہاء ہمیں اہل ذمہ کی طرح سمجھتے ہیں۔ اور ان میں یہ اختلاف چل نکلا ہے کہ حنفی آدمی شافعی عورت سے شادی کر سکتا ہے یا نہیں؟ بعض نے کہا کہ نہیں کر سکتا کیونکہ شافعی عورت ایمان میں«أنا مؤمن إن شاء اللہ»کہہ کر شک کا اظہار کرتی ہے اور بعض نے کہا کہ ذمی پر قیاس کر کے اس سے نکاح ہو سکتاہے۔»(مقدمہ المغنی ص۱۸) مولانا سید ابوالحسن علی ندوی افغانی قبائل کے بارے میں لکھتے ہیں۔ «یہ قبائل نماز میں تشہد کے وقت انگلی اٹھانے کو سخت بدعت اور ناقابل معانی گناہ سمجھتے تھے۔ حتی کہ بعض پر جوش اور مغلوب الغضب لوگ نمازی کی انگلی توڑ ڈالنے میں بھی کو ئی حرج نہیں سمجھتے تھے۔ اور یہ سب اس بنیاد پر کہ بعض فقہ کی کتابوں مثلًا خلاصۃ الکیدانی میں تشہد کے وقت انگلی اٹھانا حرام قرار دیا گیا ہے۔» (جب ایمان کی بہار آئی ص۲۱۳،۲۱۴حاشیہ) بتلائےے اس سے بڑھ کر انتشار وتفریق اس تقلید کی بنا پر اور کیا ہو گی؟ مگر ڈاکٹر صاحب بڑی معصومیت سے فرماتے ہیں «ان کا اختلاف انہیں آپس میں نہ لڑا سکا»حالانکہ خود انہوں نے فرمایا ہے کہ«جب فقہی اختلاف علیحدہ علیحدہ جماعت بندیوں میں لے آئے اور ان امتیازات پر مسجدیں علیحدہ علیحدہ بننے لگیں تو پھر یہ اختلاف رحمت نہیں زحمت بن جاتا ہے۔»(دارالعلوم ص۲۴) قارئین کرام انصاف فرمائیں۔ مقلدین کی کیا علیحدہ علیحدہ مسجدیں نہیں!بلکہ عین«البلد الحرام» میں اسی تفریق کوقائم رکھا گیا اور بعض نے اس کی تحسین بھی کی (شامی)فقہی اختلاف میں تشدد اور تحزب کو ہوا نہیں دی گئی؟ بلکہ ان مسائل کو موجب فساد نماز قرار نہیں دیا گیا؟ تو پھر مقلدین کا یہ اختلاف رحمت کیسے؟ اور یہ حضرات آپس میں «ایک اور نیک»کیسے؟ جیسا کہ ڈاکٹر صاحب باو رکرا رہے ہیں۔

جلد اول

3ائمہ کرامؒ اس سے بری ہیں

مقلدین کی اس تنگ نظری سے یقین جانئے ائمہ کرام ؒ کا کوئی تعلق نہیں۔ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ لکھتے ہیں۔ صحابہؓ و تابعین ؓمیں بعض جہراًبسم اللہ پڑھتے تھے، بعض آہستہ پڑھتے اور بعض نماز میں بسم اللہ نہیں بھی پڑھتے تھے۔ بعض صبح کی نماز میں قنوت پڑھتے بعض نہیں پڑھتے تھے۔ بعض سنگی لگوانے، نکسیر بہنے اور قے آنے سے وضو کرتے اور بعض نہیں کرتے تھے۔ بعض آگ کی پکی ہوئی چیز کے کھانے سے وضو کرتے اور بعض نہیں کرتے تھے۔ بعض اونٹ کا گوشت کھانے سے وضو کرتے اور بعض نہیں کرتے تھے۔ لیکن اس کے باوجود وہ ایک دوسرے کے پیچھے نمازیں پڑھتے تھے۔ اسی طرح امام ابو حنیفہؒ اور ان کے تلامذہؒ اور امام شافعیؒ وغیرہ مدینہ طیبہ کے مالکی ائمہ ؒ کے پیچھے نماز یں پڑھتے تھے۔ حالانکہ وہ نماز میں بسم اللہ نہیں پڑھتے تھے۔ نہ جہراً نہ سراً۔ خلیفہ رشید نے نماز پڑھائی حالانکہ اس نے سنگی لگوائی تھی۔ اس کے باوجود امام ابو یوسفؒ نے ان کے پیچھے نماز پڑھی۔ اس کا اعادہ نہیں کیا۔ امام احمد ؒ نکسیر بہنے اور سنگی لگوانے سے وضو ٹوٹ جانے کے قائل تھے۔ ان سے پو چھا گیا کہ اگر امام کے جسم کے کسی حصہ سے خون نکل آئے اور وہ بغیر دوبارہ وضو کئے نماز پڑھائے۔ کیا اس کے پیچھے نماز پڑھی جائے۔؟ انہوں نے جواب دیا کہ میں امام مالکؒ اور سعید بن مسیب ؒ کے پیچھے نماز کیوں نہیں پڑھوں گا؟» (حجۃ اللہ ج۱ص۱۵۹) نیزدیکھئے (المغنی لابن قدامہ: ج۲ص۲۷، التمہید:ج ۱۱ص۱۳۹) اس لئے فروعی اختلاف کی بنا پر ایک دوسرے کے پیچھے نماز نہ پڑھنے کا فتوی ائمہ مجتہدین کا نہیں بلکہ متعصب مقلدین کا ہے۔ جس کا اسلام کے ساتھ قطعًا کوئی تعلق نہیں۔

جلد اول

3اہلحدیث اور ہمارے اسلاف

صحابہ کرام ؓ میں سبھی حضرات کا ماخذ ومر جع کتاب وسنت تھا۔ حضرت عثمان ؓ کے آخری دور میں جب فتنوں کاآغاز ہوا۔ سبائیوں، رافضیوں، ناصبیوں اور خارجیوں نے اس سلسلے میں جو راستہ اختیار کیا وہ یقینا صحابہ کرام ؓ کا راستہ نہیں تھا۔ ان بدعی فرقوں کا بحیثیت مجموعی صحابہ کرام ؓ پر اعتما دنہ رہا۔ رافضی وسبائی (دعوے کی حد تک) حضرت علیؓ۔ اہل بیت اور چند صحابہ کے ہو کر رہ گئے۔ ناصبیوں کا مزاج اس کے برعکس تھا۔ خارجیوں نے جنگ جمل وصفین میں حصہ لینے والوں کو کافر ومشرک قرار دیا۔ اور ان کی روایات کوناقابل اعتبار ٹھہرایا۔ مگر اس دور میں اکثریت نے تمام صحابہ کرام ؓ پر اعتماد کیا۔ انہیں عادل تسلیم کیا۔ اور بلا امتیاز سب کی روایات وفرمودات سے استفادہ کیا۔ یہی صورت حال بالعموم تابعین ؒ، تبع تابعین ؒ اور ائمہ مجتہدین کے دور میں قائم رہی۔ ائمہ اربعہ سے پہلے سبھی کتاب وسنت کے متبع مسلمان اوراہل سنت واہلحدیث تھے۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒ رقمطراز ہیں:۔ ومن أھل السنۃ والجماعۃ مذھب قدیم معروف قبل أن یخلق اللہ أباحنیفۃ ومالکا والشافعی وأحمد فإنہ مذھب الصحابۃ الذین تلقوہ عن نبیھم ومن خالف ذلک کان مبتدعاعند أھل السنۃ والجماعۃ۔» (منہاج السنۃ ج۱ص۲۵۶) یعنی «اہل سنت والجماعت کا ایک مذہب بڑا قدیم اور معروف ہے۔ یہ مذہب امام ابوحنیفہؒ، امام مالکؒ، امام شافعیؒ، اور امام احمد ؒکی پیدائش سے بھی پہلے دنیا میں موجود تھا وہ صحابہ ؓ کا مذہب تھا۔ جو انہوں نے اپنے نبی ﷺ سے سیکھا اور جو کوئی اس کے خلاف ہو وہ اہل السنّۃ والجماعۃ کے نزدیک بدعتی ہے۔» امام عامر ؒبن شراحبیل شعبی جو امام ابو حنیفہ ؒ کے اُستاذ ہیں اور انہیں پانچ صد صحابہ کرام ؓ سے شرف ملاقات بھی حاصل ہے۔ نے فرمایا۔ «لو استقبلت من إمری ما استد بر تما حدثت إلابما اجمع علیہ أھل الحدیث»(التذکرہ ج۱ص۸۲) «جو بات اب سمجھا ہوں اگر مجھے اس کاپہلے سے علم ہوتا تو میں وہی احادیث بیان کرتا جن پر اہلحدیث کا اجماع ہے۔» ابوبکر ؒبن عیاش جن کا شمار اتباع التابعین میں ہوتا ہے۔ فرماتے ہیں۔ 1(المیزان للشعرانی ج۱ص۵۷) «ہر زمانے میں اہلحدیث کی وہ شان رہی جو اہل اسلام کی دوسرے ادیان والوں میں ہے» گویا اہلحدیث، اہل سنت کا وجود خیر القرون میں تھا۔ جب کہ حنفی، شافعی، مالکی وغیرہ نسبتوں کا وہاں ابھی کوئی تصور نہ تھا۔ مگر جناب ڈاکٹر صاحب اس کے بالکل برعکس فرماتے ہیں۔ «اہل علم اس بات سے واقف ہیں کہ سلف صالحین میں اس فرقے کا نام تک نہ تھا لوگ یا عالم اور مجتہد ہوتے تھے۔ یا پھر ان کے مقلد، غیر مقلدین کے طور پر کوئی تیسرا گروہ اس وقت موجود نہ تھا۔»(دارالعلوم ص۱۶) اب ڈاکٹر صاحب کو بایں دعویٰ علم وفضل کون سمجھائے کہ جناب«سلف صالحین» میں تو تقلید شخصی کا کہیں وجود ہی نہیں تھا۔ خیر القرون میں عامی آدمی جس سے چاہتا مسئلہ دریافت کر لیتا۔ ایک ہی امام کو اپنا مقتد ابنا لینا اور عامۃ الناس کو اس کی تقلید کی دعوت دینا اجماع سلف کے منافی ہے۔ کسی اور کے حوالہ سے شاید ڈاکٹر صاحب جِزْبِز ہوں۔ ہم ان کی خدمت میں انہی کے محبوب «علامہ زاہد الکوثریؒ»کا حوالہ پیش کرتے ہیں۔ امام الحرمینؒ جو ینی نے «مغیث الخلق»میں کہا تھا کہ تما م مسلمانوں کو اما م شافعیؒ کی تقلید کرنی چاہئے جس کے علامہ موصوف نے مختلف جوابات دئیے۔ ایک ان میں سے یہ ہے۔ «ثم إیجابہ اتباع المسلمین کافۃ لإامام خاص مخالف للا جماع ولمدارک الأصولیین قال الشھاب أحمد بن إدریس القرافی فی شرح تنقیح الفصول انعقد الإ جماع علی أن من أسلم فلہ أن یقلد من شاء من العلماء بغیر حجر وأجمع الصحابۃ رضوان اللہ علیھم علی أن من استفتٰی أبابکر وعمر رضی اللہ عنھما أوقلد ھما فلہ أن یستفتی أبا ھریرۃ ومعاذ بن جبل وغیرھما ویعمل بقولھما من غیر نکیر فمن ادعی رفع ھذین الإجماعین فعلیہ الدلیل»(احقاق الحق ص۲۱) «یعنی تما م مسلمانوں کے لئے ایک خاص امام کی اتباع کو ضروری قرار دینا اجماع اور اصولیین کے مدارک کے خلاف ہے۔ احمد بن ادریس القرافی نے شرح تنقیح الفصول میں کہا ہے کہ اس بات پر اجماع ہو چکا ہے کہ جو مسلمان ہو وہ بلا امتیاز جس عالم کی چاہے تقلید کرے اور صحابہ کا بھی اس پر اجماع ہے کہ جو کوئی ابو بکر وعمر ؓ سے مسئلہ دریافت کرتا ہے یا ان دونوں کی تقلید کرتا ہے تو اس کے لئے جائز ہے کہ وہ ابو ہریرہؓ اور معاذ بن جبل ؓ وغیرہ سے بھی مسئلہ دریافت کرے اور بلا حجاب ان کے قول پر عمل کرے۔ پس جو کوئی ان دونوں اجماعوں کے ختم ہونے کا مدعی ہے اسے دلیل پیش کرنی چاہئے۔» علامہ القرافی کا یہ قول ابن امیر الحاج نے «التقریر»(ج۳ص۳۵۴)علامہ عبد العلی نے «فواتح الرحموت( ج۲ص۴۰۷) اور علامہ فاضل قند ھاری نے «مغتنم الحصول»میں بھی ذکر کیا ہے۔ اور علامہ القرافی نے یہی بات «الذخیرۃ»(ج۱ ص۱۴۱) میں بھی کہی ہے۔ ثابت ہوا کہ سلف میں کسی ایک معین امام کی تقلید واتباع کا تصور نہ تھا۔ وہ جس سے چاہتے مسئلہ دریافت کرتے اور یہی طریقہ اہلحدیث کا تھا اور بحمد اللہ آج بھی ہے۔ امت کو کسی نہ کسی امام کی تقلید کا پابند بنانا اجماع سلف کے مخالف ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے الفاظ میں«سلف صالحین»سے مراد قرون وسطیٰ کے مقلدین ہوں تو الگ بات ہے۔ ورنہ صحابہ اور تابعین میں کسی ایک کی تقلید بالاتفاق جائز نہ تھی، جیسا کہ علامہ قرافی ؒ نے صراحت فرمادی ہے۔ جب کہ قرون وسطی میں بھی بہت سے علماء نے تقلید وجمود کی تردید کی ہے۔ تقلید وجمود کا دور سلف کے اس طریقہ وعمل کے برعکس جب تقلید وجمود نے پنجے گاڑ دیئے تو حنفیوں نے حنفی فقہ کو اور شافعیوں نے شافعی فقہ کو اپنے لئے کافی سمجھا۔ اور مختلف ادوار میں حکومتوں کے زیر سایہ تقلید کے بند ھنوں کو مزید مضبو ط بنانے کی پوری پوری کوشش کی جانے لگی۔ اس سلسلے میں آپ کو یہ فقہی مسئلہ بھی ملے گاکہ «اگر کوئی حنفی شافعی مذہب اختیار کرے تو اس کی شہادت قابل قبول نہیں۔»(درمختار کتاب الشہادات) اسی کی شرح میں لکھا۔ «وتقدم فی باب التعزیرأن من ارتحل إلی مذھب بدون حاجۃ شرعیۃ یعزروکان ذلک معصیۃ موجبۃ لرد شھادتہ ولأنہ لیس للعامی أن یتحول من مذھب إلی مذھب ویستوی فیہ الحنفی والشافعی وقیل لمن انتقل إلی مذہب الشافعی لیزوج لہ أخاف أن یموت مسلوب الإیمان۔» 6(تکملہ ردالمحتار ج۷ص۱۴۷) یعنی «پہلے باب التعزیر میں گزر چکا ہے کہ جو کوئی بغیر شرعی ضرورت کے مذہب تبدیل کرتا ہے اُسے تعزیراًسزا دی جائے گی۔ اور یہ گناہ شہادت ردکرنے کا سبب ہے۔ کیونکہ عامی کے لئے روانہیں کہ وہ ایک مذہب سے دوسرے مذہب کی طرف جائے اور اس میں حنفی اورشافعی مذہب برابر ہیں۔ اور کہاگیا ہے کہ جو کوئی شادی کرانے کے لئے شافعی مذہب اختیار کرتا ہے اس کے بارے میں ڈرہے کہ مرتے ہوئے اس کا ایمان سلب ہو جائے گا۔»اس سلسلے میں مزید عالمگیری (ج۲ص۱۶۹) بھی دیکھ لیجئے اور تفصیل کے لئے درمختار مع ردا لمحتار کا باب التعزیر(ج۴ص۸۰)ملا حظہ ہو۔ آگے بڑھنے سے پہلے یہاں ذرا اس بات پر بھی غور فرمالیجئے کہ انتقال مذہب میں«بدون حاجۃ شرعیۃ»کی قید ہے۔ ایک طرف فقہاء کے اختلافات کے بارے میں تأثریہ دیا جاتا ہے کہ چاروں حق ہیں۔ اور ان کی حیثیت معاذاللہ چار شرائع کی ہے۔ مگر دوسری طرف ایک سے دوسرے کی طرف منتقلی کو قابل تعزیر بھی سمجھا جاتا ہے۔ اور اس کی شہادت کو مردود قرار دیا جاتا ہے۔ البتہ اس میں عالم کی رعایت رکھی گئی اور عامی کو پابند کر دیا گیا۔ حالانکہ اصول فقہ کی تقریبًا تمام کتابوں میں موجود ہے کہ «العامی لا مذھب لہ» کہ عامی کا کوئی مستقل مذہب نہیں وہ جس سے چاہے فتویٰ پوچھ سکتا ہے۔ اسی فتوی کے تناظر میں ذرا یہ بھی دیکھ لیجئے کہ« فتاویٰ البزاز یہ»میں قاضی ابو یوسف ؒسے منقول ہے کہ انہوں نے ایک ایسے حمام سے غسل کر کے نماز پڑھائی جس کے بارے میں بعد میں پتہ چلا کہ اس حمام کے کنوئیں میں چوہامرا ہوا تھا۔ یہ معلوم ہونے پر انہوں نے فرمایا۔«إذا نأخذ بقول إخواننا من أھل المدینۃ إذا بلغ الماء قلتین لم یحمل الخبث»کہ آج ہم اپنے اہل مدینہ بھا ئیوں کے قول پر عمل کر لیتے ہیں کہ جب پانی دو قلہ کے برابر ہو وہ پلید نہیں ہوتا۔»(حجۃ اللہ ج۱ ص۱۵۹) 0غور طلب بات یہ ہے کہ کس«شرعی ضرورت»کے تحت قاضی ابو یوسف ؒ نے اہل مدینہ کے فتوی پر عمل کیا؟ اور کیا آج کسی حنفی عالم سے اس کی توقع رکھی جا سکتی ہے؟ اسی طرح جامع الفتاوی میں ہے کہ «اگر کوئی حنفی یہ کہے کہ میں فلاں عورت سے شادی کروں تو اسے تین طلاق پھر اس نے کسی شافعی سے اس کے بارے میں سوال کیا تو اس نے کہا وہ مطلقہ نہیں ہوگی اور اس کی ایسی قسم باطل ہے۔ اس مسئلہ میں شافعی کی اقتداء میں کوئی حرج نہیں۔»(حجۃ اللہ ج۱ ص ۱۵۹) غور فرمائیے کہ کوئی حنفی شادی کے لئے شافعی بن جائے تو سلب ایمان کا خطرہ، کیونکہ کہا گیاہے کہ«جیفہ»کی خاطر اس نے اپنا حق مذہب چھوڑا۔ مگر جامع الفتاوی کے اس فتوی میں کیا«جیفہ» کی خاطر شافعی مسلک کو قبول کر لینے کی اجازت نہیں دے دی گئی؟ پھر عامی کے لئے پابندی، عالم کو اس کی اجازت۔ آخر « « عالم»کی یہ تخصیص کس بنا پر ہے؟ ہوا ئے نفس کا یہاں شبہ بالکل مفقود کیسے کر دیا گیا؟ اور کیا اسی بنا پر بعض «علماء»نے انتقال مذہب کا ارتکاب نہیں کیا؟ ہمارے نزدیک ان لوگوں کی یہ ساری بحث صرف تقلید و جمود کو مضبوط کرنے کے لئے ہے۔ یہی نہیں بلکہ کہا گیا کہ اگر کوئی مقلد قاضی اپنے امام کے فتوی کے خلاف فیصلہ دے گا تو وہ نافذ العمل نہیں ہو گا۔ اورجب قاضی مذہب کے کسی ضعیف قول پر فیصلہ دے تو وہ نافذ نہیں ہو گا تو خلاف مذہب قول پر فیصلہ کیونکر صحیح سمجھا جائے گا۔(الدرمع الشامی ج ۱ ص ۷۶) البتہ بعض نے اس میں اتنی وسعت دے دی کہ«اگر قاضی مجتہد ہو تو اس کے خلاف مذہب فیصلے کو اجتہاد پر محمول کرتے ہوئے نافذ العمل سمجھا جائے گا۔»(درمختار مع الشامی ج۵ص۴۰۴، ج۱ ص ۸۵) مگر کیا کیا جائے کہ اجتہاد اً ختلاف کا حق بھی پسند یدہ قرار نہی دیا گیا۔ چنانچہ علامہ طحطاوی ؒ لکھتے ہیں۔ «والإ نصاف ما قالہ الکمال وعبارتہ قالوا المنتقل عن مذھب إلی مذھب باجتھاد وبرھان آثم یستوجب التعزیر فبلا اجتھاد وبرھان أولی۔» «انصاف کی بات وہی ہے جو شیخ کمال ؒنے کہی ہے اس کی عبارت یہ ہے کہ «انہوں نے فرمایا ایک مذہب سے دوسرے مذہب کی طرف اجتہاد ودلیل کی بنا پر منتقل ہونے والا گنہگار اور واجب التعزیر ہے تو اجتہاد ودلیل کے بغیر دوسرے مذہب کی طرف منتقل ہونے والا بالاولیٰ قابل تعزیر اور گنہگار ہے۔» غالبًا یہی وجہ ہے کہ خاوند اگربیوی کا نان ونفقہ پورا نہ کر سکے تو شافعیوں کے نزدیک قاضی ان کے مابین تفریق کا فیصلہ کر سکتا ہے مگر حنفیوں کے نزدیک تفریق جائز نہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ خاوند کو قرض لے کر نان ونفقہ کا انتظام کرنا چاہئے۔ تا آنکہ وہ غنی ہو جائے۔ مگر جب دیکھا کہ ایسے نادار اور غریب ومفلس کو قرض کون دے گا۔ اس کا غنی اور امیر ہو جانا بھی محض وہم پر مبنی ہے۔ تو استحسا نًا یہ کہا گیا کہ حنفی قاضی کو چاہئے کہ وہ اپنا نائب کوئی شافعی قاضی مقرر کر دے تا کہ وہ ان کے مابین تفریق کا فیصلہ کر دے الفاظ ہیں۔ «استحسنواأن ینصب القاضی نائبًا شافعی المذھب یفرق بینھما» (شرح وقایۃج۲ص۱۷۴،۱۷۵، کتاب الطلاق۔ باب نفقۃ الیسار والعسار) جس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں۔ کہ تقلیدی حدبندیوں کا عالم کیا تھا۔ حالانکہ یہ انداز اور یہ جمود سلف میں قطعًا نہیں تھا۔ اس دور میں سبھی کتاب وسنت کے فرمانبردار تھے۔ کوئی حنفی شافعی نہ تھا۔ سبھی سنت وحدیث کے پیروکار تھے۔ عامی آدمی جو عالم یا مجتہد نہ تھا وہ انہی متبعین کتاب و سنت سے بلا امتیاز مسئلہ دریافت کرتا اور اس پر عمل پیرا ہوتا۔ حیرت ہے کہ کتب اُصول فقہ میں اس بات کی صراحت کے باوجود کہ «العامی لا مذھب لہ» عامی کا کوئی مذہب نہیں۔ اس کا وہی مذہب ہے جو اس کے مفتی کا ہے۔ بایں طور تمام حنفی عوام حنفی مقلد ہیں تو متبع کتاب وسنّت اہلحدیث عالم سے فتویٰ پوچھ کر عمل کر نے والے عوام اہلحدیث اور متبع کتاب وسنت کیوں نہیں؟۔ غیر مقلدعالم مگر بڑے افسوس کی بات ہے کہ جناب ڈاکٹر صاحب بڑے جذباتی انداز میں لکھتے ہیں۔ «اس دور میں غیر مقلدین جو نہ عالم ہوتے ہیں نہ مقلد اپنے آپ کو محققین اور محدثین کہہ کر رات دن غلط بیانی کرتے ہیں۔» (دارالعلوم ص۱۶) ہمارے مہربان کے الفاظ میں«غیر مقلدین سے مراد اگر علمائے اہلحدیث ہیں تو اس کے جواب میں ہم «عُرفی»کا مشورہ قبول کرتے ہوئے اسی پر اکتفا کرتے ہیں آنکھیں اگر ہیں بند تو پھر دن بھی رات ہے اس میں قصور کیا ہے بھلا آفتاب کا؟ یا یوں بھی کہ پتہ پتہ بوٹا بو ٹاحال ہمارا جانے ہے جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے اور اگر اس سے مراد عوام اہلحدیث ہیں تو معاف کیجئے یہ ڈاکٹر صاحب کی کذب بیانی ہے۔ عوام اہلحدیث نہ اپنے آپ کو«محققین ومحدثین»کے زمرہ میں شمار کرتے ہیں اور نہ ہی علمائے اہلحدیث نے کبھی یہ تأثر دیا ہے بلکہ وہ اپنے آپ کو متبع کتاب وسنت سمجھتے ہیں مقلد عالم آگے بڑھنے سے پہلے ذرا اس پر بھی غور کرلیجئے کہ ڈاکٹر صاحب نے کہا ہے کہ«غیر مقلدین جو نہ عالم ہوتے ہیں نہ مقلد»الخ کیا یہ اس حقیقت کا اعتراف نہیں کہ «مقلد»عالم نہیں ہوتا۔ جیسا کہ حافظ ابن قیم ؒ اور ابن عبد البر وغیرہ نے ذکر کیا ہے۔ مگر اس کے برعکس حضرت موصوف فرماتے ہیں «تقلید کسی مرتبہ جہل کا نام نہیں»فإناللہ وإنإلیہ راجعونچلئے تسلیم کر لیتے ہیں کہ «مقلد»بھی «عالم»ہوتا ہے مگر ذرا اس حقیقت کی نقاب کشائی بھی کر دیجئے کہ اصول فقہ پڑھنے پڑھانے کا فائدہ کیا ہے؟ اصول فقہ کی کتابوں میں اصول شاشی سے لے کر توضیح تک کی سبھی درسی کتابوں میں درج ہے کہ اصول فقہ ان قواعد کو معلوم کرنے کا نام ہے جن کے ذریعے احکام شرعیہ کا دلائل سے استنباط ہو سکے۔ گو یا اس کا فائدہ یہ ہے کہ اس کا جاننے والا مسائل شرعیہ استنباط کر سکتا ہے۔ لہذا اصول فقہ کی کتابیں پڑھنے والے سبھی نہ سہی عمدۃ المحدثین، مجددمأتہ چہار دہم، حجۃ الاسلام، شیخ الاسلام، رئیس۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ عرفی تو میند یش زغوغائے رقیباں۔ المحدثین، شیخ التفسیر والحدیث، خاتم المحدثین، شیخ الفقہ» کہلانے والے حضرات بھی اگر طریقہ استنباط سے بے خبر ہیں تو پھر ان القابات کا کیا مقصد؟ اور ان کتابوں کے پڑھنے پڑھانے کا کیافائدہ؟ کیا ان حضرات پر بھی تقلید کی تعر یف صادق آتی ہے؟ سب کچھ پڑھ پڑھا لینے کے باوجود اگر کوئی مزاج مقلدانہ بنالے تو یہ اس کی اپنی پسند ہے۔ ورنہ دلائل کی معرفت کے بعد تقلید کا کوئی تک نہیں۔ حافظ ذہبی ؒ فرماتے ہیں۔ «یا مقلد ویا من یزعم أن الإجتھاد قد انقطع وما بقی مجتھد لا حاجۃ لک بالاشتغال بأصول الفقہ ولا فائدۃ فی أصول الفقہ إلا لمن یصیر مجتھداً بہ، فإذ أعرفہ ولم یفک تقلیداً فإنہ لم یصنع شیئا بل أ تعب نفسہ ورکب علی نفسہ الحجۃ فی مسائل، وإن کان یقرؤہ لتحصیل الوظائف ولیقال فھذا من الوبال»(الردعلی من أخلد إلی الأرض ص۱۵۳) «اے مقلد اور اے وہ شخص جو خیال کرتا ہے کہ اجتہاد ختم ہو گیا اور کوئی بھی مجتہد نہیں ہے۔ تمہیں اصول فقہ پڑھنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اصول فقہ پڑھنے کا تو فائدہ صرف اسی کو ہے جو اس سے مجتہد بن سکے۔ جب کوئی شخص اصول فقہ جانتا ہے اور پھر بھی اس نے اپنے آپ کو تقلید کی قید سے آزاد نہیں کیا تو اس نے کچھ بھی نہیںکیا۔ بلکہ اس کے پڑھنے میں خواہ مخواہ اپنے آپ کو مشقت میں مبتلا رکھا اور اپنے آپ پر کئی مسائل میں حجت قائم کر لی ہے۔ اور اگر اس علم کو نوکری اور شہرت وغیرہ حاصل کرنے کے لئے پڑھتا ہے تو یہ بہت بڑا وبال ہے۔» اس لئے ان عظیم المرتبت القاب کے باوجود اگر یہ حضرات مقلد محض ہیں اور ملکہ اجتہاد سے عاری ہیں تو پھر اصول فقہ پڑھنے پڑھانے کا فائدہ ہی کیا؟ بلکہ انھوں نے تویہ بھی فرمایا ہے کہ ایک ہی مذہب کی تقلید وہی شخص کرتا ہے جسے علم میں رسوخ حاصل نہیں جیسے ہمارے زمانہ کے اکثر علماء کا حال ہے یا وہ جو متعصب ہے ان کے الفاظ ہیں۔ « ما یتقید بمذھب واحد إلا من ھو قاصر فی التمکن من العلم کأ کثرعلماء زماننا أومن ھو متعصب»(السیر ج۱۴ ص۱ ۴۹) لہذا اس کا فیصلہ خود ہی کر لینا چاہئے کہ ان دونوں میں اصل حقیقت کیا ہے۔ ڈاکٹر صاحب بڑی ہوشیاری سے لکھتے ہیں کہ:۔ «مقلدین کا نظریہ تقلید علمی تلاش میں رکاوٹ نہیں» نیز فرماتے ہیں۔ 4«وہ اپنے ائمہ کی بلا طلب دلیل پیروی کرتے ہیں تو اس سے مراد وہ خاص دلیل ہے جس کی بنا پراس نے وہ بات کہی۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اس مسئلہ پر اوردلائل میں بھی کبھی نہیں اُتر تے۔ تقلید کوئی مرتبہ جہل کا نام نہیں کہ اب مقلدین کے آگے تحقیق کے دروازے بند سمجھے جائیں۔»(دارالعلوم ص۱۹) یہ عذر»عذرِ گناہ بد تراز گناہ» کا مصداق ہے۔ کیا حضرات علمائے احناف میں شیخ الاسلام، فخر الائمہ، شمس الائمہ، فخر الاسلام، خاتمۃ الحفاظ، شیخ الفقہ جیسے القاب سے ملقب حضرات امام ابو حنیفہ ؒ کی بیان کردہ کسی بھی دلیل سے واقف نہیں کہ وہ مقلد محض ہیں؟ ثانیًا:۔ جتنے مسائل میں امام صاحب کے دلائل سے باخبر ہیں ان میں وہ متبع ہیں یا مقلد؟ ثالثاً:۔ امام صاحب کی دلیل سے واقف ہونے کے باوجود جن حضرات نے ان سے اختلاف کیا۔ کیا وہ بھی مقلد ہیں؟ رابعًا:۔ امام صاحب نے تو صاف صاف فرمادیا ہے۔

جلد اول

3اہلحدیث اور ہمارے اسلاف (جاری)

«حرام علی من لم یعرف دلیلی ان یفتی بکلامی»(المیزان الکبری ج۱ص۵۸ رسم المفتی ج۱ص۲۹، ۳۲ وغیرہ) قاضی ابو یوسف ؒ اور امام زفر ؒ کا بھی قول ہے کہ «لا یحل لأحد أن یفتی بقولنا ما لم یعلم من أین قلناہ» (فتاوی النوازل) یعنی جو ہماری دلیل سے واقف نہیں اس کے لئے ہمارے قول پر فتوی دینا حرام ہے، حلال نہیں۔ لہذا یہ مقلدین حضرات امام صاحب کے قول کی دلیل کو معلوم کئے بغیر ان کے قول پر فتوی دے کر حرمت کا ارتکاب کیوں کرتے ہیں؟ صدافسوس کہ جس بات کو امام صاحب نے خود حرام قرار دیا ہے۔ ان کے مقلدین اسی کے ارتکاب کو اپنے کمال کی معراج ماننے پر ادھار کھائے بیٹھے ہیں۔ خامسًا:۔ کیا ہر مسئلہ کی دلیل امام صاحب نے فرمائی ہے؟ قاضی محمد ہاشم سند ھی حنفی تو واشگاف الفاظ میں لکھتے ہیں کہ۔ «ولم یثبت عن أحد من المقلدین دعوی أن لأئمتنا فی کل مسئلۃ دلیلاً وعن کل معارض جوابا وإن لم نعرفہ»الخ (ذب ذبابات الدراسات ج۱ص۲۸۱) «مقلدین میں سے کسی نے یہ دعوی نہیں کیا کہ ہمارے ائمہ کے پاس ہرمسئلہ کی دلیل ہے اور ہر معارضہ کا جواب ہے۔ اگر چہ ہم وہ نہیں جانتے۔»الخ یہی بات تھوڑے سے اختلاف سے علامہ کوثری نے بھی کہی ہے۔ جیسا کہ «احقاق الحق» کے حوالہ سے ہم پہلے نقل کر آئے ہیں۔ اسی لئے ڈاکٹر صاحب یا ان کے ہمنواؤں کا کہنا کہ«ہمارے امام نے دلیل بیان کی ہو گی مگرہم مقلدون کواس کا علم ہونا ضروری نہیں۔»محض دفع الوقتی اور حقیقت سے بے خبری کی علامت ہے۔ سادسًا:۔ امام ابو یوسفؒ کے مشہور شاگرد عصام بن یوسف البلخی ؒ امام ابو حنیفہ ؒ سے کئی مسائل میں اختلاف کرتے ہیں۔ حتی کہ مسئلہ «رفع الیدین»میں بھی وہ محدثین ؒ کے ہمنوا ہیں امام ابو حنیفہ ؒاور قاضی ابو یوسف ؒ کے نہیں۔ جب ان سے امام صاحب سے اختلاف کا سبب دریافت کیا گیا تو انہوں نے فرمایا کہ امام صاحب کو جس قدر اللہ تعالیٰ نے علم وفہم عطا فرمایا وہ ہمیں حاصل نہیں لیکن ہم یہ جرأت نہیں کرتے کہ ہم ان کے ایسے قول پر فتوی دیں جس کی دلیل ہمیں معلوم نہ ہو۔ (ایقاظ الہمم ص۵۱،۵۲ البحر الرائق ج۶ص۲۹۳حجۃ اللہ ج۱ص۱۷۸) اسی طرح مسئلہ وقف میں امام محمد ؒ نے صاف صاف فرمادیا کہ «یہ امام ابوحنیفہ ؒ کا بلا دلیل تحکم ہے» (المبسوط للسرخسی ج۱۲ ص۴۸) لہذا جب امام صاحب کے اپنے تلامذہ اور قریبی حلقہ اثران کی بلادلیل بات تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں تو پھر یہ حضرات اس کے باوجود حنفی کیوں شمار کئے جاتے ہیں اور انہیں غیر مقلدیت کے طعنے کیوں نہیں دیئے جائے۔؟ سابعًا:۔ امام محمدؒ، موطا اور کتاب الاثار میںامام صاحب کی دلیل ذکر کرنے کے باوجود بسا اوقات اسے تسلیم نہیں کرتے بلکہ اس کے برعکس اپنے موقف پر دلائل ذکر کرتے ہیں۔ قاضی ابو یوسف ؒ نے بھی امام صاحب ؒ سے بہت سے مسائل میں اختلاف کیا۔ علامہ غزالی ؒنے تو کہا ہے کہ «صاحبین» نے امام صاحب سے دوتہائی مسائل میں اختلاف کیا۔ چلئے اتنے مسائل میں نہ سہی اختلاف تو بہر حال بہت سے مسائل میں کیا۔ اور بعد کے حضرات نے متعدد مسائل میں دعوی تقلید کے باوجود«الفتوی علی قول فلان» کہ «فلاں کے قول پر فتوی ہو گا۔»یا « فلاں کا فتوی راجح فلاں کا مرجوع ہے۔»کہا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس قسم کا فیصلہ دلائل کی بنیاد پر ہی دیا جاسکتا ہے۔ اپنے اپنے موقف پر ایک یا دو دلیلیں بیان کرنے والے تو مجتہد مطلق اور ان کے دلائل پر محاکمہ کرنے والے اور دلائل سے ایک کو راجح اور دوسرے کو مرجوح قرار دینے والے مقلد!سبحان اللہ! تلک اذًا قسمۃ ضیزی۔ ثامنًا:۔ امام ابو حنیفہ ؒ سے مثلًا اختلاف اور قاضی ابو یوسف ؒ سے اتفاق۔ کیا امام صاحب کی دلیل معلوم کر لینے کے بعد ہے یا«امام کی خاص دلیل»تو معلوم نہیں اور دوسرے دلائل میں اتنا وزن نہیں کہ وہ قاضی ابو یوسف ؒ کے دلائل کا رد کر سکیں؟ اس لئے ان کے دلائل کی پختگی کی بنا پر قاضی ابو یوسف ؒ کا فتوی راجح قرار دیا گیا؟ یا یہ کہ امام صاحب کی بیان کردہ دلیل ہی میں وزن نہیں۔ اس لئے ان کا قول مرجوح اور قاضی صاحب کا قول دلائل کی بنا پر راجح؟ سوال یہ ہے کہ جب امام صاحب کی دلیل کا علم نہیں تو محض اپنی«ناقص معلومات»کی بنا پر قاضی صاحب کی دلیل کو اختیار کرنے کی کیوں اجازت دے دی گئی؟ تقلید کہاں چلی گئی؟ اور اگر امام صاحب کی بیان کردہ دلیل میں وزن نہیں تو یہ پہلی صورت سے بھی افسوسناک ہے»جب کہ اصول یہ بنا لیا گیا کہ جس سے امام استدلال کرے وہ صحیح ہوتی ہے۔(انہاء السکن)اس اصول کو بھی جانے دیجئے دیکھنا تو یہ ہے کہ امام صاحب کو اس دلیل کی کمزوری معلوم نہ ہو سکی۔ مقلد کو کیسے معلوم ہو گی جو چیز امام کے نزدیک حجت، مقلد کے ہاں وہ کمزور کیسے بن گئی؟ عجب مشکل میں ہے اب سینے والا چاک داماں کا

جلد اول

مقلدکا اصل روگ

ان وجوہ کی بنا پر ہمارے نزدیک یہ مسئلہ نہیں کہ مقلد کو امام کی خاص دلیل معلوم نہیں بلکہ اصل مسئلہ مقلدکا وہ خاص مزاج ہے جس کی نشاند ہی خود مولانا اشرف علی صاحب تھا نوی مرحوم نے کی ہے۔ چنانچہ وہ اپنے خط ایک میں لکھتے ہیں۔ «اکثر مقلدین عوام بلکہ خواص اس قدر جامد ہوتے ہیں کہ اگر قول مجتہد کے خلاف کوئی آیت یا حدیث کان میں پڑتی ہے ان کے قلب میں انشراح وانبساط نہیں رہتا۔ بلکہ اول استنکار قلب میں پیدا ہوتا ہے۔ پھر تاویل کی فکر ہوتی ہے۔ خواہ کتنی ہی بعید ہو۔ خواہ دوسری دلیل قوی اس کے معارض ہو بلکہ مجتہد کی دلیل اس مسئلہ میں بجز قیاس کے کچھ بھی نہ ہو بلکہ خود اپنے دل میں اس تاویل کی وقعت نہ ہو۔ مگر نصرت مذہب کے لئے تاویل ضروری سمجھتے ہیں۔ دل یہ نہیں مانتا کہ قول مجتہد کو چھوڑ کر حدیث صحیح صریح پر عمل کر لیں» (تذکرۃ الرشیدج۱ص۱۳۱) امام عز الدین ابن عبد السلام کے مقام ومرتبہ سے کون ساعالم ہے جو بے خبرہے۔ ابن عرفہ نے تو یہاں تک کہا ہے کہ ابن عبد السلام کے بغیر مسلمانوں کا کسی مسئلہ پر اجماع منعقد نہیں ہو سکتا۔ حضرت موصوف ؒ بھی مقلدین کی حالت زار بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:۔ بڑے تعجب کی بات ہے کہ فقہائے مقلدین اپنے امام کے کمزور مأخذ کو جانتے ہوئے جس کی کوئی توجیہ وہ نہیں کر سکتے۔ پھر بھی اپنے امام کی تقلید کرتے ہیں اور جن کے مذہب کی کتاب وسنت اور صحیح قیاس شہادت دیتے ہیں اس کو چھوڑ دیتے ہیں اور اپنے امام کے دفاع میں ان کی بڑی باطل لا یعنی تاویلیں کرتے ہیں۔» (قواعد الاحکام لابن عبد السلا م ج۲ص۱۳۵) امام عزالدین کا یہ کلام حضرت شاہ ولی اللہؒ نے حجۃ اللہ البالغہ( ج۱ص۱۵۵) اتحاف النبیہ (ص۱۱۰)اور عقد الجید میں، علامہ سیوطی ؒ نے الردعلی من أخلد الی إلأرض (ص۱۴۰) میں اور علامہ صالح الفلانی نے الإیقاظ( ص۱۰۸) میں نقل بھی کیا ہے۔ ہم نے قارئین کی سہولت اور «الاعتصام»کی تنگدامنی کی بنا پر عربی عبارت نقل کرنے سے اجتناب کیا ہے اور اسی بنا پر آئندہ بھی علمائے اُمت کی عبارتوں کے مفہوم ذکر کرنے پر اکتفاء کریں گے۔ «علامہ محمدحیاتؒ سند ھی جنہیں ہمارے حنفی مقلدین حنفی قرار دیتے ہیں۔ فرماتے ہیں۔ «آپ ان مقلدوں کو دیکھیں گے کہ وہ کتب حدیث کو پڑھیں گے۔ ان کا مطالعہ کریںگے اور ان کا درس دیں گے، اس پر عمل کرنے کے لئے نہیں بلکہ اپنے امام کے دلائل معلوم کرنے کے لئے اور اس حدیث کی تاویل کے لئے جو ان کے امام کے خلاف ہوتی ہے اور وہ تاویل میںبے تحاشہ مبالغہ سے کام لیتے ہیں۔ اور جب اس سے بھی عاجز آجاتے ہیں تو کہہ دیتے ہیں ہمار امام ہم سے زیادہ جانتا تھا۔»(تحفۃ الأنام ص۱۶) علامہ صالح الفلانی ؒ نے الإیقاظ( ص۷۱) میں بھی ان کا یہ کلام نقل کیا ہے۔ دیو بندی مکتب فکر میں مولانا عبید اللہ سندھی بڑی تاریخ ساز شخصیت کے طور پر متعارف ہیں۔ موصوف نے بھی اپنے مقلدین بھائیوں کے بارے میں اعتراف کیا ہے کہ۔ «ہمارے فقہاء کا ایک گروہ ایسا ہے کہ اگر ہم انہیں کتاب وسنت کی طرف دعوت دیتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہم فقط اپنے فقہاء کا اتباع کرتے ہیں۔»(الہام الرحمن مترجم ج۱ ص۴۲۶) قاضی عیاض رقمطراز ہیں۔ «بعض مشائخ نے کہا ہے کہ جس امام کے مذہب کی تقلید کی جائے« کالنبی علیہ السلام مع أمتہ لا یحل لہ مخالفتہ»وہ اسی طرح ہے جیسے نبی اُمت کے لئے ہوتا ہے کہ اس کے لئے اس کی مخالفت حلال نہیں۔»(ترتیب المدارک ج۱ص۷۸) حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی مقلدین کی حالت پر یوں نوحہ کناں ہیں کہ:۔ «تم بالخصوص ان دنوں میں عام لوگوں کو ہر بستی میں دیکھو گے جو متقدمین کے مذاہب میں سے کسی ایک مذہب کی پابندی کرتے ہیں اور کسی انسان کااپنے امام کے مذہب سے خروج اگر چہ وہ ایک ہی مسئلہ میں کیوں نہ ہو۔ ایسا سمجھتے ہیں جیسے کوئی ملت اسلام سے خارج ہوگیاہے۔ گویاوہ امام اس کی طرف نبی بنا کر بھیجا گیا ہے اور اس پر اس امام کی اطاعت فرض کی گئی ہے۔» (تفہیمات ج۱ص۱۵۱) مقلدین کے بارے میںاسی قسم کے تأثرات امام رازیؒ، امام ابو شامہ عبد الرحمن بن اسماعیل ؒ، امام ابن حزمؒ، علامہ ابن ابی عزؒاور علامہ سیوطی ؒ وغیرہ نے بھی نقل کئے ہیں۔ اختصار کی بنا پر ہم انہیں نظر انداز کرتے ہیں۔ قارئین کرام! یہ ہے وہ مقلد ین کا مزاج جس کی ہر دور میں اصحاب علم وفضل نے تردید کی۔ اسی تقلیدی روش کے اہلحدیث مخالف ہیں اور مخالف رہیں گے۔ إن شاء اللہ، ولوکرہ المجرمون۔ بلکہ تقلید وجمود کی ایسی بہت سی مثالیں ہمارے پیش نظر ہیں جن میں نصوص صریحہ کے مقابلے میں محض ظن وقیاس سے کام لیا گیا ہے۔ ضرورت محسوس ہوئی تو إن شاء اللہ ان کی نقاب کشائی بھی کر دی جائے گی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مقلدین کے مزاج کی جو نشاندہی ان اکابرین اُمت نے کر دی ہے اس کے بعد اس کا انکار محض مجادلانہ عیاری اور دفع الوقتی ہے۔ اور چونکہ یہ تبصرہ بھی ضرورت سے زیادہ ہی طویل ہوتا جارہا ہے۔ اس لئے ہم نے مزید تفصیل سے یہاں اجتناب مناسب سمجھا ہے۔

جلد اول

مقلدین علماء

جناب ڈاکٹرخالدمحمود صاحب نے اہل علم وفضل کی ایک طویل فہرست دی اور ان کے بارے میں روایتی مقلدانہ انداز میں فرمایا کہ ان میں بعض مالکی، بعض شافعی، بعض حنبلی اوربعض حنفی تھے بلکہ«پختہ مقلد»تھے۔ ہم اگر نام بنام ان حضرات کا تذکرہ اور ان کا علمی مقام اور مرتبہ ذکر کریں تو بات طویل ہو جائے گی۔ مشہور ضرب المثل ہے کہ «ساون کے اندھے کو ہرا ہی سوجھتا ہے۔»اسی طرح ایک مقلد کو سب مقلد ہی نظر آتے ہیں۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ امام بیہقی ؒ، امام ابن عبد البر ؒ، علامہ ابن العربی ؒ، علامہ شاطبی ؒ، امام رازی ؒ، علامہ منذریؒ، علامہ نووی ؒ، حافظ ابن حجرؒ، شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒ، حافظ ابن قیم ؒ، حافظ ابن جوزی ؒاور علامہ سیوطی ؒ جیسے حضرات بھی انہیں مقلد نظر آتے ہیں۔ حافظ ابن قیم ؒ نے «اعلام الموقعین»میں تقلید کی دھجیاں اڑائیں اور «ذم التقلید» کے نام سے ایک مستقل رسالہ لکھا جیسا کہ حافظ سیوطی ؒنے« الردعلی من أخلدإلی الأرض» میںذکر کیا ہے۔ مگر وہ پھر بھی مقلد، شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒ نے تقلید کو بیخ وبن سے اکھاڑ پھینکا اور مقلدین کے اعتراض کے جواب میں انہوں نے صاف طور پر فرمایا کہ: «إنما اتناول ما اتناولہ منھا علی معرفتی بمذھب أحمد لاعلی تقلیدی لہ»(الردعلی من أخلد إلی الأرض ص۱۶۶۔ اعلام الموقعین) کہ «میں امام احمدؒ کے مذہب میں سے جو کچھ لیتا ہوں، معرفت دلیل کی بنا پر لیتا ہوں تقلید کی بنا پر نہیں» مگر اس وضاحت کے باوجود وہ «پختہ مقلد»علامہ سیوطی ؒ نے لکھا ہے کہ بہت سے حضرات نے انہیں مجتہد قراردیاہے۔(الرد ص۱۹۷) بلکہ علامہ انور شاہ کشمیری مرحوم ان کی مشہور کتاب «السیاسۃ الشرعیۃ» کے بارے میں فرماتے ہیں۔ «بحث فیہ من جانب الشریعۃ لا من مذھب من المذاھب» (العرف الشذی ص۴۱۶) «اس کتاب میں انہوں نے شریعت کی جانب سے بحث کی ہے۔ فقہی مذاہب میں سے کسی مذہب کی بنیاد پر نہیں» حافظ ابن جوزی ؒ نے «تلبیس ابلیس»میں تقلید کی حقیقت کو بے نقاب کیا اور«الصید الخاطر»( ص۱۲۸) میں فرمایا:«ومن اقبح النقص التقلید» کہ «سب سے برا نقص تقلید ہے»مگر وہ پھر بھی «پکے مقلد» امام ابن عبد البرؒ نے« جامع بیان العلم»میں باقاعدہ «باب فساد التقلید ونفیہ»کے عنوان سے باب قائم کر کے تقلید وجمود کی تر دید کی۔ اور مقلدین کے دلائل کا دندان شکن جواب دیا اور فرمایا۔ وقد اتفق العلماء علی أن المقلد لا علم لہ ولا یسمی عالما» «علماء کا اتفاق ہے کہ مقلد کو علم نہیں ہوتا اور نہ اسے عالم کہتے ہیں»اور امام قرطبیؒنے تو لکھا کہ وہ مجتہد تھے۔ (الرد ص۱۹۰)مگر افسوس کہ ڈاکٹر صاحب کے ہاں وہ پھر بھی«پختہ مقلد»شمارہوتے ہیں اسی طرح علامہ ابو بکر محمد بن عبد اللہ ابن العربی کے بارے میں حافظ ذہبی ؒ نے صاف صاف لکھا کہ«إنہ بلغ رتبۃ الإجتھاد»(التذکرۃج۴ص۱۲۹۶، الیسرج۲۰ ص۱ ۲۰)علامہ ابن قدامہؒ کے بارے میںکہا گیا کہ وہ حنبلی ہیں۔ حالانکہ حافظ ذہبی ؒ فرماتے ہیں وہ مجتہدہیں۔ اور ابن غنیۃ سے نقل کرتے ہیں کہ ہمارے زمانے میں ان کے علاوہ کوئی درجہ اجتہاد کو نہیں پہنچا۔ علامہ ابراہیم بن موسی الشاطبی کو مقلد کہنا بھی محض خوش فہمی ہے جب کہ خود انہوں نے الا عتصام کی دوسری جلد میں تقلید وجمود کو گمراہی اور جادہ صحابہ و تابعین کے منافی قرار دیا۔ اور تقلید کی دس خرابیاں بیان کیں۔ علامہ سیوطیؒ نے خود مجتہد مطلق ہونے کا دعوی کیا۔ اور اجتہاد کے جاری وساری رہنے پر« ألرد علی من اخلد إلی الأرض وجھل ان الإجتھاد فی کل عصر فرض»کے نام سے مستقل رسالہ لکھا۔ مگر بعض حضرات کو ان کی یہ «جسارت»بڑی ناگوار گزری۔ علامہ سیوطی ؒنے لکھا ہے کہ«جو حضرات یہ کہتے ہیں کہ مجتہد مطلق کا وجود زمانہ قدیم سے ختم ہو چکا اب صرف مجتہد مقید ہیں وہ غلط کہتے ہیں۔ انہیں علماء کی تصریحات کا کوئی علم نہیں۔» مجتہدین کی اقسام عمومًا علمائے کرام نے مجتہد کی مختلف قسمیں بیان کی ہیں۔ مثلاً مجتہد مستقل، مجتہد مطلق، مجتہد مقید، مجتہد الترجیح وغیرہ۔ مجتہد مستقل تو وہ ہے جس نے اپنے لئے قواعد منتخب کئے اور اس پر اپنی فقہ کی بنیاد رکھی۔ مجتہد مطلق اسے کہتے ہیں جس میں شروط اجتہاد پائی جائیں۔ مگر اس نے خود اصول وقواعد مرتب نہ کئے ہوں۔ بلکہ کسی امام کے اصول کے تحت اجتہاد کیا ہو۔ گویا دونوں کے مابین عموم وخصوص کی نسبت ہے۔ ہر مجتہد مستقل مجتہد مطلق بھی ہے مگر ہر مجتہد مطلق، مجتہد مستقل نہیں۔ جیسا کہ علامہ سیوطی ؒ نے کہا ہے اور یہ طے شدہ بات ہے کہ اجتہاد کے تمام اصول وقواعد عہد سلف میں مرتب ہو چکے۔ اور چند ائمہ عظام ان کے بانی ہونے کے اعتبار سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ اور بعد میں آنے والے بعض اکابر علماء اور اہل علم گو اپنے کمالات علمی میں کسی سے بھی کم نہیں تھے۔ مگر چونکہ انہوں نے پہلے ائمہ کرام کے اصول پر اجتہاد کیا اس لئے وہ مجتہد مطلق کہلائے۔ مجتہد مستقل نہ تسلیم کئے گئے۔ صرف اسی بنا پر کہ تمام قواعد اور اصول وضوابط کا متقدمین ائمہ کرام نے استیعاب کر لیا تھا۔ اگر یہی متأخرین حضرات پہلے زمانہ میں ہوتے جب کہ اجتہاد کے اصول وضوابط مرتب ہو رہے تھے تو یقینا یہ بھی مجتہد مستقل قرار پاتے۔ انتساب کے مختلف اسباب لیکن اس کے باوجود قرون وسطی میں ان حضرات کو جو مختلف مذاہب کی طرف منسوب کیا گیا تو اس کے بھی کچھ اسباب ہیں۔ ۱۔ مقلدین حضرات کا مجتہدین یعنی قرون وسطی او راس کے بعد کے دور میں اجتہاد کرنے والوں اور مذہب سے اختلاف کرنے والوں کے ساتھ نارواسلوک، جس کی بنا پر راسخین فی العلم کی اس جماعت کو خاموش رہنا پڑا۔ اور مقلدین کی چیرہ دستیوں سے بچنے کے لئے اپنے آپ کو مجبور اً ایک مذہب کی طرف منسوب کرنا پڑا جسے وہ تقلید اً نہیں بلکہ علی وجہ البصیرت اولیٰ بالحق سمجھتے تھے۔ جامد مقلدین نے اس سلسلے میں کیسے کیسے کارنامے سر انجام دیئے۔ اس کی داستان طویل ہے۔ علامہ مصطفی احمد الزرقاء کے الفاظ ہی سے آپ اس کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ لکھتے ہیں۔ «میں نے خود بعض ایسے لوگوں کو دیکھا یہ وہ لوگ تھے جو مدرسین شریعت کے شیوخ میں سے تھے جو کہتے تھے کہ ہمیں دلائل سے کیا بحث یہ تو مجتہدین کے مقام کو زیبا ہے۔ بلکہ عثمانی دور کے آخری ایاّم میں تو یہ کیفیت ہو گئی کہ اجتہاد کی«تہمت»جو بعض ان ذہین فقہاء پر لگائی جاتی تھی، جو احکام کے دلائل سے بحث کرتے اس بات کے لئے کافی قرار پائی کہ انہیں سزائے موت سنا دی جائے۔» (فکر ونظرص۲۵،۲۶، اکتوبر، نومبر ۱۹۸۶ء ج۲۴ شمارہ ۴) اندازہ کیجئے کہ دلائل سے بحث کرنے والے فقہاء کے بارے میں«سزائے موت»کا فیصلہ ہو تو اجتہاد کا دعوی کرنے والا کس سلوک کا روادار سمجھا جائے گا۔ علامہ شوکانی ؒ نے بھی القول المفید (ص۱۸،۲۱) میں مقلدین کی ان چیرہ دستیوں کا ذکر بڑے تأسف سے کیا ہے۔ جو قابل مطالعہ ہے۔ اختصار کی بنا پر ہم اسے نظر انداز کرتے ہیں۔ ۲۔ اس دور میں اکثر وبیشتر افتاء وقضاء پر مقلدین کی اجارہ داری تھی وہ اپنے مسلک کے خلاف کسی قاضی کو نہ برداشت کرتے تھے اور نہ خلاف مسلک اس کے فیصلے کو قبول کرنے کے لئے تیار تھے جیسا کہ پہلے ہم عرض کر آئے ہیں۔ مدارس ومکاتب کو خاص خاص مذہب کے فقہا ء کے نام وقف کیا گیا تھا اور ان میں وہی درس دے سکتا تھا جو اس مذہب کا مقلد شمار ہوتا ہو۔ جس کی بنا پر مجبور اًن حضرات کو حنفی شافعی نسبتیں اختیار کرنا پڑیں۔ حضرت شاہ ولی اللہ ؒ نے ذکر کیا ہے کہ امام ابوزرعہ فرماتے ہیں۔ «ایک مرتبہ میں نے اپنے اُستاد امام بلقینی ؒسے عرض کیا کہ شیخ تقی الدین ؒالسبکی کو اجتہاد سے کونسی چیز روکتی تھی؟ حالانکہ انہیں مکمل طور پر آلات اجتہاد حاصل تھے تو پھر وہ مقلد کیسے بنتے تھے؟ بلکہ مجھ کو اپنے استاد امام بلقینی کے بارے میں بھی یہی اشکال تھا مگر ادبًا میں نے ان کے سامنے ان کا نام نہ کیا۔ سوچا کہ وہ جوجو اب امام سبکی ؒ کے بارے میں دیں گے وہی میں ان کی نسبت خیال کر لوں گا۔ مگر امام بلقینی ؒمیرے سوال پر خاموش رہے۔ میں نے عرض کیا کہ میرے خیال میں اس کا سبب اس کے علاوہ اور کوئی نہیں کہ یہ صرف ان مناصب کی وجہ سے تھا جو مذاہب اربعہ کے فقہاء کے لئے مخصوص تھے۔ اگر کبھی وہ ان دائروں سے نکلتے اور اپنے آپ اجتہاد کا نام لیتے تو ان مناصب میںسے ان کو کچھ نہ ملتا۔ لوگ ان سے فتوی لینے سے بھی رک جاتے اور اُلٹے وہ بدعتی قرار دئیے جاتے۔ میری اس وضاحت پر امام بلقینیؒ مسکرائے اور میری موافقت کی۔»(انصاف مع ترجمہ کشاف۶۳،۶۴) ۳۔ بسا اوقات ایسا بھی ہوا کہ بعض حضرات بعض ائمہ کی تقلید کرتے تھے۔ مگر ایک وقت کے بعدانہوں نے کتاب وسنت کو ہی اپنا معیار بنا لیا۔ اور تقلید کو چھوڑ کر اتباع کا راستہ اختیار کیا لیکن ابتدا ءً جو انتساب بعض ائمہ کی طرف تھابدستور انہیں ان کی طرف منسوب کیا جاتا رہا۔ حالانکہ وہ مقلد نہیں تھے۔ علامہ شعرانی لکھتے ہے۔ «میں نے اپنے مرشد علیؒ خواص سے عرض کیا کہ سید شیخ عبد القادر جیلانی ؒکی امام احمد ؒاور سید محمد الشاذلی ؒ کی امام ابو حنیفہ ؒ کی تقلیدکیسے صحیح تھی جب کہ وہ دونوں قطبیت کبری سے مشہور ہیں۔ اوراس مرتبے والا شخص شارع علیہ الصلاۃ السلام کے علاوہ کسی کا مقلد نہیں ہو سکتا تو انہوں نے فرمایا کہ تقلید اس مرتبہ کمال کو پانے سے پہلے ہوگی۔ پھر جب وہ اس مرتبہ کو پہنچ گئے توتقلید سے نکل جانے کے باوجودلوگ یہ لقب ان کے بارے میں استعمال کرتے رہے۔» (المیزان الکبری ج۱ص۴۷) ۴۔ ائمہ متأخرین میں جو حضرات اجتہاد کے مرتبہ کوپہنچے ہیں کسی امام کی طرف ان کے انتساب کا سبب یہ بھی ہے کہ اکثر وبیشتر مسائل میں ان کا اجتہاد اس امام کے موافق ہوتا ہے۔ جیسا کہ شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒکا کلام ہم پہلے نقل کر آئے ہیں کہ:۔ «إنما أتنا ول ما أتنا ولہ منھا علی معرفتی بمذھب أحمد لا علی تقلیدی لہ۔» ان سے پہلے یہی بات بعض دیگر حضرات نے بھی کہی چنانچہ علامہ لکھنویؒ لکھتے ہیں۔ « وقد نقل عن أبی بکر القفال وأبی علی والقاضی حسین من الشافعیۃ أنھم قالوا لسنا مقلدین للشافعی وافق رأینا رأیہ» (النافع الکبیر ص۱۰۰) کہ«ابو بکر القفالؒ، ابو علیؒ اور قاضی حسین ؒجو شافعیوں میں شمار کئے جاتے ہیں سے منقول ہے کہ انہوں نے فرمایا ہم امام شافعیؒ کے مقلد نہیں بلکہ ہماری رائے ان کی رائے کے موافق ہے بلکہ علامہ نوویؒ نے تو امام ابو اسحاق شیرازی ؒسے نقل کیا ہے کہ ہمارے اکثر علمائے شافعیہ اسی طرح اجتہاداً امام شافعی ؒ کے موافق ہیں۔ ان کی تقلید کی وجہ سے نہیں۔ اور آخر میں ابو علی السنجی ؒسے نقل کیا ہے کہ:۔ اتبعنا الشافعی دون غیرہ لأنا وجد نا قولہ أرجح الأقوال وأعدلھا لا أنا قلدناہ»(المجموع ج۱ص۷۳) کہ «ہمار اکسی دوسرے کے علاوہ امام شافعی ؒ کا اتباع کرنا اسی لئے ہے کہ ہم نے ان کا قول سب سے زیادہ راجح اور درست پایا ہے اس لئے نہیں کہ ہم نے ان کی تقلید کی ہے۔» کسے معلوم نہیں کہ امام مزنی ؒ، امام ابن خزیمہ ؒ، امام ابو ثورؒ، امام محمد بن نصر مروزی ؒ، امام ابو عبیدؒ قاسم بن سلام اورامام ابن جریرطبریؒ ائمہ مجتہدین میں شمار ہوتے ہیں۔ ترک تقلید ان کا مسلک تھا۔ بلکہ ان میں بعض خود صاحب مذہب شمار ہوتے ہیں۔ مگر اس کے باوجود طبقات الشافعیہ میں انہیں شمار کیا گیا۔ محض اس لئے کہ اکثر وبیشتر مسائل میں ان کا اجتہادامام شافعی ؒ کے مواقف تھا۔ مولانا عبد الحی لکھنوی ؒ نے لکھا ہے کہ امام طحاوی ؒ بھی انہی معنوں میںحنفی ہیں ورنہ انہوں نے اصول وفروع کے بے شمار مسائل میں امام ابو حنیفہ ؒ سے اختلاف کیا ہے (النافع الکبیر ص۱۰۰) بلکہ علامہ سیوطی ؒ لکھتے ہیں۔ ابن الصباغ، ؒابن عبد السلامؒ، ابن دقیق ؒالعید، السبکیؒ اور البلقینی ؒوغیرہ کے بارے میں لوگ جانتے ہیں کہ وہ مجتہد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہی بات ان مجتہد ین کے بارے میں علامہ شعرانی نے المیزان (ج۱ص۲۳)میں اورحضرت شاہ ولی اللہ نے الانصاف (ص۶۷)اور حجۃ اللہ( ج۱ص۱۵۳) میں کہی ہے۔ 5مطلق تھے۔ مگر شافعیت کی طرف منسوب تھے اور شافعی مدارس میں درس دیتے تھے۔ اس لئے کہ یہ حضرات مجتہد ہوتے ہوئے کسی مذہب کی طرف انتساب کو بُرا نہیں سمجھتے ہیں۔ «فانظر إلی ھؤلاء الأئمۃ کیف لم یستنکروا أن یکون الإنسانمجتھداً وھو مع ذلک ینسب إلی الشافعی وابی حنیفۃ أوغیرھما»(الردللسیوطی ص۱۶۷، ۱۶۸) یہ حضرات اس انتساب کو برا کیوں نہیں سمجھتے تھے۔ اس کا جواب امام ابو زرعہؒ کے حوالے سے ہم پہلے بیان کر چکے ہیں۔ اس لئے کسی مجتہد کا کسی مذہب کی طرف انتساب اس کے مقلد ہونے کی قطعًا دلیل نہیں اس لئے ڈاکٹر صاحب اور ان کے ہمنواؤں کا ان اعیان کے بارے میں یہ کہنا کہ یہ سب مقلد تھے۔ محض ان کے تقلیدی ذہن کا آئینہ دار ہے۔ طبقات کتب ومقلدین اسی ضمن میں ہم نہایت اختصار سے یہ ذکر کر دینا بھی ضروری سمجھتے ہیں کہ محض طبقات حنفیہ یا طبقات شافعیہ یا طبقات مالکیہ وغیرہ میں کسی صاحب علم کا ذکر آجانا ان کے مقلد ہونے کی دلیل نہیں۔ یہ حضرات جب دیکھتے ہیں کہ کسی نے ہمارے امام یا ان کے اصحاب سے کچھ علم حاصل کیا ہے تو انہیں بھی اپنے طبقات میں ذکر کر دیتے ہیں۔ امام نعیمؒ بن حماد کے بارے میں متاخرین احناف کی رائے کوئی ڈھکی چھپی نہیں۔ مگر آپ حیران ہوں گے علامہ قرشی ؒ نے انہیں بھی طبقات حنفیہ میں شمارکیا ہے۔ امام شافعی ؒکو طبقات مالکیہ میں، امام احمد ؒاور امام اسحاق ؒکو طبقات شافعیہ میں، امام لیث بن سعدؒ، امام سفیان ؒ ثوری، اور امام ابن عیینہ ؒکو طبقات حنفیہ میں ذکر کیا گیا۔ اوراسی بنیاد پر امام عبد اللہ بن مبارک ؒکو حنفیوںنے اپنے طبقات میں اور مالکیوں نے اپنے طبقات میں ذکر کیا ہے۔ ڈاکٹر خالدمحمودصاحب کے ممدوح علامہ کوثریؒ کو علامہ السبکیؒ سے سخت شکایت یہ ہے کہ انہوں نے طبقات الشافعیہ میں ہر اس شخص کا بھی ذکر کردیا ہے جس نے امام شافعی ؒ کو سلام کہا یا کوئی کلمہ امام شافعی ؒسے سنا اور ان کا یہ انداز بہت بُرا ہے (احقاق الحق ص۶۴)اور کیا یہ امر واقعہ نہیں کہ دیگر حضرات نے بھی اسی طرح اپنے اپنے طبقات کا حجم بڑھانے میں سعی بلیغ کی ہے اس لئے صرف ان کی بنیاد پر کسی کو حنفی یا شافعی مقلد قرار دینا کسی طرح بھی قرین انصاف نہیں۔

جلد اول

علامہ الکوثری اور تنقیص ائمہؒ

جناب ڈاکٹر صاحب نے متأخرین علمائے احناف کے دس ایسے نام بھی ذکر کئے جن کے بارے میں انہوں نے فرمایا ہے کہ:۔ «یہ وہ حضرات ائمہ علم ہیں جو اپنے فقہی مسلک میں ممتاز ہوتے ہوئے دوسرے ائمہ علم کو برداشت کر کے چلے، ان کے دلائل پر رداًور قبولاً بحثیں تو کیں لیکن ان پر ضلال اور گمراہی کی تان نہ تانی۔»(دارالعلوم ص۲۴) مگر ہمارے نزدیک ان ناموں میں سے بعض حضرات کو سکّہ بند حنفی باور کرانا محل نظر ہے۔ جس کی تفصیل یہاں مزید تطویل کا باعث ہو گی۔ ہمیں یہاں صرف یہ عرض کرنا ہے کہ اس فہرست میں خیر سے علامہ کوثریؒ بھی شامل ہیں۔ جن کے بارے میں یہ کہا گیا کہ انہوں نے دوسرے ائمہ علم کو برداشت کیا۔ انہیں ضال اور گمراہ نہیں کہا۔ حالانکہ امر واقعہ یہ ہے کہ انہوں نے امام ابو حنیفہ ؒ اور دیگر حنفی اکابرین کے علاوہ کسی کو معاف نہیں کیا۔ امام ابن خزیمہ ؒ کی «کتاب التوحید»کو «کتاب الشرک»امام عبد اللہ بن احمد ؒ کی «کتاب السنۃ» کو« کتاب الزیغ» انہوں نے ٹھہرایا(المقالات) بلکہ نعوذ باللہامام عبد اللہ بن احمد ؒ کو کفر وبت پرستی کا داعی قرار دیا۔ امام عثمان بن سعید الدارمی ؒ اور ان کے ہمنواؤں کو کافر مشرک اور گمراہ قرار دیا۔ امام ابن تیمیہ ؒ کو گمراہ اور «وارث علوم صابئۃ حران»قرار دیا۔ بلکہ الاشفاق میں لکھا کہ «إن کان ابن تیمیۃ لا یزال یعد شیخ الإسلام فعلی الإسلام السلام» کہ اگر ابن تیمیہ ؒ شیخ الاسلام شمار ہوتا رہا تو اسلام پر سلام! (استغفراللہ) ان کے شاگردِ رشید حافظ ابن قیم ؒ کے بارے میں کافر، ضال، مضل،۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ علامہ کوثری کیا ان سے قبل علاء الدین محمد بن محمد الحنفی المتوفی ۸۴۱ھ نے بھی امام ابن تیمیہ ؒ کو شیخ الاسلام کہنے والے شخص کوکا فر کہا اور اس کے پیچھے نماز درست نہ ہونے کا فتوی صادر فرمایا۔ زائغ، مبتدع، کذاب، بلید، غبی، جاہل، ملعون اور اخوان الیہود والنصاری کہہ کر اپنے جلے دل کی بھڑاس نکالی۔ حالانکہ مشہور حنفی عالم علامہ ملا علی قاری ؒ فرماتے ہیں۔ « کانا من أکابر أھل السنۃ والجماعۃ ومن أولیاء ھذہ الأمۃ» (جمع الوسائل بحوالہ راہ سنت ص۱۸۷) کہ«وہ دونوںحافظ ابن تیمیہؒ اورحافظ ابن قیم ؒ اہل السنۃ والجماعۃ کے اکابر اور اس اُمت کے اولیا ء میں سے تھے۔» 6مگر دیکھا آپ نے کہ ان اولیاء امت کے بارے میں شیخ کوثری کی زبان کتنی بے لگام ہے! شاید ڈاکٹر صاحب «تانیب»میں شیخ کوثری کے نشتر قلم سے متفق ہوں۔ ورنہ کوئی انصاف پسند ان کی تائید نہیں کر سکتا۔ جس میں امام ابراہیمؒ بن محمد ابو اسحاق الفزاری، امام احمدؒبن جعفر القطیعی راوی مسندالامام احمد، احمد بن سلیمانؒ النجار، امام احمد ؒبن عبد اللہ ابو نعیم الاصبہانی، امام احمد ؒبن علی بن مسلم، امام صالح ؒ بن محمد الحافظ الجزرۃ، امام عبد اللہ ؒبن احمد، امام عبداللہ ؒبن سلیمان بن ابی داؤد السجستانی، امام عبد اللہؒ بن محمد ابو الشیخ ابن حبان اصبہانی، امام عبد اللہؒ بن محمد ابو القاسم البغوی، امام عبد الرحمنؒ بن ابی حاتم صاحب الجرح والتعدیل، امام عثمانؒ بن سعید دارمی، امام علیؒبن المدینی، امام علی ؒبن عمر الدار قطنی، امام عمروؒ بن علی ابو حفص الفلاس، امام محمدؒ بن اسحاق بن خزیمہ، امام محمدؒ بن بشارالبندار، امام محمد ؒبن عبداللہ الموصلی، امام محمد ؒبن عمرو العقیلی، امام محمد ؒبن یوسف الفریابی اور امام ابو عواؒنہ جیسے اعیان کو بھی معاف نہیں کیا گیا۔ حتی کہ امام مالکؒ امام احمدؒ اور ان کی مسند اور امام شافعی ؒ سے دو دو ہاتھ کئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جس کا جواب شیخ محمد بن عبد اللہ ابن ناصر الدین نے «الر دالوافر علی من زعم أن من سمی ابن تیمیۃ شیخ الإسلام کا فر» کے نام سے دیا۔ بلکہ قاضی شمس الدین ابن الحریری الحنفی المتوفی ۷۲۸ھ نے تو فرمایا« ان لم یکن ابن تیمیۃ شیخ الإسلام فمن؟» کہ اگر ابن تیمیہ ؒ شیخ الاسلام نہیں تو اور کون ہے!(البدایہ ج۱۴ص۱۴۲)علامہ تاج الدین السبکی کی شیخ الاسلام سے عداوت ڈھکی چھپی نہیں تا ہم وہ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ علامہ المزیؒ انہیں شیخ الاسلا م کے لقب سے یاد کرتے تھے طبقات الشافعیہ (ج۶ص۱۶۸)مزید دیکھئے۔ حیات شیخ الاسلام( ص۳) بلکہ صحابی رسول حضرت انس ؓ کی ایک حدیث کو رد کرنے کا ایک سبب یہ بھی بیان کیا کہ وہ بہت بوڑھے ہو گئے تھے اور یہ حدیث بیان کرنے میں ہو منفرد ہیں۔(التانیب ص۱۱۷) ان حضرات پر ردوکد کا سبب صرف یہ ہے کہ«تاریخ بغداد»میں امام ابو حنیفہ ؒ کے تذکرہ میں جرح اور ان کے فقہی افکار پر خطیب بغدادی نے جو اقوال ذکر کئے ہیں، یہ حضرات ان اقوال کے راوی ہیں۔ حضرت انس ؓ کی حدیث بھی امام صاحب کے موقف کے مخالف تھی۔ اس لئے اس پر بہر نوع تبصرہ کرتے ہوئے حضرت انس ؓ کو بھی معاف نہیں کیا گیا۔ اسی لئے بعض حضرات نے انہیں «مجنون أبی حنیفہ ؒ»کا لقب دیا ہے۔ اس کے علاوہ امام رازیؒ، امام الجوینی ؒاورامام غزالی ؒ کے بارے میں ان کے قلم کی کاٹ کو«احقاق الحق بابطال الباطل فی مغیث الخلق»میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی «احقاق الحق»میں شیخ کوثری نے جس انداز سے شافعیوں کا مذاق اڑایا ہے اسے بھی دیکھ لیجئے! چنانچہ شمس الائمہ محمد بن عبد الستار الکردریؒ کے رسالہ «الرد علی الطاعن المعثار و الإنتصار لسید فقھاء الأمصار»جو انہوں نے امام غزالی ؒ کی کتاب «المنخول»کی تردید میں لکھا ہے کے حوالے سے لکھتے ہیں۔ «ایک طالب علم مذہب شافعیؒ کے مطابق علم فقہ حاصل کرنے کے لئے گھر سے چلا اور ایک طویل مدت امام شافعیؒ کے قول جدید وقدیم کو حاصل کرنے میں صرف کی۔ اور کئی مسائل میں اسے یہی کہا گیا کہ اس میں امام شافعیؒ کے دو قول ہیں۔۔ واپس لوٹا تو اس کے شہر والوں نے اپنے مسائل اورحاجات اس کے سامنے پیش کئے۔ اس کے دل میں بڑی تشویش پیدا ہوئی کہ اس کے ہاں کوئی پختہ رائے تو نہیں ہے۔ چنانچہ اس نے اس سلسلے میںاپنے شیخ سے مشورہ کیا۔ اس نے کہا کہ تم سے جب کوئی مسئلہ دریافت کرے تو تم کہہ دیا کرو کہ اس میں امام شافعیؒ کے دو قول ہیں۔ اس کے بعد کتابوں کی مراجعت کرکے مسئلہ معلوم کر لیا کرو، چنانچہ اس نے اسی طرح کیا۔ جب بھی کوئی مسئلہ پوچھنے والا آتا تو وہ جواب میں کہتا۔«اس میں امام شافعی ؒ کے دو قول ہیں۔»لوگوں نے جب دیکھا کہ یہ اکثر وبیشتر یہی جواب دیتا ہے تو انہیں اس کے بارے میں شک گزرا۔ کسی نے اس سے یہ سوال کر ڈالا۔ «أفی اللہ شک»کہ «کیا اللہ کے بارے میں شک ہے؟»تو اس نے اس کا بھی یہی جواب دیا کہ اس میں امام شافعیؒ کے دو قول ہیں جس سے اس کا راز کھل گیا اور اس کی جہالت واضح ہو گئی» (احقاق الحق ص۴۰) قارئین کرام!غور کیجئے کہ کس طرح شافعیوں کو رسوا اور بد نام کرنے کے لئے یہ قصہ گھڑا گیا ہے۔ یہ بات تو شیخ کوثری پر مخفی نہیں کہ شیخ الکردری نے نہ طالب علم کا نام ذکر کیا نہ ہی اس کے شافعی استاد کا تا کہ اس کی حقیقت معلوم کی جا سکے۔ اور نہ یہ ذکر کیا گیا کہ یہ واقعہ کہاں اور کس جگہ پیش آیا بس یہی کہ «یحکی»بیان کیا جاتا ہے۔ شیخ کوثری یہ بھی خوب جانتے ہیں کہ امام غزالی ؒکے جواب میں جواب آں غزل کے طور پر شمس الائمہ کردری نے بہت کچھ لکھا۔ مولانا عبد الحی لکھنوی ؒ بھی معترف ہیں کہ اس میں انہوں نے امام شافعیؒ اور ان کے متبعین پر بڑی تشنیع کی ہے۔ حیرت ہے کہ سلطان محمودؒ بن سبکتگین کے دربار میں قفال مروزی شافعی نے حنفی نماز کا جو نقشہ پیش کیا ہے۔ اسے تو شیخ کوثری ؒامام الحرمین ؒکا جھوٹ اور ان کا اپنا خانہ ساز قرار دیتے ہیں۔ کیوں کہ یہ «یحکٰی»سے بیان کیا گیا ہے۔ (احقاق ص۶۴) 6 مگر کتنے افسوس کا مقام ہے کہ وہ خود یہاں اس واقعہ کو«مایحکٰی»کے الفاظ سے شمس الائمہ کردری سے پورے اعتماد سے نقل کر تے ہیں۔ حالانکہ وہ اس سے بھی باخبر ہیں کہ یہ فقہائے کرام جب اپنے مقصد کی حدیث نقل کرنے میں بڑے غیر محتاط ثابت ہوئے ہیں تو ایسے واقعات جن کا کہیں اتہ پتہ نہیں ان کے بیان کرنے سے قابل اعتماد کیسے ہو سکتے ہیں؟ مگر افسوس!اس کے باوجود محض شافعیت کی تردید وتذلیل میں یہ سب کچھ ررواکھا جاتا ہے اور ہمارے محترم ڈاکٹر صاحب فرماتے ہیں وہ دوسرے ائمہ کو برداشت کرتے تھے یہی برداشت کرنا ہے تو دشمنی معلوم نہیں کس بلا کا نام ہے۔ ع ہوئے تم دوست جس کے، دشمن اس کا آسماں کیوں ہو؟

جلد اول

7علمائے دیوبندکی چند جسارتیں

اسی طرح جناب ڈاکٹر خالد صاحب نے دس اکابر علمائے دیوبند کا ذکر کر تے ہوئے فرمایا ہے کہ: «ان حضرات کی حکیمانہ پالیسی کے تحت آج بھی برصغیر پاک وہند بنگلہ۔ اور برما وغیرہ میں مسلکی فقہی رواداریاں اور بین الاقوامی اتحاد پایا جاتا ہے۔»(دارالعلوم ص۵۵) بین الاقوامی مسائل پر اتفاق واتحاد سے بحمداللہ کسی نے روگردانی نہیں کی خواہ وہ اہلحدیث ہوں یا مقلدین۔ مگر یہ امر واقعہ ہے کہ اکثر وبیشتر مقلدین حضرات نے خواہ وہ دیوبندی ہوں یا بریلوی قطعًا فقہی رواداری کا مظاہرہ نہیں کیا۔ دور حاضر کے اہلحدیث کو جانے دیجئے۔ حضرات محدثین کے بارے میں اکابر علمائے دیو بند بالخصوص مولانا گنگوہیؒ علامہ کشمیری ؒاور ان کے تلامذہ کی رائے ڈھکی چھپی نہیں۔ وہ انہیں مسلکی حمیت کا طعنہ دیتے ہوئے حدیث کی صحت وضعف میں ان کے فقہی اثرات کو مؤثر گردانتے ہیں۔ حافظ ابن حجر ؒ کے بارے میںعلامہ کشمیری ؒاس حقیقت کے تو معترف ہیں کہ «إن الحافظ حافظ فنہ ولا ریب»مگر جب بھی حنفی شافعی تناظر میں بات آئی تو فرمایا ہمیں ان سے مچھر کے پر کے برابر بھی فائدہ نہیں۔ ایک کلمہ بھی حنفیوں کے فائدہ کا نہیں لکھتے۔ حنفیوں کو نقصان پہنچانے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ (فیض الباری) مولانا حبیب الرحمن مہتمم دارالعلم دیوبند نے جلالین کے حاشیہ میں شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒ کو «ضال مضل»لکھ مارا۔ مولانا محمد حسن سنبھلی حنفی نے شرح عقائد نسفی کے حاشیہ میں شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒ، حافظ ابن قیم ؒ، علامہ شوکانی ؒ، حافظ ابن حزمؒاورامام داؤد ظاہری ؒ کے بارے میں جو لب کشائی کی ہے اسے نقل کرتے ہوئے شرم آتی ہے۔ مولانا خلیل احمد سہارنپوری نے «بذل المجھود»کے مقدمہ میں شارح ابو داؤد علامہ شمس الحق محدث ڈیانوی ؒ کے بارے میں جو کچھ لکھا وہ بھی کسی سے مخفی نہیں۔ اس کے علاوہ اہلحدیث حضرات کو بد مذہب، لا مذہب، گمراہ رافضیوں کے چھوٹے بھائی، چھوٹے نیچری، خارجی، منکر قرآن، فسادی، اہل زیغ، شییء من سدر قلیل، اہل سنت سے خارج، جہلائے زمانہ، بلیدالذہن، خواہش پر ست، نام کے اہلحدیث اورانگریز کی پیداوار کہا گیا، حتی کہ مرتد اور پھر واجب القتل کے فتوے داغے گئے۔ نواب صدیق حسن خاںؒ کے بارے میں ذوق علم سے کو رااور عروج با لفروج کی پھبتی، ذرا ڈاکٹر صاحب ہی بتلائیں، فقہی رواداری اسی کا نام ہے؟ علمائے دیوبند سے ارباب بریلی کا اختلاف کسی سے مخفی نہیں۔ یہاں تک کہ چار اکابر دیوبند کے بارے میں نامزد طور پر کفر کا فتوی لگایا گیا اور بریلی ٹکسال سے جس طرح کی مسجع مقفیٰ مغلظات سے نوازاگیا اس کی داستان بھی طویل ہے۔ بریلوی بدعات ومحدثات اور شرکیہ عقائد اس پر مستزاد جس کا اعتراف خود ارباب دیوبند کو بھی ہے مگر اہلحدیث کے مقابلے میں دیوبند یوں اور بریلویوں میں ہمیشہ حنفیت قدر مشترک رہی اور دونوں مکتب فکر نے خم ٹھو نک کر مقابلہ کیا۔ اُن حالات میں مولانا سید محمد علی مونگیری نے مولانا احمد رضا خاں کو جو خط لکھا۔ ذرا اس کا اسلوب بھی ملا حظہ ہو۔ «ذرا غور فرمائیے ہماری سختی اور تشدد نے ہمارے فرقہ اہل سنت اور بالخصوص احناف کو کیسا سخت صدمہ پہنچایا ہے۔ ہندوستان میں تمام اہل سنت حنفی تھے۔ غیر مقلد کا شاید نشان بھی نہ تھا۔ ابتداء میں ایک دو شخصوں کی رائے نے غلطی کی یا جو باعث ہو۔ انہوں نے بعض مسائل میں اختلاف کیا۔ ہمارے بعض حضرات نے بنظر حمایت حق انہیں مخاطب بنایا اور انہیں روکا۔ اگرچہ ان کی نیت خیر تھی۔ اور اس کا ثواب وہ پائیں گے۔ إن شاء اللہ تعالی۔ مگر اتنی مدت کے تجربہ نے یہ معلوم کرادیا کہ یہ حمایت خلاف مصلحت تھی۔ اگر وہ بعضے کج رومخاطب نہ بنائے جاتے اور رد وکہ کا اعلان نہ ہوتا۔ تو وہ گوشئہ گمنامی میں پڑے رہتے نہ انہیں اپنے حمائیتوں کی تلاش کی حاجت پڑتی نہ اپنی بات کے اعلان کا اسی قدر احساس ہوتا۔ نہ ہمارے مقتداؤں پر سب وطعن کی نوبت آتی زیادہ سے زیادہ یہ ہوتا کہ دس بیس ان کے ہم خیال ہوجاتے ہزاروں لاکھوں تک نوبت نہ پہنچتی افسوس صد افسوس ہمیں اپنے پاک مذہب کی اس ذلت پر ذرا نظر نہیں آتی مولانا خدا کے لئے غور کیجئے اور دشمنان کو ہم پر، پاک مذہب پر ہنسنے کا موقع نہ دیجئے۔»(سیرت مولانا مونگیری ص۱۷۱) اس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ ان حضرات کو اہلحدیث سے کس قدر عداوت تھی۔ عقائد میں اہلحدیث دیوبند کے قریب ہوتے ہوئے بھی صرف اس لئے دور ہیں کہ وہ حنفی نہیں کہلاتے۔ تقلید نہیں کرتے اور بریلوی اپنی تمام تربدعات وخرافات اور فتوی بازی کے باوجود قریب محض اس لئے ہیں کہ وہ حنفی مقلد ہیں۔ اہلحدیث ہند بھی«شعاراہل الحدیث»کے مطابق رفع الیدین کرتے۔ آمین بالجہر کہتے، تکبیر مفرد کہتے۔ اگر ہمارے حنفی بالخصوص دیو بندی علماء وسعت ظرفی کا مظاہرہ کرتے اور ان مسائل کو باعث نزاع نہ بناتے۔ یہی سمجھ کر خاموش ہو جاتے کہ امام شافعیؒ اور امام احمد ؒوغیرہ کا بھی تو اس پرعمل تھا تو ہم سمجھتے یہ مذہبی رواداری ہے مگر آمین بالجھر پر «آمین بالشر» کی پھبتی، رفع الیدین کو نعوذبا للہ گھوڑوں کی دموں اور مکھیاں جھاڑنے سے تشبیہ بلکہ اس پر حرب وضرب کے واقعات اور فاتحہ خلف الامام پڑھنے پر منہ میں آگ پتھر اور مٹی ڈالنے کے فتوے، کیا مذہبی رواداری ہے؟ مولانا اشرف علی تھانویؒ جنہیں جناب ڈاکٹر صاحب حکیم الامت مجد دمأتہ چہار دہم کے لقب سے یاد کرتے ہیں۔ کیاڈاکٹر صاحب کو معلوم نہیںکہ وہ کسی اہلحدیث کو اپنے حلقہ عقیدت میں رکھنا گوارا نہیں کرتے تھے۔ مولانا حافظ عزیز الدین مراد آبادی ؒ کے بارے میں موصوف کو خبر ہوئی کہ وہ«غیر مقلد»ہوگئے ہیں تو انہوں نے بذریعہ خط مولانامراد آبادی کو اطلاع دی کہ چونکہ تم غیر مقلد ہوگئے ہو۔ اس لئے اپنے سلسلہ بیعت سے تم کو خارج کرتا ہوں (بحوالہ فتاوی اہلحدیث ص۴۲) بلکہ مولانا مفتی محمد حسن مرحوم (بانی جامع اشرفیہ فیروز پوروڑلاہور) نے حضرت مولانا عبد الجبار غزنوی ؒسے حدیث پڑھی مولانا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مولانا تھانوی ۱۳۶۳ ھ ۱۵،۱۶ رجب کی درمیانی شب فوت ہوئے۔ تقریبًا ۸۳ سال انہوں نے عمر پائی۔ «مجدد»کے لئے رسول اللہ ﷺ نے «علی رأس کل مائۃ سنۃ۔ فرمایا ہے اوررأس مائۃ سے باتفاق محدثین آخر صدی مراد ہے یا کبھی سال آگے پیچھے، مگر حضرت تھانوی تو ۱۲۶۳ ھ میں فوت ہوئے انہیں چودھویں صدی کا مجدد کہنا کیسے درست ہو سکتا ہے؟ مولانا لکھنوی ؒ، سید احمد بریلوی ؒ ۱۲۴۶ ھ اور سید اسماعیل شہید ؒ، کو مجدد تسلیم اس لئے نہیں کرتے کہ پہلی صدی کے آخراور دوسری صدی کے آغاز میں ان کانفع عام نہ ہوا(فتاوی مولانا لکھنوی ص۱۱۶) اور مولانا تھانوی ؒ تو ۱۳۰۱ھ میں تحصیل علم سے فارغ ہوئے۔۱۳۱۵ ھ تک درس و تدریس میں مصروف رہے (اشرف السوانح)ظاہرہے دعوت واصلاح کا کام اس کے بعد شروع ہوا۔ لہذا انہیں چودھویں صدی کا مجدد کہنا محض ڈاکٹر صاحب کی خوش فہمی ہے۔ تھانوی ؒ کے ہاں حاضر ہوئے۔ بیعت کا تقاضا کیا تو فرمایا «پہلے کسی حنفی عالم سے حدیث پڑھیں پھر بیعت کروں گا۔»بتلائیے رواداری اسی کا نام ہے؟ اور مجددین کے کارنامے اسی طرح کے ہوتے ہیں؟ مولانا غلام اللہ خان مرحوم کے تلمیذ مولانا بہادر بیگ اہلحدیث ہوگئے توخان صاحب نے ان سے جو سلوک کیا اہل پنڈی اس سے بے خبر نہیں۔ اسلئے اگر حضرت مولانا محمد اسماعیل سلفی مرحوم نے «نتائج التقلید»کی تقریظ میں ارباب دیو بند کے بارے میں فرمایا کہ قدر مشتر کان کے ہاں اہلحدیث سے بغض تھا تو اس سے جناب ڈاکٹر صاحب چیں بجبیں کیوں ہیں؟ مقلدین حضرات اپنے موقف کے خلاف سنت کے بارے میں جو رویہ اختیار کرتے ہیں اس کی نشاند ہی «تذکرۃ الرشید»کے حوالہ سے ہم پہلے ذکر کر آئے ہیں۔ اسے ایک بار پھر پڑھ کر انصاف سے بتلائیں! یہ سنت سے محبت ہے یا بغض؟ حدیث رفع الیدین کی جو تاویل «ذب ذبابات الدراسات(ج۱ص۵۸۵)میں مخدوم عبد اللطیف ٹھٹھوی نے کی اسے جانے دیجئے کہ دیو بند کے عالم وجود میں آنے سے بہت پہلے کی بات ہے۔ جناب مولانا حسینؒ علی واں بھچراںجو مولانا غلام اللہ خاں مرحوم وغیرہ کے استاد ہیں۔ مولانا گنگوہیؒ کے شاگرد اور بالخصوص دیو بندی مکتب فکر میں«مماتی»گر وہ کے ہاں بڑے محترم ہیں۔ نے تو ان سے بھی ایک قدم آگے بڑھ کر فرمایا کہ حنفیہ یہ نہیں کہتے کہ رفع الیدین منسوخ ہے بلکہ وہ کہتے ہیں کہ یہ رسول اللہ ﷺ سے ثابت ہی نہیں۔ ان کے الفاظ ہیں۔ «إن الحنفیۃ لیسوا بقائلین بنسخ الرفع بل ھم منکرون لثبوت الرفع عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم»(تحریرات حدیث) علامہ طحاوی ؒ، علامہ ابن ہمام، علامہ کاسانی، علامہ عینی وغیرہ جو نسخ رفع الیدین کے مدعی ہیں۔ اب اس کا فیصلہ تو کوئی حنفی عالم ہی کرے گا کہ وہ ائمہ احناف میں شمار ہوتے ہیں کہ نہیں۔ بڑی جرأت سے مولانا حسین علی مرحوم نے فرما دیا کہ حنفیہ نسخ رفع الیدین کے قائل ہی نہیں۔ پھر اس دعوی کے لئے کہ رفع الیدین رسول اللہ ﷺ سے ثابت نہیں۔ حضرت عبد اللہ بن عمر، ؓ حضرت مالک ؓ بن الحویرث، حضرت علی ؓ اور حضرت ابو حمید الساعدی ؓ کی احادیث کی جس بھونڈے انداز سے تاویل کی شاید ہی کوئی ذمہ دار حنفی عالم اس سے متفق ہو۔ خلاصہ یہ کہ ان میں راویوں کو وہم ہوا۔ ان حضرات نے رفع الیدین کی ہی نہیں کوئی پہنچا نہ پہنچے گا تمہاری ظلم کیشی کو اگرچہ ہو چکے بے حدستم گر تم سے پہلے بھی حالانکہ امام ابن قدامہ ؒ، شیخ الاسلام ابن تیمیہ ؒ، حافظ ابن حجر ؒ، علامہ سیوطیؒ، شیخ عبد العز یز فرہاری ؒ، مولانا عبد الحی لکھنوی ؒ، حتی کہ علامہ انور شاہ کشمیری ؒاور مولانا بدر عالم ؒ نے بھی احادیث رفع الیدین کو متواتر قرار دیا ہے، مگر ہمارے دیو بندی حنفی کو اس «تواتر»میں بھی راویوں کا وہم ہی نظر آتا ہے۔ إناللہ وإنإلیہ راجعون۔ تقلیدی ذہن کاا ندازہ لگائیں کہ مستدرک حاکم میں ایک روایت ہے کہ «کان یوتر بر کعۃ وکان یتکلم بین الرکعۃ والرکعتن»رسول اللہ ﷺ ایک رکعت وتر پڑھتے اور ایک رکعت اور دو رکعتوں کے درمیان بات کرتے۔ اس روایت کے بارے میںعلامہ کشمیری فرماتے ہیں کہ اس کے بارے میں میں تقریباً چودہ سال غور وفکر کرتارہا پھر میں نے اس کا شافی جواب نکالا۔ ان کے الفاظ ہیں۔ «ولقد تفکرت فیہ قریبًا من الأربعۃ عشر سنۃ ثم استخرجت جوابا شافیا۔»(العرف الشذی ص۲۱۵، نیز فیض الباری ج۲ص۳۷۵) 0یہ جواب کیا ہے اس سے یہاں کوئی بحث نہیں۔ ہمیں یہ بتلانا ہے کہ کیا یہ وہی تقلیدی انداز نہیں جس کی وضاحت مولانا تھانوی نے کی کہ« مقلد جب کوئی حدیث قول مجتہد کے خلاف دیکھتا ہے تو قلب میں انشراح نہیں رہتا بلکہ استنکار پیدا ہوتا ہے پھر تاویل کی فکر ہوتی ہے۔ خواہ کتنی ہی بعید ہؤنصرت مذہب کے لئے تاویل ضروری سمجھتے ہیں دل نہیں چاہتا کہ قول مجتہد کو چھوڑ کر حدیث صریح پر عمل کریں۔ گویا جیسے اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے فرمایا ہے کہ«جب صرف اللہ سبحانہ وتعالی کا ذکر ہوتا ہے تو مشرکوں کے دلوں میں گھٹن پیدا ہوتی ہے۔»اسی طرح جب اتباع میں حدیث رسول کا ذکر آتا ہے تو مقلد کے دل میں«انشرح نہیں رہتا بلکہ استنکار پیدا ہوتا ہے۔»اور اس حدیث کو قول مجتہد کے مطابق بنانے کے لئے«کاٹ چھانٹ»کر درست کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ بتلائیے یہ حدیث و سنت سے محبت ہے یا«قول مجتہد سے؟ اس لئے مقلد ین کے اس عمومی مزاج کے پیش نظر اگر مولانا سلفی مرحوم نے یہ لکھ دیاہے کہ ان حضرات کو سنت اور اہلحدیث سے بغض ہے تو اس حقیقت واقعی کا اظہار ہے جناب ڈاکٹر صاحب اور ان کے ہم خیال حضرات کو اپنے آئینہ کے یہ داغ صاف کر دینے چاہئیں جو خود انہی کے اپنے طرز عمل کے نتیجہ میں ہیں

جلد اول

اہلحدیث پر توہین ائمہ کا الزام اور اس کا جواب

مقلدین حضرات کا یہ عمومًا اعتراض ہوتا ہے کہ اہلحدیث ائمہ کی توہین کرتے ہیں (معاذاللہ ثم معاذ اللہ) ہمارے مہربان جناب ڈاکٹر خالد محمود صاحب نے بھی تان اسی پر توڑی البتہ یہ کرم فرمایا کہ اس سے مولاناعبد الجبار ؒ غزنوی اور مولانا محمد داؤد غزنوی ؒ کو مستثنی قرار دیا۔ ان کے الفاظ ہیں۔ «عصر حاضر کے اہل حدیث کہلانے والوں میںاگر کسی میں مسالک اربعہ کے ربط وتعلق اور قوت برداشت کی جھلک ملے گی تو وہ امر تسر کے حضرت مولانا عبد الجبار غزنوی تھے۔ اور اب یہ رنگ کسی میں باقی ہے تو ان کے صاجزادہ مولانا محمد داوؒدغزنو یہیں۔» (دارالعلوم ص۱۸) ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بھی جناب ڈاکٹر صاحب کی ذرہ نوازی ہے کہ انہوںنے ان دوبزرگوں کو مستثنی قرار دیا۔ اگر وہ انہیں بھی معاف نہ کرتے تو ہم ان کا کیا بگاڑ سکتے ہیں۔ حالانکہ امر وقعہ یہ ہے کہ اہلحدیث کسی بھی امام کی توہین نہیں کرتے۔ سبھی ائمہ فقہاء سے استفادہ کرتے ہیں۔ یہ روش تو مقلد ین کی ہے کہ شافعیوں نے امام ابو حنیفہ ؒ اور فقہ حنفی کی تذلیل وتنقیص میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی اور حنفیوں نے امام شافعیؒ بلکہ امام مالک ؒ کی توہین میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی بلکہ حمیت مسلکی میں ان کا قلم حضرات صحابہ ؓ کا تقدس بھی محفوظ نہ رکھ سکا۔ حضرت ابو ہریر ۃؓ، حضرت انسؓ، حضرت وابصہ ؓبن معبداورحضرت امیر معاویہ ؓ کے بارے میں جو کچھ کہا گیا، کیا اس سے ڈاکٹر صاحب بے خبر ہیں یا تجاہل عارفانہ کا مظاہرہ کررہے ہیں؟ اور کیا امام شافعی ؒکو جاہل اور ناقابل معافی جرم کا مرتکب قرار نہیں دیا گیا؟ اصول فقہ حنفیہ میں«مبحث الاھلیۃ»کے تحت کہا گیا کہ جہالت کی ایک قسم ایسی ہے جس کی قیامت کے روز بھی معافی نہیں ہوگی۔ اور نہ ہی اس کے بارے میں کوئی عذر سنا جائے گا جیسا کہ معامذین کا کفر یاجیسے معتزلہ کا عذاب قبر، رؤیت باری تعالی اور شفاعت کا انکار وغیرہ اسی کے ساتھ ساتھ ایک مثال یہ بھی دی گئی کہ:۔ «کجھل الشافعی فی جواز القضاء بشاھد ویمین فإنہ مخالف للحدیث المشھور وھو قولہ: البینۃ علی المدعی والیمین علی من أنکر وأول من قضی بہ معاویۃ۔» ( نورالا نوار ص۳۰۴ مطبوعہ ۱۹۵۲ء) یعنی «امام شافعیؒ کی جہالت بھی اسی قسم کی ہے جو انہوں نے ایک گواہ اور مدعی کی قسم پر حق دلانے کا فیصلہ دیا ہے۔ یہ مشہور حدیث کے خلاف ہے کہ مدعی کے ذمہ گواہ اور منکر پر قسم ہے سب سے پہلے اس اصول کے مطابق فیصلہ کرنے والے معاویہؓ ہیں۔» لیجئے جناب حضرت معاویہ ؓ اور امام شافعی ؒکا یہ «جھل» ایسا ہے کہ قیامت کے روز بھی اس کی معافی نہیں ہو گی (معاذاللہ) یہ کسی رافضی کا الزام نہیں بلکہ اپنے آپ کو حنفی مقلد کہلانے والے اہل السنۃ والجماعۃ (بلکہ ادب واحترا م کے ٹھیکیدار)ہیں یاد رہے کہ یہ فیصلہ تنہا حضرت معاویہ ؓ اور امام شافعی ؒ کا نہیں بلکہ علامہ نوویؒ نے لکھا ہے۔ «جمہور علماء اسلام صحابہ وتابعین میں اور ان کے بعد کے علمائے امصار کا یہی فیصلہ ہے کہ ایک گواہ اور قسم پر فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ قول حضرت ابو بکر صدیق ؓ، حضرت علی ؓ، عمر بن عبد العزیزؒ، مالکؒ، شافعیؒ، احمدؒ، بلکہ فقہائے مدینہ اور تما م علمائے حجاز اور اکثر علمائے امصار کا ہے»(شرح مسلم ج۲ص۷۴) یہاں اس مسئلہ کی تفصیل مقصود نہیں۔ بتلانا صرف یہ ہے کہ اس«جہل»کے مرتکب جمہور صحابہ وتابعین اور ائمہ کرام ہیں۔ امام شافعیؒ اور حضرت معاویہ ؓ ہی کا یہ فیصلہ نہیں اس لئے بتلائیے کیا«مسالک اربعہ سے ربط وتعلق»اسی کا نام ہے غیر کی آنکھوں کا تنکا تجھ کو آتا ہے نظر دیکھ اپنی آنکھ کا غافل ذرا شہتیر بھی اسی پر بس نہیں تعجب تو یہ ہے کہ« نورالا نوار» کے مؤلف شیخ احمد المعروف بملا جیون «جہل»کی یہ امثلہ ذکر کرنے کے بعد لکھتے ہیں کہ:۔ «قد نقلنا کل ھذا نحو ما قال أسلافنا وإن کنا لم نجتریٔ علیہ» ہم نے یہ سب کچھ وہی نقل کیا جوہمارے اسلاف نے کہااگر چہ ہم اس کی جرأت نہیں رکھتے اور اسی آخری جملہ «لم نجتریٔ علیہ» پر حاشیہ نمبر۲۱ لکھتے ہوئے محشی رقمطراز ہیں۔ «لأن فی ھذا البیان سوء الأدب» کیوں کہ اس میں سوء ادب پایا جاتاہے لیجئے جناب گستاخی کا اقرار بھی موجود، مگر ملا جیون کا عذر یہ ہے کہ ہم یہ لکھنے پر مجبور ہیں کہ یہ ہمارے اسلاف نے کہا ہے۔ گویا حنفیت کی پوری تاریخ اس گستاخی سے پرُہے۔ یہ ہے «مسالک اربعہ سے ربط وتعلق»کا نمونہ إناللہ وإنإلیہ راجعون۔ بلکہ اسی مسئلہ پر فقہ کی درسی کتاب شرح وقایہ کتاب الدعوی میں یہ بھی کہا گیا کہ «رأی الیمین علی المدعی بد عۃ و أول من قضی بہ معاویۃ» «مدعی سے قسم لینے کی رائے بدعت ہے اور سب سے پہلے یہ فیصلہ معاویہ ؓنے کیا۔» تو گویا حضرت معاویہ ؓپہلے بدعتی ہیں۔ نعوذباللہہم عرض کر چکے ہیں کہ حضرت معاویہ ؓ تنہا نہیں جمہور بھی ان کے ہمنوا ہیں۔ تو کیا وہ سبھی بدعتی ہیں؟ یہ ہے حنفی ادب کا نمونہ۔ مگر علمائے اہلحدیث نے بحمداللہ نہ کبھی کسی کو«جاھل» کہا اور نہ ہی اختلافی مسائل میں کسی کے غیر صحیح مسلک کو«ناقابل معافی جرم»قرار دیا۔ فقہائے اسلام کے اقوال کو کتاب وسنت کے ترازو پر ضرور تو لا، مگر کسی کے خلاف زبان طعن نہیں کھولی۔ کسی کو فقہی اختلاف میں بدعتی نہیں کہا۔ یہ انداز فکر تو مقلدانہ ہے کہ وہ اپنے امام کے سوا کسی کی عظمت کو گوراہی نہیں کرتے بلکہ علامہ شعرانی ؒ نے لکھا ہے کہ «اکثر مقلدین اپنے امام کے علاوہ دوسرے ائمہ کے بارے میں بُرا اعتقاد رکھتے ہیں۔»اور آپس میں اختلافات کی نوعیت یہ ہے کہ:۔ «بلغنا أن من وراء النھر جماعۃ من الشافعیۃ والحنفیۃ یفطرون فی نھار رمضان لیتقووا علی الجدال وادحاض بعضھم حجج بعض» (المیز ان ص۴۳) «ہمیں خبر پہنچی ہے کہ وراء النہر کے شافعی اور حنفی رمضان کا روزہ اس لئے چھوڑ دیتے تھے کہ مناظرہ میں ایک دوسرے کے دلائل کا مقابلہ کرنے میں قوت رہے۔» لیجئے، جناب یہ ہے ان مقلد ین کا«جہاد»جس کی بنا پر یہ روزہ افطار کر دیتے تھے۔ کیا«مسلکی رواداری»اسی کا نام ہے۔ ان کے ہاں ائمہ اسلام سے «حسن سلوک»کی ضروری تفصیل اس سے پہلے بھی گزر چکی ہے۔ اہلحدیث کے نزدیک تمام ائمہ کرام عالم اسلام کی مشترکہ متاع ہیں۔ جو بھی ان کی توہین کرتا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ فقہی اختلافات میں سب وشتم بہر حال غلط ہے اور اس سے پرہیز لازمی ہے۔ مقلدین کے طرز عمل کو ائمہ مجتہدین سے کوئی نسبت نہیں فقہی اختلافات میں ائمہ مجتہدین کے ما بین وہ تنگ نظری نہیں جو بعد میں مقلدین نے اختیار کرلی ہے اور نہ ہی ان کے ہاں احادیث کی تاویلات کا بے ہنگم انداز ہے۔ جو مقلدین نے اپنے رکھ رکھاؤ کے لئے اپنا رکھا ہے۔ ان کا دور تدوین حدیث کا دور تھا۔ جسے جو دلیل ملی، صدق دل سے اس کا اتباع کیا۔ تدوین حدیث کے بعد اکثر وبیشتر مقلدین دلائل دیکھ لینے کے باوجود اپنے تقلیدی موقف پر ڈٹے رہے۔ ان کے اسی غلط انداز پر ہر دور میں اہل علم نے نکیر کی۔ جیسا کہ اس سے پہلے بھی ہم عرض کر آئے ہیں۔ علامہ تاج الدین السبکی لکھتے ہیں۔ «أما تعصبکم فی فروع الدین و حملکم الناس علی مذھب واحد فھو الذی لا یقبلہ اللہ منکم ولا یحملکم علیہ إلا محض التعصب والتحاسد ولو أن أبا حنیفۃ والشافعی وما لکا و أحمد أحیاء یرزقون لشردوا النکیر علیکم وتبرؤوا منکم فیما تفعلون۔»(معید النعم ص۷۶) «دین کے فروعی مسائل میں تمہارا تعصب اور لوگوں کو ایک ہی مذہب پر مجبور کرنا اللہ تعالیٰ کو قبول نہیں۔ تمہیں محض تعصب اور حسد اس پر ابھا رتا ہے۔ اگر ابو حنیفہؒ، شافعیؒ، مالک ؒ اور احمدؒ زندہ ہوتے تو تم پر سخت نکیر کرتے اور جو کچھ تم کر رہے ہو اس سے بیزاری کا اظہار کرتے» آپ پہلے پڑھ آئے ہیں کہ ائمہ مجتہدین فروعی فقہی اختلاف کے باوصف ایک دوسرے کے پیچھے نماز یں پڑھتے۔ مگر مقلد ین حضرات عمومًا انہی مسائل کی بنا پر ایک دوسرے کے پیچھے نمازپڑھنے کے لئے تیار نہیں۔ ائمہ مجتہدین دلیل کی بنا پر اپنا مسلک اور موقف تبدیل کردیتے مگر مقلدین نے تبدیل مسلک کو ناپسند یدگی کی نگاہ سے دیکھا۔ اندازہ کیجئے کہ ذمی کافر جو مسلمان ریاست میں رہتا ہو آنحضرت ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کرے تو کہا گیا کہ اس کا ذمہ نہیں ٹوٹے گا۔ علامہ ابن نجیمؒ نے اسی سلسلے میں لکھا کہ:۔ «نفس المؤمن تمیل إلی قول المخالف فی مسئلۃ السب لکن اتباعنا للمذھب واجب»(البحرالرائق ج۵ص ۱۴۵) «مومن کا دل بنی ﷺ کوگالی دینے کے مسئلے میں مخالف (یعنی شافعی ؒ)کے قول کی طرف مائل ہوتاہے۔ مگر ہمارے لئے مذہب کی اتباع واجب ہے۔» خداراانصاف کیجئے امام شافعی ؒکا موقف حق اور ایمان کے موافق سمجھ کر بھی اپنا مذہب اس لئے نہیں چھوڑا جارہا کہ اتباع مذہب واجب ہے۔ اس قسم کی اور بھی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔ امام عزالدین بن عبد السلام ؒ مقلدین کی اسی روش کوبیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ «میں نے کسی کو نہیں دیکھا کہ دوسرے امام کا موقف حق معلوم ہو جانے کے بعد کسی مقلد نے اپنے امام کے مذہب سے رجوع کر لیا ہو بلکہ وہ اُلٹا اسی پر اصرار کرتے ہیں ہمیشہ سے لوگ بغیر تقلید مذہب کے تمام علماء سے سوال کرتے رہے ہیں تاآنکہ یہ مذاہب اور ان کے متعصب مقلد ین ظاہر ہوئے۔ وہ تقلید اًدلیل کے خلاف اپنے امام کی اتباع کرتے ہیں گویا کہ وہ ان کی طرف بنی بنا کر بھیجا گیا ہے۔ یہ انداز حق سے دوری ہے اور کوئی بھی عقلمند اس کو پسند نہیں کرتا۔»(قواعد الأحکام ص۱۳۶) یہاں یہ بات مزید تعجب انگیز ہے کہ علامہ ابن ہمامؒ نے جہاں اور کئی مسائل میں احناف کے موقف کی تائید نہیں کی« مسئلہ سب»کے بارے میں بھی وہ احناف سے متفق نہیں ہیں (فتح القدیر ج ۴ص ۳۸۱) مگر آپ حیران ہوں گے علامہ ابن نجیم ؒ نے اسی بحث کے دوران میںان کی اختلافی رائے کا ذکرکے اسے نا قابل التفات بنانے کی یوں کوشش کی کہ انہی کے تلمیذ علامہ قاسمؒ بن قطلوبغا نے کہا ہے کہ:۔ «لا یعمل بأبحاث شیخنا التی تخالف المذھب»(البحرالرائق ج۵ص۱۲۵، رسائل ابن عابدین ج۱ص۲۴ وغیرہ) «کہ ہمارے شیخ کے وہ مباحث جو مذہب کے خلاف ہیں ان پر عمل نہ کیا جائے» یہ ہے وہ تقلیدی مزاج جس کی تردید ابھی آپ امام ابن عبد السلام ؒکے کلام میں پڑھ آئے ہیں۔ اس طرز عمل کا بہر آئینہ ائمہ کرام سے کوئی تعلق نہیں۔ جناب ڈاکٹر صاحب بڑی معصومیت سے لکھتے ہیں۔ «غیر مقلدین کھلے بندوں مقلدین کی تضلیل کرتے ہیں اور محض اس لیے کہ یہ امام کے پیچھے سورۂ فاتحہ نہیں پڑھتے۔ کہتے ہیں اس طرح حنفیوں کی نماز نہیں ہوتی۔»» (دارالعلوم ص۱۶) «غیرمقلدین»بلاشبہ ایسے جامد مقلدین کی تردید کرتے ہیں جو نصوص کے مقابلے میں قول امام کی تقلید کرتے ہیں۔ بلکہ اس کی تردید ہر دور میں علمائے حق نے کی ہے۔ جیسا کہ آپ پہلے پڑھ آئے ہیں۔ مولانا عبدالحی لکھنوی ؒ بھی حنفی مقلدین کی اسی بے اعتدالی کی تردید میں لکھتے ہیں۔ «فطائفۃ قد تعصبوا فی الحنفیۃ تعصبًا شدیدا والتزموا بما فی الفتاوی التزامًا شدیداً وإن وجدوا حدیثاً صحیحا أوأثرا صریحا علی خلافہ وزعموا أنہ لو کان ھذا الحدیث صحیحا لأخذ بہ صاحب المذھب ولم یحکم بخلافہ وھذا جھل منھم»الخ (النافع الکبیر ص۱۳۵) کہ« حنفیوں کا ایک گروہ بڑے تعصب کا مظاہرہ کرتا ہے اور کتب فتاوی پر بڑی شدت سے قائم رہتا ہے۔ اگر چہ کوئی صحیح حدیث یاصریح اثراس کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ اور وہ خیال کرتا ہے اگر یہ حدیث صحیح ہوتی تو امام اس پر عمل کرتا اس کے خلاف فیصلہ نہ دیتا یہ ان کی سراسر جہالت ہے۔»اس لئے مقلدین کے اس انداز کی ہر رجل رشید نے تردید کی ہے اور یہ تردید صرف انہی کو پسند نہیں جن کے دلوں میں تقلید کی محبت سامری کے بچھڑے کی طرح رچ بس گئی ہے۔ رہا فاتحہ خلف الامام کا مسئلہ تو یہ بھی ڈاکٹر صاحب کا اہلحدیث کے خلاف دلوں میں نفرت پیدا کرنے کا ایک اور حربہ ہے۔ کیونکہ فاتحہ خلف الا مام کا مسئلہ بھی فروعی اجتہادی نوعت کا مسئلہ ہے۔ استاد العلماء حضرت مولانا حافظ محمد گوندلوی ؒ نے واشگاف الفاظ میں فرمایا ہے کہ «جو شخص اپنی بساط کے مطابق تحقیق کرنے کے بعد دیانتدارانہ اختلاف کرے ایسے شخص کو فاسق یا گمراہ کہنا عناد کا بیج بونا ہے اور ضروری ہے جو فریق ایک جانب کو حق سمجھتا ہے وہ دوسرے فریق کو معذور سمجھے اورجو اس کے نزدیک حق ہے اس کو منصفانہ رنگ میں بادلائل بیان کرکے حق چھپانے سے بچے»(خیر الکلام ص۱۴،۱۵) نیز فرماتے ہیں۔ «ہماراتو مسلک ہے کہ فاتحہ خلف الامام کا مسئلہ فروعی اختلافی ہونے کی بنا پر اجتہادی ہے پس جو شخص حتی الامکان تحقیق کرے اور یہ سمجھے کہ فاتحہ فرض نہیں خواہ نماز جہری ہو یا سری اپنی تحقیق پر عمل کرے اس کی نماز باطل نہیں ہوتی۔»(خیر الکلام ص۳۳) اس صراحت کے بعد بھی یہ کہنا کہ اہلحدیث اختلاف کو برداشت نہیں کرتے۔ اہلحدیث کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ البتہ جہاں وہ تحقیقی اور علمی اختلاف کو برداشت کرتے ہیں وہاں استخفاف سنّت کی صورت بہر حال ان کے نزدیک کبھی برداشت کے قابل نہیں۔ اسے آپ تنگ نظری کہیں یا غیرت؟ یہ فیصلہ آپ کے دین وایمان کے ہاتھ میںہے۔ اسکے برعکس کیا جناب ڈاکٹر صاحب بھول گئے ہیں کہ خود حنفی مقلدین نے اسی اختلاف کو برداشت کیا؟ کیا فاتحہ خلف الامام پڑھنے والے جمہور اہل علم کی نماز کو باطل اور فاسد قرار نہیں دیا گیا؟ کیا جناب ڈاکٹر صاحب کو معلوم نہیں کہ شمس الائمہ سرخسی نے فاتحہ خلف الامام پڑھنے والوں کی نماز کو فاسد کہا؟ شیخ عبد اللہ البلخی نے کہاکہ اس کا منہ مٹی سے بھردیا جائے۔ یہ بھی فرمایا گیا کہ اس کے دانت توڑ دیئے جائیں۔ بلکہ یہ بھی فتوی صادر ہوا کہ فاتحہ خلف الامام پڑھنے والا فاسق اور حرمت کا مرتکب ہے۔ (امام الکلام ص۱۴۰، درمختارج ۱ص۵۴۴، فتح القدیر ج۱ص ۲۴۰وغیرہ) شیخ نظام الدین اولیاء مرحوم فاتحہ خلف الامام کے قائل تھے۔ جامد مقلدین نے زبان زدعام اورناقابل اعتبار ضعیف اثر کی بنا پر کہا کہ جو امام کے پیچھے قراءت کرتا ہے اس کے منہ میں آگ کی چنگاری ڈالی جائے گی۔ حضرت شیخ صوفی منش انسان تھے جھگڑا مٹاتے ہوئے انھوںنے فرمایا۔ میں اس وعید کا متحمل ہو سکتا ہوں مگر یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ میری نماز ہی باطل قرار دے دی جائے۔(نزہتہ الخواطر، ج۲ص ۱۲۹) اب یہ فیصلہ تو ڈاکٹر صاحب اور ان کے ہمنواہی کریں گے کہ امام شافعیؒ، امام ابن مبارکؒ، امام اسحاق ؒ، امام اوزاعی ؒ، امام ابو ثورؒاور امام بخاری ؒ وغیرہ جمہور اہل علم کیا اس فتوے کے مستحق ہیں جو درمختار وغیرہ میںصادر کیا گیا؟ آخر یہ حضرات کس منہ سے اپنے آپ کو اتحاد واتفاق کا داعی اور فقہی آراء میں رواداری کا علمبردار کہتے ہیں۔ ع اتنی نہ بڑھا پاکئی داماں کی حکایت دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قباء دیکھ الاعتصام ۱۰/ نومبر ۱۹۹۵ء

جلد اول

7اختلاف امت اور مسلک اعتدال

امت مسلمہ کی پستی اور بربادی کے اسباب وعوامل پر غور کیا جائے تو سر فہرست اس کا سبب باہم اختلاف وتشتت نظر آئے گا۔ جس سے اللہ ذوالجلال نے بڑی شدت سے منع فرمایا کہ﴿ وَلَا تَکُوْنُوْا کَالَّذِیْنَ تَفَرَ قُوْا وَ اخْتَلَفُوْامِنْم بَعْدِ مَا جَآئَ ھُمُ الْبَیَّنَاتُ﴾ (اٰل عمران: ۱۰۵) «ان کی طرح نہ ہو جاؤ جنھوں نے دلائل آجانے کے بعد بھی اختلاف کیا اور فرقہ فرقہ بن گے»ایک دوسری جگہ ارشاد ہوتا ہے۔ ﴿وَلَا تَنَازَعُوْا فَتَفْشَلُوْا وَتَذْھَبَ رِیْحُکُمْ﴾(الا نفال:۸)«کہ باہم جھگڑونہ ورنہ تم پھسل جاؤ گے اور تمہارا رعب جاتا رہے گا»لہذا امت میں اختلاف کسی صورت محمود نہیں۔ با لخصوص جبکہ اس نے نظر وفکرکی حدودکو پھلا نک کر عملی طور پر باہم انتشار وافتراق کی صورت اختیار کر لی ہو۔ بعض حضرات، صحابہ کرام اور ائمہ دین کے مابینفقھی واجتھادی اختلاف کو «رحمت» سمجھتے ہیں۔ اور اس بات کے قائل ہیںکہ ان میں سے جس کسی کے فتوی پر عمل کر لیا جائے صحیح ہے لیکن یہ بات بھی صحیح نہیں۔ علامہ ابن ؒعبد البراسی انداز فکر کی تر دید کرتے ہو ئے لکھتے ہیں۔ «ھذا مذھب ضعیف عند جماعۃ من أھل العلم وقد رفضہ أکثرالفقھاء وأھل النظر» (جامع بیان العلم ج۲ص۷۸) یعنی «یہ مذہب اہل علم کی ایک جماعت کے نزدیک ضعیف اور کمزدر ہے اور اکثر فقھاء اوراہل نظرنے اس کو چھوڑ دیا ہے»۔ اس سلسلے میں انھوں نے یہ واقعہ بھی ذکر کیا ہے کہ حضرت ابی ؓبن کعب اور حضرت ابن مسعودؓ کے مابین ایک چادر میں نماز پڑھنے کے متعلق اختلاف ہوا حضرت ابی ؓنے فرمایاکہ ایک چادر میں نماز پڑھنا اچھا ہے اور حضرت ابن مسعودؓ ؓنے فرمایا کہ یہ اس وقت تھا جب کپڑے کم تھے حضرت عمر فاروق ؓکو علم ہوا تو غصہ کی حالت میں تشریف لائے اور فرمایا۔ «اختلف رجلان من اصحاب رسول ﷺ ممن ینظرإلیہ و یؤخذ عنہ وقد صدق أبی ولم یأل ابن مسعود ولکنیلا اسمع أحداً یختلف فیہ بعد مقامی ھذإلا فعلت بہ کذا وکذا» (جامع بیان العلم ج۲ص۸۴) «کہ رسول اللہ ﷺ کے دو ایسے ساتھیوں کا اختلاف جن کی طرف دیکھا جاتا ہے اور ان سے «مسائل»اخذ کئے جاتے ہیں، ابی ؓبن کعب نے سچ کہا اور ابن مسعود ؓ نے بھی کو ئی کمی نہیں کی۔ لیکن آج کے بعد یہاں جو بھی اختلاف کرے گا میں اس سے ایسے اور ایسے معاملہ کروں گا»حضرت امام مالک ؒاور امام لیثؒفرماتے ہیں۔ «اختلاف أصحاب رسول اللہ ﷺ لیس کما قال ناس فیہ توسعۃ لیس کذلک إنما ھو خطأ وصواب» (ایضا ج۲ص۸۱) صحابہ کرام ؓکا اختلاف ایسا نہیں جیسا کہ لوگ کہتے ہیں کہ اس میں توسع ہے بلکہ اس میں خطاہے اور صواب ہے۔ مگر اس کے برعکس کچھ حضرات «توسع»کے قائل ہیں بلکہ اختلاف کو «رحمت»قرار دینے پر بھی مصر ہیں حیرت یہ کہ بعض نے تو اسی سلسلے میں ایک حدیث بھی بناڈا لی کہ «اختلاف أمتی رحمۃ» میری امت کا اختلاف رحمت ہے۔ جس کے بارے میں علامہ المنا ویؒ، علامہ السبکیؒ سے نقل کرتے ہیں۔« لم أقف علی سند صحیح ولا ضعیف ولا موضوع»(فیض القدیر ج۱ ص۲۱۲) کہ میں نہ اس کی کسی صحیح سندپر واقف ہوا ہوں اور نہ ہی کسی ضعیف اور موضوع سند پر، علامہ ابن حزمؒ «الاحکام» میںاسے باطل قرار دیتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں لکھتے ہیں۔ «لو کان الاختلاف رحمۃ لکان الإتفاق سخطا وھذا مالا یقولہ مسلم» (الاحکام ج۵، ص۶۴) کہ اگر اختلاف رحمت ہے تو اتفاق ناراضگی کا باعث ہو گا اور یہ ایسی بات ہے جو کوئی بھی مسلمان نہیں کہہ سکتا۔ بعض حضرات اس سلسلے میں حضرت عمر ؓکی اس حدیث سے بھی استدلال کرتے ہیں کہ:۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا۔ «میں نے اپنے بعد اپنے اصحاب کے اختلاف کے بارے میں اپنے رب تعالی سے دریافت کیا تو اللہ تعالی نے مجھ پر یہ وحی نازل فرمائی کہ آپ کے اصحاب میرے نزدیک بمنزلہ آسمان کے ستاروں کے ہیں ان میں سے بعض بعض سے روشن ہیں «فمن أخذ بشیء مما ھم علیہ من اختلافھم فھو عندی علی ھدی»«پس جس شخص نے ان کے اختلاف کی صورت میںان میں کسی ایک کے طریقہ کو اختیار کیا وہ میرے نزدیک ہدایت پر ہے۔»لیکن یہ روایت بھی سخت ضعیف بلکہ باطل اور موضوع ہے۔ جبکہ اس کا راوی عبد الرحیم بن زیدالعمی کذاب ہے علامہ المناوی ؒنے علامہ ذہبی ؒ سے نقل کیا ہے «ھذا الحدیث باطل»کہ یہ حدیث باطل ہے۔ فیض القدیر (ص۷۶ج۴) امام بزارؒنے بھی اس حدیث کو غیر صحیح بلکہ« کلام منکر»قرار دیا ہے جیسا کہ ابن تیمیہ ؒنے منھا ج ۱لسنۃ (ج۴ص۲۳۹)اور علامہ ابن عبد البر نے جامع بیان العلم (ج۲ص۹۰) میں نقل کیا ہے بلکہ «أصحابی کا لنجوم» کے الفاظ سے جملہ روایات نا قابل اعتبار اور سخت ضعیف ہیں۔ جن کی تفصیل سلسلۃ الاحادیث الضعیفۃ والموضوعۃ (ج۱ ص۷۸۔۸۴)میں دیکھی جا سکتی ہے۔ پھر جن حضرات کی نظر حضرات صحابہ کرام کے فقھی مسائل پر ہے وہ بھی اس کی کبھی تائیدنہیں کر سکتے۔ مثلا حضرت ابو طلحہ ؓبرف کھا نے سے روزٹوٹ جانے کے قائل نہ تھے۔ (مسند احمد ج۳ ص۲۷۹الاحکام ج۶ص۸۳) حضرت سمرۃ ؓ بن جندب شراب کی خرید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بینات( ص۱۲) وفروخت کے قائل تھے (مسلم ص۲۳ج ۲) مصنف عبد الرزاق (ص۱۹۵،۹۶اج۸) السننالکبری(ص۱۲ج۶)مسند حمیدی (ص۹ج۱) وغیرہ۔ حضرت عبد اللہ بن عمر ؓکا مسائل میں تشدد اور حضرت ابن عباس ؓ کا ان کے برعکس نرم ہو نا اہل علم کے ہاں معروف ہے۔ ان میںسے ایک یہ کہ حضرت ابن عمر ؓغسل جنابت میں چہرئے کے ساتھ آنکھوں کو کھول کر دھونے کے قائل تھے موطامع الزرقانی (ج۱ص۹۲)اسی بنا پر آخری عمر میں ان کی بینائی بھی جائی رہی تھی ان دونوں بزرگوں کے اسی نوعیت کے بعض تغردات کے لیے دیکھئے۔ زادالمعاد (ص۱۵۹ج۱) فصل الصوم یوم الشک۔ حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ رکوع میں ہاتھ گھٹنوں پر رکھنے کی بجائے دو گھٹنوں کے درمیان رکھنے (یعنی تطبیق)کے قائل تھے۔ صحیح مسلم (ص۲۰۲ج۱) وغیرہ۔ اسی نوعیت کے بیسیوں مسائل ہیں جن میں صحابہ کرام کے قول وعمل پر امت نے صاد نہیں فرمایا۔ حضرات صحابہ کرام آنحضرت ﷺ کے دور میں بھی اپنے فتوی کا اظہار کرتے۔ جن میں سے بعض ایسے بھی ہیں جن کی تردید خود آنحضرت ﷺ نے بھی فرمائی حضرت ابو السنا بل ؓ نے آنحضرت ﷺ کی زندگی میں سبیعۃ ؓالاسلمیہ کو یہ فتوی دیا کہ اس کی عدت وضع حمل نہیں بلکہ چارماہ دس دن ہے۔ مگر جب سبیعۃ ؓنے آنحضرت ﷺ کی طرف رجوع کیا تو آپ نے ابو السنا بل ؓکی تردید فرمائی۔ مقام غور ہے کہ اس کے باوجود حضرت علیؓ اور حضرت ابن عباس ؓ کا فتوی یہی ہے کہ حاملہ کی عدت چار ماہ دس دن یا أبعد الأجلین ہے۔ بلکہ امام شافعی ؒاور امام محمد ؒبن نصر مروزی نے ایسے مسائل پر مستقل رسائل لکھے ہیں جن میں حضرت علیؓ اور حضرت ابن مسعود ؓ کے ان فتاوی کو جمع کیا گیا ہے جو سنت معروفہ کے مطابق نہیں۔ تفصیل کے لیے ملا حظہ ہو۔(منھاج السنۃ: ص۱۵۶، ۳۶ ۱ ج۳) جب صورت واقعہ یہ ہے تو کیا آنحضرت ﷺ کے بعد یہ امکان ختم ہو گیا تھا کہ کسی صحابی سے کوئی غیر صحیح فتوی صادر نہیں ہو گا کہ آپ نے فرمایا۔ «بأیّھم اقتد یتم اھد یتتم» بلکہ ہم تو دیکھتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ جیسے فقیہ امت واشگاف الفاظ میں فرماتے ہیں۔ «فان کان حقا فمن اللہ وإن کان باطلاً فمنی واللّٰہ ورسولہ بریآن»(أبو داود مع العون ص۲۰۲ج۲) «ہ اگر یہ حق ہے تو یہ اللہ کی جانب سے ہے اور اگر باطل ہے تویہ میری طرف سے ہے اللہ تعالی اور اس کے رسولﷺاس سے بری الذمہ ہیں» لہذا یہ بات کیونکر صحیح باور کی جاسکتی ہے کہ جس صحابی کی بھی اقتداکرو گے ہدایت پا ؤگے البتہ حضرات صحابہ کرام کے اجماعی اور متفق علیہ مسائل سے انحراف قطعًا صحیح نہیں۔ صحابہ کرام کے مابین اختلاف کا کون انکار کر سکتا ہے۔ مگر ان کا یہ اختلاف اجتھاد و دلائل میں تحری وتتبع کے مختلف ہونے کی بنا پر ہے اگر کسی مسئلہ میں ان سے خطا بھی ہوئی ؓ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ امام المزنی ؒ فرماتے ہیں کہ حدیث«أصحابی کا لنجوم»اگر صحیح ہے تو اسکے معنی بس یہی ہیںکہ وہ جو کچھ نبیﷺ سے نقل کرتے ہیں اس میں وہ امین ومقتدا ہیں۔ إن صح ھذا الخبر فمعناہ فیما نقلواعنہ وشھدوابہ علیھم فکلھم ثقۃ مؤتمن علی ما جاء بہ لا یجوز عندی غیر ھذا الخ (جامع بیان العلم ج۲ص۹۰) علامہ ابن عبد البرؒ نے یہی قول التمھید (ص۲۶۳ج۴) میں بھی نقل کیا ہے اسی کے ساتھ ساتھ حضرت ابن عباسؓ اور حضرت مسورؓ کے مابین ایک مسئلہ میں اختلاف ذکرکرتے ہوئے فرماتے ہیں۔ ولو کانوا کالنجوم فی آراھم واجتھادھم اذااختلفوا لقال ابن عباس للمسور أنت نجم وانا نجم فلاعلیک وبأینا اقتدی فی قولہ فقد اھتدی الخ کہ اگر صحابہ کرام اپنی آراء اور اپنے مختلف اجتھادات میں ستاروںکی ماند ہوتے تو حضرت ابن عباسؓ جناب مسورؓ سے فرماتے تم بھی ستارے ہو میں بھی ستارہ ہوں لہذا کو ئی بات نہیں جو بھی ہم میں سے کسی کی اقتدا کرئے گاہدایت پر ہو گا۔ (التمھید ص۲۶۴ج۴) اس کے بعد انھوں نے اسی نقطہ نظر پر نفیس اشارے کئے ہیں اور ثابت کیا ہے کہ صحابہ کرام اپنے مختلف فیہ اجتھادات میں قطعا ستاروں کی ماند نہیں بلکہ وہ ایک دوسرے سے دلیل کا مطالبہ کرتے۔ جس کے پاس کتاب وسنت سے دلیل ہوتی اس کا قول قبول کر لیتے ورنہ رد کر دیتے ہیں۔ تووہ عند اللہ مأجور ہیں۔ جیسا کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا۔ «إذا حکم الحاکم فأ جتھد فاصاب فلہ أجران وإن حکم فاجتھد فأخطا فلہ أجر»(بخاری ومسلم وابوداود ج۲ ص۳۲۴وغیرہ) کہ جب حاکم اجتھاد کرے اور وہ راہ صواب کو پہنچ جائے تو اسے دواجر ملیں گے اور اگر اس سے خطا ہوئی تو اسے ایک اجر ملے گا۔ وہ اس اختلاف کے باوجود باہم شیر وشکر تھے اور منافرت سے محفوظ تھے۔ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن عمر ؓاور حضرت عبد اللہ بن مسعوداور دیگر صحابہ کرام سفر میں نماز قصر کے قائل تھے مگر اس کے باوجود حضرت عثمان ؓ کے پیچھے منیٰ میں چار رکعتیں بھی پڑھ لیتے تھے۔ ( مسلم ص۲۴۳ج۱)شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ نے صحابہ کرام اور تابعین عظام کایہ عمل نقل کیا کہ وہ فقھی مسائل میں اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کے پیچھے نماز یں پڑھتے تھے تفصیل کے لیے دیکھے ( الفتاوی الکبری ج۲ص۳۸۰)امام احمد ؒخون نکلنے سے وضو ٹوٹ جانے کے قائل تھے ان سے پوچھا گیا کہ اگر کسی امام نے خون نکلنے پر وضو نہیں کیا توآپ اس کے پیچھے نماز پڑھیں گے؟ تو انھوں نے فرمایا۔ « کیف لا أصلی خلف الإمام مالک وسعید بن المسیب» کہ میں امام مالک ؒاور سعید ؒبن مسیب (جو کہ خون نکلنے سے وضوکے قائل نہ تھے)کے پیچھے نماز کیوں نہ پڑھوں۔ (الفتاوی الکبری لابن تیمیۃص۳۸۱ج۲، وحجۃ اللہ ص۱۵۹ج۱) قاضی ابو یوسفؒ نے ایسے کنویں کے پا نی سے غسل کرکے نماز جمعہ پڑھا دی جسمیں چوہا مراہوا تھا۔ جب انھیں اس پر خبر دار کیا گیا تو انھوں نے فرمایا۔ «نأخذ بقولإخواننا من أھل المدینۃ إذابلغ الماء قلتین لم یحمل خبثا» قاضی ابو یوسف ؒنے ایک مرتبہ خلیفہ الرشیدؒ کے پیچھے نماز پڑھی درانحالیکہ کرخلیفہ نے سنگی لگوائی اورامام مالک کے قول کے مطابق انھوں نے وضو نہ کیا۔ مگر قاضی ابویوسفؒ نے نماز دوہرانے کی ضرورت نہیں سمجھی (الفتاوی الکبری ص۳۸۰ج۲) سلف کے مابین فقھی اختلاف کی یہی نوعیت تھی۔ مگر بعد کے ادوار میں جب تحقیق کی جگہ عنادوجمود نے لی اور فقھی مسائل کی حیثیت معاذاللہ «شرائع متعددہ» کی سی بنادی گئی۔ جیسا کہ علامہ المناوی نے فیض القدیر ( ص ۲۰۹ ج ۱) میں اشارہ کیا ہے اور انہی کے حوالہ سے مولانا مفتی محمد شفیع مرحوم لکھتے ہیں «فقہاء امت کے مختلف مسالک کا وہ درجہ ہو گا جو زمانہ سابقہ میں انبیا ء علیھم السلام کی مختلف شرائع کا تھا کہ مختلف ہونے کے باوجود سب کے سب اللہ ہی کے احکام تھے»(معارف القرآن ج۳ص۳۶۴) جس کا مفھوم بالکل واضح ہے کہ فقھاء کرام بالخصو ص ائمہ اربعہ کے مابین فقھی اختلاف کی پوزیشن انبیاء سابقین علیھم السلام کی مختلف شرائع کی ہے جو جس کا متبع ہے وہ حق پر ہے۔ لیکن کیا یہ فقھی اجتھادات واختلافات تمام کے تمام من جانب اللہ ہیں؟ سبحانک ھذا بھتان عظیم، وقد صدق اللہ عز وجل﴿ وَلَوْکَانَ مِنْ عِنْدِ غِیْرِ اللہِ لَوَجدُوْا فِیْہِ اخْتِلَافًا کَثِیْراً ﴾ مگر اسی فکر کا نتیجہ ہے کہ ان فقھی مکتب فکر سے وابستہ حضرات میں اختلاف وانتشار کی ایسی مسموم فضاء پیدا ہوئی کہ جس کا تصور کسی مسلمان جماعت سے ممکن نہیں چنانچہ محمد بن موسی جو کہ حنفی فکر کے متبع اور دمشق کے قاضی تھے کہا کر تے تھے۔ «لو کان لی أمر لأخذت الجزیۃ من الشافعیۃ» (میزان الاعتدال ص۵۲ج۴والجواہر المضیئۃ ترجمۃ محمد بن موسی مذکور) کہ اگر میرے اختیار میں ہوتا تومیں شافعیوں سے جذیہ وصول کرتا۔ مقام غور ہے کہ قاضی محمد بن موسی آخر شافعیوں کو کیا سمجھتے تھے جزیہ تو بہر حال کافروں سے وصول کیاجاتاہے۔ علامہ یاقوت الحموی «الری»کے حالات کے تحت لکھتے ہیں۔ کہ وہاںتین گروہ تھے شافعی سب سے کم ان سے زیادہ حنفی جبکہ وہاں «سواد اعظم»شیعہ تھے بلکہ نصف آبادی شیعہ حضرات کی تھی۔ وہاں پہلے شیعہ سنی فساد رونما ہوا۔ تو شافعیوں اور حنفیوں نے مل کر شیعہ کو تہس نہس کرڈالا تاآ نکہ کو ئی قابل ذکر شیعہ نہ بچ سکا۔ اس کے بعد حنفیوں اور شافعیوں کے مابین لڑائیاں ہوئیں۔ مگر شافعی باوجود کہ تعداد میں کم تھے مگر وہ ہر بار غالب آتے «الرستاق»کے حنفیوں نے اپنے ہمنواؤں کی امداد بھی کی مگر کوئی پیش نہ گئی یہاں تک کہ شیعہ اور حنفیوں میںسے وہی بچ سکا جس نے اپنے مسلک کو چھپا ئے رکھا بلکہ انھوں نے چھپنے کے لیے اپنے گھروں کو تہہ خانوں میں منتقل کرلیا تھا اور اگر وہ یوں نہ کرتے توان میں سے کوئی بھی نہ بچ سکتا۔«ولو لا ذلک ما بقی فیھا أحد» (معجم البلدان ص ۱۱۷ ج۳، ظھرالإسلام ص ۸۰ج۱) اسی طرح علامہ موصوف«اصبھان»کے حالات میں لکھتے ہیں۔ وقد فشاالخراب فی ھذا الوقت وقبلہ فی نواحیھا لکثرۃ الفتن والتعصب بین الشافعیۃ والحنفیۃ والحروب المتصلۃ بینالحزبین فکلما ظھرت طائفۃ نھبت محلۃ الأخری وأحرقتھا وخربتھالا یأخذھم فی ذلک إلا ولاذمۃ۔ (معجم البلدان ص۲۰۹ج۱) یعنی اس زمانہ میںاور اس سے قبل نواح أصبھان میں شافعیہ وحنفیہ کے مابین تعصب کے نتیجہ میں تباہی پھیل گئی۔ دونوں جماعتوں میں مسلسل لڑائی رہتی جب ایک دوسرے پر غلبہ حاصل کرلیتا تو وہ ان کے مکانات اکھا ڑڈالتا اور جلا دیتا اور یہ کام کرتے ہوئے کوئی عار محسوس نہ ہوتی۔ علامہ ابن اثیر ۳۲۳ھ کے حوادث میں لکھتے ہیں کہ حنابلہ کی شان وشوکت بڑھ گئی جہاں بھی نبیذ دیکھتے اسے گرا دیتے مغنیہ پا تے تو اسے مارتے اور آلات لھووولعب توڑ دیتے، مرداپنی عورت اور بچوں کے ساتھ چلتا نظر آجاتا تواس سے پوچھتے یہ ساتھ کون ہے؟ وہ اگر صحیح بات کہتا توفبھا ورنہ اسے خوب مارتے پیٹتے اور فاحشہ قرار دیگر سپاہیوں کے سپرد کر دیتے۔ بالآخر جمادی الآخرہ میں بدر الخرشنی نے نواحی بغداد میں اعلان کر وادیا کہ دو حنبلی کس جگہ جمع نہیں ہو سکتے اور نہ کو ئی ان سے مناظرہ ومنا قشہ کرئے اور مغرب وعشاء اور صبح کی نماز (امام شافعی کے قول کے مطابق) کوئی امام بسم اللہ بلند آواز سے پڑھے بغیر نہ پڑھا ئے۔ جس پر فتنہ مزید بڑھا کو ئی شافعی المذھب مل جاتا تو وہ اسے مار مار کر ادھ مویا کر دیتے۔ (الکامل ص۳۰۷ ۳۰۸ج۸) وظھر الاسلام(ص۸۰۷۹ج۱) اسی طرح علامہ ابن اثیر ۴۴۷ھ کے حالات میں لکھتے ہیں کہ حنابلہ وشافعیہ کے مابین اختلاف وانتشار بڑ ھا تو ابو علی بن الفراء اور ابن تمیمی حنابلہ کی قیادت کر تے تھے اور نماز میں جھراً بسم اللہ پڑھنے اور اذان میں ترجیع پر شدید انکار کرتے تھے تاآنکہ معاملہ خلیفہ تک پہنچا مگر کوئی فیصلہ نہ ہوا۔ حنابلہ نے «باب الشعیر» کی مسجد میں پہنچ کر امام کو جھراً بسم اللہ پڑھنے سے منع کیا تو امام نے قرآن نکال کر کہا « اذ یلوھا من المصحف حتی لا أتلوھا»کہ اس کو قرآن مجید سے نکال دو تاکہ میں اسے نہ پڑھوں(الکامل ص۶۱۴ ج ۹) ابن اثیر لکھتے ہیںکہ ۴۷۵ھ میں شیخ شریف ابو القاسم البکری المغربی بغداد آئے وہ شافعی اشعری تھے مدرسہ نظامیہ میں وعظ کرنے لگے حنابلہ کو مخاطب کر کے کہا کرتے تھے «ماکفر سلیمان ولکن الشیا طین کفروا» واللہ ما کفرأحمد ولکن أصحابہ کفروا»کہ سلیمان علیہ السلام نے کفر نہیں کیا شیا طین نے کفر کیا ہے۔ بخدا امام احمد ؒ کا فر نہیں مگر ان کے پیر وکار کا فر ہیں۔(الکامل ص۱۳۴ج۱۰)مصر امام شافعی ؒ کا مدفن ہے اس لیے اہل مصر سمجھتے تھے کہ مصر میں امام شافعی ؒ کا «سکہ»چلنا چاہیے۔ مولا نا ابو الحسنؒ علی ندوی طبقات الشافعیہ کے حوالہ سے لکھتے ہیں۔ «جب الملک الظاھر بیبر سنے پچھلے دستور کے بر خلاف شافعی قاضی القضاۃ کے علاوہ باقی تینوں مذاہب کے بھی علیحد علیحدہ قاضی مقرر کئے تو فقھا ء شافعیہ نے اس کو سخت نا پسند ید گی کی نظر سے دیکھا اس لیے کہ وہ مصر کو شافعی قاضی القضاۃ کے تحت دیکھنا چاہتے تھے اور سمجھتے تھے کہ قدیم روایات اور امام شافعی ؒ کا مدفن ہو نے کی وجہ سے مصر پر مذہب شافعی کا «حق»ہے۔ جب بیبر سکی حکومت کا خاتمہ ہوا اور اس کے خاندان سے حکومت منتقل ہو ئی تو بعض شافعیہ نے اس کواس فعل کی سزا اور قدرتی انتقام سمجھا»تاریخ دعوت وعزیمت (ص۳۴ج۲) اور ملاحظہ ہوں طبقات الشافعیہ (ص۱۷۴ج۱) اور پھر کون نہیں جانتا کہ البلد الامین میں حنفی، شافعی، حنبلی اور مالکی چار مصلے قائم کر دیئے گے جن پر ہر امام کے مقلد علیحدہ علیحدہ نماز پڑھتے تھے۔ حالا نکہ حنیفہ کے نزدیک دوسری مرتبہ جماعت مکر وہ تحریمی ہے۔ مقام غور ہے کہ پہلے جو شافعی یا مثلا مالکی وغیرہ کی جماعت ہو تی تھی توکیا وہ نماز باجماعت نہ تھی؟ کہ وہاں دوبارہ نماز پڑھائی جاتی رہی۔ فجر، ظہر، عصر، اور عشاء میں وقت تو زیادہ ہوتاہے مگر مغرب کی نماز کے وقت جو صورت تھی اس کا چشم دید حال مشہور سیاح محمد بن جبیر اند لسی اپنے سفر نامہ میں لکھتے ہیں۔

جلد اول

7اختلاف امت اور مسلک اعتدال (جاری)

2«مگر مغرب کی نماز وقت کی تنگی کی وجہ سے سب امام ایک ساتھ ہی ادا کرتے ہیںاس وقت کی نماز میں تمام مقتدی اپنے اپنے موذن اور اماموں کی آوازوں پربغور متوجہ رہتے ہیں اس لئے کہ چاروں طرف سے کان میں تکبیروں کی آواز آتی ہے او رنماز یوں کو دھوکا ہوتاہے۔ کبھی مالکی، شافعی، اور حنبلی موذنوں کی تکبیر پر رکوع وسجود کرتے ہیں اور اپنے امام کے خلاف دوسرے امام کے ساتھ سلام پھیر دیتے ہیں»(سفرنامہ ابن جبیر ص۸۵م مترجم) لاریب کہ علماء محققین نے اس فعل شنیع پر انکار کیا۔ مگر بتلانا یہ مقصود ہے کہ یہ فقھی مسلک گرو ہی عصبیت میں اسقدردور نکل چکے تھے کہ ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھنے کے بھی روادار نہ تھے بلکہ حدیہ ہے کہ فقھی مسائل میں باہم مناظرہ ومنا قشہ کے وقت روزہ افطار کرنے کی بھی اجازت مرہمت فرمادی گئی تا کہ پوری قوت سے «باطل»کے خلاف «جھاد»ہو سکے۔ اور احقاق حق میں کسی قسم کی کمزوری نہ رہے چنانچہ علامہ شعرانی ؒ اپنے شیخ سید علی ؒ خواص سے نقل کرتے ہیں کہ:۔ «قد بلغنا من وراء النھر جماعۃ من الشافعیۃ والحنفیۃ یفطرون فی نھار رمضان لیتقوا علی الجدال وادحاض بعضھم حجج بعض» (المیزان الکبری ج۱ص۴۶) ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 0 علامہ شامی نے علمائے احناف ومالکیہ کے اس سلسلہ میں کچھ فتاوی نقل کئے ہیں۔ مگر خود ان کی رائے یہ ہے کہ مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی کا حکم «مسجد شارع»کا ہے۔ لہذا ان میںتکرار جماعت مکروہ نہیں (ردالمحتار: ج۱ص۵۵۳)گو یاموصوف اس فعل کے لیے سند جواز پیش کر رہے ہیں۔ إنا للہ وإنإلیہ راجعون۔ حالا نکہ «حرمین»کا حکم مسجد شارع قرار دینا بھی صحیح نہیں جبکہ «مسجد شارع»میں امام مقرر نہیں ہوتا بر عکس حرمین کے۔ فتدیر۔ «ہمیں ماوراء النھر کے شافعیوں اور حنفیوں کی ایک جماعت سے یہ بات پہنچی ہے کہ وہ مناظرہ کے وقت اور ایک دوسرے کے دلائل کا جواب دینے کے وقت روزہ افطار کر دیتے تھے تاکہ جدال یعنی مناظرہ میں قوت رہے»۔ علامہ محمد انور کشمیری مرحوم نے بھی اسی بات کا اعتراف کیا ہے کہ فقہ کی کتابوں میں یہ مسئلہ بھی ہے کہ «إن حنفیا لوناظر شافعیا فی رمضان ورأی أن الصوم یضعفہ جاز لہ الإفطار»الخ کہ حنفی اگرکسی شافعی سے رمضان کے مہینہ میں مناظرہ کرے اور وہ روزہ کی وجہ سے کمزوری کااحساس کرئے تو اسکے لیے روزہ افطار کرنا جائز ہے۔ (فیض الباری ج۲ص۱۹۶ باب فضل صلاۃ الفجر فی الجماعۃ) علامہ کشمیری ؒنے تو الحمدللہ اس کی تردید فرمادی اور کہا کہ اس پر عمل مناسب نہیں۔ مگر ہمیں بتلانایہ ہے کہ قرون ماضیہ میں مذہبی تنافر کس اتنہاء کو پہنچ چکاتھا۔ یہی نہیں بلکہ بعض نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ شافعیوں سے رشتہ مناکحت جائز نہیں چنانچہ فتاوی البزازیہ میں ہے۔ «وقال الإمام السفکردری لا ینبغی للحنفی أن یزوج بنتہ من شافعی المذھب ولکن یتزوج منھم» (بزازیۃ علی ھامش الھندیۃ ج۴ص۱۱۲) نیز دیکھئے۔( البحرالرائق باب الوتر والنوافل، و أیضاً: ص۱۱۰ج۳) امام سفکردریؒ نے کہا ہے کہ کسی حنفی کے لیے لائق نہیںکہ وہ اپنی بیٹی کا نکاح کسی شافعی نوجوان سے کرے البتہ شافعی کی لڑکی سے نکاح کر سکتا ہے۔ یعنی جیسے اہل کتاب ہیں کہ ان کی عورت سے تو نکا ح جائز ہے مگر مسلمان عورت کا نکاح اہل کتاب سے ممنوع وناجائز ہے۔ ابھی ہم نے البلد الامین میں چار مصلوں کا ذکر کیا۔ علاوہ ازیں نماز ہی کے مسئلہ میں یہ بھی دیکھ لیجئے کہ کیا حنفی کے لیے شافعی کی اقتداء جائز ہے یا نہیں، فقیہ ابو اللیث سمر قندی حنفی لکھتے ہیں۔ وأماالإ قتداء بالشافعی المذھب قالوا لا بأس بہ إذا لم یکن متعصبا ولاشاکا فیإیمانہ ببیانہ أنہ لوقال أنامومن إن شاء اللہ أراد بہ الماضی والحال یکفر و إذا أراد بہ المستقبل لا یکفر ولا ینحرف عن القبلۃ تحریفا فاحشا و إن یکون متوضیاً فی الخارج من غیرالسبیلین وأن لا یکون متوضیاًبالماء القلیل إذا وقعت فیہ نجاسۃ أراد بہ القلتین وھی خمسمائۃ رطل بالعراقی وروی عن مکحول النسفی عن أبی حنیفۃ ان من رفع ید یہ عند الرکوع وعندالرفع منہ یفسد صلا تہ لأنہ عمل کثیر» (فتاوی النوازل:ص۴۸،۴۹) یعنی شافعی امام کی اقتدا چندشروط کے ساتھ جائز ہے۔ ۲۔ اپنے ایمان کے بارے میں أَنَا مُوْمِنُٔ إنْ شَائَ اللَّہِ کہ «میں ان شاء اللہ مومن ہوں» کا قائل نہ ہو اگر اس سے مراد اس کی زمانہ حال وماضی ہے تو وہ کافر ہے اور اگر مستقبل مرا دہے تو کا فر نہیں۔ ۳۔ قبلہ سے انحراف شدید نہ کرتا ہو۔ ۴۔ سبیلین کے علاوہ اگر اس کے بدن سے کوئی چیز (مثلاًخون)نقل آئے تو اس سے وضو کرئے ۵۔ تھوڑے سے پانی میں اگر نجاست گر گئی ہو تو اس سے وضو نہ کیا ہو اور «ماء قلیل» سے مراد قلتین ہیں جو کہ عراقی ۸۰ رطل کے برابر ہوتے ہیں۔ ۶۔ مکحول نسفی ؒنے امام ابو حنیفہ ؒسے نقل کیا ہے کہ جو رکوع جاتے اور اٹھتے وقت رفع یدین کرے اس کی نماز باطل ہے کیونکہ یہ عمل کثیرہے» (گو یا شافعی رفع الیدین نہ کرے تو سکے پیچھے نماز درست ہے) یہ ہیں وہ شرائط جن کی شافعی امام اگر پابندی نہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور آج کچھ اسی قسم کے مسائل کی بنا پر بعض تنگ نظر فرماتے ہیں۔ کہ اہلحدیث کی اقتدا نہیں کرنی چاہیے مگرشیخ الاسلام فرماتے ہیں کہ یہ رائے مبتدعین کی ہے اور جمہور سلف امت کے مخالف ہے تفصیل کے لیے دیکھئے الفتاوی الکبری (ص۳۸۰،۳۸۱،۳۹۹ج۲)نیز دیکھئے (العرف الشذی ص۵۰،۵۱،۱۲۳) کرے تو وہ احناف کا امام نہیں بن سکتا۔ آخر الذکرکے علاوہ تقریبًا یہی شروط قاضی خان اور ردالمحتار (ص۶۳ ۵ ج ۱)وغیرہ میں بھی منقول ہیں۔ اور فتح القدیر (ص۳۱۱ج۱)میں ہے کہ «ابو الیسر»» بھی کہتے ہیں کہ حنفی کو شافعی کی اقتدا نہیں کرنی چاہیے کہ امام ابوحنیفہ سے منقول ہے کہ رفع الیدین سے نماز فاسد ہو جاتی ہے کیو نکہ یہ عمل کثیر ہے۔ اب آپ ہی ازراہ انصاف فرمائیں کہ فقہی اختلاف میں«دعوی توسع»کے بعد یہ لڑائیاں اور دوسرے امام کو حق پرسمجھنے کے باوجود ان کے متبعین سے یہ بے انصافی نہیں تو اور کیا ہے؟ یہ بات بڑے زور دار الفاظ سے باور کرائی جاتی ہے کہ ائمہ اربعہ حق پر ہیں۔ یہ چاروں نہر یں ایک ہی دریا سے نکلتی ہیں۔ ان کا مرکز ومنبع ایک ہے۔ مگر مندرجہ بالاصورت حال کی روشنی میں تو یہی کہا جاسکتا ہے کہ «ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور کھانے کے اور» یہ فقہی اختلاف سلف میں بلکہ خودائمہ اربعہ میں موجود تھا بایں ہمہ وہ ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھتے۔ جیسا کہ ہم پہلے ذکر کرآئے ہیں امام احمدؒ سے پو چھا گیا کہ جو قرآن کا حافظ ہو مگر رفع الیدین نہ کرتا ہو کیا وہ امامت کا زیادہ مستحق ہے یا جو رفع الیدین کرتا ہو اور قرآن کا حافظ نہ ہو تو انھوںنے فرمایا:۔ «یؤم القوم أقرأھم لکتاب اللہ وینبغی لہ أن یرفع یدیہ لأنہ سنۃ» کہ حافظ قرآن کو امام بنانا چاہیے اور اسے چاہیے کہ رفع الیدین کرے کیونکہ یہ سنت ہے۔ (مسائل الامام احمد بروایۃ ابنہ عبد اللہ ص۷۰) ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ان واقعات کے علاوہ ان حضرات مقلدین نے اپنے خلاف رائے رکھنے والے ائمہ دین سے جو سلوک کیا وہ واقعات تاریخ کی امانت ہیں۔ امام حمیدی، امام بخاری، شیخ الاسلام ھروی، حافظ عبد الغنی مقدسی، علامہ ابن حزم، علامہ منصور بن محمد تمیمی، حافظ المزی، حافظ ابن تیمیہ، علامہ ابو بکر الفہری، علامہ ابوالحسن سند ھی اورامیر یمانی وغیرہ وہ حضرات ہیں کہ تمام متاخرین ان کے علوم سے استفادہ کرتے ہیں مگر ان کے مخالفین نے ان کے ساتھ کیا کردار ادا کیا یہ ایک طویل اورد کھی داستان ہے ع سفینہ چاہیے بحر بیکراں کے لیے تقلید وجمود کے دور کی اس المنا کی پر ہر دور کے اہل علم نے نکیرکی علامہ تاج الدین السبکی م ۷۷۱ھ لکھتے ہیں۔ «وأماتعصبکم فی فروع الدین وحملکم الناس علی مذھب واحد فھو الذی لا یقبلہ اللہ منکم ولا یحملکم علیہ إلا محض التعصب والتحاسد ولوأن أباحنیفۃ والشافعی ومالکا وأحمد احیاء یرزقون لشددوا النکیرعلیکم وتبروا منکم فیما تفعلون» (معید النعم ومبید النقم ص۷۶) «کہ تمہارا فروع دین میں تعصب اور لوگوں کو ایک ہی مذہب پر آمادہ کرنا ایسا عمل ہے جسے اللہ تعالیٰ قبول نہیں کرے گا۔ اور اس اقدام پر تمہیں محض تمہارا تعصب اور حسد آمادہ کرتاہے اگر آج امام ابو حنیفہؒ، شافعیؒ، مالکؒ، اور احمد ؒ زندہ ہوتے تو وہ تمہاری انتہائی تردید کرتے اور جو کچھ تم کررہے ہو اس سے برأت کا اظہار کرتے۔» بلکہ امام شاطبیؒ فرماتے ہیں۔ جو مسائل امت میں اختلاف اوربغض وعداوت کا سبب نہیں ہوئے وہ تو اسلامی مسائل ہیں مگر۔ « کل مسألۃ حدثت وطرأت فأوجبت العداوۃ والبغضاء والتدابر والقطیعۃ علمنا أنھا لیست من أمر الدین فی شی۔» «یعنیجو مسائل باہم عداوت وبعض، لڑائی اور تفریق کا سبب ہیں ان کا دین سے کوئی تعلق نہیں۔ اور چند سطور بعد لکھتے ہیں۔ کہ اسلام تو الفت ومحبت اور باہم رحم وپیار کا داعی ہے « کل رأی أدی إلی خلاف ذلک فخارج عن الدین»ہررائے وبات جو اس کے خلاف ہے وہ دین سے خارج ہے۔ (الاعتصام:ص۲۳۲،۲۳۳ج۲) اور ایسے اختلاف ہی کے بارے میں علامہ ابن تیمیہ نے لکھاہے کہ اس سے اللہ ذوالجلال اور نبی کریم ﷺ نے منع فرمایا ہے ملاحظہ ہوں (الفتاوی الکبری ص ۳۷۹ ج۲) لہذا ان فقہی مسائل میں اگر صورت حال وہی باقی رہتی جو صحابہ کرام وسلف کے زمانہ میں تھی تو یہ اختلاف گو را تھا مگر قرون متاخرہ میں جب تقلید وجمود کو ہوا دی گئی اور فقہی مسلکوں کو «شرائع اربعہ»باور کر لیا گیا تو اس کا جو نتیجہ ہوا اس کا مختصر خاکہ آپ کے سامنے ہے اگر یہ اختلاف رحمت ہے تو پھر زحمت وعذاب کونسا اختلاف ہے؟